یو این آئی
نئی دہلی//حکومت نے ’انڈیگو کے بحران‘کے درمیان مسافت کی بنیاد پر ہوائی سفر کا زیادہ سے زیادہ کرایہ مقرر کیا ہے۔شہری ہوا بازی کی وزارت کی طرف سے جاری کردہ ہدایت میں کہا گیا ہے کہ 500کلومیٹر تک کی مسافت کیلئے زیادہ سے زیادہ کرایہ 7,500 روپے ہوگا۔ 500 سے 1,000کلومیٹر کے درمیان فاصلے کیلئے زیادہ سے زیادہ کرایہ کی حد 12,000ہے۔سرکاری ہدایت میں کہا گیا ہے کہ ایئر لائن کمپنیاں 1,000سے 1,500کلومیٹر کے درمیان فاصلے کیلئے15,000سے زیادہ چارج نہیں کر سکیں گی۔ 1,500کلومیٹر سے زیادہ کے تمام فاصلوں کے لیے زیادہ سے زیادہ کرایہ کی حد 18,000ہے۔وزارت نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ کرایہ کی حد میں یوزر ڈیولپمنٹ فیس، مسافر سروس چارج اور ٹیکس شامل نہیں ہیں۔ مزید برآں، یہ مقررہ حد بزنس زمرہ کی نشستوں اور اڑان اسکیم کے تحت ریزرو نشستوں پر لاگو نہیں ہوگی۔یہ بندوبست عارضی ہے اور حالات معمول پر آنے تک برقرار رہے گا۔قبل ازیں، وزارت نے کہا تھا کہ اسے معلوم ہوا ہے کہ کچھ ایئر لائن کمپنیاں انڈیگو کی پروازوں کی منسوخی کا فائدہ اٹھا کر حد سے زیادہ کرایہ وصول کر رہی ہیں۔ وزارت نے کہا کہ اگر کوئی بے ضابطگی پائی جاتی ہے تو’اصلاحی اقدام‘کیا جائے گا۔وزارت نے انڈیگو کو ہدایت دی ہے کہ وہ تمام متاثرہ مسافروں کو بغیر کسی تاخیر کے مکمل رقم واپس کرے۔ منسوخ شدہ یا متاثرہ پروازوں کے لیے ریفنڈ اتوار7دسمبر 2025کی شام 8:00بجے تک مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ کسی بھی تاخیر کے نتیجے میں ریگولیٹری کارروائی ہوگی۔ مزید برآں، انڈیگو کے بحران سے متاثر ہونے والے مسافروں کو بتایا گیا ہے کہ اگر وہ اپنی سفری تاریخوں یا اوقات میں تبدیلی کرتے ہیں تو کوئی ری شیڈولنگ چارج نہیں لیا جائے گا۔انڈیگو سے کہا گیا ہے کہ وہ رقم کی واپسی کی کارروائی کی نگرانی کے لیے الگ سیل قائم کرے۔