رابطہ سڑکیں اور گلی کوچے زیرِ آب، ندی نالوں میں طغیانی، بجلی و پانی کی فراہمی متاثر
اشتیاق ملک
ڈوڈہ//ضلع ڈوڈہ میں مسلسل تیسرے روز بھی موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری رہنے سے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔مختلف علاقوں میں رابطہ سڑکیں، گلی کوچے اور نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں، جبکہ ندی نالوں میں شدید طغیانی کے باعث کئی عارضی پل و پگڈنڈی راستے سیلاب میں بہہ گئے ہیں۔شدید بارش کے نتیجے میں ضلع کے متعدد علاقوں میں بجلی اور پینے کے پانی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی ہے، جبکہ کئی دیہی علاقوں میں آمد و رفت میں دشواری پیش آ رہی ہے۔مسلسل بارش سے زرعی شعبے کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، کیونکہ کھڑی فصلیں اور سبزیوں کی کاشت متاثر ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔انتظامیہ نے شہریوں کے لیے موسمی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ندی نالوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات والے مقامات سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ محکموں سے فوری رابطہ کریں۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی ضلع ڈوڈہ میں شدید بارشوں، بادل پھٹنے اور اچانک آنے والے سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی تھی۔ متعدد رہائشی مکانات، دکانیں، سڑکیں، پل اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا تھا، جبکہ کئی قیمتی جانیں بھی ضائع ہوئی تھیں. مقامی عوام کا کہنا ہے کہ حالیہ مسلسل بارشوں نے ایک بار پھر گزشتہ تباہ کن مناظر کی یاد تازہ کر دی ہے اور لوگ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیشِ نظر شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔
کشتواڑ میں بھی موسلا دھار بارشوں سے عام زندگی مفلوج
سنتھن اننت ناگ ،بٹوت کشتواڑ قومی شاہراہیں آمدورفت کیلئے بند
عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے بالائی و میدانی علاقوں میں تیسرے روز بھی موسلا دھار بارشوں نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ جسکے سبب ضلع بھر میں عام زندگی مفلوج ہوکررہ گئی ہے جبکہ متعدد مقامات پر ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہو گئی۔ بالائی علاقہ جات جن میں مڑواہ ،واڑون، دچھن ،پاڈر، چنگام، درابشالہ اور بونجواہ میں جم کر بارشیں ہوئیں جس سے ان علاقوں میں عام زندگی مفلوج ہوکررہ گئی اور لوگ گھروں میں محصور ہوکررہ گئے۔ میدانی علاقوں میں بھی جم کر بارشیں ہوئیں۔ بارشوں کی وجہ سے کئی اندرونی سڑکیں جزوی طور پر متاثر ہوئیں اور کچھ مقامات پر مٹی کے تودے گرنے کے واقعات بھی پیش آئے، تاہم ضلع انتظامیہ اور متعلقہ محکمے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ضلع کی اہم قومی شاہراہوں سنتھن۔اننت ناگ کشتواڑ و بٹوت۔کشتواڑ قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت متاثر رہی جسے سینکڑوں مسافر درماندہ ہوکررہ گئے۔انتظامیہ نے کسی بھی گاڑی کو سفر نہ کرنے کی اپیل کی اور لوگوں سے موسم بہتر ہونےکے بعد سفر کرنے کو کہا گیا ہے۔موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام سے احتیاط برتنے، ندی نالوں کے قریب نہ جانے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے۔