جموں//روایتی ہندومسلم اتحاد اورآپسی بھائی چارے کی مثال گذشتہ روزاُس وقت دیکھنے کوملی جب جموں کے مسلمانوں نے مشہورچاولوں ’پڈنگ‘ سے بنی کھیر امرناتھ یاتریوں کو پیش کی۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز امرناتھ یاتریوں کاایک جتھ ’بم بم بولے‘،بول بم کے نعرے لگاتے ہوئے ریاست میں واردہوا،اسی اثنامیں نگروٹہ اسمبلی حلقہ سے پچھلے اسمبلی انتخابات میںپی ڈی پی کے امیدوار چوہدری حسین علی وفااوردیگرپی ڈی پی کارکنان نے جموں۔پٹھانکوٹ ہائی وے پرکنجوانی کے نزدیک لنگرکے مقام پرامرناتھ یاتریوں کاوالہانہ استقبال کیا۔اس سلسلے میں تفصیلات دیتے ہوئے چوہدری حسین علی وفاکے فرزند پرویزخان نے کہاکہ گوجربکروال طبقہ کے لوگوں نے امرناتھ یاتریوں کیلئے قریب 6-7کونٹل دودھ جمع کرکے معروف چاولوں کی قسم ’پڈنگ ‘سے کھیرتیارکی ۔انہوں نے کہاکہ گوجربکروال طبقہ کے کچھ معروف لوگوں نے چاول، کھانڈاور ڈرائی فروٹ جمع کرکے یہ کھیرپکائی جس کامقصد آپسی بھائی چارے کوفروغ دیناہے۔ انہوں نے کہاکہ گوجربکروال طبقہ کے لوگوں نے رضاکارانہ طورپر اپنادودھ کھیرتیارکرنے کیلئے عطیہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ دنوں میں ہم امرناتھ یاتریوں کوچائے پیش کریں گے۔پرویزخان نے کہاکہ ہمار ی ریاست میں امن دشمن طاقتوں کی طرف سے فرقہ پرستی کوہوادے کرسماج میں تفریق ڈالنے کی کوششیں کی جارہی ہیں لیکن ہم آپسی بھائی چارے کوبرقراررکھنے کے متمنی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم فرقہ پرستوں کوبتادیناچاہتے ہیں کہ ان کی چالوں کوکبھی کامیاب نہیں ہونے دیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ یاتری ہمارے مہمان ہیں اورہم ان کاتہہ دل سے استقبال کرتے ہیں۔کھیرپیش کرنے کے بعدمسلمانوں نے یاتریوں کوگلے لگاکرامرناتھ گپھاکے درشنوں کیلئے روانہ کیا۔اس دوران یاتریوں نے مسلمانوں کاشکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ جومیڈیا جموں وکشمیرسے متعلق بتاتاہے اس میں کوئی سچائی نہیں ہے۔اُترپردیش سے تعلق رکھنے والے ایک یاتری پرویندرچودھری نے کہاکہ ہم نے اکثراخبارات میں پڑھاہے کہ جموں کشمیرڈسٹربڈ ریاست ہے لیکن ایسانہیں ہے یہاں کے لوگ بہت اچھے ہیں اورہم جموں کے مسلمانوں کاشکریہ اداکرتے ہیں جوہماراتہہ دل سے احترام کرتے ہیں۔