راجوری میں کووڈ سے2اموات | 40افراد کاکورونا ٹیسٹ مثبت آیا
سمت بھارگو
راجوری //راجوری ضلع میں کووڈ میں مبتلادو مزید مریضوں کی موت واقعہ ہوگئی ہے جبکہ گزشتہ روز ضلع میں کی گئی ٹیسٹنگ کے دوران مزید 40افراد کا کووڈ ٹیسٹ مثبت آیا ہے ۔سرکاری ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ نوشہرہ سب ڈویژن کے لمبیڑی علاقہ کے رہائشی ایک شخص کی کووڈ کی وجہ سے موت واقعہ ہو گئی ہے جبکہ مذکورہ سب ڈویژن کے ہی لام علاقہ کے ایک اور شخص بھی مذکورہ وائرس کی وجہ سے اپنی زندگی کی جنگ ہار گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ دونوں افراد راجوری گور نمنٹ میڈیکل کالج میں زیر علاج تھے ۔انہوں نے بتایا کہ ضلع کے مختلف علاقوں میں کی گئی ٹیسٹنگ کے دوران مزید چالیس افراد کے کووڈ ٹئسٹ مثبت آئے ہیں ۔نئے آئے کیسوں میں درہال سے 16،کالا کوٹ سے 3،کنڈی سے 11نوشہرہ سے 2اور منجا کوٹ سے 8مئے کیس شامل ہیں ۔
منشیات سمیت 2سمگلر گرفتار ،معاملہ درج
جاوید اقبال
مینڈھر //سب ڈویژن مینڈھر میں پولیس اور فوج کی ایک مشترکہ کارروائی کے دوران ہیروئن سمیت 2سمگلر گرفتار کر لئے گئے جبکہ پولیس نے اس سلسلہ میں معاملہ درج کرتے ہوئے مزید تحقیقاتی عمل شروع کر دیا ہے ۔ایس ڈی پی او مینڈھر ظہیر عباس جعفری کی قیادت میں پولیس اور آر آر کی پارٹی نے بالاکو ٹ کے بسونی علاقہ میں ایک گاڑی زیر نمبر JK0BU-9426کی چیکنگ کے دوران 30گرام ہیروئن ضبط کرلی گئی جبکہ اس کارروائی کے دوران دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جن کی شناخت اکشے کھجوریہ ولد اشونی کھجوریہ سکنہ جیول نزدیک سائنس کالج جموں جبکہ دوسرے شخص کی شناخت سکندر شرما ولد مکھن لعل ولد اندر نگر جموں کے طورپر ہوئی ہے ۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر 203/2021درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہے ۔
منجا کوٹ میںکووڈ ایس او پیز کی دھجیاں اڑائی گئی
پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ میں متعدد سرکاری دفاتر کیساتھ ساتھ جموں وکشمیر بینک میں کووڈ ایس او پیز کا کوئی دھیان ہی نہیں رکھا جارہا ہے جبکہ لوگوں کی لمبی قطاریں جمع ہو جاتی ہیں تاہم مقامی انتظامیہ کی جانب سے بھاری ہجوم کو قابو کرنے کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے جارہے ہیں ۔ٖغور طلب ہے کہ جموں وکشمیر کے دیگر اضلاع کی ہی طرح راجوری ضلع میں بھی کووڈ لاک ڈائون کے بعد کچھ حد تک بندشوں میں نرمی کی گئی ہے تاہم اس دوران کئی عوامی مقامات پر نہ تو کووڈ ایس او پیز کا کوئی دھیان رکجا جارہا ہے اور نہ ہی مقامی انتظامیہ کی جانب سے کو ئی قاعدہ تیار کیا گیا ہے ۔مقامی معززین نے ضلع انتظامیہ راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ تحصیل ہیڈ کوارٹر پر کووڈ ایس او پیز کو یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔
ضلع کونسل چیئر مین نے کووڈ انتظامات کا جائزہ لیا
محمد بشارت
کوٹرنکہ //ضلع ترقیاتی کونسل چیئر مین ایڈوکیٹ چوہدری نسیم لیاقت نے گزشتہ روز گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری کا دورہ کرتے ہوئے کووڈ کے بچائے کے سلسلہ میں کئے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا ۔اس دوران موصوف کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کونسل ممبر عبدالرشید ،محمد اقبال ملک ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری پون پہاریر ،میڈیکل سپر نا ٹینڈنٹ ودیگر آفیسران بھی موجود تھے ۔اس دوران میڈیکل سپر ناٹینڈنٹ نے گور نمنٹ میڈیکل کالج میں مریضوں کیلئے کئے گئے انتظامات کے بارے میں موصوف کو جانکاری فراہم کی ۔چیئر مین موصوف نے آکسیجن پلانٹ کے علاوہ کنسٹریٹروں کا بھی جائزہ لیا ۔ضلع ترقیاتی کونسل چیئر مین نے آفیسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ مریضوں کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کیلئے ترجیح بنیادوں پر کام کیا جائے ۔
بی ڈی سی چیئر مین منکوٹ نے بلنوئی کا دورہ کیا
جاوید اقبال
مینڈھر //بلاک ڈیولپمنٹ کونسل چیئر مین منکوٹ امان اللہ چوہدری نے سرحدی علاقہ بلنوئی کا دورہ کرتے ہوئے کووڈ کئیر سنٹروں کا معائینہ کرنے کیساتھ ساتھ عوامی مسائل کا بھی جائزہ لیا ۔اس دوران موصوف کے ہمراہ پنچایتی اراکین کیساتھ ساتھ علاقہ کے معززین بھی موجود تھے ۔موصوف نے مقامی لوگو ں کو درپیش مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو حل کروانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔اس دوران مکینوں نے علاقہ میں پانی ،بجلی ودیگر مسائل کے سلسلہ میں بلاک ڈویولپمنٹ کونسل چیئر مین کو جانکاری فراہم کی ۔بی ڈی سی چیئر مین نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ اس مشکل وقت میں احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں تاکہ وائرس کے مزید پھیلائو کو کم کیاجاسکے ۔
پانی میں ڈوب کر نوجوان لقمہ اجل
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے گوہلد علاقہ میں حادثاتی طورپر پانی میں گر کر ایک 13سالہ نوجوان لقمہ اجل بن گیا ۔ذرائع نے بتایا کہ مینڈھر کے گوہلد علاقہ کا محمد شارک ولد محمد ژدیق سکنہ گوہلد اپنے ہی گھر کے قریب پانی میں ڈوب گیا تاہم لواحقین نے مذکورہ نوجوان کو پانی سے باہر نکال کر مینڈھر سب ڈسٹر کٹ ہسپتال منتقل کیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دے دیا جس کے بعد لاش کو لواحقین کے حوالے کر دیا گیا ۔
چھترال میں فوج کا طبی کیمپ
جاوید اقبال
مینڈھر // سب ڈویژن مینڈھر کے چھترال علاقہ میں فوج کی جانب سے ایک طبی کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران مکینوں کو کووڈ کٹس و ادویات فراہم کرنے کیساتھ ساتھ کووڈ کے بچائو کے لئے اختیار کی جانے والی تدابیر کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے فوجی ماہرین نے کہاکہ کووڈ کے پھیلائو کو کم کرنے کیلئے دیہات میں لوگوں کو کووڈ ایس او پیز پر مکمل عمل کرنا پڑے گا ۔انہوں نے کہاکہ سماج کے ہرایک فرد کو چاہئے کہ وہ اپنی ذمہ داری سمجھ کر وائرس کے پھیلا ئو کو کم کرنے کیلئے اپنا رول ادا کرئے ۔
درہال میں جہیز کیلئے خاتون کی مبینہ موت کا معاملہ
قتل کا الزام عائد،لاش کے پوسٹ مارٹم پر خدشہ ظاہر
سمت بھارگو
راجوری //راجوری ضلع کے درہال قصبہ میں مکینوں نے مقامی سرپنچ کی قیادت میں احتجاج کرتے ہوئے ایک خاتون کی جہیز کی مبینہ مانگ کے سلسلہ میں ہوئی موت کیلئے قتل کا مقدمہ درج کرنے کی مانگ کی جبکہ انہوں نے لاش کے پوسٹ مارٹم پر بھی خدشات ظاہر کئے ہیں ۔مظاہرین درہال قصبہ میں مقامی سرپنچ کرامت اللہ ملک کی قیادت میں تحصیل ہیڈ کوارٹر پر جمع ہوئے اور انہوں نے دھرنا دے کر انصاف کیلئے شدید نعرے بازی کی ۔مظاہرین نے بتایا کہ شیبہ کوثر زوجہ سجاد احمد سکنہ تھنگہ چوکیا ں درہال کی 30مئی کو گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری میں موت ہوگئی تھی جبکہ ان کو ہسپتال میں 29مئی کو داخل کروایا گیا تھا ۔انہوں نے کہاکہ حالانکہ پولیس مذکورہ معاملہ کی جانچ کررہی ہے اور ان کو تحقیقات پر مکمل یقین ہے تاہم اس سلسلہ میں کی گئی میڈیکل جانچ پر خدشات ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ معاملہ میں صر ف ایک ہی ڈاکٹر نے پوسٹ مارٹم کیا ہے جبکہ عام طورپر میڈیکل بورڈ کی جانب سے پوسٹ مارٹم کیا جاتا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ معاملہ کی سی بی آئی جانچ کروائی جائے جبکہ اس سلسلہ میں قتل کا مقدمہ درج کیا جائے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ لا ش کو قبر سے نکال کر میڈیکل بورڈ کے زیر تحت دوبارہ سے جانچ کروائی جائے ۔پولیس نے بتایا کہ پورے معاملہ کے سلسلہ میں تحقیقات کی جارہی ہے جبکہ انہوں نے یقین دلاتے ہوئے کہاکہ صاف و شفاف جانچ عمل میں لائی جائے گی ۔
سرپنچ و ساتھیوں کیخلاف معاملہ درج
راجوری //جموں وکشمیر پولیس نے سرپنچ درہال چوکیاں کرامت اللہ ملک اور اس کے دیگر ساتھیوں کیخلاف کووڈ ایس او پیز کی خلا ف ورزی کرنے پر مقدمہ درج کرلیا ہے ۔مقامی سرپنچ کی قیادت میں درہال میں شیبہ کوثر نامی خاتون کی موت کے سلسلہ میں سی بی آئی انکوائری کی مانگ کے سلسلہ میں احتجاج کیا گیا تھا ۔پولیس نے اس سلسلہ میں کہاکہ مظاہرین قصبہ درہال میں جمع ہو ئے اور انہوں نے احتجاج کے دوران کووڈ ایس او پیز کی خلاف ورزی کی ہے جس کی وجہ سے قاعدہ کے تحت معاملہ درج کر کے مزید تحقیقاتی عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔
مویشیوں کی تسکری کرنے والے کئی افراد گرفتار
حسین محتشم
پونچھ//ضلع پولیس پونچھ نے ایس ایس پی پونچھ ڈاکٹر ونود کمار (آئی پی ایس) کی قیادت میں مویشیوں کی تسکری کرنے والے کئی افراد کو گرفتار کر کے جیل روانہ کرنے کادعوی کیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او پونچھ ایس ڈی سنگھ کی سربراہی میں پولیس کی ایک ٹیم نے سماج دشمن عناصر کے خلاف مہم چلائی ہوئی ہے۔اس دوران خصوصی طور پر موشیوں کی تسکری کرنے والوں کو خلاف مہم کے دوران ایک ناکے پر جب ایک ٹاٹا۔موبائل گاڑی رجسٹریشن نمبر JK02AW-7465 ہے کو جب تلاشی کے لئے روکا گیا تو اس پر پانچ مویشی تسکری کے لئے لے جائے جا رہے تھے جس کے بعد پولیس نے گاڑی ضبط کر کے کئی افراد کو موشیو سمیت گرفتار کر کے اپنی کاروائی کرتے ہوئے ایک ایف آئی آر نمبر,2021 139، زیردفعہ 188 آئی پی سی ، 11 پی سی اے ایکٹ کے تحت تھانہ پونچھ میں کیس درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ایک اور شخص کو بھی جو منشیات کے کاروبارمیں ملوث کو گرفتار کیا گیا تھا۔اس شخص پر الزام ہے کہ وہ منشیات کی لت میں نوجوانوں کو پھنسا کر ان کو غلط استعمال کرتا ہے۔ اس شخص کو مجسٹریٹ کے حکم پر ایگزیکٹو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا۔اس دوران ایس ایس پی پونچھ نے یقین دلایا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔
کوویڈ کیئر سنٹرز کے لئے آکسیجن کنسنٹریٹر سپلائی
حسین محتشم
پونچھ//پنچایت کی سطح پر قائم کیے گئے کویڈ کیئر سنٹرز کو مکمل طور پر فعال بنانے کے لئے ضلع انتظامیہ پونچھ نے ضلع پونچھ کے تمام 11 بلاکوں کو آکسیجن کنسٹریٹرز فراہم کیے۔اس کے علاوہ تمام مراکز کے لئے ضروری ادویات بھی فراہم کی گئی۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ ضلع پونچھ کے تمام 11 بلاکس میں پہلے ہی 229 کوویڈ کیئر سنٹر فعال ہیں۔ منگلوار کو ڈائیٹ پونچھ میں تمام پنچائتوں کے ذمہ داران کو ضروری سامان اور ادویات فراہم کرتے ہوئے ان کو احتیاطی تدابیر کے باریے میں بھی جاکار دی گئی ۔اس موقع پر نوڈل آفیسر کوویڈمینجمنٹ ڈسٹریکٹ پونچھ زمود احمد اور نوڈل آفیسر کوویڈ کیئر (تقسیم اور IES) انور خان موجودتھے جنہوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ تمام مراکز میں دوائیں اور دیگر رسد مکمل طور پر دستیاب ہیں اور ٹیمیں مریضوں کے علاج کے لئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ویکسی نیشن اور کویڈ مینجمنٹ پروٹوکول سے متعلق آگاہی کا مواد بھی فراہم کیا گیاہے۔انھوں نے مزید کہا کہ تقسیم کاری کا یہ عمل براہِ راست ضلع ترقیاتی کمشنر پونجھ اندر جیت کی نگرانی میں ہو رہا ہے۔
سرنکوٹ کالج نے قومی سطح پر آن لائن کوئز مقابلے کا انعقاد کیا
حسین محتشم
پونچھ//شعبہ تاریخ گورنمنٹ ڈگری کالج سرنکوٹ کے زیر اہتمام قومی سطح پر آن لائن کوئز مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ اس کوئز مقابلے کا انعقاد ڈاکٹر سرفراز میرنے کالج کے پرنسپل ڈاکٹر جسبیر سنگھ کی مکمل رہنمائی ، مدد اور نگرانی میں کیا۔ کوئز دوپہر ساڑھے بارہ بجے بجے شروع ہوکر ایک بجے اختتام پذیر ہوا۔اس مقابلے میں جموں و کشمیر کے مختلف اداروں کے 194 کے قریب طلباء نے حصہ لیا۔شرکاء میں سے 26نے 100فیصد نمبرات حاصل کیے جس میں مقصود احمد ، محمد شاہد شیخ ، ابھے کمار ، اسرار الحق ، وقار احمد ، فرازی رازق ، فیروزال رومی ، حلاوت رازق ، محمد موطیب ، رزاق خان ، میشئت رزاق ، محمد رازق خان ، محمد موسیب رزاق خان ، پلک شرما ، عرفان خان ، زہین اختر ، میگا کنچرو ، چوہدری جاوید اقبال ، عبد الرفیع ، مشاہد حسین شاہ ، ماجد اقراء ، شہزاد ، عبیدہ خاتون ، ریحانہ معراج اور رفعت خانم شامل ہیں۔ قومی سطح پر آن لائن کوئز کے انعقاد کابنیادی مقصد ای لرننگ پلیٹ فارم میں امیدواروں کی شرکت کرنا تھا۔ ڈاکٹر سرفراز میر نے پرنسپل ، فیکلٹی ممبران کی مستقل حمایت پر اور جموں و کشمیر اور بیرون ملک مقیم شرکاء نے کوئز میں فعال طور پر شرکت کے لئے ان کا شکریہ ادا کیا اور مزید طلبہ کو مختلف کالجوں اور یونیورسٹیوں کے ذریعہ دوسرے آن لائن کوئز مقابلہ میں زیادہ سے زیادہ شرکت کے لئے بھی تاکید کی۔
بھارتیہ جنتا پارٹی پونچھ اکائی کی تشکیل نو
حسین محتشم
پونچھ//بھارتیہ جنتا پارٹی کی اعلی قیادت نے پارٹی کو نچلی سطح پر مضبوط کرنے کے لئے تنظیم میں نئے چہروں کو نامزد کیاہے۔ اس سلسلے میں بی جے پی کی طرف سے ضلع دفتر پونچھ میں ایک تقریب منعقد ہوئی۔ جہاں پارٹی کے ضلع صدر محمد رفیق چشتی ، ریاستی ترجمان سنیل گپتا، ریاستی اقلیتی مورچہ کوآرڈی نیٹر گردیپ سنگھ خالصہ اوردیگر قائدین موجود تھے۔تمام سینئر قائدین کی موجودگی میں نئے عہدیداران کاخیر مقدم کیا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہئے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ضلع صدر انجینئر محمدرفیق چستی کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ پونچھ کی بی جے پی اکائی میں کی گئی ترمیم سے پارٹی مزید مضبوط بنے گی۔پارٹی کی جانب سے جن افرادکو نئے عہدے دئے گئے ان میںنشچل سودن ضلع نائب صدر،رویند کمار بٹہ ریفیوجی مورچہ ضلع صدر،قمر ابراہیم ضلع آئی ٹی سیل میڈیا انچارج،خالد خان بلاک ساتھرہ صدر،محمد شریف بلاک لورن صدر،شبیر راٹھور بلاک ننگالی سائیں بابا صدر بنائے گئے ان تمام عہدیداران کو پارٹی لیڈران نے پھولوں کے ہار پہنا کر ان کا خیر مقدم کیا گیا ۔تمام نئے عہدیداروں نے تنگ و
دو سے محنت کرکے پارٹی کو زمینی سطح پر مضبوط بنانے کا یقین دلایا۔
ا