مشیر فاروق خان کا نمائش میںدستکاریوں کے 40سٹالوں کامعائنہ
جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے جموں و کشمیر شیڈول کاسٹ ، شیڈ ول ٹرائب اور بیک ورڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے زیر اہتمام قومی اقلیتی مالیات اور ترقیاتی کارپوریشن نئی دہلی ، وزارت اقلیتی امور کے تعاون سے منعقدہ دس روزہ مارکیٹنگ نمائش کا اِفتتاح کیا۔اِس موقعہ پرمنیجنگ ڈائریکٹر ایس سی ، ایس ٹی اور بی سی ڈیولپمنٹ کارپوریشن رمیش چندر کے علاوہ متعلقہ محکمہ کے دیگر سینئر اَفسران بھی موجود تھے۔منیجنگ ڈائریکٹر نے مشیر موصوف کو جانکاری دی کہ کشمیری آرٹ اینڈ کرافٹ ، کشمیری کڑھائی کے کام ، کشمیری شال اور سوٹ ، بسوہلی شال ، ہاتھ سے تیارکردہ ملبوسات ، دستکاری مصنوعات ،خشک میوہ جات وغیرہ شامل ہیں، کو پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لئے 40سٹال لگائے گئے ہیں۔مشیرموصوف نے کارپوریشن کے مستفیدین کے ذریعہ لگائے گئے تمام سٹالوں کا معائینہ کیا ۔اُنہوں نے مستفید افراد سے تبادلہ خیال کیا اور کارپوریشن کے جانب سے مستفیدین کو اپنی مصنوعات کی نمائش اور فروخت کرنے کے لئے مارکیٹنگ اور نمائش کا پروگرام ترتیب دے کر ایک پلیٹ فارم مہیا کرنے کے اقدامات پر اطمینان کا اِظہار کیا۔مشیر نے کارپوریشن پر زور دیا کہ وہ قومی سطح پر بھی اپنے مستحقین کو اس قسم کے مواقع فراہم کرے تاکہ فائدہ اٹھانے والے دوسرے ریاستوں کے لوگوں کے ساتھ اپنے تجربات بانٹ سکیں۔اس سے قبل مشیر نے ماڈل مڈل سکول ستواری جموں میں اولمپیا نمائش پرائیویٹ لمیٹڈ کے زیر اہتمام ایک نمائش کابھی اِفتتاح کیا۔ مشیر کوبتایا گیاکہ یہ شمالی ہندوستان کی پریمیم نمائش ہے جو ارتھ موونگ مشینری ، تعمیراتی مشینری ، ہاٹ مکسچر پلانٹس ، عمارت سازی کا سامان ، پینٹ ، داخلہ اور بیرونی ڈیزائنوں پر مرکوز ہے۔اس موقعہ پر مشیر نے اپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے کہاکہ نمائش نے جامع انداز میں تعمیراتی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے کے لئے ایک ایکو سسٹم فراہم کیا۔
ڈاک بنگلہ مینڈھر 10سال سے تشنہ تکمیل،عوام برہم
جاوید اقبال
مینڈھر// ڈاک بنگلہ مینڈھر کا کام دس سال قبل شروع ہوا تھا لیکن اس وقت تک مکمل نہیں ہو پایا ۔مقامی لوگوںنے بتایاکہ سب ڈویژن مینڈھر کے اندر ایک ہی ڈاک بنگلہ ہے جو کئی سال گزرجانے کے بعد بھی مکمل نہیں ہوا اور حکومت کا جو بھی عہد یدار مینڈھر کا چکر لگاتاہے وہ کچھ ہی گھنٹے ڈاک بنگلہ میں بیٹھ کر چند لوگوں کے مطالبات سننے کے بعد پونچھ ہیڈ کوارٹر پر چلا جاتاہے کیوں کہ ڈاک بنگلہ مینڈھر میں کمرے نہ ہونے کی وجہ سے رات کو ٹھہرنے کا کوئی انتظام نہیں ہے جسکی وجہ سے کسی بھی اعلی عہدیداران کو لوگ نہیں مل سکتے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ ڈاک بنگلہ مینڈھر کا کام جو سست رفتاری سے چل رہاہے اس میں تیزی لائی جائے تاکہ لوگوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا کرنا نہ پڑے اور جو بھی سرکار کا نمائندہ مینڈھر میں آئے لوگوں کے وفد آسانی سے ان سے ملاقات کرکے اپنے مطالبات انکے سامنے رکھ سکیں ۔لوگوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ اس سے قبل جتنا بھی پیسہ گذشتہ دس سال سے زائد عرصہ میں ڈاک بنگلہ مینڈھر پر خرچا گیا اس کا حساب کیا جائے اور جو بھی متعلقہ ملازم اس میں ملوث ہے اسکے حلاف قانونی کاروائی کی جائے اور ڈاک بنگلہ کو جلد مکمل کیا جائے ۔
راجوری شاہرہ حادثہ : ایک اور موٹرسائیکل سوار کی موت
سمت بھارگو
راجوری//جموں راجوری پونچھ قومی شاہراھ پر نوشہرہ ڈالیاں کے نزدیک ہوئے سڑک حادثے میں مرنے والوں کی تعداد اب دو ہو گئی ہے۔
یہ حادثہ 18 مارچ کی شام تب پیش ہوا تھا جب ایک موٹرسائیکل اور کار کے درمیان آمنے سامنے سیدھی ٹکر ہوئی تھی جِس کی وجہ سے موٹرسائیکل پر سوار دو نوجوان شدید طور پر زخمی ہوئے تھے۔پولیس کے مطابق زخمی ہوا نوجوان سخوندر سنگھ ولد جسونت سنگھ نوشہرہ ہسپتال سے جموں میڈیکل کالج ریفر کیے جاتے وقت سندر بانی کے نزدیک دم توڑ بیٹھا تھا۔وہیں زخمی دوسرا نوجوان جموں لے جاتے وقت اکھنور کے نزدیک زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔ہلاک ہونے والے دوسرے نوجوان کی شناخت سمرنجیت سنگھ ولد ہرنام سنگھ کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق اس حادثے میں دو نوجوان ہلاک ہوئے ہیں اور متعلقہ مقدمات کے تحت پولیس تھانہ نوشہرہ میں ایک کیس درج کیا گیا ہے۔
خاتون کے ساتھ زیادتی کا الزام،4افرادپر مقدمہ درج
سمت بھارگو
راجوری// راجوری ضلع میں پولیس نے سری نگر کے گاندربل کے علاقے کنگن سے چار افراد کے خلاف ضلع راجوری کے سندر بنی علاقے سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کے ساتھ عصمت دری کے الزام پر مقدمہ درج کیا ہے۔ ضلع راجوری کے سندربنی کے گاؤں برنارا کی رہائشی خاتون ، مبینہ طور پر گذشتہ سال اکتوبر کے مہینے میں لاپتہ ہوگئی تھی ، جس کے بعد اس کی گمشدگی کی رپورٹ سندربنی پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی تھی ، جس کی رپورٹ ڈی ڈی آر نمبر 10 مورخہ 21 اکتوبر 2020 تھی۔ پولیس نے بتایا کہ لاپتہ خاتون نے گھر واپس آنے کے بعد اب اپنے کنبہ کے افراد کے ساتھ پولیس اسٹیشن سندربنی میں اطلاع دی اور بتایا کہ سری نگر گاندربل کے علاقے کنگن سے چار افراد نے اسے اغوا کیا اور بار بار اس کے ساتھ زیادتی کی۔ پولیس نے بتایا کہ تفتیش اور متاثرہ شخص کے بیان کی بنیاد پر سندر بنی پولیس اسٹیشن میں دفعہ 366 ، 376-D ، 342 ، 34 آئی پی سی کے تحت ایف آئی آر 27/2021 میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے اور معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔
سی بی آئی کی جموں ریلیوے سٹیشن پر اچانک چیکنگ
جموں //سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن یا مرکزی تحقیقاتی بیورو نے جموں ریلوے اسٹیشن کے محکمہ پارسل کی حیرت انگیز جانچ کی۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ انہیں سامان کے وزن اور قیمت میں فرق کے بارے میں شکایات موصول ہوئی ہیں جو پورے ملک سے ریلوے اسٹیشن پر پہنچائے جاتے ہیں۔سرکاری ذرائع نے بتایا ، حیرت کی جانچ پڑتال صبح 6 بجے سے ہوئی جس کے دوران ، محکمہ پارسل کے سامان اور سرکاری ریکارڈ کو سی بی آئی حکام نے چیک کیا۔عہدیداروں نے موصولہ سامان کی جانچ کی اور اس رپورٹ کے اندراج تک اس کی جانچ جاری رکھی۔
سدھرا جموں میں لوگوں اور ریستوران مالکان کا احتجاج
جموں //سدھرا کے مقامی لوگوں نے بند کئے گئے ریستوراں مالکان کے ساتھ جموں سرینگر ہائی وے کو ملانے والی بائی پاس روڈ کو کئی گھنٹوں تک روک دیا اور سڑک کے وسط میں ٹائر جلا دیئے جس کی وجہ سے زبردست ٹریفک جام رہا۔انتظامیہ کی جانب سے ریستوران سمیت اپنے تجارتی ڈھانچے کو سیل کرنے کے خلاف خواتین سمیت مقامی افراد سڑک پر آئے اور اسے کئی گھنٹوں تک بلاک کردیا۔عینی شاہدین نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے سڑک سے گاڑیوں کو جانے کی اجازت نہیں دی جس کے نتیجے میں ٹریفک جام ہوگیا۔ پولیس اور سول انتظامیہ کے عہدیدار بھی موقع پر پہنچ گئے تاکہ مظاہرین مقامی لوگوں اور ریستوراں کے مالکان کو راضی کرلیں۔ مظاہرین کو محصولات کے عہدیداروں نے یقین دہانی کرائی تھی کہ ڈپٹی کمشنر جموں سے ان کی میٹنگ میں ان کے مسائل حل کرنے کا اہتمام کیا جائے گا۔بھرپور کوششوں کے باوجود مظاہرین اپنا احتجاج سڑک سے اٹھانے اور ٹریفک کی نقل و حرکت کی اجازت دینے کو تیار نہیں تھے۔ بعد میں انہوں نے اہلکار کی یقین دہانی پر اتفاق کیا اور پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔
ڈی سی پونچھ کی افسران کے ساتھ تعارفی میٹنگ
پونچھ //ڈپٹی کمشنر پونچھ ، اندر جیت نے افسران کے ساتھ تعارفی اجلاس کی صدارت کی۔لائن ڈیپارٹمنٹ کے افسران سے باضابطہ تعارف کے بعد ڈی ڈی سی نے ہر محکمہ کی ترجیحات درج کیں اور افسران پر زور دیا کہ وہ مقررہ اہداف کے حصول کے لئے پوری لگن کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے ضلعی سربراہان پر زور دیا کہ وہ موثر انداز میں کام کریں اور ان کے ماتحت محکموں کی شفاف کارکردگی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے عام لوگوں کی سہولت کے لئے عوامی خدمات کو پریشانی سے آزادانہ انداز میں پہنچانے کی کوشش کی۔ انہوں نے محکمہ صحت پر زور دیا کہ وہ سی ایچ اے ٹی اسکیم ، کوویڈ۔19 کو حفاظتی ٹیکوں کے تحت مقرر کردہ اہداف کو حاصل کرے اور صحت کے اہم پیرامیٹرز کو بہتر بنائے۔
کشتواڑ میں چوری کی ناکام کوشش
عاصف بٹ
کشتواڑ//قصبہ کشتواڑ میں گزشتہ کئی ماہ سے چوری کی مسلسل وارداتیں ہورہی ہیں جسکے سبب قصبہ کی عوام میں کافی تشویش پائی جارہی ہے۔جمعرات کی رات کو کو بھی کشتواڑ پولیس تھانہ سے 300 میڑ دور اوم مہتھا روڈ پر چوری کی کوشش کی تاہم وہ ناکام رہے۔ مقامی لوگوں نے اے کے ٹریڈرز دوکان کے تالے ٹوٹے ہوئے پائے جسکے بعد اسکی اطلاع دوکان مالک و پولیس کو دی گئی جسکے بعد پولیس نے جائے واردات پر آکر معاینہ کیااورتحقیقات شروع کی گئی تاہم چور سامان چوری نہ کرسکے تھے ۔چوروں نے نہ صرف تالے بلکہ دوکان میں لگا سنٹرل لاک بھی توڈ ڈالا تھا۔مقامی لوگوں نے مانگ کی کہ پولیس کی گشت بڑھائی جائے اور سی سی ٹی وئی کیمرے نصب کیے جائیں تاکہ چوری کی وارداتوں پر قابو پایا جاسکے۔
وکاس شرما نے ڈی سی ڈوڈہ کا چارج سنبھالا
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //وکاس شرما نے جمعہ کے روز ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ کا چارج سنبھال لیا۔ عہدہ سنبھالتے ہی انہوں نے ڈی سی کمپلیکس میں موجود تمام سکیشن کا دورہ کرکے کام کاج کا جائزہ لیااور اس کے فوراً بعد اپنے چیمبر میں آفیسران و ملازمین کی میٹنگ طلب کرکے ضلع میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں ،مرکزی معاونت والی اسکیموں کی پیش رفت و کوؤڈ 19 کے سلسلہ میں کئے گئے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا۔ انہوں آفیسران و ملازمین کو ہدائت دی کہ وہ عوامی مسائل کا ترجیح بنیادوں پر ازالہ کریں اور ورک کلچر میں تیزی لانے کے ساتھ ساتھ ڈیوٹی کے پابند رہیں۔
چلڈرن پارک کی تعمیر میں ناقص میٹریل استعمال کرنیکا الزام
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر میں چلڈرن پارک کی تعمیر کا خواب شرمندہ تعبیر تو ہو الیکن مقامی لوگوںکا الزام ہے کہ اس کی تعمیر میں غیر معیار ی میٹریل کا استعمال ہورہا ہے۔مینڈھر قصبہ کے عوام نے شکایت کی ہے کہ ڈاک بنگلہ مینڈھر کے سامنے بنائے جارہے چلڈرن پارک میں غیر معیاری میٹریل کااستعمال کیاجارہاہے۔ان کاالزام ہے کہ متعلقہ حکام کی طرف سے تعمیری منصوبے میں غیر معیاری مواد استعمال کیاجارہاہے جس سے اس کے بننے سے کوئی بھی خاص فائدہ نہیں پہنچے گاکیونکہ اس کی حالت بہت جلد خراب ہوجائے گی۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر پونچھ اور متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ کام کروانے والے ملازمین کے خلا ف کارروائی کی جائے اور اس ط رح کے غیر معیاری کام کو فوری طور پر روک دیاجائے نہیں تو لوگ احتجاج کاراستہ اختیار کریں گے۔
اپنی پارٹی دفتر پر عزت افزائی تقریب
جموں //اپنی پارٹی دفتر گاندھی نگر جموں میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں پارٹی یوتھ ونگ کے نومنتخب ضلع صدر اربن جموں شیوم چوہدری کی عزت افزائی کی گئی۔ تقریب کا اہتمام پارٹی یوتھ ونگ نے کیاتھا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سنیئرلیڈران نے شیوم چوہدری کو مبارک باد پیش کی اور اُمید ظاہر کی کہ اِس عہدہ پر اُن کی تقرری سے جموں شہر میں پارٹی مضبوط ہوگی اور زیادہ سے زیادہ یوتھ کیڈر اِس کے ساتھ جڑے گا۔ اس تقریب میں پارٹی نوجوان لیڈران نے نوجوانوں کو جموں وکشمیر کے اندر درپیش مشکلات ومسائل کو بھی اُجاگر کیا اور حکومت پرزور دیاکہ نوجوانوں کے مسائل کو حل کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔
25 کسانوں پر مشتمل قافلہ ہماچل پردیش روانہ
حسین محتشم
پونچھ//محکمہ زراعت پونچھ کی جانب سے پچیس کسانوں پر مشتمل ایک قافلہ کو ہماچل پردیش کی زرعی یونیورسٹی کے لیے روانہ کیا گیا ہے۔ ضلع پونچھ کے محکمہ زراعت کی جانب سے پچیس کسانوں پر مشتمل قافلے کو پانچ روزہ دورے کے لیے محکمہ کرشی وگیان کیندر کے سائنٹیسٹ ڈاکٹر مظفر نے اس قافلے کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔پانچ روزہ تربیتی زرعی پروگرام میں شامل کسانوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لئے محکمہ نے ایک اچھا موقعہ فراہم کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس دورہ کے دوران وہ تکنیکی جانکاری کا تجربہ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ہماچل پردیش کے کسانوں کے ذریعہ کی جانے والی زراعت کی جدت طرازی کا عملی معائنہ بھی کر سکیں کے۔ سائنٹیسٹ ڈاکٹر مظفر نے بتایا کہ یہ دورہ کسانوں کے لیے سود مند ثابت ہوگا اس کی وہ امید کرتے ہیں۔
بجٹ میںپونچھ اور راجوری نظر انداز :زوراور سنگھ
پونچھ //جموں کشمیر اپنی پارٹی کے سینئر لیڈر زوراور سنگھ شہباز نے کہا کہ جموںوکشمیر کے بجٹ میں ضلع پونچھ اور راجوری کو مکمل طور پر نظرانداز کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بجٹ میں صحت ، تعلیم ، روزگار ، صنعت پر زور دینے کا یقینا دعوی کیا گیا ہے لیکن جموں پونچھ ریلوے لائن کے لئے کچھ نہیں دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں کو فروغ دینے کے لئے کوئی خاص انتظام نہیں ہے اور بے روزگاری کے خاتمے کے لئے احتیاط برتی گئی ہے۔زوراور سنگھ شہباز نے کہا کہ دفعہ 370 کے خاتمے کے بعد ، اس بجٹ پر بڑی توقعات پوری نہیں ہوئیں ، نوجوانوں کو کوئی امید نہیں ہے۔
وومن ڈیولپمنٹ کارپوریشن کا تربیتی کیمپ منعقد
راجوری//وومن ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی طرف سے راجوری کے لیراں اوجھا ن علاقے میں یک روزہ تربیتی کیمپ کا انعقاد کیاگیا جس میں بڑی تعداد میں مقامی خواتین نے شرکت کی۔پروگراام کا اہتمام ضلع منیجر راجوری نسرین گل کی طرف سے کیاگیاتھا جس میں سرپنچ لیراں فرزانہ چوہدری، نائب سرپنچ اور پنچایات ممبران بھی موجود تھے۔اس موقعہ پر نسرین گل نے کارپوریشن کی طرف سے خواتین کی خود کفالی کیلئے چلائی جارہی سکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا کہ بیروزگار خواتین کو ان سکیموں سے فائدہ اٹھا کر اپنے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ کچھ کرنے کی خواہش مند خواتین کو کارپوریشن کی طرف سے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔