راجور ی میں فوج نے طبی کیمپوں کا اہتمام کیا
راجوری //سرحدی ضلع راجوری میںفوج کی جانب سے کئی مقامات پر طبی کیمپوںکا اہتمام کیا گیا جن کے دوران مکینوںکو کووڈ کے سلسلہ میں بیدار کرنے کے علاوہ لوگوں کا طبی معائینہ بھی کیا گیا ۔فوجی حکام نے بتایا کہ اس سلسلہ میں یوتھ کلب پلمہ ،پرائمری ہیلتھ سنٹر دھیری ریلیوٹ ودیگر مقامات پر طبی کیمپوں کا اہتمام کیا گیا جن کے دوران مکینوں کا مفت معائینہ کرنے کیساتھ ساتھ کووڈ ویکسین لگانے کے سلسلہ میں مکمل جانکاری بھی فراہم کی ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ کیمپوں کا اصل مقصد مقامی لوگوں کو کووڈ ویکسین کے سلسلہ میں پھیل رہی افواہوں کے سلسلہ میں بیدار کرنے کیساتھ ساتھ ان کو علاقہ میں ہی معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا تھا ۔فوجی آفیسران نے بتایا کہ مذکورہ کیمپوں کو دو مرحلوں میں تقسیم کیا گیا تھا ان میں سے ایک مرحلے کے دوران لوگوں کا معائینہ کرنے کیساتھ ساتھ ان کو ادویات فراہم کی گئیں جبکہ دوسرے مرحلے میں ان کو کووڈ اور اس کی ویکسین کے سلسلہ میں بیدار کیا گیا ۔
سرنکوٹ میں کووڈ کٹس تقسیم کی گئی
سرنکوٹ //فوج کی جانب سے سرحدی ضلع پونچھ کے سرنکوٹ علاقہ میں کووڈ کٹس تقسیم کئے گئے ہیں ۔اس سلسلہ میں فوج کی جانب سے ایک مہم شروع کی گئی جس کے دوران مکینوں کو کووڈ سے بچنے کیلئے کٹس تقسیم کرنے کے علاوہ ان کو کورونا وائرس کے باری میں مکمل تفصیل بھی فراہم کی گئی ۔فوجی ماہرین نے بتایا کہ اس مہم کا اصل مقصد لوگوں کو کورونا وائرس کے پھیلائو کو کم کرنے کیلئے اختیار کئے جانے والی اختیاطی تدابیر کے بارے میں بیدار کرنا تھا ۔اس دوران 30کووڈ کٹس تقسیم کی گئیں جبکہ لوگوں کو دستانے ،صابن ودیگر ضروری اشیاء بھی تقسیم کی گئیں ۔
راجوری میں رہائشی مکان خاکستر
سمت بھارگو
راجوری //راجوری ضلع کے کالا کوٹ سب ڈویژن میں مشکوک حالت میں لگی آگ کی وجہ سے ایک کچا رہائشی مکان خاکستر ہو گیا ۔جمعہ اور سنیچر کی شب پیش آئے واقعہ کے دوران پنچایت کبو کوٹ کے ایک غریب رہائشی کا کچا مکان آگ کی وجہ سے خاکستر ہو گیا ۔سرکاری ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعہ او ر سنیچر کی درمیانی شب رجندر کمار کے کچے رہائشی مکان میں مشکوک حالت میں آگ لگ گئی ۔رجندر کمار نے بتایا کہ گرمی کی وجہ سے و ہ اپنے گھر کے باہر سوئے ہوئے تھے تاہم اس دوران ان ک گھر میں مشکوک حالت میں آگ لگ گئی جس کی وجہ سے پورا کچا مکان خاکستر ہو گیا ۔متاثرین نے بتایا کہ گھر میں رکھا گیا سارا ساز و سامان مکمل طورپر تباہ ہو گیا ہے ۔مقامی سرپنچ ائوم پرکاش نے بتایا کہ مذکورہ شخص مزدوری پیشہ ہے جبکہ آب کی وجہ سے اس کا پورا رہائشی مکان ہی خاکستر ہو گیا ہے ۔مقامی پنچایتی اراکین اور معززین نے ضلع انتظامیہ راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ متاثرین کے نقصان کا تخمینہ لگاکر ان کو معاوضہ دیا جائے تاکہ ان کے نقصان کی برپائی ہو سکے ۔
پانی اور بجلی کی معقول سپلائی کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل
پونچھ //ضلع انتظامیہ پونچھ نے گرمیوں کے موسم میں پانی اور بجلی کی بغیر خلل سپلائی کیلئے ٹیمیں تشکیل دی ہیں ۔ضلع ترقیاتی کمشنر کی جانب سے پانی اور بجلی کی بغیر خلل سپلائی کیلئے اقدمات اٹھائے گئے ہیں جن کے دوران ضلع کے مختلف علا قوں میں گرمیوں کے دوران پانی اور بجلی کی معقول سپلائی کیلئے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ اس سلسلہ میں پاور ڈیو لپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو عوام کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے خصوصی ہدایت بھی جاری کردی گئی ہیں ۔تحصیل سطح پر تشکیل دی گئی ٹیموں میں مختلف محکموں کے آفیسران کو شامل کیا گیا ہے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر اندر جیت نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ تمام 6تحصیلوں میں ٹیمیں تشکیل دی جائیں جبکہ مذکورہ ٹیموں میں تحصیلدار ،بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر ،اسسٹنٹ ایگز یکٹو انجینئر ،جونیئر ایگز یکٹو انجینئر محکمہ آب رسانی اور محکمہ پی ڈی ڈی کو بھی شامل کیا جائے ۔ڈی سی نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ پی ایچ ای اور پی ڈی ڈی کے فیلڈ ملازمین اپنی تعیناتی والی جگہوں پر موجود رہیں اور لوگوں کو معیاری سہولیات فراہم کی جائیں ۔
محکمہ مال کا ریکارڈ غائب ہونے پر پونچھ میں معاملہ درج
حسین محتشم
پونچھ//ضلع پونچھ کی تحصیل حویلی میں ریونیو ریکارڈکی گمشدگی / چھیڑ چھاڑ کے سلسلے میں پولیس تھانہ پونچھ میں ایک ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔اس سلسلہ میںسرکاری ذرائع سے ملی جانکاری کہ مطابق تحصیلدار حویلی انجم بشیر خٹک کی تحریری شکایت پر پولیس نے پونچھ پولیس اسٹیشن میں دفعہ 380 آئی پی سی کے تحت ایف آئی آر نمبر 140/2021 درج کر کے اس معاملے کی مکمل تحقیقات کے لئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ذرائع نے انکشاف کیا کہ کچھ ریونیو عہدیداروں کے ذریعہ تحصیلدار حویلی کے علم میں آیا تھا کہ پونچھ شہر اور اس کے آس پاس کے کچھ اراضی سے متعلق ریکارڈ موجود نہیں ہے۔ تحصیلدار کے ذریعہ تفتیش کے بعدیہ بھی معلوم ہوا کہ دفتر کے ریکارڈ میں بھی ٹیمپرنگ ہوئی ہے،جس کے بعد یہ معاملہ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اورمعاون کمیشنر ریونیو کے پاس اٹھایا گیا تھا۔ ضلعی انتظامیہ نے معاملے کا جائزہ لیتے ہوئے تحصیلدار حویلی کو ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت جاری کیںجس کے بعد انھوں نے فوری کاروائی کی۔ پولیس نے بتایا کہ تفتیش جاری ہے کچھ گرفتاریوں کا مستقبل قریب میں امکان ہے۔
صارفین جلد راشن کارڈوں کو آدھار سے لنک کریں :ٹی ایس او
حسین محتشم
پونچھ//امور صارفین و عوامی تقسیم کاری محکمہ نے پونچھ میں صارفین کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ جلدازجلداپنے راشن کارڈ ادھار کارڈوں کیساتھ لنک کریں۔ خوراک اور عوامی تقسیم کے محکمے کے ذریعہ آدھار نوٹی فکیشن کے تحت تمام راشن کارڈوں/ استفادہ کنندگان کے ساتھ آدھار نمبر جوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔اس سلسلہ میں جموں کشمیر کے دیگر اضلاع کی طرح پونچھ میں بھی راشن کارڈوں کو ادھار کے ساتھ جوڑنے کا سلسلہ شروع کیاگیا ہے۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے تحصیل سپلائی افسر (ٹی اسی او) پونچھ من موہن سوری نے تمام ان صارفین سے اپیل کی ہے جن کے ابھی تک راشن کارڈ ادھار سے نہیں جوڑے ہے وہ جلد سے جلد اپنے راشن کارڈ ادھار سے لنک کروائیں۔انھوں نے کہا کہ اس وقت تک محکمے نے تمام / مرکز کے زیر انتظام خطوں کو خطوط کے ذریعہ واضح ہدایات جاری کی ہے کہ وہ راشن کارڈ اور استفادہ کنندگان کو آدھار سے جوڑنے کا عمل کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کی جانب سے عام صارفین، غریبوں اور مہاجر استفادہ کنندگان کے مفاد کی حفاظت کے لئے راشن کارڈ کو ادھار کارڈ سے جوڑنے کا سلسلہ شروع کیاگیا ہے اس سلسلہ میں صارفین کو محکمہ کا تعاون کرنا چاہئے ۔انھوں نے کہا کہ جن لوگوں کا راشن کارڈ ادھار سے نہیں جڑا ہو گا ان کو راشن نہیں ملے گا اسلئے وہ لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر راشن کارڈ کو آدھار سے لنک کروائیں تاکہ ان کو راشن حاصل کرنے میں آسانی رہے۔
ڈی سی پونچھ نے کلوٹ کی تعمیر کا افتتاح کیا
حسین محتشم
پونچھ// پولیس تھانہ پونچھ کے قریب نکاسی آب کو درست کرنے کے لئے محکمہ میونسپلٹی کی جانب سے عوام کی پُرزور اپیل کے بعد محکمہ ایگریکلچر کے صدر دفتر کے سامنے نئی کلوٹ تعمیر کی گئی جس کا افتتاح سنیچر وار کو ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ اندرجیت نے کیا ۔اس موقع پر ضلع افسران اور بلدیاتی ممبران موجود تھے۔اس موقع پر موجود چیئر مین میونسپلٹی پونچھ ایڈوکیٹ سنیل کمار شرما نے کہاکہ عوام کو بنیادی مسائل سے نجات اور پونچھ قصبہ کی تعمیر و ترقی کے سلسلہ میں تمام چیلنجز پر عوامی تعاون کے ذریعے پورا اْترتے ہوئے پونچھ کی تعمیر و ترقی اور عوام کو مسائل سے چھٹکارہ دلا ئیں گے۔ انھوں نے کہا کہ محکمہ تعمیرات عامہ کے تعاون سے نالے پرتعمیر کئے جانے والی چھت(کلوٹ ) کا افتتاح ضلع ترقیاتی کمیشنر پونچھ کے ہاتھوں ہوا ہے انھیں امید کے کہ دیگر تعمیراتی کام بھی موصوف کی نگرانی میں انجام پائیں گے ۔چیئر مین میونسپلٹی نے کہا کہ پونچھ میونسپلٹی ناکافی وسائل کے باوجود اپنی ترجیحات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے عوام کو بنیادی بلدیاتی مسائل سے نجات دلا نے کی جدو جہد میں مصروف ہے۔ انہوںنے کہاکہ وہ محکمہ میونسپل کونسل کے ا فسران اور بلدیاتی ممبران کی باہمی ٹیم ورک کے ساتھ عوامی تجاویز اور رہنمائی کے ذریعے علاقائی مسائل کا تدارک کررہے ہیں۔
ضلع انتظامیہ پونچھ کے آفیسران کا اجلاس
قبائلی سب پلان پر عمل درآمد کے لئے تیاریوں کا جائزہ لیاگیا
حسین محتشم
پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندرر جیت نے ضلع میں قبائلی سب پلان پر عمل درآمد کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک اہم میٹنگ منعقد کی جہاں انھوں نے تمام متعلقہ افسر ان کوڈی پی آر تیار کرنے کو کہا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے چیف ایگریکلچر آفیسر اور چیف ہارٹیکلچر آفیسر کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر حالیہ طوفان سے ہونے والے فصلوں کے نقصان کی تفصیلات کو جمع کرائیں۔ انہوں نے متعلقہ افسر کو ٹی ایس پی کے تحت مزید کارروائی کے لئے جلد تیاری اور ڈی پی آر پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے نے ہدایت کی کہ ضلعی قبائلی آفیسر قبائلی سب پلان سے متعلق امور کے سلسلے میں ماہانہ جسمانی / مالی جائزہ لینے کا انتظام کریں۔انھوںنے کہا کہ ٹی ایس پی قبائلی عوام کی تیز رفتار اقتصادی ترقی کے لئے حکمت عملی ہے اور یہ سالانہ منصوبے کا ایک حصہ ہے اور قبائلی علاقوں کو اس سے بہت سے فوائد ملتے ہیں۔اس مٹینگ میں سپرنٹنڈنٹ انجینئر ہائیڈرولک پونچھ ، اسسٹنٹ کمشنر ڈیو لپمنٹ راجیش لکھن ، ایگزیکٹو انجینئر پی ڈبلیو ڈی ، ایگزیکٹو انجینئر پی ایچ ای ، ایگزیکٹو انجینئر پی ڈی ڈی ، چیف میڈیکل آفیسر ، چیف انیمل ہسبنڈری آفیسر ، چیف ایگریکلچر آفیسر ، چیف ہارٹیکلچر آفیسر ، ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر ، ضلع قبائلی بہبود افسر پونچھ کے علاوہ تمام بلاک ڈیو لپمنٹ افسران موجود تھے۔
سب سنٹر چنڈیال کی عمارت 17برسوں بعد بھی نامکمل
دیواریں منہدم ہونا شروع ،خرچ کئے گئے فنڈز کی جانچ کا مطالبہ
جاوید اقبال
مینڈھر //سب سنٹر چنڈیال کی عمارت گزشتہ 17برسوں سے مکمل نہیں ہو سکی جبکہ متعلقہ تعمیراتی ایجنسی کی لاپرواہی کی وجہ سے اب عمارت کی دیواریں منہدم ہونا شروع ہو گئی ہیں ۔علاقہ میں عوامی سہولیت کیلئے 2003-04میں عمارت کی تعمیر کاعمل شروع کیا گیا ہے اور متعلقہ تعمیر اتی ایجنسی کی جانب سے عمارت کی دیواریں کچھ حد تک مکمل کی گئی لیکن اس کے بعد نا معلوم وجوہات کی بنیاد پر کام یوں ہی چھوڑ دیا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ کئی برسوں تک کام یوں ہی چھوڑ دینے کی وجہ سے اب دیواریں منہدم ہونا شروع ہو گئی ہیں ۔پنچایتی اراکین نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سنگیوٹ اور چنڈیال میں سرکار ی محکموں کی کئی عمارتیں گزشتہ کئی برسوں سے مکمل ہی نہیں کی جاسکی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ عوام کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کیلئے برسوں سے عمارتوں کی تعمیر شروع کی گئی تھی لیکن لاپرواہی کی وجہ سے ان کو مکمل ہی نہیں کیا گیا ہے ۔انہو ں نے کہاکہ سب سنٹر کی عمارت اب کھنڈرات میں تبدیل ہو گئی ہے جبکہ متعلقہ محکمہ اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے عمارت کو مکمل کرنے میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی گئی ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ عمارت کو مکمل کرنے کیساتھ ساتھ اس پر خرچ کئے گئے فنڈز اور کام کے معیاری و تاخیر کے سلسلہ میں تفصیلی تحقیقات کروائی جائے جبکہ غیر قانونی عمل میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ ان کی مشکلات کم ہو سکیں ۔
گھانی علاقہ کا بجلی نظام درہم برہم
ترسیلی لائنیں لکڑی کے کھمبوں کیساتھ آویزاں
جاوید اقبال
مینڈھر //تحصیل منکوٹ کی سرحدی پنچایت گھانی میں بجلی نظام مکمل مفلوج ہونے کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مکینوں نے بجلی حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سرحدی پنچایت میں بجلی کی فراہمی کیلئے درجنوں لکڑی کے کھمبے نصب کئے گئے ہیں جبکہ تر سیلی لائنیں سبز درختوں کیساتھ بھی باندھی گئی ہیں جس کی وجہ سے عام زندگی کو شدید خطرہ لائق ہو چکا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ بجلی کی معقول فراہمی کیلئے کئی مرتبہ متعلقہ محکمہ سے رجوع کیا گیا لیکن بجلی نظام کو بہتر ہی نہیں بنایا جارہا ۔انہوںنے ضلع انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے نام پر جھوٹی یقین دہانیاں کروائی جارہی ہیں لیکن عملی طورپر کوئی کام نہیں کیا جارہا ۔صارفین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ گھانی پنچایت میں بجلی کے کھمبوں کی فراہمی کیساتھ ساتھ پورے نظام کو فعال بنایا جائے تاکہ ان کی دقتیں کم ہو سکیں ۔