پی آئی اے کا غبارہ باز یاب
جاوید اقبال
مینڈھر//گزشتہ روز مینڈھر سب ڈویژن کے بلنوئی گاﺅں میں ایک مشکوک غبارہ بازیاب ہوا ہے جس پر پی آئی اے تحریر کیا گیا ہے ۔مقامی سرپنچ کی جانب سے اس سلسلہ میں جموں وکشمیر پولیس کو اطلاع دی گئی جس کے بعد مینڈھر پولیس سٹیشن کی ایک ٹیم نے موقعہ پر جاکر مذکورہ غبارہ کو اپنی تحویل میں لے لیا ،پولیس نے بتایا کہ مذکورہ غبارہ مینڈھر پولیس سٹیشن میں رکھا گیا ہے ۔
راجوری میں شدید بارشیں ،2کمسن لقمہ اجل
محمد بشارت+سمت بھارگو
راجوری //راجوری ضلع کے متعدد علاقوں میں ہوئی شدید بارشوں کی وجہ سے دو کمسن لقمہ اجل بن گئے ۔ان دونوں کمسن میں سے ایک دریا میں بہہ گیا جبکہ دوسرا سیلاب میں پھنس کر لقمہ اجل بن گیا ۔سرکاری ذرائع نے بتایا راجوری ضلع میں ہوئی اچانک بارشوں کی وجہ سے کئی علاقوں میں معمولات زندگی پوری طرح سے متاثر ہو گئی ۔بارشوں کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں فصلیں بھی متاثر ہو ئی ۔انتظامیہ نے بتایا کہ مرنے والوں میں ایک ڈیڑھ برس کی کمسن لڑکی کی شناخت عارفہ انجم دختر محمد شبیر سکنہ گنڈی کوٹرنکہ کے طورپر ہوئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ لڑکی حادثاتی طورپر پانی میں گر گئی جس کی وجہ سے اس کی موت واقعہ ہو گئی جبکہ دوسرے واقعہ میں ایک نو برس کا لڑکاسیلا ب ریلے میں بہہ گیا ۔لڑکے کی شناخت محمد فیضان ولد نعمت علی سکنہ جمولہ کے طور پر ہوئی ہے ۔انتظامیہ نے بتایا کہ مذکورہ لڑکا نالے کے نزدیک موجود تھا جس کے دوران آئے سیلاب میں وہ بہہ گیا ۔لاش کو برآمد کر کے قانونی لورزامات مکمل کرنے کے بعد لواحقین کے حوالے کر دی گئی ۔
پوٹھہ لوہر پنچایت میں 6دنوں سے پانی سپلائی بند
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//سرنکوٹ کی پنچایت پوٹھہ لوہر میں گزشتہ کئی دنوں سے پینے کے صاف پانی کی سپلائی بند پڑی ہوئی ہے جس کی وجہ سے مکینوں کو کئی کلو میٹر کی مسافت طے کر کے پینے کےلئے پانی لانا پڑرہا ہے ۔مکینوں نے محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پانی کی سپلائی کو بحال کرنے کےلئے کئی مرتبہ متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے کی کوششیں کی گئی تاہم کوئی معیاری جواب موصول نہیں ہوا ۔مقامی سرپنچ شیخ محمد بشیر نے بتایا کہ گزشتہ چھ دنوں سے پانی کی سپلائی معطل ہو ئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ متعلقہ محکمہ کی جانب سے بور ویل پر غیر معیاری اور پرانی پاپئیں نصب کی گئی ہیں جس کی وجہ سے سپلائی متاثر ہو جاتی ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کے میکینکل شعبہ کی جانب سے موٹر ودیگر مشینری کی مر مت کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے جس کی وجہ سے ایک وسیع علاقہ کی عوام پینے کے صاف پانی سے محروم ہو چکی ہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پانی کی سپلائی بحال کرنے کےلئے محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں ۔متعلقہ محکمہ کے اسسٹنٹ ایگز یکٹو انجینئر نے بتایا کہ موٹر مرمت کرنے کےلئے بھیج دی گئی ہے جبکہ جلد ہی پانی کی سپلائی بحال کر دی جائے گی ۔
اڑی میں منشیات سمگلر گرفتار
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے اڑی علاقہ میں جموں وکشمیر پولیس کی جانب سے کی گئی ایک کارروائی کے دوران منشیات سمگلر کو گرفتار کر لیا گیا ۔ایس ایس پی پونچھ نے بتایا کہ ایس ڈی پی او مینڈھر کی قیادت میں پولیس کی ایک ٹیم کی جانب سے کی گئی کارروائی میں ایک منشیا ت سمگلر گرفتار کر کے اس کے قبضہ سے 120گرام ہیر وئن ضبط کرلی گئی ۔سمگلر کی شناخت انجم عباس ولد صفدر حسین سکنہ گورسائی کے طورپر ہوئی ہے ۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 289/2021مینڈھر پولیس سٹیشن میں درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔
ڈائٹ پونچھ میں NISHTHA کے تحت آن لائن ورکشاپ
حسین محتشم
پونچھ//ڈائٹ پونچھ نے ضلع NISHTHA ٹیم کی ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا جس میں زون کے تمام نمائندے شامل ہوئے۔ واضح رہے کہ ایچ سی ڈی کی وزارت این سی ای آر ٹی ، ایس سی ای آر ٹی محکمہ سکول ایجوکیشن اور ڈائٹ کے اشتراک سے پورے ہندوستان میں ٹیچنگ فیکلٹی کو تربیت فراہم کررہی ہے۔ پونچھ ضلع کے تمام اساتذہ ماسٹر کے لئے پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے اور اب ثانوی اور ہائر سیکنڈری سکول اساتذہ کے لئے دوسرا مرحلہ یکم اگست سے شروع کیا جارہا ہے۔ ڈسٹرکٹ نوڈل آف NISHTHA منموہن سنگھ سینئر لیکچرر ڈائٹ پونچھ نے شرکاءسے بات کر کے ان کی کوششوں اور پہلے مرحلے کی تربیت میں کام کرنے کو سراہا اور دوسرے مرحلے میں بھی اسی رفتار کی امید ظاہرہے۔ اکرام الحق ڈسٹرکٹ ٹیک ایڈمن نے شرکاءکو دوسرے مرحلے میں کورس کی تکمیل کے لئے اساتذہ کی رجسٹریشن ، ڈیٹا بیس اور روڈ میپ کے بارے میں بریفنگ دی۔ یہاں یہ تذکرہ کرنا ضروری ہے کہ اب دوسرا مرحلہ میں اساتذہ ، ماسٹرز ہیڈ ماسٹر ، لیکچررز ، ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکولوں میں کام کرنے والے پرنسپلز کے لئے ہوگا۔ شرکا کو ڈیٹا بیس کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی تجویز دی گئی۔
شجر کاری کے لئے چنار کے درخت فراہم
حسین محتشم
پونچھ//ماحولیات کو بچانے کے سلسلہ میں محکمہ جنگلات کی جانب سے پونچھ میں شجرکاری کے سلسلہ میں چنار کے درخت تقسیم کئے گئے ۔ ڈی ایف او پونچھ موہن چودھری (آئی ایف ایس) نے پرویز ملک آفریدی (ترجمان رہبر کھیل ایسوسی ایشن یو ٹی جے کے) کو چنار کے پودے فراہم کئے۔تا وہ مختلف علاقوں میں شجر کاری مہم چلاکر پودے لگائی اور لوگوں کو ان کے تعیں بیدار کریں۔ پرویز آفریدی نے کہا کہ ڈی ایف او پونچھ موہن چودھری آئی ایف ایس ایک ایسے افسر ہے جن کو اپنے پیشے سے لگن اور دیانتداری کے لئے جانا جاتا ہے۔ انھوں نے کہا جب سے وہ پونچھ میں تعینات ہیں۔ انھوں نے بہت سے جنگلات کو غیر قانونی قبضے سے بچایا ہے۔ ڈی ایف او پونچھ نے بھی لوگوں سے زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پیڑ پودے بقا کا ایک اہم ذریعہ ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پودے ہمیں آلودگی سے بچاتے ہیں اور ہمیں ضرورت کے مطابق آکسیجن دیتے رہے ہیں ، لہذا ہمیں فطرت کا احترام کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا ،" قدرتی وسائل جن میں جنگل ، نرسریاوں شامک ہیں درختوں کی حفاظت کرنا ہم سب کا اولین فرض ہے۔