پونچھ//مرکزی سرکار کی جانب سے حال ہی میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کئے جانے کے بعد بھی ٹرانسپورٹروں نے مسافر بسوں اور دیگر گاڑیوں کے کرایوں میں کمی نہیں کی ہے جس کی وجہ سے ان گاڑیوں میں سفر کرنے والے لوگ بسوں اور دیگر گاڑیوں کے کرایہ میں کمی کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ مسافر وں کا مطالبہ ہے کہ کووڈ 19کے خطرات کی وجہ سے ایس او پیز کو لاگوں کر نے کے لئے کرایہ اس شرط پر بڑھایا گیا تھا کہ گاڑیوں میں سماجی دوری کو قائم رکھا جائے گا اور پچاس فیصد ہی سواریاں بیٹھائی جائیں گی اس لئے کرایوں میں پچاس فیصد کا اضافہ کیا گیا تھا۔انھوں نے کہا کہ اب گاڑیوں میں گنجائش سے زیادہ سواریاں بٹھائی جا رہی ہیں اور ایس او پیز کا بھی خیال نہیں رکھا جاتا اس کے باوجود کرائے میں کمی نہیں کی جا رہی ہے ۔انھوں نے کہا کہ ان مسافرو گاڑیوں اور بسوں میں پسماندہ اور درمیانہ درجہ کے طبقات سے تعلق رکھنے والے مسافر زیادہ تر سفرکرتے ہیں جو اضافی کرایہ نہیں دے سکتے۔انھوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے اور ضلع ترقیاتی کمشنرسے اپیل کی کہ وہ اس سلسلہ میں کارروائی کرتے ہوئے مسافر بسوں اور دیگر گاڑیوں کا جائز کرایوں کو تعین کر یں تاکہ نچلے اور درمیانہ طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد راحت حاصل کریں۔