اشتیاق ملک
ڈوڈہ//ضلع ڈوڈہ میں دوسرے روز بھی وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث موسم خوشگوار ہونے کے ساتھ ساتھ درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی تاہم مسلسل بارشوں نے کئی علاقوں میں عوامی مشکلات میں اضافہ کر دیا اور معمولاتِ زندگی بھی متاثر ہوئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق جمعہ کے روز صبح سے ہی ضلع کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور درمیانی درجے کی بارش ہوتی رہی جس کے نتیجے میں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا جبکہ متعدد ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا۔بارشوں کے سبب ڈوڈہ بٹوت قومی شاہراہ کے بعض مقامات پر پانی جمع ہوا۔اسی طرح ٹھاٹھری کلہوتران سڑک سمیت کئی اندرونی دیہات کو ملانے والی رابطہ سڑکیں بھی زیرِ آب آگئیں، بعض مقامات پر بارش کے پانی نے سڑکوں کو نقصان پہنچایا جبکہ کئی دیہی علاقوں میں نالوں کے اوپر قائم عارضی گزرگاہیں بھی متاثر ہوئیں۔مسلسل بارشوں کے نتیجے میں ضلع بھر کے چھوٹے بڑے ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوا۔ مقامی انتظامیہ نے لوگوں کو ندی نالوں اور حساس مقامات کے قریب جانے سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ دریں اثنا بارشوں کی وجہ سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آنے پر لوگوں نے گرمی سے راحت محسوس کی، تاہم کسانوں اور باغبانوں نے مسلسل بارشوں کے باعث فصلوں اور باغات کو ممکنہ نقصان کے خدشات کا اظہار کیا ہے۔انتظامیہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے جبکہ متعلقہ محکموں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔موسمیاتی پیش گوئی کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں کے دوران بھی بعض علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔