راجوری میں کووڈکیسوں میں کمی ریکارڈ | 60نئے معاملات درج ،2مریضوں کی مو ت
سمت بھارگو
راجوری //راجوری ضلع میں کووڈ معاملات میں مسلسل کمی ریکارڈی کی جارہی ہے ۔گزشتہ روز ضلع میں مزید 60نئے معاملا ت درج کئے گئے ہیں جبکہ کووڈ میں مبتلا دو مزید مریضوں کی موت واقعہ ہو گئی ہے ۔انتظامیہ کے مطابق میڈیکل کالج راجوری میں دو مزیضوں کی موت واقعہ ہوگئی ہے ۔سرکاری ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعہ کے روز کووڈ کی وجہ سے ہوئی اموات میں اچانک اضافہ ہو گیا تھا جس کی وجہ سے 9مریضوں کی موت واقعہ ہوگئی تھی تاہم سنیچر کے روز ضلع میں دو مریضوں کی موت ہوئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ضلع کے پنجہ چوک کا ایک مریض جبکہ کالا کوٹ کے سیلسوئی کے ایک مریض کی موت ہوئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ضلع کے مختلف علاقوں میں ہوئے ٹیسٹوں میں 60افراد کے کووڈ ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ۔نئے ریکارڈ ہوئے معاملات میں سے درہال میں 24کا لاکوٹ میں سے 2،کنڈی میں 5نوشہرہ میں سے 7منجا کو ٹ بلاک میں سے 15اور سندر بنی میں سے 7مریض شامل ہیں ۔غور طلب ہے کہ جمعہ کے روز ضلع میں سے 102افراد کا کووڈ ٹیسٹ مثبت آیا تھا ۔
تھنہ منڈی میں ایس ڈی ایم کی تعیناتی کا مطالبہ
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی کے کونسلر حاجی محمد اقبال رینہ ، مشتاق احمد ٹھاکر اور کے ایڈوکیٹ نوید انجم شال نے مشترکہ طورپر جاری ایک بیان میں جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ تھنہ منڈی سب ڈویژن میں خالی پڑی ہوئی ایس ڈی ایم آسامی کو جلدازجلد پُر کیاجائے تاکہ کووڈ کے دوران انتظامیہ کے کاموں کیساتھ ساتھ مکینوں کو بھی سہولیات میسر ہو سکیں ۔ انھوں نے کہا کہ تھنہ منڈی میں پچھلے تین ماہ سے ایس ڈی ایم کی پوسٹ خالی ہے جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے لیکن اس کرسی کوپُر کرنے کی جانب دھیان ہی نہیں دیاجارہا ہے ۔انہوں نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ تھنہ منڈی میں خالی پڑی ہوئی ایس ڈی ایم کی کرسی کو جلدازجلد پُر کیاجائے ۔
ڈینگلہ میں نیاٹرانسفارمرنصب | مقامی آبادی نے محکمہ کے اعلیٰ افسران کاشکریہ اداکیا
حسین محتشم
پونچھ//ڈینگلہ گائوں میں بجلی ٹرانسفارمر کے حوالے سے آبادی کو سخت مشکلات کا سامنا تھا۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گاؤں میں نصب شدہ کم صلاحیت والا ٹرانسفارمر آبادی کے لئے گذشتہ کئی سالوں سے درد سر بنا ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ گاؤں کو 100kv ٹرانسفارمر تھا جو اور لوڈنگ کے باعث بار بار خراب ہوتا تھا تاہم جوہنی انہوں نے معاملہ یگز یکٹو انجینئر ارشاد حسین کے نوٹس میں لایا تو انہوں نے فوری طور پر کاروائی کرتے ہوئے گاؤں کے لئے 250kv نیا ٹرانسفارمر فراہم کروایا جس پر وہ لوگ موصوف کے شکرگزار ہیں۔ گاؤں میں نئے ٹرانسفر کے نصب کئے جانے پر مقامی آبادی نے خوشی کا اظہار کیا ۔انہوں نے ایکس ای این کا شکریہ ادا کیا اور انکے تئیں اپنی نیک خواہشات پیش کی۔
منجا کوٹ میں سٹریٹ لائٹس کئی برسوں سے خراب
پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل ہیڈ کوارٹر منجا کوٹ میں نصب کردہ سٹریٹ لائٹس گزشتہ کئی برسوں سے خراب پڑی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے عام لوگوں کیساتھ ساتھ مکینوں و نمازیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ اور انتظامیہ کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاکہ تحصیل ہیڈ کوارٹر پر نصب کی گئیں لائٹس کی مرمت کے سلسلہ میں کئی مرتبہ اعلیٰ حکام سے رجوع کیا گیا لیکن ابھی تک ان کی مرمت ہی نہیں کی جاسکی جس کی وجہ سے رات کی تاریکی میں مکینوں کیساتھ ساتھ عام راہگیر وں کو شدید مشکلا ت درپیش رہتی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ لائٹس نصب کرنے کے بعد منجا کوٹ میں چوری کی ورداتوں میں بھی نمایاں کمی آگئی تھی لیکن متعلقہ محکمہ کی نا اہلی کی وجہ سے ابھی تک ان خراب لائٹوں کی مرمت نہیں کی جاسکی ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ تحصیل ہیڈ کوارٹر پر نصب کی گئی لائٹس کی جلداز جلد مرمت کی جائے ۔
طوطا گلی تا نکہ سڑک کی تعمیر مسلسل جاری
جاوید اقبال
مینڈھر //محکمہ پی ایم جی ایس وائی کی جانب سے مینڈھر سب ڈویژن کے طوطا گلی تا نکہ سڑک کا تعمیراتی عمل مسلسل جاری ہے ۔سب ڈویژن کی بالا کوٹ تحصیل میں محکمہ کے اسسٹنٹ ایگز یکٹو انجینئر اس پی گپتا اور جونیئر انجینئر صدام چوہدری کی موجود گی میں تعمیر اتی عمل لگا تار جاری ہے ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ اور آفیسران کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ تین دہائیوں سے مذکورہ سڑک کو مکمل کرنے میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی جارہی تھی تاہم مذکورہ تعمیرات محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے پاس آنے کیساتھ ہی اس پروجیکٹ کو مکمل کرنے کا عمل مسلسل جاری ہے ۔انہوں نے محکمہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کی تعمیرات کو جلدازجلد مکمل کیاجائے ۔
آگ سے بارودی سرنگوں کے دھماکے
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے سرحدی علاقوں میں لگی آگ کی وجہ سے حد متارکہ کے قریب بچھائی گئی بارودی سرنگوں کے دھماکے ہو رہے ہیں ۔سرکاری ذرائع نے سنیچر کی صبح بتایا کہ سرحدی علا قوں میں حد متارکہ کے قریب بالا کوٹ سیکٹرمیں لگی آگ کی وجہ سے حد متارکہ کے قریب کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ آگ کی وجہ سے کئی ایک علا قو ں میں سبز درخت بھی متاثر ہوئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ فوج کی جانب سے کی گئی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا ۔