جموں کشمیرمیں جمہوریت شرمسار:ساگر | بڈگام کے 9 ضلع ترقیاتی کونسل ممبران کاچیئرمین کے سرنوانتخاب کا مطالبہ
سرینگر//بڈگام ضلع سے تعلق رکھنے والے نو ضلع ترقیاتی کونسل ممبران نے یہاں میڈیا کے سامنے احتجاج کیااور مطالبہ کیا کہ چیئرمین کے عہدے کیلئے سرنو ووٹنگ کی جائے یاقرعہ اندازی دوبارہ عمل میں لائی جائے۔اس دوران یہ ضلع ترقیاتی کونسل ممبران پارٹی صدردفترپر نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر سے بھی ملے اور انہیں ضلع ترقیاتی کونسل چیئرمین کے چنائو کے دوران دھونس دبائو اور نتائج کو تبدیل کرنے کی تفصیلات سے باخبر کیا۔بڈگام کے 9ڈی ڈی سی ممبران نے ذرائع ابلاغ کے سامنے احتجاج کیا اور دوبارہ ووٹنگ کا مطالبہ کیا۔ ڈی ڈی سی ممبران کی قیادت کررہے حاجی عبدلاحد ڈار نے اس موقع پر کہا کہ ممبران کو ڈی سی آفس میں شروع سے ہی ڈرایا اور دھمکایا گیا اور کسی کو بھی آواز اُٹھانے کی صورت میں بند کرنے کی دھمکی دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے 8ممبران اور اتحاد کے 1ممبر کے باوجود بھی ہمیں 7ہی ووٹ ملے اور ہم اس پر کوئی اعتراض نہیں جتلا رہے ہیں، ہوسکتا ہے کہ کراس ووٹنگ ہوئی ہو لیکن جب قرعہ اندازی کی گئی اُس وقت قوائد و ضوابط کو بالائے طاق رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ قرعہ اندازی کیلئے جس ٹیبل کے پاس پرچیاں بنائیں گئیں،اُسی ٹیبل کے ساتھ کھڑے ایک کلرک کے ذریعے قرعہ اندازی کیلئے پرچی اُٹھائی گئی۔(جس کا ویڈیو بھی ہمارے پاس موجود ہے۔) قوائد و ضوابط کے تحت باہر سے کسی تیسرے شخص کو لاکر پرچی کا انتخاب کرنے کیلئے کہا جاتا لیکن یہاں ایک ایسے شخص کے ذریعے پرچی اُٹھائی گئی جس نے پہلے ہی دونوں پرچیوں پر نام تحریر ہوتے ہوئے دیکھے تھے۔ یہی ایک عمل اس پورے انتخاب کو مشکوک بنا ڈالتا ہے اور صاف ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ایک فکسڈ میچ تھا۔ انہوں نے مطالبہ کیا گیا کہ چیئرمین کا انتخاب نئے سرے سے صاف و شفاف طریقے سے ہونا چاہئے اور اس کیلئے نئے سرے سے ووٹنگ کی جانی چاہئے اور اگر ووٹنگ کرانا ممکن نہیں تو پھر قرعہ اندازی دوبارہ ضرور ہونی چاہئے۔ حاجی عبدالاحد ڈار کیساتھ جو ڈی ڈی سی ممبران تھے اُن میں نذیر احمد جہرا (ڈی ڈی سی سُرسیار)، بشیر احمد بٹ(ڈی ڈی سی خانصاحب)، ریاض احمد راتھر(ڈی ڈی سی نارہ بل)، سائکہ اختر (ڈی ڈی سی پارنیوہ)، افروزہ اختر(ڈی ڈی سی ناگام)، انشہ(ڈی ڈی سی چاڈورہ)، بشیر احمد ڈار (ڈی ڈی سی پکھر پورہ) اور سائمہ جان (ڈی ڈی سی باغات کنی پورہ ) شامل ہیں۔اس دوران ضلع بڈگام سے وابستہ 9ڈی ڈی سی ممبران نے نیشنل کانفرنس کے پارٹی ہیڈکوارٹر پر جنرل سکریٹری علی محمد ساگر کیساتھ ملاقات کی اور انہیں ڈی ڈی سی چیئرمین انتخاب کے دوران دھونس و دبائو کی پالیسی اور نتائج کو تبدیل کرنے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ساگر نے اس موقعے پر کہاکہ نئی دلی یہاں موقعہ پرست سیاست کی حوصلہ افزائی کررہی ہے جو انتہائی تشویشناک صورتحال ہے۔ جیتی ہوئی جماعتوں کو منصوبہ بند طریقے سے ہرایا جارہا ہے اور شکست خوردہ پارٹیوں کی جیت کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ہم نے ڈی ڈی سی چیئرمین الیکشن کے بارے میں چیف الیکشن کمشنر کو اپنے خدشات سے پہلے ہی آگاہ کیا تھا لیکن یہ سب کچھ ان سنا کردیا گیا۔ اُنہوں نے سوال کیاکہ اگر انتخابات پارٹی بنیادوں پر ہوئے تو پھر چیئرمینوں کے انتخاب کیلئے Secret Belt ووٹنگ کیوں رکھی گئی؟صاف ظاہر ہے کہ حکومت کے ارادے نیک نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ضلع ترقیاتی کونسل چیئرمینوں کے انتخابات کے دوران جمہوریت کی دھجیاں اُڑائی جارہی ہیں۔واضح اکثریت ہونے کے باوجود بھی نیشنل کانفرنس کو ہرایا جارہا ہے۔
انتظامیہ اور پولیس بھاجپا کے مددگار:محبوبہ مفتی
سرینگر//پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کی صدرمحبوبہ مفتی نے منگلوار کوالزام لگایا کہ انتظامیہ اور پولیس کے سینئرافسرضلع ترقیاتی کونسل چیئرپرسنوں کے عہدوں کیلئے لوگوں کے منڈیٹ کی خلاف ورزی کرنے میں بھاجپا کی مدد کررہے ہیں ۔محبوبہ مفتی نے ٹوئٹر پر سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کی طرف سے بنائے گئے نعرے کاحوالہ دیتے ہوئے لکھا،’’واجپائی جی کے انسانیت، کشمیریت اورجمہوریت کے نظریہ کیلئے اتناکچھ۔حالیہ ضلع ترقیاتی کونسل چیئرمین شپ کے نتائج سے قطعی حیران نہیں۔ممبران کو خریدنے اور خوف زدہ کرنے کیلئے دو ماہ کی مدت دی گئی ‘‘۔جموں کشمیرکی سابق وزیراعلیٰ نے کہا بھارتیہ جنتا پارٹی نے پہلے ہی ’’انسانیت‘‘کاقتل کیا اور ’’کشمیریت‘‘ کا اگست 2019میںآئین کی دفعہ370ختم کرکے قتل کیا تھااوراب ’’ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات میں دھاندلیاں‘‘ کرکے جمہوریت’’کے تابوت میں آخری کیل ‘‘ٹھونکی گئی ۔ایک اورٹوئٹ میں انہوں نے کہا،’’قابل نفرت ہے انتظامیہ اور پولیس کے سینئر افسروں نے لوگوں کے مندیٹ کی خلاف ورزی کرنے کو اپنے ذمہ لیا ہے۔دفعہ370کو ختم کرکے بھاجپا نے پہلے ہی کشمیرمیں انسانیت اور کشمیریت کاخوان کیاتھا اور اب ضلع ترقیاتی کونسل چیئرپرسنوں کے نتائج میں دھاندلیاں کرکے انہوں نے جمہوریت کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی‘‘۔محبوبہ کاٹوئٹ نیشنل کانفرنس کے اس بیان کے بعد سامنے آیا جس میں پارٹی نے بھاجپااور اپنی پارٹی پرضلع ترقیاتی کونسل انتخابات میں ناجائزطریقوں سے قابض ہونے کا الزام لگایا۔
جموں کشمیرمیں ڈبہ بند خوراک کی صنعتوںکافروغ | 4 کولڈ سٹویج اورایک فوڈ پرسیسنگ یونٹ کو منظوری
جموں//پرنسپل سیکرٹری باغبانی ، زرعی پیداوار و بہبودِ کساناں نوین کمار چودھری نے سٹیٹ لیول ایگزیکٹو کمیٹی کی صدارت سول سیکرٹریٹ میں کی ۔ میٹنگ کا انعقاد محکمہ باغبانی نے مشن فار انٹی گریٹڈ ڈیولپمنٹ آف ہارٹیکلچر ایم آئی ڈی ایچ باغبانی پروجیکٹوں کو منظوری دینے کیلئے طلب کی تھی ۔ پرنسپل سیکرٹری نے پروجیکٹوں کا مفصل جائیزہ لیکر چار کنٹرولڈ ایٹماسفئیر سٹوریج اور ایک فوڈ پروسیسنگ پروجیکٹ کو منظوری دی ۔ دورانِ میٹنگ پرنسپل سیکرٹری نے اس نوعیت کی میٹنگوں کا باقاعدہ انعقاد کرنے پر زور دیا تا کہ تمام درخواستوں کو کم از کم مدت میں منظوری دی جا سکے ۔ انہوں نے اخروٹ پروسیسنگ اور زیادہ پیداوار دینے والے میوہ باغات کی صلاحیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف معثیت کو فروغ حاصل ہو گا بلکہ روز گار کے مواقعے بھی پیدا ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں ایک فعال فوڈ پروسیسنگ صنعت کا قیام وقت کا اہم تقاضہ ہے ۔ میٹنگ میں ڈی جی پلاننگ ، ناظمِ پھول بانی ، ناظمِ منصوبہ بندی جنگلات ، ناظمِ باغبانی ، منصوبہ بندی و مارکیٹنگ ، ایڈیشنل سیکرٹری باغبانی ، جوائینٹ ڈائریکٹر منصوبہ بندی ، ناظمِ تحقیق سکاسٹ جموں ، سپیشل سیکرٹری صنعت و حرفت کے علاوہ دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے جبکہ ناظمِ باغبانی کشمیر ، ناظمِ زراعت کشمیر نے میٹنگ میں بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ شرکت کی ۔
ملک دشمن سرگرمیوں کی نگرانی | جموں کشمیراورتری پورہ میں سائبررضاکاروں کاانداراج
سرینگر//جموں کشمیر اور تری پورہ میں مرکزی وزارت داخلہ کا سائبر کرائم سیل قائم کیا گیا ہے جس میں لوگ رضاکارانہ طور پر خود کودرج کرسکتے ہیں ۔اس سائبر کرایم سیل کامقصد تخریب کاری، سائبر کرائم،ریپ، چائلڈ پورنوگرافی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرنا ہے ۔سی این آئی کے مطابق مرکزی وزارت داخلہ کا سائبر کرائم سیل اب نیا پروگرام شروع کررہا ہے۔ اس کے تحت ملک کے شہری اس میں رضاکار کے طور پر حصہ لے کر غیر قانونی مواد کی انٹرنیٹ پر پہچان کرکے حکومت کو اس کے بارے میں جانکاری دے سکیں گے۔ ان میں چائلڈ پورنوگرافی ، ریپ ، شدت پسندی اور ملک مخالف سرگرمیاں شامل ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس پروگرام کو پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر جموں و کشمیر اور تری پوری میں شروع کردیا گیا ہے۔ وہاں سے موصول فیڈبیک پر اس کا مستقبل منحصر ہوگا۔ رپورٹ کے مطابق مرکزی وزارت داخلہ کے انڈین سائبر کرائم کوآرڈینیشن سینٹر کو ایک نوڈل پوائنٹ کے طور پر استعمال کیا جائے گا جبکہ لوگ اپنی ریاست یا مرکز کے زیر انتظام خطہ میں خود کورضاکارانہ طور پر رجسٹر کراسکتے ہیں۔ اس میں رضاکار بننے کیلئے لوگوں کو اپنی کچھ جانکاریاں دینی ہوں گی ، جس میں نام ، والد کا نام ، موبائل نمبر اور ای میل ایڈریس شامل ہے۔سرکار کے پاس موجودہ وقت میں ملک مخالف مواد یا سرگرمی کو لے کر کوئی واضح قانونی شکل موجود نہیں ہے ۔ اس کیلئے اب بھی یو اے پی اے کا استعمال ہوتا ہے۔ اس کے تحت ہی ملک مخالف سرگرمیوں میں شامل کسی ملزم کو حراست میں لیا جاتا ہے یا پھر اس کو جیل بھیجا جاتا ہے۔وزارت داخلہ کی جانب سے شروع ہورہے پروگرام میں شامل ہونے والے رضاکاروں کیلئے سخت گائیڈلائنس بنائی گئی ہیں۔ ان کے مطابق ایسے رضاکار وزارت داخلہ کے نام پر کسی بھی طرح کا تجارتی یا عوامی فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔ ریاست میں مقرر نوڈل افسر کے پاس گائیڈ لائنس کی خلاف ورزی کرنے پر رضاکاروں کے خلاف کارروائی کرنے کا پورا اخیتار ہوگا۔نیز سائبر کرائم ڈویژن رضاکارانہ بنیاد پر سائبر ایکسپرٹ سے مالویئر خطرات کے سلسلہ میں بھی مدد حاصل کرنے پر غور کررہا ہے۔
جموں کشمیرکے نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کمی نہیں:الطاف بخاری
سرینگر//اپنی پارٹی صد ر سید محمد الطاف بخاری نے ڈی پی ایس سرینگر کے عریب عمران کو کالج بورڈ انڈیا گلوبل الائنس انی شیٹیو کی طرف سے منعقدہ SATامتحان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔بخاری نے کہاکہ جموں وکشمیر کے طلبا میں صلاحتیں کوٹ کوٹ کر بھری ہیں اور وہ محنت ولگن سے کسی بھی شعبہ میں مہارت حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ ایسے مواقع اور پلیٹ فارم مہیا کروائے جائیں جہاں سے ہمارے طلبا اپنے اندر چھپی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرسکیں۔ انہوں نے تہنیتی پیغام میں مزید کہا’’ میں عریب عمران کو ، اُس کے والدین اور اسکول انتظامیہ و فیکلٹی ممبران کو سیٹ امتحان میں شاندار کارکردگی کے ذریعے جموں وکشمیر کا نام روشن کرنے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں، مجھے یقین ہے کہ اگر ہمارے نوجوانوں کو مواقع فراہم کئے جائیں تو پھر آسمان ہی اُن کے کارناموں کی حد ہوگا‘‘۔
بارہمولہ کو سیاحتی نقشے پر لانے کی پہل | ناظم سیاحت کا ضلع کے خوب صورت مقامات کو جاذب نظربنانے کااعلان
سرینگر//ڈائریکٹر ٹورزم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے بارہمولہ ضلع کے دورے کے دوران افسران کو ہدایت کی وہ زیر تکمیل پروجیکٹوں کو مقرر مدت میں مکمل کریں اس دوران ڈائریکٹر موصوف نے ضلع میں سیاحوں کی دلچسپی کیلئے خوبصورت مقامات کو جاذب نظر بنانے کا بھی اعلان کیا۔کے این ایس کے مطابق ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر جی این ایتو نے منگل کے روز بارہمولہ کے ایڈو پارک اور کھڈنیار کا دورہ کیا وہاں پر اسکی خوبصورتی کے لئے این بی سی سی ، گلمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور محکمہ سیاحت کے ذریعہ انجام دیئے جانے والے مختلف کاموں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے افسران کو مارچ کے آخر تک تمام کام مکمل کرنے کی ہدایت دی اور انہیں یہ بھی ہدایت دی کہ وہ منصوبوں کی عمل آوری کے لئے مستقل بنیادوں پر مذکورہ پروجیکٹوں کی نگرانی کریں۔اس موقع پر انہیں حالیہ برفباری کی وجہ سے بنیادی ڈھانچے کو ہوئے نقصانات اور پارک میں پانی کی مناسب فراہمی سمیت دیگر کئی امور کے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔ ڈائریکٹر موصوف نے تمام مسائل کے حل کے لئے تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی فوری مرمت ، بچوں کے لئے تفریحی پارک کی بحالی اور اس کی اعلی درجہ بندی کے لئے موقع پر ہی افسران کوہدایات دیں ۔ انہوں نے افسران کوتاکید کی کہ وہ زیر تکمیل تعمیراتی کاموں کی عمل آوری کے دوران معیار برقرار رکھیں اور ان تمام پروجیکٹوں کو مارچ کے آخر تک مکمل کریں تاکہ آنے والے موسم بہار اور موسم گرما میں لوگوں کو تمام سہولیات میسر ہو۔انہوں نے اس بات کا بھی اعلان کیا کہ محکمہ ٹورازم پارک کے قریب سائیکل ٹریک تیار کرنے کے لئے بھی منصوبہ تیار کررہا ہے تاکہ مقامی لوگوں اور سیاحوں میں ایڈونچر ، تفریحی اور ماحول دوست کھیلوں کی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کی جاسکے۔ ڈائریکٹرنے یہ بھی کہا کہ کھڈنیار اور بوسنیا کے مابین کیبل کار منصوبے کے امکانات کابھی جائزہ لیاجارہا ہے اور اس سلسلے میں جلد ہی ایک جامع تفصیلی پراجیکٹ رپورٹ کو حتمی شکل دی جائے گی تاہم ڈائریکٹر نے پارک اور دیگر اثاثوں میں ایگلو ہٹ کا بھی دورہ کیا اور کہا کہ سیاحوں کے لئے کھانے پینے کی دکانوں کی سہولیات کی فراہمی کے لئے ایک جدید لیکن ماحول دوست کیفے بھی تیار کیا جائے گا جبکہ ایکو پارک کو سیاحت کے نقشے پر لایا جائے گا۔جی این ایتو نے کہا کہ آنے والے موسم گرما میں نجی اور سرکاری اسکولوں کے بچوں کو یہاں کیمپنگ کے لئے مدعو کیا جائے گا اور پارک میں آنے والوں کی آمد میں اضافہ کرنے کے لئے دن بھر کی سیر کا بھی انتظام کیا جائے گا۔ڈائریکٹر ٹورازم نے کہا کہ محکمہ 21 مارچ کو نوروز کا اہتمام کرے گا تاہم انہوں نے مقامی لوگوں سے اس کے تحفظ کے لئے تعاون کی بھی اپیل کی تاکہ سیاح بڑی تعداد میں یہاں آسکیں اور اس عمل سے ضلع کی سماجی و معاشی حالت بہتر اور مستحکم ہوجائے گی۔ اس موقع پر مقامی لوگوں نے سیاحت کے نقشے پر بارہمولہ کو لانے میں گہری دلچسپی لینے پر محکمہ ٹورازم کی تعریف کی۔
پراسکیوٹنگ افسروں کی بھرتی | مسابقتی امتحان کیلئے ضوابط کی نشاندہی
سرینگر// جموں کشمیر پبلک سروس کمیشن کی جانب سے پراسکیوٹنگ افسراںکے انتخاب سے متعلق مسابقتی امتحانات کیلئے محکمہ داخلہ نے ضوابط کی نشاندہی کی ہے۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کی گئی نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے’’ رول2کی شق(F) بشمول جموں کشمیر پراسکیوشن سروس ریکروٹمنٹ رولز مجریہ2020کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے حکومت پراسکیوٹنگ افسراں کا انتخاب عمل میں لانے کیلئے مسابقتی امتحانات کے انعقاد سے متعلق ضوابط کی نشاندہی کرتی ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ان ضوابط کو جموں کشمیر مسابقتی امتحانات(پراسکیوشن) مجریہ2021کا نام دیا جائے گا،جو جموں کشمیر پراسکیوشن سروس میں براہ راست تعینا تیوں کیلئے لاگو ہوگا،اور اسی روز سے اس کا نفاذ عمل میں ہوگا،جب یہ ضوابط سرکاری گزیٹ میں مشتہر ہونگے۔ نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ امتحانات پبلک سروس کمیشن کی جانب سے جموں کشمیر پبلک سروس کمیشن ضوابط( امتحانات کا انعقاد) مجریہ 2005جن کی وقت وقت پر ترمیم کی گئی، کے ضوابط کے تحت منعقد ہونگے۔ نوٹفکیشن میں کہا گیا ہے کہ امیدوار کے پاس اقامتی سند ہونا ضروری ہے،جبکہ امیدوار کی عمر یکم جنوری کو 21اور40برس کے درمیان ہونی چاہے۔
۔10ویں اور 12ویں امتحانات کے نتائج | اعلان مارچ میں ہوگا
سرینگر//جموں وکشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کی چیئرپرسن ویناپنڈتا نے کہا ہے کہ کشمیروادی میں10ویں اور 12ویں جماعت کے سالانہ امتحانی نتائج مارچ کے پہلے ہفتے میں ظاہر کئے جائیں گے۔ انہوںنے کہا کہ رواں برس نومبر میں لئے گئے10ویں اور 12ویں جماعت کے سالانہ امتحانی نتائج اگلے ماہ مارچ کے پہلے ہفتے میں ظاہر کئے جائیں گے اور اس کیلئے تمام تیاریاں مکمل کی گئی ہیں۔امسال امتحانی نتائج میں تاخیر ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے وینا پنڈتا نے کہا کہ سال2020 گزشتہ برسوں کی مقابلے میں کوروناوائرس کی وجہ سے مختلف نوعیت کا رہا۔ جس کے باعث نتائج ظاہر کرنے میں ڈیڑھ ماہ کے بجائے2ماہ سے زائدکا عرصہ لگ گیا ہے۔انہوں نے وجوہات گردانتے ہوئے کہا کہ کووڈ 19 کی عالمی وبا کے دوران کام کاج چیلنج سے بھرپور رہا جس کے باعث امتحانات اکتوبر کے بجائے نومبر میں تاخیر سے لئے گئے۔ بورڈ کی جانب سے دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانی نتائج کا اعلان 40 دن کے اندر اندر کیا جاتا تھا تاہم اس مرتبہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں نتائج ظاہر کرنے میں تاخیر ہوئی۔جموں وکشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کی چیئرپرسن نے طلبہ سے اپیل کی کہ نتائج کے حوالے سے افوہوں پر کان نہ دھریں۔
دفعہ226(A)ملازمین کے ساتھ سراسر زیادتی | ملازمین کو زیر عتاب لانا قابل قبول نہیں: :ایجیک
سرینگر//جموں کشمیرایمپلائزجوائنٹ ایکشن کمیٹی نے ترمیم شدہ دفعہ226(A)کوفوری طور واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے اس قانون کو ملازمین کے ساتھ سراسرظلم وزیادتی سے تعبیر کیا۔ایک بیان کے مطابقسرمائی دارالحکومت جموں میں جموں وکشمیر ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا ایک خصوصی اجلاس زیر صدارت صدر ایجیک اور چیئرمین ٹیچرس فورم محمد رفیق راتھر منعقد ہوا جس میں حکومت کی طرف سے جاری کردہ ترمیم شدہ آرٹیکل 226(A) پر تفصیلی گفت وشنید ہوئی۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ مجوزہ اس آرٹیکل جموں و کشمیر کے ملازمین کے ساتھ سراسر زیادتی اور ظلم ہے جس کے زریعے نان گزیٹیڈ ملازمین کوبالخصوص عتاب کا شکار بنایا جارہا ہے اور ان کے حقوق کا گلا گھونٹھنے کی پوری سازش رچائی جارہی ہے، جو ایجیک کسی بھی طور قبول نہیں ہے۔ایجیک سربراہ نے حکومت سے اپیل کی کہ اس آر ٹیکل کو فی الفور ہٹایا جایا اور ملازمین کے ساتھ جو ناروا رویہ برتا جارہا ہے اُسے بند کیا جائے بصورت دیگر ملازمین قیادت جمہوری طرز عمل کو اپناتے ہوے راست قدم کیلئے مجبور ہوجائیں گے۔یاد رہے کہ اس آرٹیکل کے تحت ان ملازمین کو جن کی عمر 48 سال ہوچکی ہے یا جن کی سروس 22 سال ہوچکی ہے انھیں کسی بھی وقت نوکری سے سبکدوش کیا جاسکتا ہے۔ رفیق راتھر نے کہا کہ ایسا قانون ملک کی کسی بھی ریاست یا مرکزی زیر انتظام والے علاقے میں نافذ نہیں کیا گیا ہے تو صرف جموں و کشمیر میں ہی کیوں نافذ کیا جارہا ہے۔ ظاہر سی بات ہے اس میں کوئی خاص مقاصد پوشیدہ ہیں۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل کی کہ اس قانون کو فوری طور ختم کیا جائے تاکہ ملازمین کو راحت ملے اور وہ سکون سے اپنی نوکری کرکے اپنے اہل وعیال کا پیٹ پال سکیں۔ اجلاس میں اس بات پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ عارضی ملازمیں کی نوکریوں کو مستقل کرنے کی بجائے سرکار بہانے بازی سے کام لیکر ملازمین میں خوف وہراس کا ماحول قایم پیدا کرکے ملازمیں کی حق پر مبنی آواز کو دبانا چاہتی ہے۔
ویلگام میں منشیات پر پولیس کا عوامی دربار
ہندوارہ /اشرف چراغ //عوامی رابطہ مہم کو جاری رکھتے ہوئے پولیس تھانہ ویلگام رامحال میں ایک عوامی دربار کا انعقاد کیا گیا جس میں ایس پی ہندوارہ ڈاکٹر جی وی سندیب مہمان خصوصی تھے ۔عوامی دربار میں رامحال کے دائرہ اختیار میں آنے والے مختلف علاقوں کے ذی عزت شہریو ں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔عوامی دربار کے دوران لوگو ں نے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔اس موقع پر ایس ڈی پی او ہندوارہ اور ایس ایچ او ویلگام افتخار احمد بھی موجود تھے ۔ایس پی ہندوارہ ڈاکٹر جی وی سندیپ نے شرکاء کو یقین دلایا کہ پولیس سے متعلق شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور اس سے متعلق امور انتظامیہ کو حل کرانے کے لئے متعلقہ محکمو ں سے بات کی جائے گی ۔انہو ں نے لوگو ں سے کہا کہ وہ معاشراتی برائیو ں خصوصی طور منشیات کے خاتمہ اور علاقہ میں امن و خوشحالی لانے میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ سماج دشمن عنا صر کو شکست دی جاسکے ۔ایس پی نے والدین سے کہا کہ وہ اپنے بچوں کی صحیح پرورش کریں اور ان کے روز مرہ کام کاج پر نظر گزر رکھیں ۔انہو ں نے پولیس سے کہا کہ وہ لوگو ں کی خدمات کریں اور انہیں ہر وقت اپنا تعاون فراہم کریں تاکہ پولیس اور لوگو ں کے درمیان رشتہ استوار بن سکے ۔
مولانا ہمدانی کایوم وصال | آج کئی تقاریب کا اہتمام ہورہا ہے
سرینگر//جموں وکشمیر کے برگزیدہ عالم دین مولانا محمد یاسین ہمدانی ؒ کا 29واں یوم وصال10فروری کو منایا جارہا ہے۔ایک بیان کے مطابق اس سلسلے میں قرآن خوانی اور دعائے مغفرت کی مجالس کا حسب قدیم کی طرح انعقاد ہوگا۔ مرحوم کے مقبرہ واقع خانقاہ جامع پانپور پر نماز جمعہ کے بعد اجتماعی گلباری اور فاتحہ خوانی ہوگی جبکہ جمعہ سے قبل خانقاہ پانپور میں بارہ بجے دن کے بعد ہی ایک تقریب پر علماء کرام خصوصاً مولانا شوکت حسین کینگ مرحوم کی خدمات پر روشنی ڈالیں گے۔ اِسی طرح سرینگر میں خانقاہ معلی اور آثار شریف شہری کلاش پورہ میں تقریبات ہونگی۔بیان کے مطابق موصوف نے آثار شریف شہری کلاش پورہ کی تعمیر نو اور اوقاف اسلامیہ پانپور کی بنیاد کے ساتھ ساتھ کئی مساجد، زیارت گاہوں اور خانقاہوں کی تعمیر وتجدید کیلئے بھی اہم رول ادا کیا۔ مرحوم کی سربراہی میں جمعیت ہمدانیہ نے کئی کتابیں تصنیف کیں۔
انجمن حمایت الاسلام کا خراج عقیدت
سرینگر// انجمن حمایت الاسلام کے سربراہ مولانا خورشید احمد قانونگو، مولانا شوکت حسین کینگ، مولانا عبدالصمد خشو اور مولانا عبدالحق اویسی نے اپنے مشترکہ خراج عقیدت میں کہا کہ مرحوم مولانا محمد یاسین ہمدانیؒ اپنے طرز اسلاف و اسلوب و وعظ و تبلیغ کی شناخت کے شمع فروزاں تھے ، اپنی ذاتی قابلیت و قبولیت کے علاوہ اپنے خاندان کے جید واعظین کے بیان کے سنگم تھے جس وجہ سے تمام مکتب ہائے فکر مرحوم کی مجالس وعظ کے گرویدہ تھے۔ پوری زندگی کو اپنے اسلوب وعظ کا دامن ہاتھ سے جانے نہیں دیا ۔ اس طرح حضرت شاہ ہمدان ؒ کی خدمات کو آخری دم تک آبیاری اور کشمیر کے اطراف و اکناف میں اپنے تبلیغ کے نقوش قائم کئے۔ سیاست و دیگر مذہبی انقلابی واقعات میں کود کردی ، سیاست میں غرق نہ ہوتے ہوئے اپنی تبلیغی شناخت قائم رکھی ۔ آج بھی تمام ارباب سیاست کو یہ اعتراف حق ہے کہ مرحوم کا ظاہر و باطن یکساں تھا اور ایسی مراعات میں مبتلا نہ ہوئے جس کے حساب قوم کے سامنے دینا پڑے۔ مرحوم نے پوری زندگی قناعت و توکل پر مبنی گزاری جو موجودہ واعظین کیلئے مشعل راہ ہے۔
پنہ ڈوری ٹنگمرگ کی سڑکوں سے برف ہٹانے کا مطالبہ
ٹنگمرگ /مشتاق الحسن//پنہ ڈوری باباریشی میں سڑک پر برف نہ ہٹائے جانے سے لوگوں کو چلنے پھرنے میںگوناگوں مشکلات کا سامنا ہے۔محکمہ آر اینڈ بی ماگام کی جانب سے زیارت بابا ریشی کے نزدیکی گائوں پنہ ڈوری چونٹی پتھری رابط سڑک سے برف نہ ہٹانے پر اگرچہ مقامی لوگوں نے ایگزکیٹو انجینئر آر اینڈ بی ماگام کو تحریری طور مطلع کیا تاہم یقین دہانی کے باوجود سڑک سے برف نہیں ہٹائی گئی۔ مقامی شہری فیاض احمد نے بتایا کہ اگر گائوں میں کوئی شخص بیمار ہوجاتا ہے تو اسے گاڑی کے بجائے چارپائی پر اسپتال پہنچانا پڑتا ہے۔ پنہ ڈوری کے لوگوں نے ایل جی انتظامیہ سے سڑک پر موجود برف فوری طور ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔
پولیس کنٹرول روم کی شکایت سیل میں ایک اور فون نمبر کا اضافہ
سرینگر//پولیس کنٹرول روم کشمیر میں شکایات سیل کو فعال کیا گیاہے ۔لوگوں کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے شکایات سیل میں لینڈ لائین فون کا اضافہ کیاگیا۔اس شکایات سیل میں سرکار کے تمام ضروری محکمہ جات بالخصوص صحت ، پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ، جل شکتی ، آر اینڈ بی،سرینگر میونسپل کارپوویشن، فائیراینڈ ایمرجنسی ،سیول سپلائی اینڈ کنزیومر افیرس اور میکنیکل انجینئرنگ شامل ہے ۔متذکرہ شکایت سنٹر میں شکایات دہند گان کی جانب سے لاتعداد فون کالز موصول ہوتی ہیں ۔اسی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے شکایات سیل میں ایک اور لینڈ لائین نمبر کا اضافہ کیاگیا تاکہ شکایت دہند گان کو اپنی شکایت درج کرنے میں کسی بھی قسم کی کوئی دشواری پیش نہ آئے۔ شکایات دہند گان اپنی شکایات فون نمبر0194-2506548 اور موبائل نمبر9596201110 کے ذریعے کرسکتے ہیں ۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا اظہارِ تعزیت
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ضلع اننت ناگ کے نائب صدرایڈوکیٹ ریاض احمد خان کے برادر خواجہ غلام نبی خان ساکن شانگس کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ ،جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، رکن پارلیمان حسنین مسعودی، سینئر لیڈران سکینہ ایتو، بشیر احمد ویری، پیرزادہ احمد شاہ، الطاف احمد کلو، عبدالمجید لارمی، عمران نبی ڈار ، محمد عباس ڈار نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے وادی کے غلام محمد پختون ساکن راجباغ کے انتقال پر بھی گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے ۔
مشتاق احمدشاہ سے اپنی پارٹی کی تعزیت
سرینگر//اپنی پارٹی صد رسید محمد الطاف بخاری نے معروف تاجر مشتاق احمد شاہ کی اہلیہ کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔بخاری نے کہاکہ مرحومہ نیک سیرت اور مہما ن نواز خاتون تھیں۔ اپنی پارٹی دکھ کی اِس گھڑی میں مشتاق احمد شاہ کے خاندان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور مرحومہ کی جنت نشینی کیلئے دعا گو ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں جگہ عنایت کرے۔ اپنی پارٹی غمزدہ کنبہ ، رشتہ داروں اور عزیز واقارب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دعا گو ہے کہ انہیں یہ ناقابل ِ تلافی نقصان بردداشت کرنے کی ہمت عطا ہو۔ادھراپنی پارٹی نے معروف اُردو مصنف، ماہرتعلیم اور براڈ کاسٹر ڈاکٹر کمال احمد صدیقی کی اہلیہ اور پارٹی جنرل سیکریٹری رفیع احمد میر کی والدہ نسبتی شاہدہ کمال کی وفات پر اظہارتعزیت کیا ہے۔ غمزدہ کنبہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی لیڈران نے مرحومہ کیلئے دعائے مغفرت کی ہے۔ پارٹی لیڈران نے کہا کہ وہ رفیع احمد میر کے ساتھ دکھ کی اِس گھڑی میں برابر شریک ہیں۔
انجمن علماء کا تحصیل صدر کولگام سے اظہار یکجہتی
سرینگر// انجمن علماء وائمہ مساجدجموں وکشمیر کے امیر حافظ عبد الرحمن اشرفی نے عالم دین اور انجمن علماء کے تحصیل صدر کولگام مولانا محمد اشرف قاسمی مہتمم دارالعلوم حفظ القرآن کے برادر کے انتقال پرغمزدہ خاندان خاصکر مولانا موصوف کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں انجمن لواحقین کے ساتھ برابرشریک ہے۔ انہوں نے مرحوم کے بلند درجات اور لواحقین کیلئے صبرجمیل کی دعا کی۔