سی آر پی ایف سربراہ کادورہ کشمیر | آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا
نئی دہلی//نیم فوجی دستوں سی آر پی ایف کے ڈائریکٹر جنرل کلدیپ سنگھ نے سنیچروار کو وادی کا دورہ کیااور نیم فوجی دستوں کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیاتاکہ خطے میں اندرونی سلامتی اور امن وقانون کے فرائض کو انجام دیا جاسکے۔انہوں نے پہلگام میں 116ویں بٹالین کے کیمپ کا بھی دورہ کیا۔سی آرپی ایف کے سربراہ نے اعلیٰ فورسزحکام جو کشمیر میں تعینات ہیں،ست بھی ملاقات کی اور سینک سمیلن سے خطاب کیا۔ڈائریکٹر جنرل نے فورس کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے تجاویزکی حوصلہ افزائی کی ۔ذرائع کے مطابق انہوں نے وہاں اہلکاروں کے ساتھ کھانے میں شرکت کی۔ڈائریکٹر جنرل نے مابعد اونتی پورہ میں جنوبی کشمیر کے سی آر پی ایف ہیڈکوارٹر کابھی دورہ کیا۔انہوں نے کہا کہ فورسز سرینگر جموں شاہراہ کے ایک حصے کوتحفظ فراہم کررہے ہیں اور انہوں نے اسے محفوظ بنایا ہے۔سی آر پی ایف کی کشمیر میں 70بٹالینیں تعینات ہیں۔
تربیت یافتہ بے روزگار ڈنٹل سرجنوں کاتقرر عمل میں لایا جائے: ڈاکٹر فاروق
سرینگر//ڈینٹل سرجنوں کی خالی اسامیوں کو فوری طور پُر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ 6000ڈنٹل سرجن بیکار بیٹھے ہیں ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سالہاسال سے ڈنٹل سرجنوں کی اسامیوں کو پُر نہیں کیاگیاجس کی وجہ سے ہزاروں ڈنٹل سرجن بے روزگار بیٹھے ہیںاور وہ دردرکی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ حکومت اسپتالوں کیلئے عمارتیں کھڑا کررہی ہیںاور ان عمارتوں میں تمام سازسامان بہم رکھا جارہا ہے،لیکن اس سازوسامان کوکام میں لانے کیلئے عملہ کا تقرر نہیں کیاجارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہرسال ڈنٹل کالجوں سے سینکڑوں طلبہ ڈگریاں اور تربیت حاصل کرکے نکلتے ہیں لیکن مابعد ان کو کہیں نوکری ہی نہیں ملتی۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈنٹل سرجنوں کا فوری طور اسپتالوں میں تقرر عمل میں لایاجائے۔
مغربی بنگال کشمیرکی سیاحت کاسب سے بڑا شراکت دار | 80فیصد سیاحتی متعلقین کی ٹیکہ کاری مکمل:ناظم سیاحت
سری نگر//ناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے ویب نار کے ذریعے مغربی بنگال ٹور اور ٹریول آپریٹروں کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔دورانِ ویب نار ناظم سیاحت نے ویسٹ بنگال کے ٹور آپریٹروں کو کشمیر آنے والے سیاحوں کے لئے حفاظتی اِقدامات اور کووِڈ سے متعلقہ سہولیات سے آگاہ کیا۔اُنہوں نے انہیں کووِڈ۔19 کی صورتحال میں بہتری کے پیش نظر سیاحتی شعبے کی موجودہ صورتحا ل کے بارے میں بھی آگا ہ کیا۔ٹریول ایجنٹوں کی ایسو سی ایشن آف بنگال اور ٹریول ایجنٹ ایسو سی ایشن آف کشمیر سے وابستہ قریباً 80 مندوبین نے میٹنگ میں حصہ لیا۔ڈاکٹر اِیتو نے کہا کہ جموںوکشمیر اِنتظامیہ وسیع پیمانے پر ٹیکہ کاری مہمات اور سخت جانچوں کی مدد سے بڑے پیمانے کووِڈ ۔19 وَبائی مرض پر قابو پانے میں کامیاب رہی ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ محکمہ کی طرف سے ٹیکہ کاری مہم میں 80 فیصد سیاحتی شراکت داروں کو کووِڈ حفاظتی ٹیکے لگائے گئے ہیں۔ناظم سیاحت نے مغربی بنگال کو کشمیر سیاحت کا سب سے قدیم شراکت دار قر ار دیتے ہوئے کووِڈ کی صورتحال میں مزید بہتری آنے کے بعد محفوظ اور ذمہ دار سیاحت کے اِنعقاد میں ان کی آرا ٔ حاصل کی۔اُنہوں نے ان کے ساتھ محکمہ کے سیاحت کی بحالی کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔دوران ِ ویب نا ر بہت سے ٹی اے بی ممبران نے سفر سے متعلق سوالات پوچھے اور ناظم سیاحت کو اَپنی رائے دی۔اِس سے قبل ٹی اے اے بی کے گورننگ باڈی ممبر کوشک کار نے بھی جموںوکشمیر اور مغربی بنگال کے مابین سیاحت کے شعبے میں پرانے تعلقات سے متعلق اپنے خیالات کا اِظہارکیا۔صدر ٹی اے اے کے فاروق احمد کتھو اور دیگر نمائندوں نے ٹی اے اے بی ممبران کو مکمل تعاون دینے کا یقین دِلایا۔
ماحول کو پاک رکھنے میں طلاب کااہم رول:ڈاکٹرسہگل | ’پارہ آلودگی کاعالمی عنصر‘پرNITمیں یک روزہ ورکشاپ
سرینگر// پارہ ایک عالمی سطح کا آلودگی پھیلانے کاعنصر ہے اور یہ ماحول میں قدرتی اوربشری تکوین کے ذریعے خارج ہوتا ہے۔ اسبات کا اظہار نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سہگل نے ’’پارہ ،آلودگی پیداکرنے والا عالمی عنصر‘‘ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ لمبی مسافت طے کرسکتا ہے اورانسانوں اور جنگلی حیات پر امراض قلب اوراعصابی بیماریاں پیداکرتا ہیں۔ ڈائریکٹر این آئی ٹی نے اس ورکشاپ کے انعقاد میں ڈاکٹر ایم اے شاہ کے رول کی ستائش کی اور کہا کہ ماحول کے تئیں طلبہ کا کافی اہم رول ہے۔نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سرینگرمیں سنیچروار کو ’’پارہ ،عالمی آلودہ کرنے والا‘‘(مرکری گلوبل پلوٹنٹ)ورکشاپ منعقد ہوا۔ا س ورکشاپ کااہتمام لیبارٹری آف ملٹی فنکشنل نینومیٹیریلز،این آئی ٹی سرینگرنے آئی آئی ٹی حیدرآباد کے سینٹر آف مناماٹاکنونشن کے اشتراک سے کیاتھا۔ اس تقریب پرسول انجینئرنگ شعبے کے آئی آئی ٹی حیدرآباد کے پروفیسر آصف قریشی مقرر تھے ۔سیشن میں این آئی ٹی سرینگرکے ڈائریکٹرپروفیسرراکیش سہگل،رجسٹرارقیصربخاری بھی موجودتھے جبکہ شعبہ فزکس کے ڈاکٹر ایم اے شاہ طلبہ اور فیکلٹی کے فائدے کیلئے اس ورکشاپ کو منعقد کرنے کے روح رواں تھے۔اس موقعہ پراین آئی ٹی کے رجسٹرارپروفیسرقیصربخاری نے کہا کہ اس تقریر کابنیادی مقصدماحولیاتی معاملات سے طلبہ کی جانکاری کی تجدید کرناہے اور این آئی ٹی سرینگر مستقبل میں بھی ایسی تقاریر کااہتمام کرتارہے گا۔فزکس شعبے کے سربراہ پروفیسرپی اے گنائی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ماحول کوبچانے میں ہمیں ایک ساتھ ہاتھ ملاکر کام کرنا ہے ۔انہوں نے پروفیسر شاہ کاشکریہ اداکیا جو انہوں نے اس ورکشاپ کاانعقاد کیا۔
حاجن کی خاتون کی موت پر میکے والوں کو خدشات | حقائق جاننے کیلئے12روزبعدقبرکشائی ،پوسٹ مارٹم کیلئے نمونے حاصل
باندی پورہ //عازم جان //حاجن بانڈی پورہ میں 7جون کوفوت ہوئی خاتون کی موت کے حقائق جاننے کیلئے ضلع انتظامیہ کی اجازت کے بعد قبرکشائی کی گئی اور لاش کا پوسٹ مارٹم کیاگیا۔پولیس نے متوفی خاتون کے خاونداور اور ڈرائیورکو پوچھ تاچھ کیلئے گرفتار کیا ہے۔رواں ماہ 7جون کو تین بچوں کی ماں شاہینہ ساکنہ کھمنہ بہارآباد بانڈی پورہ انتقال کرگئیں اور اسے قبرستان میں سپرد خاک کیاگیا۔ شاہینہ کے میکے والوں کو اس کی موت پر شک ہوا اور پریس کالونی لالچوک سرینگر میں قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم کرنے کیلئے احتجاجی مظاہرے کئے۔ شاہینہ کی والدہ توشہ بیگم کاکہنا ہے کہ میری بیٹی کی شادی گنڈ جہانگیر کے محمد شفیع شیخ کے ساتھ ہوئی اور ان کے تین بچے ہیں۔ توشہ بیگم نے مزید کہاکہ اس کی بیٹی حال ہی میں فوت ہوئی اور ہمیں یہ یقین تھا کہ وہ اس کی موت قدرتی طور پر ہوئی ہے۔ مذکورہ خاتون نے کہاکہ چند دن قبل میری فوت ہوئی بیٹی کا بیٹا جب کمرہ صاف کررہا تھا تو وہاں اسے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر سمبل کی ٹکٹ مل گئی جس پر شاہینہ کا نام درج تھا۔توشہ بیگم نے مزید کہا کہ ہسپتال ٹکٹ پر شاہینہ کے کیڑے مار دوائی کھانے کی بات لکھی تھی اور ڈاکٹروں نے اس کی بیٹی کے خاوند کو مزید علاج و معالجہ کیلئے اُسے سرینگر منتقل کرنے کی ہدایت دی تھی۔ مذکورہ خاتون نے کہاکہ شاہینہ کو سرینگر کے ہسپتال منتقل کرنے کے بجائے اسے گھر لایا گیا جہاں وہ دم توڑ بیٹھی۔ توشہ بیگم نے مزید کہا کہ بیٹی کے مرنے کی اصل وجوہات جاننے کیلئے انہوںنے ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ سے رجوع کیا جنہوںنے لاش کا پوسٹ مارٹم کرنے کیلئے قبر کشائی کی اجازت دی۔ مقامی ذرائع کاکہنا ہے کہ نائب تحصیلدار حاجن ، پولیس اور محکمہ صحت کی ٹیم نے سنیچر کی علی الصبح قبر کشائی کی اور لاش کا پوسٹ مارٹم کرنے کیلئے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر سمبل منتقل کی۔ پولیس کے ایک افسر کاکہنا ہے کہ مہلوک خاتون کے لواحقین کی طرف سے درج شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے محمد شفیع اور ڈرائیور مشتاق احمد سے پوچھ تاچھ کرنے کیلئے گرفتار کیاجاچکا ہے۔ پولیس کے ایک اعلیٰ افسر کاکہنا ہے کہ لاش کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی اصل حقائق معلوم ہونگے ۔ (مشمولات کے این ایس)
بجہباڑہ میں نالہ سے خاتون کی لاش بر آمد
اننت ناگ//عارف بلوچ//بجہباڑہ میں بزرگ خاتون کی لاش نالہ سے بر آمد کی گئی ہے ۔70سالہ رحتی بیگم زوجہ عبدالخالق لون ساکنہ پوش کریری کی لاش نالہ سے بر آمد کی گئی ہے ۔مقامی لوگوں نے نعش دیکھتے ہی پولیس کو مطلع کیا جس کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور قانونی لوازمات کے بعد نعش لواحقین کے حوالے کردی ۔پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر خاتون منھ ہاتھ دھونے کے لئے نالہ پر گئی تھی جس دوران وہ اپنا توازن کھو کر نالہ میں گر گئی ہے ۔معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے ۔
کولگام میں کرنٹ لگنے سے 14سالہ لڑکی ہلاک
سرینگر//متی باغ یاری پورہ کولگام میں کرنٹ لگنے سے 14سالہ لڑکی ہلاک ہوگئی۔ کے این ایس کے مطابق گزشتہ رات آٹھویں جماعت کی طالبہ مہرین مشتاق دختر مشتا ق احمد گنائی گھر میں کام کررہی تھی کہ اس دوران اس کا ہاتھ بجلی تارکو چھوگیا اور اسے زور دار جھٹکا لگا اوراس کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔
کوکرناگ میںگیس سلینڈر دھماکہ میں شہری جھلس گیا
ڈورو //عارف بلوچ //کوکرناگ اننت ناگ میں گیس سلینڈر دھماکہ میں ایک شہری جھلس گیا۔ کے این ایس کے مطابق ہانگل گنڈ کوکرناگ میں جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب اس وقت افراتفری مچ گئی جب وہاں ایک گھر میں گیس سلینڈر زور دار دھماکہ کے ساتھ پھٹ گیا۔ دھماکہ ہوتے ہی آس پاس کے لوگ جائے حادثہ کی طرف دوڑ پڑے۔ رسوئی گیس پھٹنے کے نتیجہ میں50سالہ پرویز احمد جھلس گیا تھااور اسے فوری طور پر نزدیکی ہسپتال لے جایاگیا۔ ابتدائی علاج و معالجہ کے بعد ڈاکٹروںنے اسے صدر ہسپتال منتقل کیا جہاں اس کا علاج ہورہا ہے۔ تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ گیس سلینڈر کا دھماکہ کیسے ہوا۔
ہندوارہ کا 14سالہ لڑکا لاپتہ ،افراد خانہ پریشان
کپوارہ//اشرف چراغ //ماور ہندوارہ کا ایک 14سالہ کمسن لاپتہ ہو گیا ہے جس کی وجہ سے اس کی بیو ہ ماں کو سخت تشویش ہے ۔معلوم ہوا ہے کہ قلم آ باد ماور علاقہ میں ایک14سالہ لڑکا ندیم نذیر ولد مر حوم نذیر احمد خان گزشتہ دو روز سے لاپتہ ہے ۔اس کی بیو ہ ماں کا کہنا ہے وہ کسی کام سے گھر سے باہر گئی تھی اور جب وہ گھر واپس لو ٹی تو ندیم گھر میں موجود نہیں تھا جس کے بعد اس نے اس کی تلاش شروع کی تاہم کہیں سے بھی اس کا پتہ نہیں مل سکا ۔اس کی بیوہ ماں کا مزید کہنا ہے کہ اس کا شو ہر کئی سال قبل فوت ہو چکا ہے اور اب وہ ندیم کی دیکھ ریکھ کر رہی تھی، تاہم اس کے لاپتہ ہونے کے بعد وہ سخت تشویش میں مبتلاء ہوگئی ہے ۔ندیم کی گمشدگی اطلاع مقامی پولیس تھانہ قلم آ باد میں درج کی گئی جس کے بعد پولیس نے ندیم کی تلاش شروع کی ۔
نوجوانوں کو فلم صنعت میں شامل ہونے کا موقع | آن لائن ٹیلنٹ ڈیٹا بیس بنایا جارہا ہے
جموں//جموں وکشمیر فلم پالیسی کی تشکیل سے فلم صنعت میں کام کرنے کے لئے خطے کی صلاحیتوں کو اُبھارنے کے لئے یہ پہلے سے آسان ہوگیا ہے ۔ اِس پالیسی کے تحت نہ صرف جموںوکشمیر کی خوبصورتی کو فروغ دینا ہے بلکہ مقامی صلاحیتوں کو قومی سطح پر اَپنے آپ کو ثابت کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا بھی ہے۔اِس سلسلے میں 10؍ جولائی 2021ء تک یا اِس سے قبل https://tinyurl.com/jkfilmpolicy پر آن لائن اِندراج کرنے کے لئے جے اینڈ کے کے تجربہ کار مقامی فلم سازوں کو بھی طلب کیا گیا ہے ۔ لنک کو QR کوڈ سکین کر کے کھولا جاسکتا ہے۔فلمی پالیسی میں متعدد فن کاروں کو فائدہ پہنچانے کے لئے تیار کیا گیا ہے جن میں رقاص ، فیشن ڈیزائنر ، اداکار ، کوریوگرافر ، سنیما نگار ، ساؤنڈ ریکارڈسٹ ، سیٹ ڈیزائنر اور دیگر شامل ہیں۔
فلم پالیسی ویب سائٹ | مقامی ہنر مند10جولائی تک اپنانام درج کرائیں
جموں//جموںوکشمیر میں فلم ٹورازم کو فروغ دینے کے لئے یوٹی اِنتظامیہ جے اینڈ کے فلم پالیسی کو حتمی شکل دے رہی ہے ۔فلم پالیسی سے مقامی فلم سازوں کو مدد ملے گی اور اس کے علاوہ جو فلم ساز جموںوکشمیر میں اپنی فلموں کی عکس بندی کے خواہشمند ہوں گے، انہیں مقامی فنکار دستیاب ہوں گے جس سے مقامی فنکاروں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔اِس پالیسی میں جموںوکشمیر میں فلم سازی کے شعبے میں مقامی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور اِس میدان میں نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر زور دیا گیا ہے ۔اِس کے لئے جموںوکشمیر میں دستیاب مقامی ٹیلنٹ کا ایک مکمل ڈیٹا بیس ویب سائٹ پر ہوسٹنگ کے لئے تیا ر کیا جارہا ہے تاکہ فلمی صنعت کاروں کو اِن کی خدمات کو بروئے کار لانے کے لئے اِن کی فلم کی شوٹنگ میں دلچسپی رکھنے کے اہل بنائیں۔ چوں کہ فلم کی تیاری کے لئے رقص، فلم فیشن ، اَداکاری ، کوریو گرافی اور اِشتہار کے میدان میں تخلیقی فن کاروں کے لئے ایک جگہ ہوتی ہے لہٰذا اِس سے جموںوکشمیر کے نوجوانوں کے لئے روزگار کی نئی راہیں ہموار ہوں گی ۔ اِس کے علاوہ سنیما گھر والے آلات جیسے کیمرہ ، ایڈیٹنگ ، سائونڈ ریکارڈنگ ، سیٹ ڈیزائننگ ، لائٹنگ وغیرہ میں بھی ماہر لوگوں کی ضرورت ہے ۔
گھرگھرکوروناٹیکہ کاری مہم | فرنٹ لائن ورکروں سے توہین آمیزسلوک افسوسناک:فاروق اندرابی
سرینگر//کووِڈ- 19گھرگھرٹیکہ کاری مہم کے دوران صف اول پر کام کرنے والے صحت ورکروں کے ساتھ ہاتھا پائی اور گالی گلوچ کرنے کے واقعات پر اپنی پارٹی کے میڈیاصلاح کارفاروق اندرابی نے تشویش کااظہار کرتے ہوئے انہیں بدقسمتی سے تعبیر کیا ہے۔ایک بیان میں فاروق اندرابی نے کہا کہ صف اول پرکام کرنے والے ان ورکروں نے مہلک وبائی صورتحال کے دوران شاندارخدمات انجام دیںاور وہ آج بھی زمینی سطح پرلوگوں کی خدمات کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ لوگوں کو صف اول پر کام کرنے والے ان ورکروں کی خدمات کا اعتراف کرکے ان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔انہوں نے مزیدکہا کہ جب یہ ورکر عام لوگوں کو ٹیکہ لگانے کوکہتے ہیں توان کے ساتھ جو برتائو کئی جگہوں پر کیاگیا،وہ ہمارے معاشرے پرداغ ہے۔اندرابی نے سماجی کارکنوں اور مذہبی رہنمائوں سے گزارش کی کہ وہ آگے آکرایسے واقعات کی مذمت کریں اور طبی ونیم طبی عملے کو تعاون پیش کریں جو اپنی جانوں پر کھیل کر لوگوں کی جانیں بچانے کی فکر کررہے ہیں۔
لداخ میں تعینات ملازمین کو ترقیاتی عمل سے ’’خارج‘‘کرنا،ناقابل عمل:حکومت
سرینگر//جموں وکشمیر حکومت نے ہفتہ کے روز انتظامی محکموں سے کہا کہ وہ لداخ میں ترقی پانے کے لئے کام کرنے والے افسران اور اہلکاروں کو’’خارج‘‘ نہ کریں اور اس بات کی نشاندہی کی کہ یہ’’قانونی طور پر قابل عمل‘‘نہیں ہے۔ کمشنر سکریٹری منوج کمار دوویدی کی جانب سے جاری کردہ ایک سرکیولر میں کہا گیا’’یہ مشاہدہ کیا گیا ہے کہ کچھ انتظامی محکمے جموں وکشمیر میں اس وقت لداخ میں،تنظیم نو کے بعد اپنی خدمات انجام دینے والے ملازمین کو یک طرف کرکے افسراں و ملازمین کی ترقی کے احکامات جاری کر رہے ہیں‘‘۔سرکیولر میں کہا گیاہے کہ یہ معاملہ وزارت داخلہ ، حکومت ہند کی تشکیل کردہ کمیٹی کے اجلاس میں بھی اٹھایا گیا ہے ، تاکہ جموں و کشمیر اور لداخ کے مرکزیزیرانتظام علاقوں کے مابین اثاثوں اور واجبات کی تقسیم کی مقررہ وقت پر ادائیگی یقینی بنائیں۔سرکیولر میں کہا گیاجموں وکشمیر تنظیم نو ایکٹ ، 2019 کے معاملے میں افسران و ملازمین کی نشاندہی کی جو جموں و کشمیر اور لداخ کے امور کے سلسلے میں عارضی طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں ، کو اہلیت کے مطابق ترقیوں پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کسی بھی ترقی کو لداخ میں کام کرنے والے ملازمین کے اخراج کے ساتھ موثر قرار دیا گیا ہے اور ان کے لئے مرکزی خطہ کی حتمی الاٹمنٹ زیر التوا ، جموں و کشمیر تنظیم نو ایکٹ 2019 کی شقوں کے منافی ہے اور اس لئے یہ قانونی طور پر قابل عمل نہیں ہے۔ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ ترقیوں پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے۔سرکیولر میں کہا گیا کہاسی مناسبت سے ، تمام انتظامی محکموں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ریاست جموں و کشمیر کے سابق ملازمین کی حتمی تعیناتی مختص کرنے تک مشترکہ کیڈر کی قوت اور سنیارٹی کے خلاف ترقیوں کی فراہمی کے لئے ، لداخ میں مذکورہ بالا اصول پوزیشن کا نوٹس لیں اور ملازمین کو اپنی خدمات جاری رکھنے پر غور کریں۔
کرگل فضائی رابطہ کے امکانات | لداخ کے ایل جی کا مرکزی وزیرشہری ہوابازی سے تبادلہ خیال
لیہہ//لداخ کے لیفٹینٹ گورنرآر کے ماتھر نے کرگل کیلئے فضائی رابطہ کے امکانات پرمرکز کے ساتھ تبادلہ خیال کیااور ائرپورٹ اتھارٹی آف انڈیا پرزوردیا کہ وہ Q-400بمبارڈئرہوائی جہازچلانے کے امکانات کوکھوج نکالے۔اس بات کی جانکاری ایک سرکاری ترجمان نے دی۔انہوں نے کرگل اور تھوئسے(نوبرا) میں علاقائی رابطے کی اسکیم کے تحت چھوٹے طیاروں کو کام پرلگانے کی بھی درخواست کی۔لیفٹینٹ گورنر نے یہ معاملہ مرکزی وزیرشہری ہوابازی ہردیپ سنگھ پوری کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران اُٹھایا۔ترجمان نے کہا کہ انہوں نے متعددمعاملات پر تبادلہ خیال کیاتاکہ لداخ میں فضائی سہولیات کو بہتر بنایا جائے۔ماتھر نے پون ہنس ہیلی کاپٹروں کے موسم سرما،ہنگامی حالات،طبی ایمرجنسی،جیسے معاملات میںبلارکاوٹ کام کرنے کی ستائش کی اور کہا کہ اس سے بھارتی فضائیہ پرانحصار کم ہوگیا ہے۔
آئو چلیں گائوں کی اور پروگرام | ترقیاتی کمشنر گاندر بل نے پیش رفت کا جائزہ لیا
گاندر بل //ضلع ترقیاتی کمشنر گاندر بل کریتکا جیوتسنا نے ضلع میں بیک ٹو ولیج پروگرام کے تحت منظور شدہ کاموں پر پیش رفت کا جائیزہ لینے کیلئے مختلف محکموں کے اجلاس کی صدارت کی ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ B2V1 کے تحت 137 کاموں کو منظوری دی گئی ہے جن میں سے 126 کام پہلے ہی مکمل ہو چکے ہیں اور دیگر کام تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں ۔ اس موقعہ پر ڈی ڈی سی نے B2V3 پروگرام کے تحت منظور شدہ کاموں کے تخمینے اور ٹینڈرنگ کے عمل کے مطابق محکمہ کا ایک تفصیلی سٹیٹس طلب کیا ۔ ڈی ڈی سی نے تمام محکموں سے بیک ٹو وِلیج سوم پروگرام کے تحت منظور شدہ کاموں کے بارے میں تفصیلات طلب کیں اور بتایا گیا کہ ضلع کی ہر پنچائت سے 2 کام مجاز ہیں اور کُل کام 252 ہیں جن میں سے 20 کام پہلے ہی مکمل ہو چکے ہیں اس کے علاوہ 201 کاموں کے ٹینڈر کئے گئے ہیں ۔ اس طرح کے کاموں کی اہمیت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ڈی ڈی سی نے متعلقہ افراد کو ہدایت دی کہ تنازعات کو حل کر کے زیر التوا کاموں کی ٹینڈرنگ کا عمل جلد سے جلد مکمل کیا جائے ۔ ڈی ڈی سی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ خاص طور پر دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے دروازے پر تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے پُر عزم ہے اور تمام محکمہ جات سے گذارش ہے کہ اس طرح کے تمام کاموں کو مشن موڈ میں لیا جائے تا کہ اہداف کو بروقت حاصل کیا جا سکے ۔ میٹنگ میں چیف پلاننگ آفیسر ، اسسٹنٹ کمشنر پنچایت ، اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ ، جل شکتی کے ایگزیکٹو انجینئر ، کے پی ڈی سی ایل اور آر اینڈ بی کے علاوہ دیگر متعلقہ عہدیداران نے شرکت کی ۔
سمبل پل پرگذشتہ کئی برسوں سے کام ٹھپ
سرینگر//سمبل پل پر گذشتہ کئی برسوں سے کام ٹھپ ہے جس کے نتیجے میں عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی لوگوںکے ایک وفد نے بتایاکہ سمبل قصبہ سے نسبل ، ننی نارہ ،ٹینگہ پورہ ، عشم اور بانڈی پورہ کے مختلف علاقوں کو ملانے والے اس پرانے پل پر کئی برس قبل محکمہ تعمیرات عامہ کی طرف سے کام شروع کیا گیالیکن تاحال زیر تعمیر ہی ہے ۔ لوگوں نے کہا کہ پل کے نا مکمل رہنے سے مقامی لوگوں کوشدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنرسے مطالبہ کیا کہ پل کو فوری طورمکمل کرکے آمدورفت کے قابل بنایاجائے۔سی این ایس
عوام گوناگوں مشکلات سے دوچار : ناصر اسلم | مہنگائی اور بیروزگاری سے لوگ مشکلات کا شکار
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر ناصر اسلم واننی نے کہا کہ اقتصادی بدحالی، مہنگائی، بے روزگاری اور بے چینی نے عام لوگوں کے رہن سن پر زبردست منفی اثرات مرتب کئے ہیں اور یہ صورتحال ہر گذرتے دن کیساتھ بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے۔ موصولہ بیان کے مطابق ناصر اسلم حلقہ انتخاب امیرا کدل کے عہدیداروں اور کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں صوبائی صدر خواتین ونگ صبیہ قادری اور بلاک صدر رفیق الائی بھی موجود تھے۔ اجلاس کے دوران شرکاء نے حلقہ انتخاب میں عوام کو درپیش مسائل و مشکلا ت اُجاگر کئے اور ساتھ ہی پارٹی سرگرمیوں کے علاوہ ممبرشپ مہم کے بارے میں تفصیلات پیش کیں۔ ناصر اسلم نے کہا’’ ہمیں ہر حال میں عوام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہی نیشنل کانفرنس کا بنیادی اصول ہے۔ موجودہ دور میں لوگوں کو مختلف نوعیت کے گوناگوں مشکلات کا سامنا ہے اور ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم ان مسائل اور مشکلات کو ہر سطح پر اُجاگر کریں اور ان کا سدباب کرانے کی ہر ممکن کوشش کریں اور اس کے ساتھ ساتھ لوگوں کے دکھ سکھ میں کام آئیں‘‘۔انہوں نے نوجوانوںمیں پائی جارہی مایوسی پر زبردست تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’’ ہمارے نوجوانوں پر گذشتہ 2سال سے برپا ہوئے حالات کا زبردست منفی اثر پڑا ہے اور نئی پود اس وقت نااُمیدی اور تنائو کا شکار ہوگئی ہے۔ نئی پود کو کہیں روشنی کی کرن نظر نہیں آرہی ہے۔ بڑھتی ہوئی بے روزگار ی نے بھی نوجوانوں کی مایوسی میں زبردست اضافہ کردیا ہے اور اس وقت ہماری نئی نسل خود کو پشت بہ دیوار محسوس کررہی ہے‘‘۔
’ایک کشمیری صدی‘ | کھیم لتا وکھلو کی کتاب منظر عام پر
سرینگر//سیاست دان،سماجی کارکن اور مصنفہ کھیم لتا وکھلو کی سماجی تاریخ پر مبنی انگریزی کتاب’’اے کشمیری سنچری‘‘(ایک کشمیری صدی) منظر عام پر آگئی ہے۔ایک کشمیری صدی ایک ایسی کتاب ہے جو وادی میںانسانیت کی زندگی کے اندر گہرائی تلاش کرتی ہے اور یہ ، ایک پہلو ہے جو اکثر کشمیر پر سرد سیاسی مقالوں میں گم ہوتا ہے۔ کتاب میں کشمیریوں ہندوؤں اور مسلمانوں کی زندگیوں کی ایک جیسی جھلک نظر آتی ہے جبکہ کتاب انکی زندگی کی سادہ لذتوں کے آس پاس گھومتی ہے۔کھیم لتا وکھلو نے وادی کے سماجی و سیاسی منظر نامے میں تبدیلی دیکھی ہے۔مذکورہ کتاب میں کشمیریوں کے اخلاق اور ثقافت پر ہم خیال نظریہ کی جھلک بھی موجود ہے۔مصنفہ کا کہنا ہے’’کشمیر سے ناواقف افراد کو ہزار سالوں کے بارے میں معلومات حاصل ہوگی جبکہ صدیوں کی سختی کے باوجودلوگوں کی زندگیوں پر ایک انوکھا نقطہ نظر اور انہوں نے اپنی مزاح ،وروحانی اخلاقیات اور ان کی لچک کو کیسے برقرار رکھا کی جھلک بھی ملے گی۔
ایران کے صدارتی انتخابات | آغا حسن کا ابراہیم رئیسی کی کامیابی پراظہار مسرت
سرینگر// انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن نے ایران کے صدارتی انتخابات میں آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سید علی خامنہ ای اور ایرانی قوم کی خدمت میں مبارک باد پیش کی ہے ۔انہوں نے رئیسی کی کامیابی کو ایران کے تحفظ ، سربلندی اور ایرانی قوم کے جذبہ خود اعتمادی و خود انحصاری کے حوالے سے ایک سنگ میل قرار دیا اور ایرانی عوام کے اس فیصلے کو امام خمینیؒکے نصب العین کے ساتھ تجدید وفا قرار دیا۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ابراہیم رئیسی کو ایرانی قوم کی خدمت کی توفیق عطا کرے۔
گنڈ کنگن میں باغبانی کا دفتر قائم کرنے کا مطالبہ
غلام نبی رینہ
کنگن// ضلع گاندربل کے تحصیل گنڈ کی آبادی نے محکمہ باغبانی سے اپیل کی ہے کہ تحصیل میں ایک دفتر کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ باغ مالکان کوماہرین کی آراء اور دیگر مسائل کے سلسلے میں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔مقامی لوگوںنے کہا کہ وہ گذشتہ دس برسوں سے یہ مطالبہ دہرارہے ہیں لیکن کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی ہے۔ لوگوں کا کہنا ھے کہ تحصیل گنڈ ایک وسیع علاقہ ہے اورلوگوں کو اکثر باغبانی محکمہ سے رابطے میں رہنے کی ضرورت پڑتی ہے۔
ناظم باغبانی نے کرناہ میں قائم نرسری کا جائزہ لیا
نمائندہ عظمیٰ
سرینگر//ناظم باغبانی کشمیر اعجاز احمد بٹ نے کرناہ کے بلاک ٹیٹوال میں قائم نرسری درنگلا میں ایک اجلاس کی صدارت کی۔ میٹنگ میںسب ڈویژنل مجسٹریٹ کرناہ گلزار احمد راتھر،ڈی ڈی سی ممبر ایڈوکیٹ نجمہ حمید ، چیف ہارٹی کلچر آفیسر کپوارہ ، ممبر کسان ڈیولپمنٹ بورڈ پیرزادہ سراج الدین قریشی بھی موجود تھے ۔ڈائریکٹر سے علاقے کے بہت سے ترقی پسند کاشتکاروں نے ملاقات کی اور انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا ۔مسائل سننے کے بعد ڈائریکٹر نے انہیں ہر طرح کی مدد کی یقین دہانی کرائی ۔اعجاز احمد بٹ نے کرناہ میں عملے کی کمی کا معاملہ اعلیٰ حکام کے ساتھ اٹھانے کا بھی یقین دلایا ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پودے لگانے کے سیزن میں زیادہ تر رقبہ میں بیک یارڈ پلانٹیشن سکیم کے تحت لوگوں کو فائدہ پہنچایا جائے گا ا۔انہوںنے اس بات کی ضمانت دی کہ پھلوں کے پودوں کی نئی اقسام خاص طور پر اخروٹ ، ناشپاتی ، لیموں وغیرہ متعارف کرائے جائیں گے اور نرسری ڈرنگلا میں اس کی تشہیر کی جائے گی۔بعد میں ڈائریکٹر نے فیلڈ افسران پر زور دیا کہ وہ کسانوںکے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور علاقے کی ترقی کیلئے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کرناہ کے کسانوں کو 90فیصد سبسڈی پر پودے فراہم کئے جائیں گے ۔انہوں نے کسانوں سے کہا کہ وہ محکمہ کی طرف سے شروع کی گئی سکیموں کے بارے میں مکمل جانکاری حاصل کریں ۔انہوں نے کہا کہ کرناہ میںاخروٹ کی پیداوار بہت اچھی ہے اور اس کو مزید بڑھانے کیلئے محکمہ ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
اپنی پارٹی میں نئے عہدیداروں کی تقرری
سرینگر//جموں وکشمیر اپنی پارٹی نے صوبائی اور ضلع سطح کے ساتھ ساتھ تنظیم کے مختلف شعبوں میں لیڈران وکارکنان کوذمہ داریاں سونپنے کا عمل شروع کر رکھا ہے۔ اس کے تحت راج شرما کو ٹریڈ یونین کا صوبائی صدر جموں نامزد کیاگیاہے۔ اُن کے نام کی تجویز اپنی ٹریڈ یونین صدر اعجاز کاظمی نے صوبائی صدر جموں منجیت سنگھ کی مرضی کے ساتھ کیاتھا، جس کو پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے منظوری دے دی۔ ادھر کشمیر صوبہ میں محمد عرفان خان کو یوتھ ضلع صدر بارہمولہ بنایاگیاہے۔ صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر نے ضلع صدر بارہمولہ شعیب نبی لون اور یوتھ لیڈریاور دلاور میر کے ساتھ صلاح ومشورہ سے اُن کے نام کی تجویز پارٹی ہائی کمان کو پیش کی تھی۔
ادیب اور ناول نگار مرحوم غلام نبی گوہر کو خراج عقیدت | کشمیر مرکز ادب وثقافت کی تقریبات ،پرویز گلشن ایوارڈ سے سرفراز
سرینگر//کشمیر کے مایہ نازادیب، بلند پایہ شاعر، شیخ العالم شناس اور قدآور ناول نگار مرحوم غلام نبی گوہر کو تیسری برسی پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ کشمیر مرکز ادب وثقافت چرار شریف نے مرحوم کو گلہائے عقیدت پیش کرنے کے لئے دونوں آف لائن اور آن لائن تقریبات کا اہتمام کیا تھا جس میں کشمیر کے بلند قامت ادیبوں نے شرکت کر کے مرحوم غلام نبی گوہر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے ادبی کارناموں اور کشمیری زبان و ادب کے تئیں ان کی خدمات کو سراہا۔ ڈاک بنگلہ چرار شریف میں منعقد کی گئی تقریب کی صدارت پروفیسر محمد زمان آزردہ نے کی جبکہ تاریخ دان اور ادیب پروفیسر فاروق فیاض اس موقع پر مہمان ذی وقار تھے۔جن ادیبوں اور قلمکاروں نے ان ادبی نشستوں میں شرکت کی ان میں پروفیسر محمد زمان آزردہ، پروفیسر فاروق فیاض، ڈاکٹر عزیز حاجی، ڈاکٹر سوہن کول، برج ناتھ بیتاب، مشتاق محرم، غلام نبی افراد،غلام رسول صدوری اور علی احسن شامل ہیں۔شرکا محفل نے مرحوم غلام نبی گوہر کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے مستند کلام شیخ عالم " صحیفہ نور اور اپنی ناولوں کی سوغات پیش کر کے کشمیری زبان و ادب کو عالمی سطح کے نثری ادب سے ہمکنار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کی تمدنی، ادبی، سماجی اور سیاسی تاریخ تب تک ادھوری ہوگی جب تک نہ اس میں مرحوم غلام نبی گوہر کی زندگی اور ان کی ادبی صلاحتیوں کاذکر شامل ہوگا۔تقریب پر ڈورو شاہ آباد کے نوجوان شاعر پرویز گلشن کو رواں سال کا گوہر میموریل ایوارڈ پیش کیا گیا۔
قاضی نثار احمد کی برسی | محبوبہ مفتی اور حقانی ٹرسٹ کا خراج عقیدت
سرینگر// پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی صدراو سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے ہفتہ کے روز معروف اسلامی اسکالر قاضی نثار احمد کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔محبوبہ نے قاضی نثار کو ایک مشہور مذہبی اسکالر اور ایک بڑے رہنما کی حیثیت سے بیان کیا جس نے ریاست کو افراتفری ، غیر یقینی صورتحال اور تنازعات کے چکر سے نکالنے کے لئے اپنی زندگی وقف کردی تھی۔انہوں نے کہا کہ مرحوم قاضی نثار نے معاشرے کے پسماندہ اور کمزور طبقوں کی ترقی کے لئے ہمیشہ کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک نیک انسان اور سیاسی رہنما تھے۔ ادھرحقانی میموریل ٹرسٹ نے ڈاکٹرقاضی نثار احمد کی برسی پرانہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی اور جنرل سیکریٹری بشیر احمد ڈار نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم ایک جید عالم دین تھے جنہوں نے ساری عمرخدمت دین کیلئے وقف کی ۔انہوں نے کہا کہ مرحوم بہت ہی مخلص اور دین کی اشاعت و ترویج کیلئے ہمہ وقت متفکر و متحرک رہنے والے انسان تھے۔ٹرسٹ کے جملہ عہدیداروں اور اراکین نے دعا کی ہے کہ اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند کرے۔ ٹرسٹ نے معروف مبلغ مولانامجاہد احمد اللہ ہمدانی کے یوم وصال پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے موصوف کی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا۔