۔50ہزار نوجوانوں کو فائدہ مندروزگار سے بااختیار بنانے کاپروگرام | نوجوانوں کو ملک کے مختلف حصوں کادورہ کرانے کی چیف سیکریٹری کی ہدایت
سرینگر//چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے مشن یوتھ کے تحت پیش رفت کا جائیزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک میٹنگ کی صدارت کی جو کہ جموں و کشمیر میں بے روز گار 50 ہزار نوجوانوں کو فائدہ مند روز گار کے ذریعے بااختیار بنانے کا ایک اہم پروگرام ہے۔ کمشنر سیکرٹری محکمہ محنت و روز گار اور چیف ایگزیکٹو آفیسر مشن یوتھ نے میٹنگ میں شرکت کی۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ ’ممکن ‘ سکیم کے تحت اب تک 503 مستحقین کو گاڑیاں فراہم کی جا چکی ہیں ، مزید 1100 مستحقین کو اگلے 10 دنوں میں گاڑیاں فراہم کی جائیں گی ۔ اسی طرح تیجسوانی اسکیم کے تحت مشن یوتھ 2000 نوجوان خواتین کو معیشت کے مختلف شعبوں میں خود روزگار کے منصوبوں کو شروع کرنے کیلئے مالی مدد فراہم کرے گا ۔ میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ جموں و کشمیر میں 4524 یوتھ کلب قائم کئے گئے ہیں جن میں 60 ہزار کے قریب نوجوانوں نے رجسٹریشن کروائی ہے ۔ یہ کلب کھیلوں کی سرگرمیوں ، مشاورت کے سیشنوں اور فائدہ مند روز گار کے ساتھ رابطوں کے ذریعے نوجوانوں کی توانائیوں کو بڑھانے میں مدد کریں گے ۔ مشن یوتھ نے مختلف ہنر مندی کے اقدامات کے تحت تربیتی نصاب کو بھی حتمی شکل دے دی ہے اور اگلے ہفتے سے امیدواروں کی تربیت شروع کر دے گا ۔ مشن کا مقصد 8044 امیدواروں کو تربیت دینا ہے جس کا مقصد ان کی مہارت اور روزگار کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق خصوصی توجہ دینا ہے ۔ چیف سیکرٹری نے سی ای او مشن یوتھ کو ہدایت دی کہ وہ یوٹی کے نوجوانوں کو ملک کے مختلف مقامات پر نمائش کے دوروں پر لے جائیں تا کہ وہ ملک کی ہم آہنگی کی روایات کو سراہیں اور ان کی مدد کریں ۔ انہوں نے موجودہ مالی سال کے دوران مقررہ اہداف کے مطابق 50 ہزار نوجوانوں کو فائدہ مند روز گار سے منسلک کرنے کی بھی ہدایت دی ۔
سرینگراورجموں شہروں میں ایک ایک لاکھ سمارٹ میٹروں کی تنصیب | بجلی فیس کے اہداف مکمل کرنے والے ملازمین کونقد مراعات دی جائینگی:کنسل
جموں//پرنسپل سیکرٹری پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ روہت کنسل نے کہا ہے کہ غیر ضروری اور ناپسندیدہ بجلی خرابیوں سے بچنے کیلئے احتیاطی دیکھ بھال کلید ہے ۔ انہوں نے پاورڈیولپمنٹ کارپوریشن کے افسران اور عملے کو مشورہ دیا کہ وہ خاص طور پر 11 کے وی فیڈرز اور لائینوں پر مکمل حفاظتی بحالی کی سرگرمیاں کریں تا کہ اچانک خرابی کی وجہ سے بجلی کی بندش کے معاملات کو ختم کیا جا سکے ۔ انہوں نے مختلف سب ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن ڈویژنوں کے افسران سے کہا کہ وہ لائنوں اور فیڈرز کی نشاندہی کریں جو کہ دائمی مسائل سے دوچار ہیں، ان کا ازالہ کریں تا کہ غیر ضروری کٹوتیوں اور بغیر شیڈول بجلی کٹوتی کو روکا جا سکے ۔ پرنسپل سیکرٹری نے ڈویژن میں پاور سیکٹر کا مکمل جائیزہ لیا جبکہ آمدنی کی وصولی ، اے ٹی اینڈ سی کے نقصانات ، بندش اور مرکزی ترقی یافتہ سکیموں اور دیگر پروگراموں کے تحت مختلف ترقیاتی کاموں کی صورتحال پر خصوصی زور دیا ۔ محصول کی وصولی کے حوالے سے پرنسپل سیکرٹری نے افسران پر زور دیا کہ وہ سخت معائینہ کریں ، سخت جرمانے لگائیں اور غلطی کرنے والوں کو بجلی کی سپلائی منقطع کر دیں ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خریدی گئی بجلی کی لاگت اور حاصل ہونے والی آمدنی کے مابین فرق ناقابلِ برداشت ہوتا جا رہا ہے اور اس سال محصولات کی وصولی کیلئے مقرر کردہ اہداف کو پورا کرنے کیلئے ڈی آئی ایس سی او ایم ایس کو بہترین کوششیں کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام شعبوں میں صنعتی ، تجارتی یا گھریلو جان بوجھ کر نادہندگان کے خلاف سخت کاروائی کی ضرورت ہے ۔ پرنسپل سیکرٹری نے ہدایت دی کہ کارپوریٹ صارفین ، بڑے کاروباری اداروں ، سرکاری اور نجی دفاتر اور دیگر تمام نادہندہ تنظیموں کے زیر التوا واجبات کا جائیزہ لیا جائے ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ جموں و کشمیر میں فیڈرز کی 100 فیصد میٹرنگ اب حاصل کر لی گئی ہے اور لگائے گئے تقریباً نصف میٹر بھی نیشنل پاور پورٹل کے ساتھ خود کار رابطے کے قابل ہیں ۔ پرنسپل سیکرٹری نے ہدایت دی کہ تمام فیڈر میٹروں کی جانچ پڑتال کی جائے ۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ پہلے سے طے شدہ اہداف کے حصول پر تمام فیڈر منیجرز اور سُپر وائیزری انجینئرز کو نقد رقم دی جائے گی ۔ انہوں نے یہ بھی خبر دار کیا کہ 80 فیصد سے زائد نقصانات کے ساتھ فیڈرز موجود ہیں اور اس قسم کے مسلسل نقصانات سخت کاروائی کی دعوت دیں گے ۔ خام ہیٹر اور بوائلر کا تذکرہ کرتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ ان کے استعمال پر قانون کی پابندی عائد ہے اور ان کی فروخت اور استعمال پر سخت کاروائی کی جائے ۔ جموں شہر میں اسمارٹ میٹرز کی تنصیب پر پرنسپل سیکرٹری کو بتایا گیا کہ اس وقت جموں اور سرینگر شہروں میں ہر ایک میں ایک لاکھ میٹر لگائے جا رہے ہیں ۔ مزید تین لاکھ اسمارٹ میٹر جموں اور سرینگر شہروں کیلئے پائپ لائین میں ہیں جو جلد ہی نصب کئے جائیں گے ۔ جے کے پی ڈی سی ایل کے کال سنٹر کے کام پر پرنسپل سیکرٹری نے تبادلہ خیال کیا جس نے صارفین کے ساتھ محکمہ کے انٹر فیس کو مزید بڑھانے کی ضرورت کا بھی اظہار کیا ۔ میٹنگ میں چئیر مین جے پی ڈی سی ایل جگموہن شرما ، منیجنگ ڈائریکٹر جے پی ڈی سی ایل گُرمیت سنگھ ، منیجنگ ڈائریکٹر جے پی ٹی سی ایل نصیب سنگھ ، چیف انجینئرز ، ڈائریکٹر جنرل پلاننگ ، ڈائریکٹر فائنانس ، سپرنٹنڈنگ اور ایگزیکٹو انجینئرز اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی ۔
بھارت کے20معروف وائس چانسلر | سینٹرل یونیورسٹی کے وائس چانسلرسرفہرست
گاندربل//ارشاد احمد// سینٹرل یونیورسٹی کشمیرکے وائس چانسلر پروفیسر معراج الدین وانی کوسال2020کیلئے ’’بھارت کے20معروف وائس چانسلروں‘‘ میںپہلے نمبر پرنامزدکیا گیا ہے۔uLektz کے مطابق کوبھارت بھر سے ایک ہزار سے زیادہ نامزدگیاں موصول ہوئیںجن میں سے کئی نامزدگیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیااور20سے زیادہ وائس چانسلروں کاانتخاب کیاگیا۔اس پہل کا مقصداعلیٰ تعلیم کے فرو غ میں وائس چانسلروں کی کوششوں کی عزت افزائی کرنا ہے۔یولیکٹزوال آف فیم بھارت میںمعروف وائس چانسلروں کے دین کااعتراف کرتی ہیں ۔ پروفیسرمعراج الدین وانی نے یولیکٹزکاان کی خدمات کا اعتراف کرنے کیلئے شکریہ اداکیا ہے اور کہا ہے کہ یہ اعزازپانافیکلٹی اورانتظامیہ کے تعاون سے ہی ممکن ہواہے۔سینٹرل یونیورسٹی کشمیرکے فیکلٹی ممبران،افسراں ،اسکالروں اور طلبہ نے وائس چانسلر کویہ اعزازدیئے جانے پر مبارکباددی ہے۔
فنگرپرنٹ سے گاڑی کی چابی بنانے پر | مڈل اسکول شیری بارہ مولہ کی طالبہ کواعزاز
بارہمولہ //فیاض بخاری//بارہمولہ کے گورنمنٹ مڈل اسکول شیری پائین میں زیر تعلیم آٹھویں جماعت کی طالبہ شاہدہ بانو ہندوستان کی اْن سٹھ طالب علموںمیں ایک ہیں جنہیںانسپائر ایوارڈز کی 8 ویں قومی سطح کی نمائش اور پروجیکٹ مقابلہ (این ایل ای پی سی) مانک میںقومی سطح کے ا عزاز سے نوازا گیا ۔ اس قومی سطح کی نمائش میں مرکزی وزیر مملکت برائے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور ارتھ سائنسز ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے سرفہرست 60 طلباء کو آن لائن اعزاز ات سے نوازا۔ شاہدہ نےNIF کے زیر اہتمام پانچ روزہ آن لائن نمایش میںحصہ لینے اورایورڈ سے نوازے جانے پر خوشی کااظہار کیا۔ بارہمولہ ضلع کے گورنمنٹ بوائز مڈل سکول شیری کی 7 ویں کلاس کی طالبہ شاہدہ بانو نے فنگر پرنٹ سے گاڑی کی چابی تیار کی تاکہ کم عمر بچے گاڑی نہ چلا سکے اور گاڑیو ں کی چوری کو روکا جاسکے۔
فیس کاتعین کرنے والی کمیٹی کیلئے نئے رہنماخطوط کااجراء | پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو بھی اعتماد میں لینے پرنجی اسکولوں کی انجمن کازور
سرینگر//نجی اسکولوں کی انجمن نے حکومت پرزوردیا ہے کہ وہ فیس کا تعین کرنے کی کمیٹی کیلئے رہنماخطوط جاری کرنے سے قبل ان کی آرا کو بھی حاصل کرے۔ایک بیان میں انجمن نے کہا جیسا کہ بتایا جاتا ہے نجی اسکولوں میں فیس کاتعین کرنے کیلئے کمیٹی کیلئے نئے رہنماخطوط جاری کئے جارہے ہیں،لیکن انوکھے طور سے نجی اسکولوں سے اس بارے میں کوئی رابطہ نہیں کیا جارہا ہے۔ایسا لگتا ہے کہ کسی کواس سارے معاملے کے اہم فریق کی آراجاننے کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔ انہیں نجی اسکولوں کی آراء کو بھی سنناچاہیے تاکہ متوازی فیصلہ لیاجائے اورایسے رہنماخطوط جاری کئے جائیں جن سے کسی کے حقوق کی تلفی نہ ہو۔نجی اسکولوں کی انجمن کے ترجمان نے کہا کہ جمہوریت میں تمام متعلقین کی رائے لی جاتی ہے اورہم چاہتے ہیں کہ یہاں بھی ایسا ہی طریقہ اپنایاجائے۔ انجمن نے کہا کہ نجی اسکولوں کو بقاء کے مسائل کا سامنا ہے اورحکومت کو انہیں سننا چاہیے۔ ترجمان نے کہا کہ اس وقت فیس میں کوئی بھی اضافہ،جو اس وقت ماہانہ 1500 روپے اور سالانہ 6000روپے ہیں، کافیصلہ فیس کاتعین کرنے والی کمیٹی کے چیئرمین کرتے ہیں ۔فیس کاتعین کرنے والی کمیٹی کی میٹنگ کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ا س سے نتیجہ یہ نکلاکہ کام میں تیزی آئی اور مجموعی طور زیرالتواء فائلیں بھی کم ہوئیں۔انجمن نے کہا کہ ہراسکول کے معاملے میں فیس کاتعین کرنے والی کمیٹی کوشامل کرنے سے زیرالتواء کاموں میں اضافہ ہوگاکیوں کہ فیس کا تعین کرنے والی کمیٹی کے ممبروں کی مصروفیت کی وجہ سے اس کی میٹنگ کبھی کبھار ہی ہوتی ہے ۔ترجمان نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اس عمل کو آسان بنانے کیلئے چیئرمین کے اختیارات میں اضافہ کیا جائے ۔چیئرمین کو فیس میں اضافہ کرنے کافیصلہ کرنے کا مجاز بنایا جانا چاہیے ۔اسکولوں کی طرف سے فراہم کی جانی والی سہولیات کو مدنظررکھتے ہوئے ماہانہ فیس2000روپے اور سالانہ15000روپے کیا جاناچاہیے۔انجمن نے کہا کہ دیگرشعبوں کی طرح نجی اسکول بھی حالات کی مارکاشکار ہیں اورافراط زر کی وجہ سے اخراجات آسمان چھورہے ہیں۔حکومت کو نئے رہنماخطوط جاری کرنے سے قبل اس کو مدنظر رکھنا ہوگا۔ترجمان نے کہاکہ ضروری ہے کہ نجی اسکولوں کو دعوت دے کر ان کی رائے بھی جان لینی چاہیے تاکہ بعد میں کوئی اختلاف رائے نہ ہو۔
ممکنہ تیسری لہر سے قبل بچوں کوفلوکاٹیکہ دیا جائے :ڈاک
سرینگر//ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کشمیرنے والدین پر زوردیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو فلو سے محفوظ رکھنے کیلئے کورونا کی تیسری ممکنہ لہر جو اس برس کے آخیر میں متوقع ہے اوربچوں کے اس سے متاثر ہونے کاامکان ہے،سے قبل فلوکاٹیکہ دلوائیں۔ایک بیان میں ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کے صدرڈاکٹر نثارالحسن نے کہا ،’’فلوسے بچنے کاٹیکہ لگانے کے بعدآپ کے بچے کے بیمار ہونے کی صورت میں یہ جانناآسان ہوگاکہ اُسے کووِڈ- 19ہے یانہیں کیوں کہ دونوں بیماریوں کی علامات یکساں ہیں۔انہوں نے مزیدکہا کہ اس سال کا فلو سیزن ممکنہ طورکووِڈ کی متوقع تیسری لہر کے ساتھ ہی شروع ہوگا۔فلوٹیکہ لگانے کے بعد کووِڈ- 19کے غیرضروری ٹیسٹ کرنے کم ہوں گے جس سے کہ اسپتالوں اور صحت کارکنوں پر بوجھ کم ہوگا۔ مسوری یونیورسٹی کے اسکول آف میڈیسن کی ایک حالیہ تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے ڈاکٹرنثارالحسن نے کہافلوکاٹیکہ کووِڈ- 19سے بچوں کو کسی حدتک کچھ تحفظ فراہم کرسکتا ہے۔ تحقیق میں پایا گیا کہ کووِڈ19- کے مثبت مریض جنہوں نے 2020میں فلو ٹیکہ لگایاتھا،کوسانس لینے میں دشواریوں اور شدیدپیچیدگیوں کا سامنا کرنا نہیں پڑا۔ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا کہ اس سال ہمیں کووِڈاورفلو کے دوہرے نحوست کا سامنا کرنا پڑسکتاہے۔انہوں نے کہا ،’’آپ کو بیک وقت کووِڈ بھی ہوسکتا ہے اورفلو بھی جس سے کہ آپ آئی سی یوپہنچ سکتے ہیں یاوینٹی لیٹر پر۔اس سے سیزن کافلو ٹیکہ کافی اہمیت اختیار کرچکاہے۔ ڈاکٹر نثار نے کہا کہ چھ ماہ اوراس سے زیادہ عمر کے تمام لوگوں کو فلو سیزن کے آغازیعنی اکتوبر کے شروع میں فلوویکسین لیناچاہیے۔فلو ویکسین کو قابل کار ہونے میں دوہفتوں کا وقت درکار ہوتا ہے اس لئے ستمبر میں ہی یہ ٹیکہ لیناچاہیے۔انہوں نے کہا کہ اس سال کافلو ٹیکہ اَپ ڈیٹ کیاگیا ہے اوریہ اس وقت گردش کررہے وائرسوں کا مقابلہ کرنے کیلئے کافی ہے۔اس سال انفلونزاویکسین میںH1N1،H3N2اوردوBوائرس وکٹوریہ اوریاماگاٹا پائے جاتے ہیں،کی سفارش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا اگرچہ ویکسین کی سب کیلئے سفارش کی گئی ہے یہ بچوں،بزرگوں،حاملہ خواتین اوردائمی مریضوں کیلئے کافی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ حاملہ خواتین کیلئے یہ ویکسین لینالازمی ہے کیوں کہ ان کے نومولود بچوں کو چھ ماہ تک کاہونے تک یہ ویکسین نہیں دیاجاسکتاہے۔
’ہیومن کپٹل انڈیکس‘ محکمہ تعلیم نوڈل محکمہ نامزد
سرینگر// انتظامیہ نے جموں کشمیر میں محکمہ تعلیم کو ’ہیومن کپٹل انڈیکس‘ کی نگرانی کیلئے نوڈل محکمہ کے طور پر نامزد کیا،جبکہ اس کمیٹی کی کمان محکمہ تعلیم کے پرنسپل سیکریٹری کو سونپی گئی۔ہیومن کیپیٹل انڈیکس اس بات کی پیمائش کرتا ہے کہ کون سے خطے شہریوں کی معاشی اور پیشہ ورانہ صلاحیت کو متحرک کرنے میں بہترین ہیں۔ انڈیکس یہ اندازہ کرتا ہے کہ تعلیم اور صحت کی کمی کے باعث ہر خطہ کتنا سرمایہ کھوتا ہے۔ محکمہ عمومی انتظامی کی جانب سے بدھ کو جاری حکم میں کہا گیاہے کہ جموں کشمیر میں محکمہ تعلیم کو ہیومن کپٹل انڈکس کی نگرانی کیلئے نوڈل محکمہ کے طور پر نامزد کیا جاتا ہے۔ کمیٹی کا کام جموں کشمیر میںہیومن کپٹل انڈکس کی نگرانی ہوگی۔ اس حوالے سے محکمہ تعلیم کے پرنسپل سیکریٹری کو چیئرمین نامزد کیا گیا جبکہ محکمہ سماجی بہبود کے ایڈیشنل سیکریٹری،محکمہ اعلیٰ تعلیم کے ایڈیشنل سیکریٹری، ایس ایس ائے،کے پروجیکٹ ڈائریکٹر، محکمہ صحت و طبی تعلیم کے ایڈیشنل سیکریٹری اور محکمہ فروغ ہنر کے ایڈیشنل سیکریٹری اس کمیٹی کے ممبر ہوںگے۔
علی محمد ساگر کااظہار تشکر
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے مرحوم شیخ محمد عبداللہ کے 39ویں یوم وصال پر خراج عقیدت ادا کرنے کیلئے پارٹی عہدیداران اور کارکنوں کا شکریہ ادا کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ پارٹی عہدیداران اور کارکنوں نے مزار پر حاضری دے کر اپنا فرض انجام دیا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ایک تحریک کا نام ہے اورپارٹی ہمیشہ سے ریاست کی سالمیت ، فرقہ وارانہ اتحاد اور عوامی مفادات کو تحفظ دینے کیلئے کام کرتی آئی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر کے عوام تا قیامت شیخ محمدعبداللہ کی عظیم اور پاک قربانیاں فراموش نہیں کرسکتے ہیں۔
طالبا ن کو حقیقی شریعت پر عمل کرنا ہوگا:محبوبہ مفتی
سرینگر//طالبان جنہوں نے افغانستان میں اقتدار سنبھالاہے کو حقیقی شریعت پر عمل کرنا چاہیے ،جوخواتین سمیت سبھی کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔اس بات کااظہارپیپلزڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے بدھ کوکیا۔انہوں نے اخباری نمائندوں کو یہاںایک تقریب کے بعد بتایا کہ ،’’طالبان ایک حقیقت کے طور سامنے آئے ہیں۔ا ن کی شبیہ جب وہ پہلی بار اقتدار میں آئے ،انسانی حقوق کے مخالف کے طور تھی۔اگر وہ افغانستان پرحکومت کرناچاہتے ہیں،انہیں حقیقی معنوں میں شرعی قوانین پر عمل کرناہوگا جن کی قران مقدس میں بچوں،عورتوں اوربزرگوں کو ضمانت دی گئی ہے‘‘۔انہوں نے کہا ،’’ اگر طالبان حقیقی معنوں میں مدینہ شریف میں پیغمبر اسلام ؐ کی طرف سے قائم کئے گئے حکومتی نظام کی اتباع کریں گے ،تویہ دنیا کیلئے ایک مثال بن جائے گی ‘‘۔ محبوبہ نے کہا کہ طالبان کواسلام اور شریعت کی سخت گیرتشریح کوترک کرناچاہیے اگر وہ بین الاقوامی برادری کے ساتھ کام کرناچاہتے ہیں ۔انہوں نے مزیدکہا کہ اگر اس نے ایسا نہیں کیا،تواس سے افغانستان کے لوگوں کے لئے مشکلات پیداہوں گی۔
ترال میں نامعلوم شخص نے خاتون کوگھرمیں پیٹا | زیوارت اُڑاکر لیجانے کابھی الزام
سید اعجاز
ترال//آری گام ترال میں بدھ کو نا معلوم چوروں نے ایک گھر میں داخل ہو کر یہاں سے سونے کے زیورات لوٹنے کی کوشش کے دوران مالک مکان کی اہلیہ کی مارپیٹ کر کے اُسے شدید زخمی کر دیا ، جس کو بعد میں ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ مالک مکان طارق احمد ملہ نے بتایاکہ اس کی اہلیہ شازیہ گھر سے باہر کچھ منٹ کے لئے گئی تھی جب وہ واپس آئی تو اس نے مکان کے ایک کمرے میں کچھ آوازیں سنی ۔انہوں نے بتایا جب خاتون اس کمرے میں داخل ہوئی تو یہاں ایک نوجوان گھرمیں موجود سونے کے زیورات کو ایک تھیلے میں بھر رہا تھا ۔انہوں نے بتایاجب خاتون نے زیورات کے تھیلے کو دیکھا تو وہ ششدر ہو کر رہ گئی اور اس نے اس شخص سے زیورات چھینے کی کوشش کی اور اس تھیلے کو واپس لینے میں کامیاب بھی ہوئی ،تاہم لٹیرے نے خاتون کی شدید مارپیٹ کی جس دوران وہ کچھ وقت کے لئے بے ہوش ہوئی جس کو بعد میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔طارق احمد نے بتایا ابتدائی طور انہیں لگا کہ تھیلا واپس مل گیا ،چوری نہیں ہو ئی تاہم بعد میں جب انہوں نے مکمل طور دیکھا تو چور نے کچھ قیمتی سونے کے زیورات کو ڑا لیاتھا ۔ ایس ایچ او ترال نے بتایا خاتون کے شوہر نے ابتدائی طور بتایا کہ اس کی اہلیہ کی کسی نا معلوم شخص نے گھر میںمارپیٹ کی ، تاہم اس نے چوری کے حوالے سے نہیں بتایا ۔پولیس افسر نے بتایا تحریری طور شکایت درج کرنے کے ساتھ ہی ایف آئی درج کر کے مزید تحقیقات شروع ہوگی ۔
گوم احمد پورہ میں رسیونگ سٹیشن کا اِفتتاح | مشیر بصیر خان کا پٹن ، ہائیگام ، پلہالن اور ملحقہ علاقوں کا تفصیلی دورہ
بارہمولہ//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ بھوپندر کمار، ایس ایس پی بارہمولہ رئیس محمد بٹ اور دیگر سینئر متعلقہ اَفسران کے ہمراہ بارہمولہ میں پٹن ، ہائیگام ، پلہالن او ردیگر ملحقہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا ۔ ضلع میں دیہی ترقی ، پاور ڈیولپمنٹ اور سیاحت محکموں کے کئی ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔مشیربصیر خان نے گوم احمد پورہ پٹن میں 6.3 ایم وی اے 33/11 کے وی رسیونگ سٹیشن کا اِفتتاح کیا جو کہ 236.35لاکھ روپے کی تخمینہ لاگت سے تیار کیا گیا ہے جس سے 1200 نفوس کو فائدہ پہنچ رہا ہے ۔اُنہوں نے مذکورہ رسیونگ سٹیشن کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ اَفسران پر زور دیا کہ وہ علاقے میں نئے رسیونگ سٹیشن سے بجلی کی فراہمی میں اِضافہ ہو۔مشیر بصیر خان نے محکمہ دیہی ترقی میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا بھی معائنہ کیا ۔افسران نے انہیں کاموں کی موجودہ صورتحال اور مقامی آبادی کو فراہم کئے جانے والے فوائد سے آگاہ کیا ۔انہوں نے این اِی آر اِی جی اے کے تحت تعمیر ہونے والی پٹن ۔ پلہالن لنک روڈ کامعائنہ کیا او رعوامی سہولیت کے نقطہ نظر سے یہ ایک اہم سڑک ہے کیونکہ یہ سرینگر بارہمولہ شاہراہ پر ٹریفک کا رَش کافی حد تک کم کرسکتی ہے۔مشیر موصوف نے اَفسران کو ہدایات دیں کہ ہر کام کی تکمیل مقررہ وقت پر ہو۔انہوں نے متعدد میٹنگوں میں ؎ نظا م الاوقات کی تعمیل اورکاموں کے معیار کے بارے میں دی گئی ہدایات کا اعادہ کیا۔انہوں نے افسران کو مزید ہدایت دی کہ وہ منریگا کے کاموں کے لئے بروقت ادائیگی کریں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ مزدوروں کو اس اکاؤنٹ میں تکلیف نہ ہو۔مشیر بصیر خان نے رینجی پٹن میں سیاحتی کیفے ٹیریا کا معائنہ کر کے کیفٹیریا سے وابستہ مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے مشیرموصوف کو سیاحوں کے لئے دستیاب مختلف سہولیات سے متعلقہ جانکاری دی۔ مشیر نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ کیفے ٹیریا کے اِرد گرد آبی ذخائر کا ڈویڈنگ فوری طور پر کریں تاکہ یہ خوبصورتی میں اِضافہ کرے۔مشیر بصیر خان نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ موسم سرما سے قبل ہی سرمائی تیاری کریں تاکہ لوگوں کو تکلیف نہ ہو بالخصوص بجلی بنیادی ڈھانچے کو بڑھانے کے اِنتظامات کئے جائیں ۔اُنہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں بار بار بجلی کی کٹوتی یا ٹرانسفارمروں کی کمی نہیں ہونی چاہئے ۔انہوں نے پی ڈی ڈی کے اَفسران سے کہا کہ وہ گزشتہ میٹنگوں میں لئے گئے ہدایت کے مطابق بوسیدہ کھمبے ، کنڈکٹراور تاروں کو فوری طور پر تبدیل کریں۔بعد میں مشیر بصیر خان متعدد وَفودسے ملے او راُن سے تبادلہ خیا ل کیا۔جس میں ڈی ڈی سیز ، بی ڈی سیز ، پی آر آئیز ، سول سوسائٹی ممبران ، تاجروں اور دیگر شراکت دار شامل تھے ۔اِن وَفود نے اُنہیں اَپنے متعلقہ علاقوں کی سماجی و اِقتصادی ترقی سے متعلق اَپنی شکایات اور مطالبات سے آگاہ کیا۔وفود اور پی آر آئی کے مختلف مطالبات میں علاقے میں ریور بیڈاور مٹی کے تعمیراتی مواد کی دستیابی ، پٹن رسیونگ سٹیشن کے ذریعے بجلی کی فراہمی میں اِضافہ ، پیڈیاٹرک اور میٹرنٹی ہسپتال میں تبدیل کرنے کے لئے ایس ڈی ایچ بلڈنگ کا استعمال ، سڑکوں کی وسعت ، کھیل میدان کی ترقی اور پانی کی قلت کے مسائل شامل تھے۔مشیر موصوف نے وفود کے تمام مسائل اور مطالبات بغور سنا ۔انہوں نے کچھ مسائل کے ازالے کے لئے اَفسران کوموقعہ پر ہی ہدایات دیں اور کہا کہ دیگر تمام جائز مسائل جن کو متعلقہ حلقوں کے ساتھ اُٹھانے کی ضرورت ہے ان کو جلد اَز جلد حل کیا جائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ پبلک سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن اقدام اُٹھائے جارہے ہیں۔دریں اَثنأ مشیر موصوف نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ کووِڈ مناسب طرز عمل ( سی اے بی ) پر من و عن عمل کریں اور وَبائی اَمراض کی تیسری لہر کی وجہ سے پیدا ہونے والی کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچنا ضروری قرار دیا ۔ اُنہوں نے انہیں ماسک پہننے ، سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے اور گائوں اور پنچایتی سطح پر عوام میں ٹیکہ کاری کی اہمیت کی تشہیر کرنی چاہئے۔
اومپورہ بڈگام میں این آئی ایف ٹی کمپلیکس کا معائنہ | کمپلیکس کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے اومپورہ بڈگام میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فیشن ٹیکنالوجی ( این آئی ایف ٹی ) کے نئے کیمپس کا دورہ کیا ۔ مشیر نے انتظامیہ اور عمل آوری ایجنسی کو ہدایت دی کہ وہ کیمپس کے تمام سول کاموں کو فوری طور پر مکمل کرے ۔ بصیر خان نے افسران پر زور دیا کہ وہ ڈبل شفٹوں میں کام کریں تا کہ کیمپس اگلے تعلیمی سیشن سے اپریشن کیلئے تیار ہو ۔ انہوں نے ہدایت دی کہ وہ ایک ساتھ بجلی اور صفائی کے کام کو ہاتھ میں لیں تا کہ زیادہ سے زیادہ کام کم سے کم وقت میں مکمل ہو سکے ۔ مشیر نے ان سے کہا کہ وہ کام کے ہر جز کی ٹائم لائین طے کریں اور چند بلاکس مکمل کریں تا کہ انسٹی ٹیوٹ کی بتدریج شفٹنگ فوری طور پر ہاتھ میں لے لی جائے ۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ اکتوبر کے مہینے سے کیمپس کو فعال بنانے کو یقینی بنائیں اور مارچ تک اس عمل کو ختم کریں ۔ مشیر نے ضلعی انتظامیہ سے کہا کہ وہ اس میں ہونے والی پیش رفت کے بارے میں ہفتہ وار رپورٹ پیش کرے ۔ مشیر نے مناسب زمین کی تزئین اور کیمپس کے گردو نواح کا جمالیاتی جائیزہ لینے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے ان سے کہا کہ نکاسِ آب اور اس سے منسلک سیوریج ٹریٹمنٹ نیٹ ورک بنایا جائے تا کہ کیمپس ٹارگٹڈ ٹائم لائین کے مطابق فعال ہو جائے ۔ ڈائریکٹر این آئی ایف ٹی ڈاکٹر جاوید احمد وانی نے مشیر کو بتایا کہ یہ قومی اہمیت کا ایک باوقار منصوبہ ہے جس کی تخمینہ لاگت 326 کروڑ روپے ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ این آئی ایف ٹی سرینگر ملک کے 17 موجودہ کیمپس میں سے سب سے بڑا کیمپس ہو گا ۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ انسٹی ٹیوٹ اس وقت اپنے عارضی کیمپس سے رنگریٹھ سرینگر میں کام کر رہا ہے اور فیشن ڈیزائین اور فیشن کمیونیکیشن جیسے دو یو جی پروگرام پیش کر رہا ہے ۔ مشیر کو یہ بھی بتایا گیا کہ کیمپس میں آڈیٹوریم کی سہولیات ہوں گی جس میں 830 لوگوں کی بیٹھنے کی گنجائش ہو گی اور ایمفی تھیٹر وغیرہ کی سہولیات ہو گی ۔ کیمپس مکمل طور پر رہائشی ہے جس میں 720 طلباء اور 100 عملے کے کوارٹر ہیں ۔ تعمیراتی کام مارچ 2022 میں مکمل کیا جائے گا جیسا کہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ کی انتظامیہ نے اس موقع پر ظاہر کیا تھا ۔
غیر مقامی تاجر دھوکہ دہی میں ملوث | فروٹ ایسوسی ایشن شوپیان کا سخت ردعمل
شاہد ٹاک
شوپیان// شوپیان فروٹ منڈی ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ غیر مقامی سیب تاجر کشمیری تاجروں کے ساتھ دھوکہ دہی کرتے ہیں اور یہاں کے تاجروں سے مال لے کر فرار ہوجاتے ہیں۔ایسوسی ایشن نے بدھ کو ایک پریس کانفرنس کے دوران حکومت جموں و کشمیرپر زور دیا کہ وہ مقامی میوہ فروشوں کے مفادات کا تحفظ کرنے میں مؤثر اقدامات کریں۔ ایسوسی ایشن کے صدر محمد امین پیر نے بتایا کہ غیر مقامی تاجر کشمیر میں تاجروں کو مختلف بینکوں کے چیک دے کر سیب خریدتے ہیں اور جب تاجر وہ چیک لیکر بنک پہنچ جاتے ہیں تو اکثر چیک بائونس ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فروٹ منڈی شوپیاں میں دھوکہ دہی کا عمل طویل عرصے سے جاری ہے اور حکومت ان غیر مقامی تاجروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کررہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر مقامی تاجروں نے یہاں کے کاشکاروں اور تاجروں کو اپنا کاروبار بند کرنے پر مجبور کیا ہے۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ جنگی بنیادوں پر سخت قوانین بنائے جائیںتاکہ جعلی تاجر دھوکہ دہی کرنے میں کامیاب نہ ہوسکیں اورمیوہ کے کاروبار میں داخل نہ ہو سکیں۔اس حوالہ سے ایک غیر مقامی تاجر کو شوپیان پولیس نے گرفتار کیا ہے جس کے پاس 2 کروڑ روپئے سے زائد باقی ہے۔
ترچھل پلوامہ میں عرس کی تقریب
سرینگر//برگزیدہ صوفی بزرگ سید محمد اسکندر اندرابی کاعرس ترچھل پلوامہ میں عقیدت سے منایا گیا۔ اس سلسلے میں بعد نماز عصر ختمات المعظمات اور اوراد خوانی کی مجلس منعقد ہوئی ۔دور دراز علاقوں سے آئے ہوئے بڑی تعداد میں عقیدتمندوں نے شرکت کی ۔ مقامی پنڈت برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کی شمولیت کی۔ دعوت اسلامی سے وابستہ کئی علمائے کرام نے بھی اس میں شرکت کی۔ رات کو روایتی لنگر کا اہتمام ہوا۔ تقریب کی صدارت حقانی میموریل ٹرسٹ کے نائب سرپرست سید زاہد حقانی نے کی۔
اننت ناگ میں اہم مقامات پر سی سی ٹی وی نصب ہونگے | پولیس مانیٹرنگ کیلئے ہر وقت ریکارڈنگ موڈ میں رکھنے کی ہدایت
سرینگر//ضلع انتظامیہ اننت ناگ نے مختلف سرکاری محکموں اور نجی کمپنیوں کے علاوہ شاپنگ کمپلکس مالکان اور دیگر تمام کاروباری اداروں بشمول ہوٹلوں ، ریستورانوں ، کلینکوں ، نرسنگ ہوموں اور اسپتالوں کے منتظمین کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے اپنے متعلقہ احاطے میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کریں اور پولیس مانیٹرنگ کیلئے انہیں ہر وقت ریکارڈنگ کے موڈ میں رکھا جائے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر پیوش سنگلا کی جانب سے جاری اس حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ ان ایچ ڈی سی سی ٹی وی کیمروں کو قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کی مانیٹرنگ کیلئے ہمیشہ دستیاب رکھا جائے ۔ حکمنامہ میںکہا گیا ہے کہ سرکاری ، نجی شعبے کے بینک ، انشورنس کمپنیاں اور تمام مرکزی حکومت کے محکمے اپنے دفتر کے احاطے میں اور باہر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کو یقینی بنائیں ۔ہوٹلوں ، ریستورانوں اور کلینکوں ، نرسنگ ہومز، ہسپتالوں سمیت ادارے بھی بلڈنگ احاطے میں اور اس کے ارد گرد سی سی ٹی وی کی تنصیب کو یقینی بنائیں ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نگرانی کیلئے سی سی ٹی وی ایچ ڈی ڈی (اسٹوریج ڈیوائس) کو ہمیشہ دستیاب رکھنے کی ہدایت دی ہے ۔
طویل عرصے سے روپوش بانڈی پورہ کے 2لٹیرے گرفتار
بانڈی پورہ/عازم جان/ پولیس نے بانڈی پورہ میں پچھلے 15روز کے دوران دو مختلف کارروائیوں میں طویل عرصے سے روپو ش دو ملزمان کو سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا ہے۔ 25اگست 2021 کوپنجگام بانڈی پورہ کے 6سال سے روپوش مطلوب ملزم عبدالمجید خان کو گرفتار کرلیا گیا تھا ۔مذکورہ ملزم کیخلاف بڈگام کی ایک عدالت نے بلا ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کی تھی۔تازہ کارروائی میں سی جے ایم عدالت بانڈی پورہ کی طرف سے ایک سال سے روپوش ملزم کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ موصول ہونے کے بعد پولیس ٹیم نے وترنہ بانڈی پورہ کے ہلال احمد گنائی ولد محمد اکرم کو صفا کدل سرینگر سے حراست میں لیا۔
اپنی پارٹی میں کئی سیاسی و سماجی کارکنوں کی شرکت | نوجوانوں کی شمولیت سے زمینی سطح پر مثبت تبدیلی ہوگی:الطاف بخاری
سرینگر//اپنی پارٹی میں بدھ کو کئی سماجی وسیاسی کارکنوں نے شمولیت اختیار کی۔ ایک بیان کے مطابق اپنی پارٹی میں شامل ہونے والوں میں ابراہیم جاوید شاہ، حادی حضور، نافیہ شاہ، میر ظفر حسین، سید فضل کاشانی، شیمہ فاروق اور سجادہ بشیر قابل ِ ذکر ہیں۔ تقریب میں اپنی پارٹی صدر سید الطاف بخاری ، سینئر نائب صدر غلام حسن میر، جنرل سیکریٹری رفیع احمد میر، صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر، میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی، اپنی پارٹی یوتھ ونگ صدر اور مئیر سرینگر میونسپل کارپوریشن جنید عظیم متو اور پارٹی لیڈر میر عماد رفیع بھی موجود تھے۔ نئے ساتھیوں کا پارٹی میںخیر مقدم کرتے ہوئے بخاری نے کہاکہ نوجوانوں کی شمولیت سے جموں وکشمیر کے اطراف واکناف میں یقینی طور پر پارٹی مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ اپنی پارٹی نوجوانوں کو پلیٹ فارم مہیا کرنے پر یقین رکھتی ہے جہاں سے وہ لوگوں کی سماجی، اقتصادی اور سیاسی با اختیاری کے لئے اپنا تعاون پیش کرسکیں۔ بخاری نے کہا’’مجھے اِس بات کی خوشی ہے کہ باصلاحیت اور ہونہار نوجوان اپنی پارٹی میں شامل ہورہے ہیں، مجھے یقین ہے کہ اِس سے زمینی سطح پر مثبت تبدیلی ہوگی‘‘۔دریں اثناء پارٹی نے بدھ کے روز صوبائی کمیٹی کشمیر میں دو نئے عہدیداروں کی تقرری عمل میں لائی ہے جن کی سفارش صوبائی کمشنر کشمیر محمد اشرف میر نے متعلقہ قیادت کے ساتھ صلاح ومشورہ سے کی تھی۔ پارٹی صدر کی منظوری کے بعد اوتار سنگھ کو صوبائی سیکریٹری صوبہ کشمیر اور ماسٹر مقبول کو صوبائی کارڈی نیٹر صوبہ کشمیر بنایاگیاہے۔
پانپورمیں 3افرادنشہ آورادویات سمیت گرفتار | ہندوارہ میں بھنگ کی کاشت تباہ
سرینگر//پانپورپولیس نے تین افراد کونشہ آورادویات کی10بوتلوں سمیت گرفتارکیاہے ۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ پانپورتھانہ سے وابستہ ایک پارٹی نے ایس ایچ او محمدیونس خان کی قیادت میں ایم ای آئی کدلہ بل پانپورکے نزدیک ایک ناکہ لگایا،جس دوران پولیس کی ناکہ پارٹی نے تین افرادکو گرفتار کرکے اُن کی تحویل سے نشہ آورادویات کی10بوتلیں برآمد کرلیں ۔ایس ڈی پی ائوپانپورمیرامتیازاحمد نے بتایاکہ نشہ آورادویات کی اسمگلنگ میں مظفراحمدبٹ وطارق احمدمیرساکنان تلہ باغ پانپور اورندیم قادر ساکن نمبلہ بل پانپورکوگرفتار کیاگیا۔انہوںنے بتایاکہ تینوں ملزموںکے خلاف پولیس تھانہ پانپورمیںایف آئی آرزیرنمبر122/2021 درج کیاگیا ۔ادھرپولیس نے لنگیٹ ہندوارہ میں بھنگ کی کاشت کو تباہ کردیا ہے۔ لنگیٹ تھانہ کی پولیس پارٹی نے محکمہ مال کے ساتھ مل کربھنگ کو تباہ کیا ۔علاقے کے عام لوگوں نے پولیس کی کارروائی کو سراہا ہے اور قریبی علاقوں میں بھی اس طرح کی مہم جاری رکھنے پر زور دیا ہے۔
ڈاکٹر سحرش اصغر نے بارہمولہ میں RLM کی پیش رفت کا جائزہ لیا
سرینگر//مشن ڈائریکٹر جموںوکشمیر رورل لائیو لی ہڈس مشن ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر نے ضلع بارہمولہ میں مشن کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے جے کے آر ایل ایم ( اُمید ) کے اَفسران کی ایک میٹنگ طلب کی۔میٹنگ میں کشمیر کے ایڈیشنل ڈائریکٹر رِیاض احمد بیگ ، ڈسٹرکٹ پروگرام منیجر ان( ڈی پی ایم ) ، بلاک پروگرام منیجران ( بی پی ایم ) ، ضلع بارہمولہ کے ایم آئی ایس اسسٹنٹ اور مشن کے دیگر اَفسران نے شرکت کی۔ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایچ جی کو بینک شاخوں سے جوڑنے کی سہولیت فراہم کرنے کے لئے کہا تاکہ ایس ایچ جی کو کریڈٹ کی بروقت دستیابی کو یقینی بنایا جاسکے۔بی پی ایم کو ہدایت دی گئی کہ وہ اَپنے اَپنے بلاکوں میں کمیونٹی بیسڈ ریسورس میکانزم( سی بی آر ایم ) کمیٹیوں کو مستحکم کریں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ سی بی آر ایم کمیٹیاں قرضوں کی ضروریات ، کریڈٹ لنکیج او رادائیگیوں کی میں مزید سہولیت فراہم کریں گی۔اُنہوں نے بی پی ایم پر مزید زور دیا کہ وہ ان علاقوں کی نشاندہی کریں جہاں بنیادی ڈھانچے اور مارکیٹنگ سپورٹ کو بڑھایا جاسکتا ہے۔ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ ضلع کے ایس ایچ جی کے درمیان پی ایم ایف ایم اِی سکیم کے بارے میں بیداری پیدا کریں اور اَفسران کو مزید خصوصی مہم چلانے کی ہدایت دی تاکہ سکیم کے بارے میں معلومات تمام ممبران تک پہنچے۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں دستکاری محکمہ میں رجسٹرڈ ایس ایچ جی ارکان کو کریڈٹ سہولیات فراہم کرنے کے لئے ایس ایچ جی کے اَرکان کو کاریگر کریڈٹ کارڈ سکیم کے تحت اِندراج کیا جائے گا۔ضلع میں بلاکوں کی پیش رفت کے بارے میں میٹنگ کا جانکاری دیتے ہوئے اَفسران نے آگاہ کیا کہ 49341 دیہی خواتین کو 6028 ایس ایچ جیز میں شامل کیا گیا ہے اور 24.42 کروڑ روپے کی رقم مشن سے سرمایہ کاری کے طورپر ایس ایچ جیز کو واگزار کی گئی ہے۔میٹنگ کو مزید جانکاری دی ئی کہ بینکروں او رایس ایچ جی ممبر کے درمیان تعلقات کو مستحکم بنانے کے لئے ضلع میں مالیاتی خواندگی کیمپ اور ورکشاپ بھی منعقد کی گئیں۔اِس کے علاوہ یہ بھی جانکاری دی گئی کہ ایس ایچ جی کو بینکوں کے ساتھ 141.97 کروڑ روپے کا کریڈٹ دیا گیا ہے ۔ ایس ایچ جی کے ارکان نے مختلف معیشتوں جیسے مشروم کاشت ، مویشیوں کی پرورش ، دستکاری ، باغبانی میں سرمایہ کاری کی ہے ۔ یہ بھی مزید بتایاگیا کہ کنورجنس کے تحت دیگر لائن ڈیپارٹمنٹوں کے اشتراک سے زندگی کے مختلف اقدامات کا میابی سے شروع کئے گئے ہیں۔
ہفتہ وار بلاک دیوس | ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل نے صدارت کی
گاندربل//ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل کرتیکا جیوتسنا نے کانفرنس ہال منی سیکریٹریٹ میں ہفتہ وار بلاک دیوس کی صدارت کی او رکنگن او رگنڈ بلاکوں کے پی آر آئی کے مسائل اور شکایات کی شنوائی کی۔پروگرام میں اِن بلاکوں کے پی آر آئیز کی اچھی خاصی شرکت دیکھنے میں آئی جنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو اَپنے متعلقہ علاقوں کے مسائل اور ترقیاتی ضروریات گوش گزار کئے۔مطالبات میں بالخصوص موجودہ سڑکوں کی ترقی ، غیر قانونی تجاوزات کو ہٹانے ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور بجلی میں اِضافہ، پی آر آئی نے جاری کاموں کی بروقت تکمیل ، صحت کی بہتر سہولیات او رعوامی اہمیت کے دیگر سہولیات سے متعلقہ مسائل شامل تھے۔ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل نے شکایات ، مطالبات اور مسائل بغور سنا او ریقین دہانی کرائی کہ جائز مسائل کو وقت پر حل کیا جائے گا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے پی آر آئی کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ بلاک دیوس کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ تمام مسائل کا قبل از وقت جائزہ لیا جائے او راس کے بروقت اور معیاری تصفیے کو یقینی بنایا جائے۔مسائل کا جواب دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر گاندربل نے پی آر آئی پر زور دیا کہ وہ ان کاموں کو ترجیح دے جو زمینی سطح پر زیادہ اثر رکھتی ہیں اور ان سے کہا کہ وہ اَپنے علاقوں میں ترقیاتی کاموں کی نگرانی میں مؤثر کردار اَدا کریں تاکہ ان کی بروقت تکمیل ہو۔اِس سے قبل اے ڈی ڈی سی نے پی آر آئی پر زور دیا کہ وہ لوگوں کو مختلف مرکزی فلاحی سکیموں کے بارے میں آگاہ کرے جس کا مقصد لوگوں کے سماجی و معاشی حالات کو بالخصوص ضلع کے دُور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے لئے بہتر بنانا ہے۔بلاک دیوس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر گاندربل پیر مظفر او رمتعلقہ بی ڈی اوز نے بھی شرکت کی۔
قاضی آبادمیں ریچھ کے حملے میں شہری زخمی
کپوارہ/اشرف چراغ/ ضلع کپوارہ کے ہارویٹھ نامی ایک بالائی علاقہ میں بدھ کو ریچھ نے محمد جمال گنائی ولد مختار احمدگنائی پر اچانک حملہ کرکے اُسے شدیدزخمی کردیا۔ریچھ کے حملے میں زخمی ہوئے شخص کوپہلے نزدیکی پرائمری ہیلتھ سینٹر عشہ پورہ پہنچایاگیا ،جہاں مرہم پٹی کے بعداس کومزیدعلاج ومعالجہ کیلئے ضلع اسپتال ہندوارہ منتقل کیاگیا۔اس واقع کے بعد ہارویٹھ اورعلاقہ قاضی آبادکے بالائی علاقوںمیں خوف ودہشت کی لہردوڑ گئی کیونکہ لوگو ں کواندیشہ ہے کہ مکی کی فصل تیار ہونے کے پیش نظر نزدیکی جنگلوں سے ریچھ اوردوسرے جنگلی جانور آبادی والے علاقوںکارُخ کرچکے ہیں ۔جنگلوںکے نزدیک رہائش پذیر لوگوںنے محکمہ وائلڈ لائف کے حکام سے اپیل کی کہ بستیوںکے نزدیک ممکنہ طورپرچھپے ریچھوں اوردوسرے جنگلی جانوروںکوپکڑنے کیلئے فوری طورپرٹیمیں متحرک کریں ۔