بلال فرقانی
سرینگر//محکمہ تعلیم نے مستقل رہبر تعلیم اساتذہ کیلئے جامع اور شفاف تبادلہ پالیسی تیار کرنے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ آرڈر کے مطابق، کمیٹی کا مقصد اساتذہ کے تبادلے،تقرریاں اور ایڈجسٹمنٹ سے متعلق تمام امور کا جائزہ لینا اور جموں و کشمیر میں اساتذہ کی تعیناتی کیلئے ایک یکساں نظام وضع کرنا ہے۔ حکومت نے کہا ہے کہ موجودہ ضوابط کا جائزہ لینا ضروری ہے تاکہ ٹرانسفر کے عمل میں شفافیت، منصفانہ رویہ اور تعلیمی ضروریات کے مطابق ہم آہنگی یقینی بنائی جا سکے۔کمیٹی کی قیادت خصوصی سکریٹری، محکمہ تعلیم کریں گے، جبکہ ایڈیشنل سکریٹری، کشمیر اور جموں کے جوائنٹ ڈائریکٹرز سکول ایجوکیشن، ڈپٹی سکریٹری اور انڈر سکریٹری اراکین کے طور پر شامل ہوں گے۔ کمیٹی کو ضرورت پڑنے پر اضافی اراکین کو شامل کرنے کا اختیار بھی دیا گیا ہے۔کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ موجودہ ٹرانسفر کے ضوابط کا جائزہ لے، ضرورت پر مبنی اور طلبامرکز ٹرانسفر پالیسی کی افادیت کا تجزیہ کرے اور مستقل رہبر تعلیم اساتذہ کی بہتر تعیناتی کے لیے ڈھانچہ اور فیلڈ سطح کی ضروریات کا بھی مطالعہ کرے۔ آرڈر میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ مقصد ٹرانسفر کے عمل میں شفافیت، منطق اور یکسانیت لانا ہے۔کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دو ماہ کے اندر تفصیلی رپورٹ کے ساتھ ڈرافٹ پالیسی پیش کرے۔ کمیٹی کی تشکیل اساتذہ کے انتظامات کو بہتر بنانے اور جموں و کشمیر کے سکولوں کے مجموعی نظام کو مضبوط کرنے کی ایک اہم انتظامی کوشش کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔