جنگلات سے ہتھ گولہ برآمد
عظمیٰ یاسمین
راجوری //سیکورٹی فورسز نے راجوری ضلع کے جنگلاتی علاقہ سے ایک ہینڈ گرینڈ برآمد کرلیا ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ فوج اور جموں وکشمیر پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم تھنہ منڈی کت بھنگائی علاقہ کے جنگلات میں ایک تلاشی مہم چلارہی تھی جس کے دوران اس کو جھاڑیوں میں سے ایک ہینڈ گرینڈ ملا۔انہوں نے بتایا کہ ٹیم نے دوران تلاشی جھاڑیوں میں ایک مشکوک بیگ دیکھا جبکہ اس کو تحویل میں لے کر ایک ہینڈ گرینڈ برآمد کرلیا گیا ۔انہوں نے بتایاکہ دھماکہ خیز مواد کو ضبط کرنے کے بعد ناکارہ بنا دیا گیا ۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ ہیتھ گولہ حالیہ دنوں میں ہوئی جھڑپ والے علاقہ سے باز یاب ہوا ہے ۔
کوٹرنکہ کی عوام آلودہ پانی استعمال کرنے پر مجبور
محمد بشارت
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ کی مرکزی پنچایت میں رہائش پذیر لوگ محکمہ جل شکتی کی لاپرواہی کی وجہ سے آلودہ پانی استعمال کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔مقامی لوگوں نے محکمہ جل شکتی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے فرائض انجام دینے میں شدید نوعیت کی کوتاہی کررہے ہیں جس کی وجہ سے سپلائی لائنوں کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دے رہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ملازمین کی لاپرواہی کی وجہ سے سبھی گھروں کو گندہ پانی سپلائی کیاجارہاہے ۔مقامی معززین نے بتایا کہ کوٹرنکہ قصبہ میں بچھائی گئی پاپئیں یا تو خارج ہورہی ہیں یا ان کے جوڑ کھولے گئے ہیں جس کی وجہ سے عام لوگوں کو آلودہ پانی سپلائی ہورہا ہے جبکہ ملازمین بالخصوص تعینات ایگز یکٹو انجینئر و جونیئر انجینئر کو جانکاری فراہم کرنے کے باوجود پانی کی سپلائی لائنوں کی مرمت ہی نہیں کی جارہی ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ لاپرواہ جل شکتی ملازمین کےخلاف سخت کارروائی عمل میں لا کر عوام کو صاف پینے کا پانی سپلائی کروایا جائے ۔
فوج نے غریبوں میں پانی کے ٹینک تقسیم کئے
حسین محتشم+رمیش کیسر
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ اور سب ڈویژن نوشہرہ میں فوج کی جانب سے غریبوں میں پانی کے ٹینک تقسیم کئے گئے ۔ضلع پونچھ میں آپریشن سدبھاونا کے تحت پنچایت نور کوٹ کے سرحدی گاﺅں تگلو میں ایک کیمونٹی ہال تعمیر کیاگیا جبکہ 30کنبوں کی سہولت کے لئے ان میں پانی کے ٹینک بھی تقسیم کئے گئے۔آپریشن سدبھاو¿نا کے تحت فوج نے پریشان حال افراد کےلئے ایک کمیونٹی ہال تعمیر کیا گیا جس کی رسم افتتاح برگیڈ کمانڈر93انفنٹری بریگیڈ کمانڈرسینا میڈل پونیت ڈووال نے ربن کاٹ کر نبھائی اور اس کے بعد اسے عوام کے حوالے کیا گیا تاکہ وہ اسے وقت ضرورت سماجی کاموں کے لئے استعمال کر سکیں۔ اس موقع پر موجود سرپنچ حلقہ پنچایت نور کوٹ نے کہا کہ اس سے یقیناً لوگوں کوبڑی راحت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ فوج نے ہمیشہ سرحدی لوگوں کی دیکھ بھال کی ہے۔انھوں نے کہا کہ جب بھی کوئی پریشانی ہوتی ہے تو فوج ہماری مدد کے لیے پہنچ جاتی ہے۔انھوں نے کہا کہ فوج کی جانب سے گاﺅں کے 30کنبوں لو کو جنھیں پانی کی قلت کی وجہ سے سخت مشکلات ہوتی ہیں کو واٹرٹینک فراہم کئے گئے اس سے بھی سرحدی عوام خوش ہیں۔ اس موقع پر موجود معروف صحافی اور ناظم پردیپ کھنہ نے کہاکوڈ 19 کے بحران کی وجہ سے ہمارے ضلع میں فوج نے اس سے قبل بھی عوام کی مدد کی ہے۔انھوں نے فوج کے اقدام کی کافی ستائش کی ۔سب ڈویژن نوشہرہ میں فوج کی جھنگڑ بٹالین نے سرحدی دیہات کی عوام کو پانی کے ٹینک تقسیم کئے ۔فوج نے بتایا کہ سرحدی علاقوں میں عوام کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرناپڑرہا ہے جس کےلئے فوج کی جھنگڑ بٹالین نے شیر ،مکڑی و دیگر ملحقہ علاقوں میں لوگوں کو پانی کے ٹینک فراہم کئے ۔
دل کا دورہ پڑنے سے فوجی اہلکار لقمہ اجل
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ میں سرحد پر تعینات ایک فوجی اہلکار حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے لقمہ اجل بن گیا ۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ نوشہرہ کے سرحدی علاقہ میں تعینات سکھ لائی رجمنٹ کا حوالدار منگیر سنگھ کلال سیکٹر میں دوران ڈیوٹی دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ہلاک ہوگیا ۔انہوں نے بتایا کہ فوجی اہلکار کو شدید درد میں مبتلا ہونے پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پرڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دے دیا ۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کروانے کے بعد یونٹ کے حوالے کر دی ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ فوجی اہلکار کا تعلق پنجاب سے تھا جس کی حدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔
حوالدار محمد اشرف آبائی گاﺅں میں سپرد خاک
کوٹرنکہ //ریاست بہار میں تعینات ایس ایس بی اہلکار محمد اشرف کواپنے آبائی گاﺅں دھار پھلنی میں پُر نم آنکھوں کےساتھ سپرد خا ک کردیا گیا ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ ایس ایس بی اہلکار کی ڈیوٹی کے دوران موت واقعہ ہو گئی تھی جبکہ ان کے نماز جنازہ میں ہزاروں کی تعداد میں مقامی لوگوں نے شرکت کی ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ حوالدار محمد اشرف لون ایس ایس بی کی پینسٹھویں بٹالین بہار میں تعینات تھے جہاں چند روز قبل تیز پانی میں بہہ جانے کی وجہ سے وہ انتقال کر گئے تھے۔ان کی وفات پر سنیچر کو پورے علاقے میں لوگ آخری رسومات کے لئے انتظار کرتے رہے اور لاش کو آبائی گاوں لایا گیا جہاں انہیں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا۔نمازِ جنازہ کے بعد ایس ایس بی فوج کے دستے نے حوالدار محمد اشرف لون کو گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ ان کی لاش کو سلامی بھی دی گئی۔کئی سیاسی و سماجی شخصیات نے مرحوم کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔