مزید خبریں

حدمتارکہ سے جنگجو بھیجنے کا الزام پاکستان نے رد کیا

سرینگر//پاکستان نے بھارتی میڈیا کی ان رپورٹس کو مسترد کردیا ہے جس میں نامعلوم بھارتی سیکیورٹی اہلکار کا حوالہ دے کر کہا گیا تھا کہ پاکستان،حدمتارکہ کے ذریعے نام نہاد جنگجوﺅں کو وادی میں داخل کرنا چاہتا ہے۔پاکستانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ ہم واضح طور پر ان بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتے ہیں کہ پاکستان حدمتارکہ کے ذریعے جنگجوﺅں کو بھیجنا چاہتا تھا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی پاکستان کے خلاف گھناﺅنی سازشیں معمول ہیں، جو یورپی یونین کی ڈس انفلو لیب کی رپورٹ کے ذریعے سے پوری طرح بے نقاب ہوچکی ہیں۔زاہد حفیظ نے کہا کہ بھارت نے 9 لاکھ بھارتی سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ جموں و کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت، کشمیر میں الیکٹرانک نگرانی کررہا ہے اور سیکورٹی کے متعدد مراحل ہیں جس کے بعد کسی بھی چیز کے لیے حدمتارکہ عبور کرنا ناممکن ہے۔زاہد حفیظ نے کہا کہ وقتا فوقتا ایسے الزامات لگائے جاتے ہیں کہ ان الزامات کی کوئی بنیاد نہیں ہوتی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے کہا کہ بھارت کو نام نہاد دراندازی کی کوششوں کے بے بنیاد اور گمراہ کن الزامات کو جنگ بندی کی تفہیم کو ختم کرنے کے بہانے ڈھونڈنے کے لیے استعمال نہیں کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو جھوٹ بولنے اور جھوٹے آپریشن سے بھی گریز کرنا چاہیے، اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ رویے سے خطے میں امن و سلامتی مزید خراب ہو گی۔
 
 

گلمرگ کی بہک میں سینکڑوں مویشی منہ اورکھرکی بیماری میں مبتلائ

بکروالوں کالاکھوں کانقصان،طبی ٹیم اورادویات بھیجنے کا مطالبہ

مشتاق الحسن 
 
 ٹنگمرگ //لچھمی ڈوری بہک گلمرگ میں سینکڑوں مویشی منہ اور کھر کی بیماری میں مبتلاءہوگئے ہیں جس کی وجہ سے بکروالوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔تفصیلات کے مطابق سرن پونچھ کے تین بکروال کنبوں کی سینکڑوں بھیڑبکریاں لچھمی ڈوری بہک میں منہ اور کھرکی بیماری میں مبتلاءہوگئی ہیںجس کی وجہ سے روزکئی کئی بھیڑ بکریاں ہلاک ہورہی ہیں جس سے بکروالوں کا ہزاروں روپے کا نقصان ہورہا ہے۔معظم الدین اور نظام الدین نامی بکروالوں نے بتایا کہ وہ ہرسال لھچمی نامی بہک میں مویشی چراتے ہیں اور اس سال بہک میں اچانک بھیڑ بکریاں منہ اور کھر بیماری کی لپیٹ میں آگئے ،جس سے قریب تین ہزار بھیڑ بکریاں ایک ساتھ اس بیماری سے بیمار پڑ گئے ،جبکہ علاج نہ ملنے سے روزانہ ہمارے دس بارہ بھیڑ بکریاں ہلاک ہوجاتی ہیں جس سے ہمارا زبردست نقصان ہورہاہے ۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ حکومت نے خانہ بدوش بکروالوں کی سہولیات کےلئے محکمہ شیپ ہسبنڈری کے کئی کیمپ گلمرگ کے آس پاس قائم کئے ہیں تاہم وہاں منہ اورکھر کی ادویات دستیاب نہ ہونے کہ وجہ سے بکروالوں کو مہنگے داموں بازار سے ادویات خریدنی پڑتی ہیں ۔منہ اورکھر کی بیماری پھیلنے کی وجہ سے بھیڑ بکریاں پے درپے ہلاک ہونے سے سرن پونچھ کے تین کبنوں کے کئی مویشی بروقت علاج نہ ملنے کے سبب ہلاک ہوگئے اور ان کا لاکھوں روپے مالیت کانقصان ہوگیا۔ بکروالوں نے گورنر انتظامیہ سے فوری ادویات اور ڈاکٹر لچھمی ڈووی بہک روانہ کرنے کا مطالبہ کیاہے ۔
 
 

وسن طبی مرکز ہنوز کووڈمتاثرین کیلئے مخصوص

 ہزاروں نفوس پرمشتمل آبادی کو مشکلات درپیش

ارشاد احمد
 
گاندربل//گاندربل کے وسن علاقہ میں قائم طبی مرکزہنوز کووڈمریضوں کیلئے ہی مخصوص ہے جس کے نتیجے میں ہزاروں نفوس پر مشتمل آبادی کو علاج و معالجہ کے سلسلے میںمشکلات درپیش ہیں۔ اپریل 2020 میں اس طبی مرکز کو کوڈہسپتال میں تبدیل کردیا گیا تھا۔ وسن، چھترگل، منہ گام، ژنر،بونہ زل،مچھن اورہاری پورہ سمیت دیگر علاقوں کے مریضوں کو علاج و معالجہ کیلئے کنگن، گاندربل یا سرینگر کے مختلف ہسپتالوں کا رخ کرنا پڑتا ہے۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے اس سلسلے میں مداخلت کی اپیل کی ہے ۔
 
 
 

ڈائریکٹر ہیلتھ نے چرارشریف اورپکھر پورہ میں طبی سہولیات کا جائزہ لیا

سرینگر//ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر نے چرار شریف اور پکھرپورہ کے طبی مراکز کا دورہ کیا ۔اس موقع پر لوگوں نے انہیں طبی سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا ۔ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر فاروق احمد راتھر نے پکھرپور ہ میں نئی تعمیر شدہ ہسپتالی عمارت میں طبی سازو سامان کا جائزہ لیا۔ اس دوران ڈائریکٹر موصوف نے بتایا کہ سب ضلع ہسپتال پکھرپورہ کی نئی عمارت میں عوام کیلئے طبی سہولیات میسر رکھنے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام شروع کیا ہوا ہے۔ ڈائریکٹر موصوف نے بتایا کہ پکھر پورہ کی کثیر آبادی کو مد نظر رکھتے ہوئے علاقہ میں نئی ہسپتالی عمارت کو عنقریب عوام کے نام وقف کیا جائے گا جس کیلئے محکمہ صحت دن رات جنگی بنیادوں پر کام میں لگا ہوا ہے ۔ علاقے کے لوگوں نے ڈائریکٹر موصوف سے مطالبہ کیا کہ نئی ہسپتالی عمارت کو جلد از جلد شروع کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں تاکہ عوام کی دیرینہ مانگ کو پورا کیا جائے۔
 
 

زِزبل لام حکومت کی عدم توجہی کا شکار

سرینگر// آری پل ترال کا زِزبل لام نامی گاؤں ترقی کے اس دور میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہے ۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ گاؤں میں ہیلتھ سینٹر اور پینے کے پانی کی باقاعدہ سہولت نہ ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پینے صاف پانی حاصل کرنے کیلئے دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے بتایاکہ 6برس قبل جب گاؤں میں سڑک تعمیر کرنے کا کام شروع ہواتھا تب لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی لیکن چھ سال گزرنے کے باوجود بھی سڑک کا کام مکمل نہیں ہوسکا۔ایک مقامی شخص نے بتایا کہ اب تک حفاظتی باندھ تعمیر نہیں کئے گئے اور مقامی نالے میں پانی کا بہاؤ بڑھنے سے اب غریب لوگوں کی زمینوں کو خطرہ لاحق ہے۔انہوں نے حکام سے اس سلسلے میں فوری مداخلت کی اپیل کی ہے ۔ 
 
 

قلمکار مقبول فیروزی کی نئی تصنیف کی رسم رونمائی

فیاض بخاری 
 
بارہمولہ // ڈسٹرکٹ لائبریری بارہمولہ میں سنیچر کو ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس دوران معروف ادیب ،قلمکار ومصنف مقبول فیروزی کی نئی تصنیف 'گلدستہ طریقت 'کی رسم رونمائی انجام دی گئی۔ رائٹرس فورم بارہمولہ کی جانب سے ڈسٹرکٹ لائبریری بارہمولہ کے اشتراک سے اس تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب میں ضلع کے کئی دانشوروں ،قلمکاروں ،ادیبوں اورشاعروں نے شرکت کی۔جن ادیبوں ،شاعروں اورقلمکاروں نے اس تقریب میں شرکت کی ،اْن میں مقبول فیروزی کے علاوہ شیخ عبدالرشید،کرن سنگھ طالب ،عبدالرشید بٹ ،نذیر طالب ،مشتاق حسین کرمانی ،طاہرالرحمان میر،جاذب سوپوری،ایڈوکیٹ ملک حمید،فاروق احمدخان پہلی پورہ،قاضی لطیف شاہین ،غلام محمد طاہر،مجروح کشمیری اورغلام الدین بہار بھی شامل ہیں۔
 
 
 

 محکمہ جنگلات کے کیجول لیبراعلیٰ حکام سے برہم

سرینگر//وائلڈ لائف پروٹیکشن محکمہ بجبہاڑہ اننت ناگ میں کام کر رہے متعددکیجول لیبروںنے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ کی جانب سے مرتب کئے گئے لسٹ میںانہیں نظرانداز کیا گیا ہے۔انہوں نے اس سلسلے میں محکمہ کے اعلیٰ حکام اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے مداخلت کی اپیل کی ہے ۔انہوں نے بتایاکہ محکمہ میں کل452کیجول لیبر گزشتہ کئی سالوں سے اپنے فرائض خوش اسلوبی سے انجام دے کر لوگوں کو جنگلی جانوروںکے حملوں اور جنگلات کی حفاظت میں اپنا کردار نبھا رہے ہیں ۔انہوں نے محکمہ پر الزام عائد کیا کہ کچھ کیجول ملازمین کے مستقبل کے ساتھ کھیلا جارہا ہے۔ادھر محکمہ کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ انہیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ وقت پر سبھی معاملات حل ہوجائیں گے‘‘ ۔
 
 

انجمن شرعی شیعیان اوراتحاد المسلمین کے محرم اجلاس 

عزا داروں سے احتیاتی تدابیر پر عمل کرنے کی تاکید

 
سرینگر//انجمن شرعی شیعیان کے اراکین کا خصوصی محرم اجلاس تنظیم کے سربراہ آغا سید حسن کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تنظیم کے اہتمام سے وادی کے اطراف و اکناف میں محرم الحرام کے دوران برآمد ہونے والے جلوس ہائے عزا اور مجالس حسینی کے انتظامات کو تفصیلی مشاورت کے بعد حتمی شکل دی گئی۔موصولہ بیان کے مطابق اجلاس میںاس عزم کا اعادہ کیا گیاکہ محرم تقریبات کے تسلی بخش اور پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے اپنی تمام تر صلاحتیوں کو بروئے کار لاکر تنظیمی ذمہ داریوں کا بھر پور ثبوت پیش کیا جائے گا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کے سربراہ آغا سید حسن نے ماہ محرم الحرام کو دین وشریعت کے تحفظ کیلئے احساس ذمہ داریوں کی تجدید کا مہینہ قرار دیتے ہوئے اراکین سے تاکید کی کہ وہ محرم تقریبات کے دوران ہر سطح پر حدود شریعت اور احترام انسانیت کو ترجیح دیکر شہدائے کربلا کو حقیقی معنوں میں خراج عقیدت پیش کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ محرم تقریبات کے دوران آپسی اتحاد و اخوت کو بنائے رکھنے کیلئے وادی کی تمام دینی تنظیمیں اپنا تعاون میسر رکھیں گی ۔ آغا حسن نے کہا کہ امام عالی مقامؑ اور ان کے جا نثاروں کی عظیم قربانیاں ملت اسلامیہ کا سرمایہ نجات ہے۔ انتظامیہ کی طرف سے محرم انتظامات کے اعلانات کو گمراہ کن اور افسوسناک قرار دیتے ہوئے آغا حسن نے کہا کہ ریاستی انتظامیہ کبھی بھی محرم انتظامات کے حوالے سے سنجیدہ نہیں تھی اور نہ ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایام محرم شروع ہونے والے ہیں ابھی تک زمینی سطح پر حکومت کے محرم انتظامات کا کوئی نام ونشان نظر نہیں آرہا ہے۔ اجلاس میں تمام عزاداروںسے تاکید کی گئی کہ محرم تقریبات کے دوران موجودہ عالمی وبا کے پیش نظر احتیاتی تدابیر کا خاص خیال رکھیں ۔ادھر اتحاد المسلمین کے سربراہ مولانا محمد عباس انصاری کی ہدایت پرتنظیم کا ایک اجلاس جنرل سیکریٹری سید مظفر رضوی کی قیادت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں انتظامات کا جائزہ لیا گیا اورکہا گیا کہ طبی ماہرین کی جانب سے وضع کردہ ایس او پیز کے تحت اس سال بھی حسب روایت عزاداری تقاریب اور جلوسوں کا انعقاد مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و جذبہ کے ساتھ کیا جائے گا۔اجلاس کے شرکا ء نے مجالس عزا و جلوس ہائے عزا کے پرامن اور بہتر انعقاد کے لئے اپنا بھر پور تعاون دینے کا عہد کیا ۔اجلاس میں دوکمٹیاں تشکیل دی گئیں جو عزاداری کے حوالے سے کئے جانے والے تمام اقدامات کو حتمی شکل دینے کے لئے متعلقین کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے ۔ جنرل سیکریٹری نے ملت کشمیر سے بلا لحاظ مسلک عزاداری کے مجالس اور جلوسوں خاص کر دو بڑے مرکزی جلوسوں جن پر گزشتہ تین دہائیوں سے پابندی عائد ہے میں شرکت کی اپیل کی۔ انہوں نے ملت اسلامیہ کشمیر سے اپیل کی کہ مقدس ایام کے دوران باہمی رواداری اوراتحاد و اتفاق کو یقینی بنائیں۔
 
 
 

پہاڑی زبان کے معروف فنکار عالم قریشی کی برسی

ڈاک بنگلہ ٹنگڈار میں تقریب ، خراج عقیدت پیش

کرناہ//ڈاک بنگلہ ٹنگڈار میں کرناہ کے پہاڑی کلچرل کلب کی جانب سے پہاڑی زبان کے معروف فنکار مرحوم قاضی محمد عالم قریشی کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پہاڑی کلچرل کلب کرناہ سے وابستہ فنکاروں،قلمکاروں اور شعراکے علاوہ کئی سماجی شخصیات نے شرکت کی ۔مرحوم کی پہاڑی زبان و قوم کی ترقی کیلئے اُن کی کوششوں کوسراہا گیا ۔مرحوم کی زندگی پر ایک مکمل مقالہ بھی تقریب کے دوران پیش کیا گیا ۔مرحوم کے فن کو یاد کرتے ہوئے کرناہ کلچرل کلب کے فنکاروں نے قریشی کے گائے ہوئے لوک گیتوں اور غزلوں کو اپنی آواز میں پیش کرتے ہوئے سامعین کو محظوظ کیا۔ کرناہ کے قاضی حمید الدین قریشی اور غلام حیدر ندیم نے اپنے خطاب کے دوران پہاڑی نوجوانوں ، شاعروں اور فنکاروں پر زور دیا کہ وہ وقت ضائع کئے بغیر اپنے ماضی کو دیکھ کر اپنے حال اور مستقبل کا تعین کریں اور دیگر پسماندہ قوموں کو ملنے والی مراعات کے حصول کیلئے کوشاں رہیں تاکہ پہاڑی قوم بھی اپنے مستقبل کو تابناک بنا سکیں ۔ 
 
 
 

 اندرابی کی چرار ِ شریف اور پکھرپورہ خانقاہوں پر حاضری 

سرینگر//اپنی پارٹی میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی نے اتوار کو پکھر پورہ میں خانقاہِ فیض پناہ حضرت سلطان سید محمد علی عالیؒ اور چرار شریف میں حضرت شیخ نور الدین ولی ؒ کی زیارت گاہ پر حاضری دی۔بیان کے مطابق اندرابی نے اس موقع پر ملک اور جموں وکشمیر میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لئے دُعا کی تاکہ یہاں صدیوں سے قائم آپسی بھائی چارہ، اورہم آہنگی بنی رہے۔ پکھرپورہ میں منتظمین نے انہیں رواں برس خانقاہ پر منعقد ہونے والے عرس کی جانکاری دی جس میں جموں وکشمیر کے مختلف علاقوں سے کثیر تعداد میں لوگ آتے ہیں، جن کے لئے مطلوبہ سہولیات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ اندرابی نے بتایاکہ وہ متعلقہ حکام کے ساتھ بات کریں گے تاکہ عرس کے دوران عقیدتمندوں کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ فاروق اندرابی نے مقامی انتظامیہ سے گذارش کی کہ وہ خانقاہ اور اِس کے آس پاس صفائی ستھرائی، بلاخلل بجلی سپلائی اور پینے کے صاف پانی کی دستیابی یقینی بنائے ۔
 
 

چرارشریف مسجد معاملے میں مداخلت کریں، انجینئر ایتو کی لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل

بڈگام // جے کے سیمنٹس کے سابق وی سی انجینئر نذیرایتو نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہاسے اپیل کی ہے کہ چرار شریف مسجد کے معاملے میں فوری مداخلت کریں۔ ایک بیان میں انجینئرا یتو نے کہا ’’34کروڑ روپئے کی کثیر لاگت سے بنائی جارہی مسجد میں جے کے پی سی سی کی ناکامی کی وجہ سے شدید تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی ہے ‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ وقف بورڈ نے چند سال قبل ایک ٹاسک فورس بلائی تھی اور اس نے مشورہ دیا تھا کہ مسجد میں زیادہ تعداد میں لوگوں کی موجودگی میں نمازیں ادا نہ کی جائیں ۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کا سنجیدگی سے جائزہ لیں تاکہ کسی بھی سانحہ کو ٹالا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ ایجنسی سے اس سلسلے میںپوچھ تاچھ ہونی چاہئے تاکہ دیگر محکموں کو ایک سبق مل جائے۔