فوجی ہسپتال کے قریب مشکوک بیگ بر آمد
سمت بھارگو
راجوری //جموں وکشمیر پولیس نے فوج نے راجوری قصبہ کے نزدیک قائم فوجی ہسپتال کے پاس سے ایک مشکوک بیگ کو برآمد کرلیا ۔حکام نے بتایا کہ مکینوں نے جموں پونچھ شاہراہ کے قریب ایک مشکوک بیگ کردیکھ کر فوجی حکام کو جانکاری فراہم کی ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ بیگ ایک فوجی ہسپتال کے قریب رکھا گیا تھا ۔اسی دوران فوج اور راجوری پولیس سٹیشن سے ایک ٹیم موقعہ پر پہنچی اور جموں وکشمیر پولیس کے بم ناکارہ بنانے والی ٹیم نے موقعہ پر بیگ کو بر آمدکرکے پولیس سٹیشن منتقل کر دیا تاکہ اس معائینہ کیاجائے ۔حکام نے بتایا کہ بیگ میں کوئی دھماکہ خیز مواد نہیں تھا لیکن اس کا معائینہ کیاجارہا ہے ۔
مولانا ولی رحمانی کا انتقال امت کیلئے ناقابل تلافی خلاء:مولانا منظور رحمانی
جاوید اقبال
مینڈھر // تحصیل سرنکوٹ، گاؤں ہاڑی کی مرکزی جامع مسجد فیض آباد کے امام و خطیب مولانا منظور رحمانی نے ہندوستان کے ایک بہت بڑے عالم دین مولانا سید ولی رحمانی کے انتقال پرملال پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ملت اسلامیہ ہند کے ایک بہت بڑے قائد و سرخیل، مشہور و معروف عالم ربانی، حضرت مولانا سید منت اللہ رحمانی کے فرزند ارجمند، دین و دعوت میں اپنے والد کے سچے جانشین، مفکر اسلام، امیر شریعت مولانا سید ولی رحمانی اپنی عمر مستعار پوری کرکے، دارفانی کو الوداع کہہ گئے تھے ۔مولانا رحمانی نے اپنے بیان میں کہا کہ مرحوم سادات خاندان کے چشم و چراغ، بیک وقت کئی میدانوں کے شہہ سوار تھے، درس و تدریس کے میدان میں ایک باکمال اور ماہر مدرس، میدان خطابت کے بے مثال مقرر، کئی کتابوں کے مصنف تھے باطل سیاست کے خلاف ہمیشہ نبرد آزما تھے۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے جنرل سیکریٹری بھی تھے۔ مولانا منظور رحمانی نے کہا کہ مولانا کے انتقال پر پوری ملت اسلامیہ سوگوار ہوچکی ہے جبکہ ان کی وفات سے ایک ناقابل تلافی خلاء پیدا ہو گئی ہے ۔
ڈی ڈی سی ممبر نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//ضلع ترقیاتی کونسل کے ممبر شاہنواز چوہدری نے سرنکوٹ کے مختلف علا قوں کا دورہ کر کے عوامی مسائل کا جائزہ لیا جبکہ اس دوران انہوں نے علاقہ کو سیاحتی نقشے پر لانے کیلئے اپنا رول ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی ۔اس دوران موصوف کے ہمراہ سرپنچ منظور مرزا ،لیاقت مرزا ودیگران بھی موجود تھے ۔مکینوں نے موصوف کو مختلف تاریخی مقامات کے بارے میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہاکہ ان مقامات کو سیاحتی نقشے پر لانے کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے جاسکے ۔موصوف نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سرنکوٹ کے اکثر سیاحتی مقامات کو شعبہ کے نقشے پر نہیں لایا جاسکا جس کی وجہ سے عام لوگوں کوبھی روز گار مہیا نہیں ہو پارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے اگر وقت پر مذکورہ مقامات پر توجہ دی گئی ہوتی تو اس وقت نوجوانوں کو روزگار فراہم ہوسکتا تھا ۔انہوں نے یقین دلاتے ہوئے کہاکہ اس سلسلہ میں متعلقہ اعلیٰ حکام سے ملاقتیں کر کے تحریری یاداشت بھی پیش کی جائے گی ۔
کووڈ ایس او پی کے تحت امتحانات جاری
عظمیٰ یاسمین
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈ ی //تحصیل تھنہ منڈی میں کووڈ ایس او پیز کے زیر تحت دسویں جماعت کا امتحان جاری ہے ۔اس سلسلے میں محکمہ تعلیم کے ایک اہلکار نے بتایا کہ کووڈپروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے دسویں اور بارہویں جماعت کے پہلے سے طے شدہ امتحانات مقررہ وقت پر لئے جارہے ہیں۔اس سلسلے میں بارہویں جماعت کا پہلا پرچہ 5 اپریل کو لیا گیاجبکہ دسویں جماعت کا پہلا پرچہ منگلوار 6 اپریل کو لیا گیا۔تھنہ منڈی میں دسویں جماعت کے ایک امتحانی سینٹر کے عملہ نے روزنامہ کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے ساتھ بچوں کے امتحانات لئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بچوں نے مشکل ترین حالات میں کرونا وائرس کا مقابلہ کیا ہے اور آج امتحان ہال میں بیٹھے ہیں انہوں نے تمام بچوں سے گزارش کہ وہ حکومتی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کریں اور بنا ماسک کے امتحان ہال میں نہ آئیں۔
مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ نے داخلہ شیڈول جاری کیا
عظمیٰ یاسمین
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // ایم ای ٹی بابا غلام شاہ اکادمی تھنہ منڈی میں آمدہ تعلیمی برس کیلئے داخلہ شیڈول جاری کرتے ہوئے مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ کے سرپرست خورشید بسمل نے کہا ہے کہ 8 اپریل2021 سے بارہویں جماعت تک کے داخلے کا عمل شروع کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کے والدین مقررہ تاریخ پر ادارہ میںآکر سابقہ فیس ادا کریںاور اپنے بچوں کو اگلی کلاسوں میں داخل کروا دیں۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ-19 کے پیش نظر امسال بچوں سے پروموشنل ڈیوز نہیں لیئے جائیں گے۔ البتہ نئے داخل ہونے والے بچے کو داخلہ فیس ادا کرنی ہوگی۔بسمل نے کہا کہ آمدہ سال میں ماہانہ سکول فیس کے ریٹس میں بھی کوئی اضافہ نہیں کیاجائے گانیز ادارہ کی جانب سے دیگر رعایات بھی حسبِ سابق دستیاب رہیں گی جن میں یتیم اور نادار بچوں کو کتابیں، وردی اور ماہانہ سکول فیس وغیرہ شامل ہے۔نصاب سے متعلق انہوں نے کہا کہ امسال سرِدست نصاب میں کوئی تبدیلی نہیں کی جارہی ہے۔ البتہ جموں کشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن کی ہدایت کے مطابق نصاب میں کسی بھی وقت تبدیلی کی گنجائش باقی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ نئے تعلیمی سال کے لیے داخلے کا عمل 19 اپریل تک چلتا رہے گا۔
چھتیس گڑھ نکسلائٹس حملے کے مہلوکین کو خراج عقیدت
حسین محتشم
پونچھ// چھتیس گڑھ میں نکسلی حملے میں شہید ہوئے سکیورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے سلسلہ میں سرحدی ضلع پونچھ میں بھی اجلاس منعقد کئے جا رہے ہیں ۔اس سلسلہ میں غیر سرکاری تنظیم سماج سیوا سوسائٹی کی جانب سے بھی ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جہاں مظاہرین نے شہیدوں کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی ۔ اس دوران جہاں شہدا کے حق میں زندہ باد کے نعرے بلند کئے گئے وہیں نکسلیوں کے خلاف مردہ باد کے نعرے لگا کر اپنے غم و غصہ کا اظہار کیا گیا۔ اس احتجاجی مظاہرے کے دوران سوسائٹی کے صدر یوگل کشور شرما نے چھتیس گڑھ کے سکما ضلع میں نکسلی حملے میں شہید ہوئے سکیورٹی اہلکاروں کے لئے تعزیتی پیغام پڑھتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ 21 مارچ کو نکسلی حملے جس میں متعددسکیورٹی اہلکار شہید اور کئی زخمی ہوگئے تھے کی مذمت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا سکیورٹی اہلکاروں نے اپنا فرض ادا کرتے ہوئے اپنی بہادری کا ثبوت دیا اور ملک کے لئے اپنی قربانی دی۔فوجی رشید نے اس دوران خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہداکے احترام میں انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کسی طرح کی بھی ہو وہ اس کی مذمت کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس حملے میں ملوث تمام افراد کو جلد سے جلد گرفتار کر کے ان کو پھانسی کی سزا دی جائے۔
؎ تاجروں کی عوامی مقامات پر کورونا بیداری مہم
حسین محتشم
پونچھ// ضلع پونچھ کے صدر بازار کے تاجروں کی جانب سے کورونا وائرس بیداری کے تحت لوگوں کو ماسک لگانے، سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے اور دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کیلئے مہم چلائی گئی۔اس مہم کے دوران شفیق حسین بابا اور نیشوں گپتا کی قیادت میں تاجروں نے کورونا وائرس سے بچنے کے لیے لوگوں کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس میں کسی طرح کی لاپرواہی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔پریڈ پارک پونچھ میں موجد لوگوں میں ماسک تقسیم کرتے ہوئے تاجروں نے ان سے اپیل کی کہ وہ جہاں بھی جائیں سماجی دوری کو قائم رکھیں۔ انہوں نے پارک میں بیٹھے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کچرا نہ پھیلائیں بلکہ پارک میں لگائی گئی کچرا پیٹیوں میں کچرا ڈالایں تاکہ پارک صاف رہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا عالمی وبا ہے جس کے خاتمے کے تعلق سے اب اگر چہ ویکسین تیار کی جا چکی لیکن سبھی لوگوں کو ٹیکے نہیں لگ سکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے ٹیکے لگائے ہیںان کو بھی محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کورونا گائیڈ لائن پر عمل کرنے کی تمام عوام سے اپیل ۔
پونچھ میں سرپنچوں اور پنچوں کا احتجاج | پنچایتی اراکین کو اعتماد میں لے کر ترقیاتی منصوبے بنانے کی مانگ
حسین محتشم
پونچھ//پونچھ کی مختلف پنچایتوں کے سرپنچوں اور پنچوںکی جانب سے ایک احتجاجی اجلاس ڈاک بنگلہ پونچھ میں منعقد کیا گیا جس میں پنچوں اور سرپنچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس دوران سرپنچوں نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ اب جو پنچایتی تعمیراتی منصوبے تیار کئے جا رہے ہیں ان میں صرف بی ڈی سی ممبران کی رضا مندی ہی دیکھی جاتی ہے سرپنچوں اور پنچوں کو ان میں شامل نہیں کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھ جو وعدے کئے گئے تھے وہ پورے نہیں کئے گئے اور اب منصوبوں کے تیار کئے جانے میں بھی ان کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔اس موقعہ پر موجود سرپنچ حلقہ پنچایت بنوت محمد سلیم کھاری نے کہا کہ انہوں نے بی ڈی سی ممبران کو ووٹ دیکر اس لئے منتخب کیا تھا کے وہ ان کے مسائل حل کروانے میں مددگار ثابت ہوں گے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ جو نئے منصوبے بنائے جا رہا ہے ان میں سرپنچوں اور پنچوں کو اعتماد میں نہیں لیا جا رہا ہے بلکہ بی ڈی سی ممبران اپنی مرضی سے منصوبے تیار کروا رہے ہیں۔انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر منصوبوں میں ان کو اعتماد میں نہ لیا گیا اور ان کے دیگر مطالبات جلد سے جلد حل نہ کئے گئے تو وہ سڑکوں پر نکل کے احتجاجی مظاہرے شروع کر دیں گے۔
بھا جپا کی پونچھ اکائی نے یوم تاسیس منایا
حسین محتشم
پونچھ//بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی پونچھ اکائی نے بھی 6 اپریل 2021کو 41 واں یوم تاسیس منایا۔ اس موقع پر پارٹی کے ضلعی دفتر پونچھ میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں پارٹی لیڈڑان اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے سابق ایم ایل سی پردیپ شرما، ضلعی صدر ایس ٹی موررچہ محمد اکبر، جنرل سکریٹری ایس ٹی مورچہ عاصف اقبال، کپٹن پنڈت لعل ،ضلعی جنرل سکریٹری پرمجیت سنگھ اور دیگران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 6 اپریل 1980 کو بی جے پی کا قیام عمل میں آیا تھا اور اس برس بی جے پی اپنا 41 واں یوم تاسیس کو منار ہی ہے ۔ مقررین نے یوم تاسیس کے تناظر میں پارٹی کارکنوں کو پارٹی کی پالیسیاں اور مرکز میں مودی حکومت کے ذریعہ کیے گئے کاموں کے بارے میں مفصل جانکاری دی۔
پونچھ میں نیشنل کانفرنس اکائی نے ممبر شپ مہم کا اہتمام کیا
حسین محتشم
پونچھ// نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور سابق ایم ایل اے پونچھ اعجاز احمد جان کی قیادت میں ان ہی کی رہائش گاہ پونچھ پر ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا ۔اس اجلاس میں کارکنان و لیڈران نے ضلع میں ممبرشپ مہم کے تحت ممبر شپ فارم بھرے اور عہد کیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں لوگوں کی بھرپور ممبر شپ کروائیں گے۔اس دوران اعجاز احمد جان نے عوام سے پارٹی کو مضبوط کرنے کی گزارش کی۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ایک سیکولر اور جمہوری جماعت ہے اور اس کی پالیسیاں اور پروگرام عوام دوست ہیں، لہذا لوگ ممبرشپ مہم چلانے اور اس میں حصہ لینے کے لئے اہم رول ادا کریں۔انہوں نے عوام خصوصاََ ضلع پونچھ کے نوجوانوں سے آگے آکر ممبرشپ ڈرائیو میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو پارٹی اور اس کی قیادت سے بڑی توقعات وابستہ ہیںاس لئے اس پارٹی کے تمام لوگوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عوام کی امیدوں پر کھرا اتریں۔اس دوران تمام شرکاء نے پارٹی صدر اور ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی جلد صحت یابی اور تندرستی کے لئے خصوصی دعائیں مانگیں۔ اعجاز جان نے تمام پارٹی کارکنان سے اپیل ی کہ وہ اپنی باری پر کرونا ویکسی نشن ضرور کروائیں اور افواہوں پر بالکل توجہ نہ دیں۔
بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو پر بیداری پروگرام منعقد
مینڈھر //سب ڈویژن مینڈھر کی بالا کوٹ تحصیل میں مہلا شکتی کیندر پونچھ کی جانب سے ’بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو ‘کے عنوان سے ایک بیداری پروگرام منعقد کیا گیا ۔کلر موڑہ میں منعقدہ پروگرام میں ڈسٹر کٹ پروگرام آفیسر ڈاکٹر محمد تنویر ،بلاک ڈیو لپمنٹ کونسل چیئر مین کے علاوہ دیگر پنچایتی اراکین و معززین نے بھی شرکت کی ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے ڈسٹر کٹ پروگرام آفیسر نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے لڑکیوں کے تحفظ اور پڑھائی کے سلسلہ میں بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو سکیم کو شروع کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس سکیم کے تحت زیادہ سے زیادہ لڑکیوں و والدین کو ان کی تعلیم اور فلاح وبہبود کے سلسلہ میں بیدار کیا جاتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس سکیم کے تحت انتظامیہ خواتین کی برابری اور ان کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے مختلف نوعیت کے اقدامات اٹھاتی ہے ۔اس دوران مہلا شکتی کیندر پونچھ کے اراکین نے سکیم کے سلسلہ میں عوام کو مکمل جانکاری فراہم کی ۔
کئی وفود کی ڈی سی پونچھ سے ملا قات
پونچھ //عوامی مسائل کو لے کر ضلع پونچھ کے متعدد علا قوں کے وفود نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندر جیت سے ملا قاتیں کی ۔پنچایتی اراکین کے مینڈھر ،سرنکوٹ اور پونچھ کے دیگر علا قوںکے وفود نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے ان کے دفترمیں ملا قات کیں جبکہ دیہات میں مکینوںکو درپیش مشکلات کے بارے میںآگاہ کیا ۔اس دوران معززین نے سڑکوں کے نظام کی بہتری ،تار کول بچھانے کا عمل شروع کرنے ،شیر کشمیر پل پونچھ تا کرشنا گھاٹی سڑک ،لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے ،بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی ،بجلے کے کھمبوں کی عدم دستیابی ،رمضان میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے جیسے مطالبات ڈی سی پونچھ کے سامنے رکھے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے عوامی مسائل کو بغور سننے کے بعد یقین دلایا کہ ان کی مشکلات کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔