سرنکوٹ کے متعدد علا قوں میں بجلی نظام مفلوج
ترسیلی لائنیں درختوں کیساتھ آویزن،محکمہ ٹس سے مس نہیں
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//سرنکوٹ کے متعدد دیہات میں بجلی نظامفلوج ہونے کی وجہ سے عام صارفین کو شدید مشکلات میں زندگی بسر کرنا پڑرہی ہے ۔صارفین نے محکمہ پی ڈی ڈی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ کئی دیہات میں بجلی کی ترسیلی لائنیں صرف سبز درختوں اور لکڑی کے کھمبوں کیساتھ باندھی گئی ہیں جس کی وجہ سے سینکڑوں کی تعداد میں مکینوں کی زندگیوں کیلئے شدید خطرہ بن گیا ہے ۔غور طلب ہے کہ سرنکوٹ کے دیہات بالخصوص سیلاں کے محلہ ڈھکراں ،محلہ سنئی ،جبی طوطی ،مڑہوٹ ،ڈھوڈی ،رجاڑ ہ ،پھاگلہ ودیگر علاقوں میں بجلی کی ترسیلی لائنیں درختوں کے بغیر ممکن ہی نہیں ہیں ۔صارفین نے بتایا کہ بجلی کے پختہ کھمبوں کیلئے کئی مرتبہ متعلقہ حکام کیساتھ رابطہ کیا گیا تاہم انہوں نے یقین دہانیاں تو کروائی تاہم کھمبوں کی سپلائی ہی نہیں کی جس کی وجہ سے ان کے گھروں میں بجلی روشنی کیساتھ ساتھ ایک بڑا خطرہ بھی ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کیساتھ ساتھ جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ دیہات میں بجلی کی معقول فراہمی کیلئے پختہ کھمبوں کی سپلائی کو ممکن بنایا جائے تاکہ صارفین کی مشکلات کم ہو سکیں ۔
محکمہ جنگالات نے پونچھ میں مختلف اقسام کے پودوں کی نرسری لگائی
حسین محتشم
پونچھ//محکمہ جنگلات کی جانب سے جنگلات اور جنگلات میں رہنے والے جانوروں کے تحفظ اور ان جانوروں سے عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے سلسلہ میں ضلع فارسٹ آفیسرپونچھ موہن کمار کی قیادت میں بڑی سطح پر کام کیا جا رہا ہے۔اس سلسلہ میں پونچھ کے صدر مقام پر محکمہ جنگلات کی جانب سے ایک نرسری لگائی گئی ہے جس میں نہ صرف جنگلی پودے اگائے جا رہے ہیں بلکہ اس نرسری میں پھلدار پودوں کی پیداوار بھی کی جارہی ہے تاکہ جنگل میںپھل بھی اگائے جا سکیں۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ضلع فارسٹ افسر پونچھ نے کہا کہ پونچھ کا پچاس فیصد علاقہ جنگل کا ہے جو اس ضلع کی عوامی کی خوش بختی ہے۔انھوں نے کہا کہ جنگلات ماحول کو تحفظ فراہم کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ پونچھ کے لوگ تندرست اور صحت مند ہیں۔انھوں نے کہا کہ ان جنگلات کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے محکمہ جنگلات کی جانب سے جنگلی حدود میں خصوصی شجر کاری مہم چلائی جارہی ہے اس مہم کے دوران جہاں جنگلی پیڑ لگائے جارہے وہی جنگلوں میں پھلدار پودے بھی لگائے جارہے ہیں تاکہ جنگلی جانوروں کو جنگل میں ہی پھلوں کی صورت میںکھانا دستیاب ہوسکے۔انھوں نے کہا کہ جنگلات کی کٹائی کی وجہ سے جنگلی جانوروں کوجنگلوں میں کھانا نہیں ملتا ہے اور وہ کھانے کی تلاش میں انسانی ابادیوں کا رُخ کرتے ہیں ۔انھوں نے کہا اس لئے جنگلات میں پھلدار پودے لگانے شروع کئے ہیں تاکہ جانورں ان کے پھل کھا کر اپنا پیٹ بھریں اور ان کو آبادیوں کی جانب آنے کی ضرورت ہی محسوس نہ ہو ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سے جنگلوں کے قریب آباد ان لوگوں کی بھی حفاظت ہو گی جو اکثر جنگلی جانوروں کے قہر کا شکار ہوجاتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ اس میں کامیابی کے لئے محکمہ جنگلات کو عوام کا تعاون درکار ہے۔
پونچھ کے وارڈ نمبر17محلہ جرنیلی میں نالہ خستہ حالی کا شکار
مقامی خواتین نے کیا غم و غصہ کا اظہار، مرمتی کا مطالبہ کیا
حسین محتشم
پونچھ// وارڈ نمبر17محلہ جرنیلی پونچھ کے بیچوں بیچ گزرنے والا نالہ خستہ حالی کا شکار ہے جس کی وجہ سے وہاں کی عوام کئی طرح کی مشکلات سے دو چار ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ نالے کی وجہ سے لوگوں کو بیمار پڑنے کا خطرہ ہے ۔اس محلے کی خواتین کی جانب سے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں احتیاطی تدابیر پر عمل کر تے ہوئے محلے کی کچھ ہی خواتین نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرے کے دوران خطاب کرتے ہوئے امریش نے کہا کہ نالے کی خستہ حالی کی وجہ سے اس محلہ کی عوام کوکوڈ19کے وبائی دور میں مزید پریشانی ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نالے سے نکلنے والے بد بو لوگوں کے لئے وبال جان بنی ہوئے ہے بارہا محکمہ میونسپل کونسل کے افسران کو توجہ دلانے کے باوجود کوئی کاروائی نہیں کی گئی تو ان کو مجبورا ان حالات میں یہ قدم اٹھانا پڑ رہا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ محلہ جرنیلی کو ہمیشہ نظر انداز کیا جاتا ہے۔انھوں نے کہا کہ شہر پونچھ میں تمام نالوں پر لینٹر ڈالا گیا ہے لیکن ان کے محلہ کی عوام کے ساتھ اس سلسلہ میں بھی سوتلی ماں کے جیسا سلوک روا رکھا جا رہا ہے۔ انھوں نے ضلع ترقیاتی کمیشنر پونچھ اندر جیت سے اپیل کی کہ وہ مداخلت کر کے اس نالے پر فوری لینٹر ڈالنے کی متعلقہ محکمہ کے افسران کو ہدایت کریں ۔انھوں نے انتباہ دیا کہ اگر اس سلسلہ میں جلد سے جلد کوئی کاروائی نہ ہوئی تو وہ دوبارہ احتجاج کریں گی۔
ڈی سی نے مرہوٹ میںطبی کیمپ کا افتتاح کیا
کوویڈ کیئر سینٹر اورطبی مرکز پرفراہم سہولیات کالیا جائزہ
حسین محتشم
پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندر جیت نے پی ایچ سی ہاڑی مرہوٹ پنچایت ہاڑی لورمیں ایک روزہ میڈیکل کیمپ کا افتتاح کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ سینئر سپرنا ٹینڈ نٹ آف پولیس ڈاکٹر ونود کمار بھی موجود تھے۔یہ مفت طبی کیمپ جی آر بی میموریل ٹرسٹ نے سی این آئی نیوز اور ہمارا سماج نیوز پیپر کے اشتراک سے منعقد کیا۔ کیمپ کے دوران قریب 200 مریضون کا مفت طبی معائینہ کیا گیا اور مفت دوائیں تقسیم کی گئیں۔جی آر بی میموریل ٹرسٹ کے چیئرمین اشتیاق بیگ اور ایڈیٹر ان چیف سی این آئی نیوز بلال بازاز اور بیورو چیف سی این آئی پونچھ سرپنچ سکندر نورانی نے تعاون کرنے پر ضلع انتظامیہ ، سب ضلع انتظامیہ اور پولیس انتظامیہ کے تمام افسران کا شکریہ ادا کیا۔بعدازاں ڈی سی پونچھ نے پی ایچ سی مرہوٹ میں کوویڈ کیئر اور دیگر صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات کا معائینہ کیا اور محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ضلع میں وبائی امراض کا مقابلہ کرنے کے لئے کوڈ 19 سے متعلق ضروری ایس او پیز کی پیروی کو یقینی بنائیں۔انھوں نے متعلقہ افسر سے پی ایچ سی میں قائم 05 بیڈ ، کمبل سمیت تمام مطلوبہ سہولیات بنانے کو بھی کہا ، جس کی خریداری کے لئے فنڈز ضلع انتظامیہ فراہم کرے گی اور کہا کہ انتظامیہ آکسیجن کونٹریٹر بھی فراہم کرے گی۔اس موقع پرٹریڈ یونین خالد محمود خان، قاضی پرویز ،سی این آئی انچارج پونچھ / راجوری ، جہانگیر خان ، ایڈیٹر سی این آئی بھٹ یاسر ، نائب تحصیلدار ہاڑی مرۃوٹ اختر عباس میر ، میڈیکل آفیسر محمد یوسف ، نمائندے سی این آئی ، طارق خان مہندھر ، سی این آئی کیمرہ مین ، شفائت مغل موجود تھے۔
5سالہ مدت مکمل کرنے والے رہبر تعلیم اساتذہ کو مستقل کرنے کا مطالبہ
حسین محتشم
پونچھ// سرنکوٹ میں ٹیچرز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی ایک ہنگامی میٹنگ منعقد ہوئی جس کی صدارت فورم کے ضلع صدر سید شاہنواز کاظمی نے کی۔اجلاس کے دوران مقررین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جورہبر تعلیم اساتذہ جو اپنے پانچ سالہ مدت مکمل کر چکے ہیںان کو مستقل کیاجائے ۔زونل صدر سرنکوٹ سید محمد یوسف شاہ نے اس موقع پر بولتے ہوئے ڈائریکٹریٹ سکول ایجوکیشن جموں اور سیکرٹری ایجوکیشن بی کے سنگھ سے گزارش کی کہ وہ رہبر تعلیم اساتذہ جوپانچ سالہ مدت مکمل کرنے کے بعد کافی عرصے سے اس انتظار میں ہیں کہ انہیں مستقل کیا جائے ان کو فوری مستقل کیا جائے۔انھوں نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کی ان اساتذہ کی فائلوں کے اوپر بلاوجہاعتراض کیا جارہا ہے ۔انھوں نے کہا کہ اساتذہ کو پریشان کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے اساتذہ خودکشی کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں جیسا کہ ہمارے ایک ساتھی نے کشمیر ڈویژن میں خودکشی کی بھی ہے۔انھوں نے کہا کیونکہ ان اساتذہ کے بچے بھوک کا شکار ہورہے ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ اساتذہ جو قوم کے معمار ہوتے ہیں اگر ان کے ساتھ ایسا سلوک کیا جا رہا ہے یہاں سوال پیدا ہوتا ہے کہ تعلیم کا نظام بہتر کیسے ہوگا۔ اساتذہ نے مانگ کی ہے ایک ہفتے کے اندر ان تمام اساتذہ کو مستقل کیا جائے جو پانچ سالہ مدت مکمل کر چکے ہیں۔اس موقعہ پر بدرالدین راتھر تحصیل پریذیڈنٹ ،سید علی مرتضی شاہ ،غلام محی الدین ،چوہدری نور احمد ،غلام عباس ،عبدالمجید، عبدالوارث ،مختار حسین شاہ ،مختار خواجہ موجود تھے
راجوری پونچھ میں کووڈ کے 58نئے کیس درج
سمت بھارگو
راجوری //سرحدی ضلع راجوری اور پونچھ میں گزشتہ روز مجموعی طورپر 58نئے کووڈ معاملات ریکارڈ کئے گئے ہیں جبکہ اس دوران ایک شخص کی موت بھی واقعہ ہو ئی ہے ۔اتوار کے روز راجوری ضلع میں ایک خاتون کی وائرس کی وجہ سے موت ہوگئی جبکہ ضلع کے مختلف علا قوں میں محکمہ صحت کی جانب سے شروع کر دہ ٹیسٹنگ کے دوران کل 46کووڈ معاملات درج کئے گئے ہیں ۔اسی طرح سر حدی ضلع پونچھ میں وائرس کا شکار 12کیس درج کئے گئے ہیں ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع میں آئے کیسوں میں سے درہال میں 9کالاکوٹ سے 7،کنڈ ی سے 7نوشہرہ میڈیکل بلاک سے 2منجا کوٹ سے 16اور سندر بنی سے 5کووڈ کیس سامنے آئے ہیں ۔دوسری جانب سرحدی ضلع پونچھ میں کووڈ کے گزشتہ ایک ماہ کے سب سے کم معاملات ریکارڈ کئے گئے ہیں ۔ذرائع نے بتایا کہ مختلف علاقوں میں کئے گئے ٹیسٹوںکے دوران 12معاملات ریکارڈ کئے گئے ہیں جبکہ ضلع میں اس وقت وائرس کا شکار کل کیسوں کی تعد اد 1023رہ گئی ہے ۔
ڈی ڈی سی وائس چیئر مین نے گوہلد کا دورہ کیا
ڈاک بنگلہ تا گوہلد سڑک کے تنازعہ کو حل کروایا
جاوید اقبال
مینڈھر //ضلع ترقیاتی کونسل کے وائس چیئر مین اشفاق چوہدری نے سرحدی علاقہ گوہلد کا دورہ کر کے مینڈھر ڈاک بنگلہ تا گوہلد سڑک پر چل رہے تنازعے کو آپسی مشارو ت کیساتھ حل کروایا ۔اس دوران موصوف نے کہاکہ سرحدی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر اشد ضروری ہے تاہم سماج کے ہر ایک فرد کو چاہئے کہ وہ تعمیراتی عمل میں اپنا تعاون پیش کرئے ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ سڑک پر حالیہ کئی عرصہ سے دو گروپوں کے مابین آپسی تنازعہ چل رہا تھا تاہم موصوف نے دونوں گروپوں کے ساتھ آپسی مشاروت کے ساتھ معاملہ کو حل کر وا کر آئندہ کچھ ماہ میں تعمیر اتی عمل کو دوبارہ سے شروع کر نے کا عندیہ دیا ہے ۔مقامی لوگوں نے ڈی ڈی سی وائس چیئر مین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اب علاقہ میں تعمیر اتی عمل شروع ہو گا۔
نامور ادیب حسام الدین بیتاب کا انتقال
پرنم آنکھوں سے سپرد خاک ،سماجی و سیاسی شخصیات کا اظہار دکھ
جاوید اقبال
پونچھ //جموں و کشمیر کے نامور شاعر ادیب استاد علم و عمل کے مرکب نَظم و نثر کے پاسباں ماسٹر حسّامْ الدین بیتاب کی وفات سے پورا خطہ کی عوام بہت رنجیدہ ہیں انہیں گذشتہ روز انکے آبائی قبرستان سرنکوٹ میں سپرد خاک کیا گیا مرحوم اعلی پاے کے شاعر محقق نظم و نثر کے پاسباں کی حیثیت رکھتے تھے ۔مرحوم بیک وقت کئی کتابوں کے مصنف بھی تھے جسکی وجہ سے انکی شخصیت اور کتب پہ کئی نوجوان انکی حیات میں ہی پی ایچ ڈی کر رہے ہیں انکی وفات پہ ریاست بھر سے تعزیتی پیغامات بھیجے گئے ہیں جن میں نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ کانگریس کے صدر جی اے میر، پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی ،نیشنل سابقہ ایم ایل اے سید مشتاق بخاری ،سابقہ ایم ایل اے جاوید احمد رانا سابقہ صوبائی سیکریٹری نیشنل کانفرنس میاں شیراز احمد ازہری سابقہ ایم ایل سی جہانگیرحسین میر سابقہ ایم ایل اے چوہدری محمد اکرم کئی ایک او بی سی پہاڑی اور گوجر تنظیموں نے اپنے اپنے انداز میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوے کہا کہ ہم ایک عظیم قومی سرمایہ سے محروم ہو گئے۔ اس موقع پہ مرحوم کیاہل خانہ کے ساتھ اظہار تعزیت کے ساتھ ساتھ مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے دعائیں کی گئی ہیں ۔
راجوری اورپونچھ میں 2افراد دریا میں بہہ گئے
سمت بھارگو
راجوری //سرحدی ضلع پونچھ اور راجوری میں دو افراد دریا میں بہہ کر لقمہ اجل بن گئے ۔پولیس نے بتایا کہ پونچھ ضلع کے خانکوٹ علاقہ میں ایک شخص دریا میں بہہ گیا جبکہ راجوری کے گھمبیر براہمناں میں ایک کمسن پانی میں بہہ گیا جبکہ پولیس نے اس سلسلہ میں کیس درج کرلئے ہیں ۔راجوری ضلع میں 13سالہ لڑکا واجد حسین ولد محمد یونس سکنہ کٹار مل گھمبیر براہمنان میں سکھ توئی دریا میں بہہ کر لقمہ اجل بن گیا ۔معاملہ کی اطلا ع موصول ہونے کے بعد لاش کو دریا سے باز یاب کروا کر قانونی لورزامات مکمل کرلی گئی ہیں ۔اسی طرح پونچھ ضلع میں درنگی نالہ میں ایک 26سالہ شکیل احمد ولد غلام احمد سکنہ خانکوٹ دریا میں بہہ کر لقمہ اجل بن گیا ۔پولیس او ر مقامی لوگوں نے لاش کو دریا سے باہر نکال کر اس سلسلہ میں ایک کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔
حدمتارکہ کے قریب پاکستای شہری گرفتار
سمت بھارگو
راجوری //سرحدی ضلع پونچھ میں حد متارکہ کے قریب سیکورٹی فورسز نے ایک پاکستانی شہری کو گرفتار کیا گیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ پاکستانی زیر انتظامیہ کشمیر کے شہری کو گرفتار کر کے مزید تحقیقاتی عمل شروع کر دیا ہے ۔انہو ں نے بتایا کہ اتوار کی بعد دوپہر حدمتارکہ کے قریب ایک شہری کو مشکوک حالت میں دیکھ کر اس کو حراست میں لیا گیا اور اس کے بعد اس کو ایک فوجی کیمپ میں منتقل کیا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ شخص کی شناخت محمد زاہد کے طورپر ہوئی ہے جبکہ اس کے اصلی نام اور دیگر شناخت کے سلسلہ میں تحقیقاتی شروع کی گئی ہیں ۔ایس ایس پی پونچھ نے بتایا کہ پاکستانی شہری کو گرفتار کر کے مزید تحقیقات شرو ع کر دی گئی ہیں ۔
101سالہ بزرگ خاتون کو ویکسین لگائی گئی
سمت بھارگو
راجوری //راجوری ضلع میں محکمہ صحت کی جانب سے ایک 101سالہ بزرگ خاتون کو کووڈ ویکسین لگائی گئی ۔خاتون کی شناخت وزیرہ دیوی کے طورپر ہوئی ہے ۔اتوار کے وروز مذکورہ خاتون کے اہل خانہ نے محکمہ صحت سے رجوع کیا جس کے بعد خاتون کو کووڈ ویکسین کی پہلی خوراک دی گئی ۔غور طلب ہے کہ راجوری ضلع میں انتظامیہ کی جانب سے کووڈ ویکسین کے سلسلہ میں مہم شروع کی ہوئی ہے جس کے دوران عمر رسیدہ افراد کیساتھ ساتھ 18سے 44برس عمر کے افراد کو کووڈ ویکسین لگائی جارہی ہے ۔اس مہم کے دوران محکمہ صحت کی ٹیم گھروں میں جا کر لوگوں کو ویکسین لگا رہے ہیں ۔محکمہ صحت کی جانب سے مذکورہ عمر رسیدہ خاتون کو کوووڈ وائیر قرار دیتے ہوئے کہاکہ سماج سے وائرس کو ختم کرنے کیلئے سبھی کو ویکسین مہم کا تعاون دینا چاہئے ۔