مسلم تنظیموں نے راجوری حملے کی مذمت کی

راجوری //متعدد مسلم تنظیموں نے راجوری ضلع میں ہوئے گرینڈ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعہ میں ملو ث افراد کیخلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔اس سلسلہ میں جمعہ کے روز راجوری میں مسلم تنظیموں کی جانب سے ایک اجلاس کا اہتمام کیا گیا جس میں معززین و تنظیموں کے اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔اسلامک ویلفیئر آر گنائز یشن کے صدر شفاقت میر کی قیادت میں منعقدہ اجلاس کے دوران تمام تنظیموں کے لیڈران نے کہاکہ ملی ٹینسی کے مذکورہ نوعیت کے واقعات کو کبھی بھی برداشت نہیں کیا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ کھانڈلی واقعہ کی جس قدر بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔انہوں نے بھاجپا لیڈران اور متاثرین کیساتھ یکجہتی کا بھی اظہار کیا ۔