لولاب میںنوجوان اخروٹ کے درخت سے گرکرلقمہ اجل
اشرف چراغ
کپوارہ//لولاب میں نوجوان اخروٹ کے درخت سے گر کرلقمہ اجل بن گیا۔24برس کابلال احمدبٹ ولدعبدالخالق بٹ ساکن سیورکاواری اخروٹ اُتارنے کیلئے درخت پرچڑھ گیا،اس دوران اس کا پائوں پھسلااور وہ دورخت سے گرکر شدیدزخمی ہوگیا۔اس موقعہ پرمقامی لوگوں نے اُسے فوری طور سب ضلع اسپتال کپوارہ پہنچایا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔
’ای ۔آفس ‘استعمال کرنے والے محتاط رہیں:سرکیولرجاری
بلال فرقانی
سرینگر// حکومت نے سرینگر اور جموں کے سول سیکریٹریٹ اور راج بھون کے بیشتر دفاتر کی’’ ای آفس‘‘ میں منتقلی کے بعد افسراں کو ممکنہ آن لائن ہیکنگ اور سائبر حملوں سے خبردار رہنے کیلئے ’ای آفس‘ سیکورٹی ایڈوئزری جاری کی ہے۔ سرکار کا کہنا ہے کہ سیول سیکریٹریٹ اور راج بھون میں’ای آفس‘ کے نفاذ سے حکومت کی فعالیت کو یقینی بنانے کے علاوہ جموں و کشمیرمیں سرکاری کام و کاج میں بہتری آئی ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ان فواید کے باوجود ، یہ آن لائن نظام کسی بھی دوسرے انفارمیشن ٹیکنالوجی پر مبنی نظام کی طرح ، آن لائن حملوں خاص طور پر ہیکنگ، کلیدی لاگر ، کے حوالے سے حساس ہے ، جبکہ اس نظام خطرات سے محفوظ کیا جا رہا ہے ،تاہم ہیکنگ سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ انتظامی سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی امیت شرما کی جانب سے جمعہ کو جاری سرکیولر میں ’’ای آفس‘ استعمال کرنے والے افسراں اور عملے کو ہ ممکنہ ہیکنگ کوششوں سے زیادہ محتاط اور خبردار رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔ انتظامی سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی امیت شرما نے سرکیولر میں کہا’’ تمام صارفین کو سیکورٹی کے خطرات سے آگاہ کرنے کے لیے ، نیشنل کریٹیکل انفارمیشن انفراسٹرکچر پروٹیکشن سینٹر ( این سی آئی پی سی) ، سے سیکورٹی ایڈوائزری موصول ہوئی ہے۔ سرکیولر میں تمام ای آفس صارفین کو حکم دیا ہے کہ وہ ای آفس کی سائبر حفاظت کے لیے آن لائن حملے اور مداخلت جیسے ہیکنگ ،فشنگ ،سروس کے حملوں کو ذہن میں رکھے اور اگر کوئی ایسا معاملہ سامنے آئے تو اس کی اطلاع جموں کشمیر کے حکام کو دی جائے ۔
میڈیکل نشستیں آل انڈیا کوٹے میں دینے پر’ڈاک ‘ برہم
کہا اس سے جموں کشمیر میں صحت عامہ کانظام ابتر ہوجائیگا
سرینگر//ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کشمیر نے ایم بی بی ایس کی پندرہ فیصداورپوسٹ گریجویٹ کورسوں کی پچا س فیصد نشستیں مرکزی کوٹامیں دینے کے جموں کشمیر حکومت کے فیصلے پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس سے جموں کشمیر کے اُمیدواروںکامستقبل خطرے میں پڑ جائے گا۔ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر نثارالحسن نے ایک بیان میں کہا کہ جموں کشمیر کے میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس اور پوسٹ گریجویٹ سیٹوں کاکوٹامرکزی پول میں دینے سے خواہشمند امیدواروں کے مستقبل کوضررپہنچے گا۔ میڈیکل کونسل کمیٹی نے حالیہ نوٹیفیکیشن میں کہا کہ جموں کشمیرحکومت کاآل انڈیا کونسلنگ کوٹے میں حصہ لینے کا امکان ہے اورجموں کشمیرحکومت کو اس سے سلسلے میں تجویز منظوری کیلئے بھیجی ہے ۔پہلے جموں کشمیرتمام میڈیکل سیٹیں مقامی طلاب کیلئے مخصوص رکھتی تھیں اور آل انڈیا کوٹے سے باہرتھیں۔ڈاکٹرس ایسوسی ایشن نے کہا کہ اب ایم بی بی ایس نے 15اور پوسٹ گریجویٹ کورسوں کی50فیصدنشستیں آل انڈیا کوٹے میں جائیں گی ۔اس سے غیرمقامیوں کیلئے دروازے واہوجائیں گے اور مقامی طلاب کے مستقبل کوضررپہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ پولنگ نے نوکریوں کے مواقع میں رکاوٹ پیدا ہوگی اورجموں کشمیرمیں ڈاکٹر کی بے روزگاری میں اضافہ ہوگا۔ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر ارشدعلی نے کہا کہ غیرمقامی ڈاکٹر یہاں سے پوسٹ گریجویشن مکمل کرنے کے بعد اپنے آبائی علاقوں کوجائیں گے جس سے خطے میں صحت عامہ کا نظام بگڑ جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پولنگ سے ڈاکٹروں اور مریضوں کا تناسب پھر کم ہوگا اور اس طرح جموں کشمیرکا صحت عامہ کانظام مزیدابتر ہوجائے گااور کشمیرکے لوگ سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی خدمات سے محروم ہوں گے۔ایسوسی ایشن کے ترجمان ڈاکٹر ریاض احمد ڈگا نے کہا کہ یہ قدم جموں کشمیر کے صحت عامہ کے نظام کیلئے مضر ثابت ہوگی۔
کلن کنگن میں دوگاڑیوں میں شدیدٹکر،6زخمی
غلام نبی رینہ
کنگن//کلن کنگن میں دوگاڑیوں کے درمیان شدیدٹکر ہونے کے نتیجے میں چھ افراد زخمی ہوئے جنہیں سب ضلع اسپتال کنگن میں داخل کیا گیاہے۔مڈپورہ کلن گنڈ کنگن میں ایک آلٹوکازیرنمبرJK01T-4288اورایک انواگاڑی JK07-4408کے درمیان شدیدٹکر ہوگئی جس کے نتیجے میں آلٹومیں سوارچھ افراد جن کی شناخت کلثوم بانو دخترمحمدیوسف ساکن رامواری گنڈ،روزی دختر محمد یوسف رینہ ساکن ریزن،عادل احمد ولد عبدالرشیدساکن رامواری گنڈ ، امتیاز احمدکلوولدمحمد یوسف کلو،طارق احمد کلوولدمحمدصدیق ، شاہد احمد ولد نذیر احمد ساکنان رامواری گنڈ کے طور ہوئی،زخمی ہوئے،جنہیں مقامی لوگوں نے فوری طور پرائمری ہیلتھ سینٹرکلن منتقل کیا جہاں سے انہیں سب ضلع اسپتال کنگن لایا گیا۔سب ضلع اسپتال کنگن کے میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ڈاکٹرسلمہ بٹ نے بتایا کہ زخمیوں کے سروں میں چوٹیں آئی ہیں اور انہیں مزید علاج کیلئے سکمزصورہ ریفر کیا گیا ہے۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے مزیدتحقیقات شروع کی ہے۔
۔1ہزار کلوگرام وزنی ترنگا
لیہہ میں ملک کا سب سے بڑا پرچم لہرایا گیا
نئی دہلی //یواین آئی// گاندھی جینتی کے موقع پر لیہہ لداخ میں دنیا کا سب سے بڑا کھادی سے بنا ترنگا لہرایا گیا جس کا وزن 1000 کلوگرام ہے جبکہ 255 فٹ لمبائی اور 150 فٹ چوڑائی ہے ۔دیوہیکل ترنگے کی رونمائی لیہہ کے لیفٹیننٹ گورنر آر کے ماتھور نے ایک خصوصی تقریب میں کی۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل منوج مکند نروانے بھی موجود تھے ۔مرکزی وزیر تجارت و صنعت اور ٹیکسٹائل پیوش گوئل نے اس ترنگے کی تصویر کے ساتھ ایک ٹویٹ میں کہا ،’’یہ شہریوں میں سودیشی کھادی کے استعمال کی حوصلہ افزائی کرے گا اور ملک سے محبت کا جذبہ بڑھائے گا‘‘۔یہ جھنڈا فوج کی 57 ویں انجینئرنگ ریجیمنٹ نے کھادی ولیج انڈسٹریز کمیشن سے تیار کروایا ہے ۔ یہ تقریب دوردرشن پر دکھائی گئی۔مرکزی وزیر صحت منسکھ مانڈاویانے بھی ٹویٹر پر اس کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا،’’گاندھی جینتی (سالگرہ) کے موقع پر لداخ میں دنیا کا سب سے بڑے ترنگا کی رونمائی کی گئی جوہندوستان کے قومی پرچم کے لیے بڑے فخر کا لمحہ ہے ۔ میں باپو کی یاد میں اس تقریب کے تئیں اظہار عقیدت کرتا ہوں۔ یہ ہندوستانی دستکاروں کے مفادات اور ملک کا وقار بڑھانے والی تقریب ہے ۔ جے ہند جے بھارت‘‘۔
دلی والوں نے جموں سے بھی دورکیا:نذیرایتو
سرینگر///پی ڈی پی کے سابق لیڈر اور جموں کشمیر سمینٹس کے سابق وائس چیئرمین انجینئر نذیر احمد یتو نے وزیر اعظم نریندر مودی کو کل جماعتی میٹنگ کا وہ وعدہ یاد دلایا جس میں دلی کی دوری اور دل کی دوری کودور کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیاتھا۔انہوں نے کہا کہ تاہم بد قسمتی سے کشمیر کو جموں سے دور کرکے لاکھوں لوگوں کو ایک دوسرے سے جدا کیاگیا،جو سراسر ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔ انجینئر نذیر یتو نے وزیر اعظم سے پوچھا اگر جموں کشمیر ہندوستان کا تاج ہیں،پھر یہ دوہری پالیسی کیوں ہے۔ نذیر احمد ایتو نے مرکزی سرکار کو خبردار کیا کہ جموں اور کشمیر کے لوگ دو جسم ایک جان ہے۔پنڈتوں کا ذکر کرتے ہوئے انجینئر نذیر احمد ایتو نے کہا کہ ان کو کشمیر کے مسلمان،نھائیوں کے خلاف بھڑکایا جاتا ہے،مگر پنڈت بھائی ہمارے تہذیب کی ایک شناخت ہے اور اس بھائی چارے کو ہم کسی بھی طور پر زک پہنچانے کی اجازت نہیں دینگے۔
’’تریٹھہ گولہ‘‘ فروخت کرنے والے 3گرفتار
ارشاداحمد
بڈگام//پولیس نے گاندربل کے ایک شہری کوجعلی خلائی شئے’’تریٹھہ گولہ‘‘فروخت کرنے کے الزام میں تین افراد کو گرفتار کرکے ان سے اسے کے عوض حاصل کی گئی چارلاکھ روپے کی رقم بھی برآمد کرلی۔معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ روزتھانہ پولیس ماگام کو غلام محمدوانی ولدغلام احمدوانی ساکن کرہامہ گاندربل کی طرف سے تحریری شکایت موصول ہوئی کہ تین مقامی افراد نے اُسے گیندنماجعلی خلائی شئے فروخت کرکے اس کے عوض چار لاکھ روپے حاصل کئے۔جانچ پڑتال کے بعد پتہ چلا کہ یہ ایک معمولی پتھر ہے۔پولیس نے بروقت کارروائی کرکے کیس زیرنمبر216/2021درج کرکے تین افرادجن کی شناخت غلام قادر پرے ولد غلام محی الدین ،رفیق احمد پرے ولد محمد عبداللہ ساکنان لسی پورہ درنگ بڈگام اورمحمداسلم خان ولدخلیل الرحمن ساکن نادی ہل بانڈی پورہ کودوگھنٹوں کے دوران ہی گرفتار کرکے ان کی تحویل سے خلائی شئے اورنقدچارلاکھ روپے برآمد کرکے انہیں سلاخوں کے پیچھے ڈالدیا۔اس سلسلے میں پولیس نے کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے عام لوگوں سے درخواست کی کہ وہ سماج دشمن عناصر کے اِن ہتھکنڈوں اور دھوکہ دہی چالوں سے متاثر نہ ہو بلکہ پولیس سے ایسے عناصر کی سرگرمیوں کو بے نقاب کرنے کے لئے فوری رابطہ کریں۔
’گپکار اتحاد ‘دوخاندانوں تک محدودہوکررہ گیا:سنیل شرما
اونتی پورہ //سید اعجاز //بھارتیہ جنتاپارٹی کے سینئررہنمااورجنرل سیکریٹری سنیل شرما نے کہا ہے کہ عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ اب مفتیوں اور عبداللہ خاندانوں تک ہی محدود ہوگیا ہے اور ایک ایک کرکے اِس سے تمام چھوٹے بڑے لیڈر دوری اختیار کررہے ہیں۔وہ اونتی پورہ قصبے میں صفائی مہم کاآغازکرنے کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات کررہے تھے۔سنیل شرما نے کہا کہ عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ کے جتنے بھی بڑے لیڈراور کارکن تھے ،وہ ایک ایک کرکے سب اس سے الگ ہوگئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ جتنے بھی لیڈران کے ساتھ تھے،سب نے ان کی خصلت دیکھ کر اِس اتحادسے نکلنے میں ہی عافیت سمجھی۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں سابق ممبر اسمبلی جاوید مصطفی میر جو کئی بار ممبر اسمبلی رہ چکے ہیں، نے استعفیٰ دیکراِن سے دوری اختیار کی اور انہیں اس بات کا علم ہوا ہے کہ یہ صرف اپنے لئے سب کچھ کر رہے ہیں ۔انہوں نے بتایا اب یہ صرف دو خاندانوں پر مشتمل ہے جن میں عبد اللہ اور مفتی فیملی شامل ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ دونوں کنبوں نے اپنی چوریوں اور کمزریوں کو چھپانے کے لئے مل کر یہ گینگ بنائی ، جسے گپکار یا پی اے جی ڈی گینگ کہتے ہیں ۔جمعہ کے روز پی اے جی ڈی کی جانب سے جاری بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے ہوئے سنیل شرما نے بتایا بی جے پی جو کہتی ہے، وہ کر کے دکھاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے دفعہ370کو ختم کرنے کا وعدہ کیا تھااور ختم کیا ہے ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کہا تھا کہ عمر عبداللہ اور پی ڈی پی کے دو اقتدار کے دوران یہاں قبرستان بھر گئے۔ پی جے پی لیڈر نے کہا کہ وزریر عظم نے بتایا تھاکہ چاہے کتنی بھی سختی کیوں نہ کرنی پڑے گی لیکن کسی والد کو اپنے بیٹے کے تابوت کو کاندھا دینا نہیں پڑے گا ۔انہوں نے کہا سختی کرنی پڑی لیکن ایک بھی چڑیا کا پر نہیں کٹا ہے ۔
وادی بھر میں حضرت شیخ حمزہ مخدوم کا عرس منایا گیا
سرینگر//وادی بھر میںحضرت شیخ حمزہ مخدومؒ کا 460 واں عرس نہایت عقیدت کے ساتھ منایا گیا۔ کووڈ 19کے پیش نظر شب خوانی نہیں ہوئی تاہم وادی کے اطراف واکناف سے عقیدتمندوں نے عرس کے دوران حاضری دی۔ 11ماہ صفر سے 23ماہ صفر تک ختمات المعظمات کی مجالس آراستہ ہوئیں جس کی پیشوائی بقعہ عالیہ کے ختم خواں عبدالمجید مخدومی نے کی۔وادی کے مختلف بقعہ جات میں بھی تقاریب کا اہتمام ہوا جس میں علماء نے حضرت شیخ حمزہ مخدوم ؒ کی سیرت اور روحانی کمالات پر روشنی ڈالی۔جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے خانقاہِ جامع پانپور میں خطاب کیا کہ محبوب العالم حضرت شیخ حمزہ مخدومؒ خلوص و ایثار ، سخاوت ، شفقت و محبت ، عزم وہمت ، صبر واستقلال اورسادگی وانکساری کے اعلیٰ نمونہ تھے ۔خانقاہِ اکملیہ میں مولانا خورشید احمد قانونگو نے حضرت سلطان العارفینؒ کے علمی ، روحانی اور ریاضت الٰہی پر خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ سلطان العارفین طریقت ، شریعت ، معرفت اور روحانیت کے امام تھے۔ اُن کا دل مبارک انسانی ہمدردی کے جذبے سے لبریز تھا۔خانقاہِ صبور باب صاحب ؒ بربرشاہ میں مولانا شوکت حسین کینگ اور قدیم مسجد قاضی یار میں مولوی لطیف احمد جبکہ غوثیہ کالج قاضی گنڈ میں سید محمد شفیع اندرابی نے خطاب کیا۔ ایسی ہی تقریبات تجر شریف سوپور، اہم شریف بانڈی پورہ، مخدوم منڈل کپرن، نادی ہل بانڈی پورہ، اسلام آباد، بارہمولہ، کپوارہ کھاگ ، گاندربل اور دیگر کئی مقامات پر منعقد ہوئیں۔
حقانی ٹرسٹ کاخراج عقیدت
سرینگر//حقانی میموریل ٹرسٹ کے شعبہ تعلیم کی جانب سے حضرت شیخ حمزہ مخدومؒ کے عرس پر ان کی دینی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ شعبہ تعلیم کے سربراہ مفتی قمرالدین اویسی نے کہا کہ حضرت شیخ حمزہ مخدومؒ نے اسلام کی ترویج و تبلیغ اور مسلمانوں کی رہنما ئی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ شعبہ تعلیم کے مولانا طارق مصباحی نے گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پاک زندگی آج بھی مسلمانوں کے لیے راہ ہدایت ہے ۔
پینے کے پانی کی عدم دستیابی
ناربل میں جل شکتی محکمہ کے خلاف احتجاجی دھرنا
ارشاد احمد
بڈگام//ناربل ماگام سے ملحقہ علاقہ وندک پورہ عالم آباد نے جل شکتی محکمہ کے خلاف ناربل میںاحتجاجی دھرنا دیاجس کے تیجے میںایک گھنٹے تک ٹریفک کی نقل و حرکت متاثر ہوئی ۔مظاہرین نے کہا کہ اُنہیں ایک ہفتے سے پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جل شکتی محکمہ کے اعلیٰ حکام کو آگاہ کیا گیالیکن محکمہ نے کوئی کارروائی آنا پڑا۔پولیس حکام کی یقین دہانی کے بعد دھرنا ختم کردیا گیا۔
گاندھی جینتی :پولیس نے صاف و شفاف ماحول کیلئے عہد لیا
ہیڈکواٹر میں مرکزی تقریب، ہر سال 100گھنٹے وقف کرنے کا عزم
سرینگر// گاندھی جینتی کے موقع پر جموں و کشمیر کے پولیس اداروں میں ایک سوچتا عہد کی تقریبات منعقد کی گئیں۔ مرکزی تقریب پولیس ہیڈ کوارٹر کے لان میں منعقد کی گئی۔ اے ڈی جی پی کوآرڈی نیشن پی ایچ کیو دانش رانا نے پولیس افسران ، اور پولیس ہیڈ کوارٹر سرینگر ، سی آئی ڈی ہیڈ کوارٹر ، اے سی بی ہیڈ کوارٹر کے اہلکاروں کو صفائی ستھرائی کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کا وعدہ دیا ۔تقریب حلف برداری میں ایس پی ایل ڈی جی پی ، سی آئی ڈی جے اینڈ کے آر آر سوین ، اے ڈی جی پی ٹریفک جموں کشمیر ٹی نامگیال ، ڈی پی ٹی جے اینڈ کے مشتاق احمد ، پی ایچ کیو کے اے آئی ایس جی ، سینئر پولیس افسران اور مختلف ونگز کے عملے نے شرکت کی۔ حلف اٹھانے کے بعد سینئر افسران نے صفائی مہم کا آغاز کیا جس میں سینئر افسران نے حصہ لیا۔اے ڈی جی پی کوآرڈی نیشن پی ایچ کیونے مہاتما گاندھی کی شراکت کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ ہم ملک کو صاف ستھرا رکھ کر ملک کی خدمت کریں۔سینئر افسر اور اہلکاروں نے صفائی کے لیے پرعزم رہنے اور ہر سال 100 گھنٹے یعنی ہفتے میں دو گھنٹے وقف کرنے کا عہد کیا۔ صفائی کے لیے رضاکارانہ طور پر کام کرنا نہ وہ گندگی کریں گے اور نہ ہی دوسروں کو کوڑا پھینکنے دیں گے۔ اپنے اپنے خاندان ، اپنے علاقے ، اپنے گاؤں اور اپنے کام کی جگہ کے لیے صفائی کا آغاز کریں۔افسران/عہدیداروں نے عہد کیا کہ دنیا کے وہ ممالک جو صاف دکھائی دیتے ہیں اسلئے کہ ان کے شہری گندگی میں ملوث نہیں ہوتے اور نہ ہی وہ ایسا ہونے دیتے ہیں۔ اس پختہ یقین کے ساتھ ، افسران/اہلکار دیہاتوں اور قصبوں میں سوچھ بھارت مشن کے پیغام کو پھیلائیں گے ، اور 100 دیگر افراد کو یہ عہد لینے کی ترغیب دیں گے۔ وہ کوشش کریں گے کہ انہیں اپنے 100 گھنٹے صفائی کے لیے وقف کریں اور انہیں یقین ہے کہ صفائی کی طرف اٹھائے گئے ہر قدم سے ہمارے ملک کو صاف ستھرا بنانے میں مدد ملے گی۔دریں اثنا ، سیکورٹی سنٹرل پول جموں کے احاطے میں بھی سوچتا عہد لیا گیا اور جموں و کشمیر کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ، یونٹس اور ونگ ہیڈ کوارٹرز میں صفائی مہم چلائی گئی جس میں پولیس افسران اور جوانوں نے حصہ لیا۔
کلین انڈیا ڈرائیو
سرمد حفیظ نے چنار باغ میں جھنڈی دکھائی ،نہرو پارک میں شکارا ریلی
سرینگر//گاندھی جینتی کے موقع پر سیاحت کے سیکریٹری سرمد حفیظ نے کلین انڈیا پروگرام کے موقع پر چنار باغ سرینگر میں کلین لائینز ڈرائیو کا آغاز کیا ۔ ڈائریکٹر سیاحت جی این ایتو ، ڈپٹی ڈائریکٹر سیاحت احسن الحق چشتی اور محکمہ کے دیگر افسران کے علاوہ طلبا ء نے صفائی کے پروگرام میں حصہ لیا ۔اس موقع پر بڑی مقدار میں پالی تھین بیگ ، پلاسٹک کی بوتلیں ، ریپرز اور پیکیجنگ مواد اکٹھا کیا گیا اور مناسب تلفی کیلئے حوالے کیا گیا ۔ طلباء کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے سیکریٹری سیاحت نے طلباء سے کہا کہ وہ کلین انڈیا پروگرام کے سفیر بنیں اور اپنے اپنے علاقوں کے دوستوں اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کریں کہ وہ اپنے گردو نواح کو صاف ستھرا رکھیں تا کہ علاقے کی عمومی حفظان صحت برقرار رہے ۔ دریں اثنا انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ چنار باغ کے پارکوں کی بحالی ، دیکھ بھال اور اپریشنل کرنے کیلئے کام کریں تا کہ سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہو ۔ بعد ازاں آزادی کا امرت مہواتسو ڈائریکٹر سیاحت کشمیر جی این ایتو نے نہرو پارک سے ایس کے آئی سی سی تک ڈل جھیل میں شکارا ریلی کو جھنڈی دکھائی ۔
جے کے پی سی سی کا مہاتما گاندھی اور شاستری کو خراج عقیدت
سرینگر//جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) نے ہفتہ کو سرینگر پارٹی دفتر میں مہاتما گاندھی کی سالگرہ منائی۔جے کے پی سی سی نے سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کو بھی یاد کیا اور قوم کیلئے ان کی خدمات کو یاد کیا۔اس موقع پر پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے جے کے پی سی سی صدر غلام احمد میر نے قوم کیلئے مہاتما گاندھی کی قربانیوں اور خدمات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ گاندھی جی نے ملک میں ہم آہنگی اور اتحاد کے لیے اپنی جان دی ، ان کی قربانیاں پوری دنیا میں نسل کو متاثر کرتی رہیں گی۔انہوںنے کہا کہ مرکز میں موجودہ حکومت کے تحت ہندوستان کا خیال بہت زیادہ خطرے میں ہے ، اسلئے ان تمام قوتوں کے مقاصد کو شکست دیں جو ہندوستان کے اتحاد اور سیکولر شناخت کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے جے کے پی سی سی صدر نے کہا کہ شاستری جی ایک بہترین سیاستدان تھے ، جنہوں نے ہندوستان کے دوسرے وزیر اعظم کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ میر نے پارٹی کارکنوں کو یاد دلایا کہ مرحوم لیڈر ایک بہادر اور ترقی پسند آدمی تھے ، جس نے سفید انقلاب کو فروغ دیا ، جسے قومی مہم کے نام سے مشہور کیا گیا۔
عطیہ خون کا قومی دن، وادی بھرمیں تقاریب کا اہتمام
سرینگر //عطیہ خون کے قومی دن پر وادی میں کئی تقاریب کا اہتمام کیا گیا جہاں سینکڑوں رضاکاروںنے اپنا خون عطیہ کیا۔ ان تقریبات میں مقررین نے خون کا عطیہ کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں انسانیت کیلئے ایک نمونہ قراردیا ۔ اس سلسلے میںعطیہ خون کا کیمپ یکم اکتوبر 1975کو منعقد کیا گیا تھا جس کو قومی خون کے عطیہ کے دن کے حوالے سے یاد رکھا گیا اور اس دن ہر برس بھارت میں یہ دن منایا جاتا ہے جس کے تحت لوگ اپنا خون رضاکارانہ طور پر عطیہ کرتے ہیں تاکہ ہسپتالوں میں خون کی کمی کا مسئلہ نہ رہے۔
کارمولہ ترال میں آگ
رہائشی مکان خاکستر
سید اعجاز
ترال//جنوبی قصبہ ترال کی گوجر بستی کار مولہ میں آگ کی ایک وادات میں ایک رہاشی مکان مکمل طور خاکستر ہوا جس کی وجہ سے کنبہ کھلے آسمان تلے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہوا ۔ترال سے قریب 10کلو میٹر دور گوجر بستی کارمولہ میں سنیچر کی صبح ایک شہری اکرم حسین گوجر ولد محمد ایوب گوجر کے گھر میں اچانک آگ ظاہر ہوئی جس نے آناً فاناً پورے مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ علاقے میں پانی اور سڑک نہ ہونے کی وجہ سے مکان مکمل طور خاکستر ہوا جبکہ افراد خانہ کا تمام سامنا راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوا ۔
ضلع سرینگر کیلئے اپنی پارٹی عہدیداران کی تقرریاں
سرینگر// اپنی پارٹی نے ہفتہ کے روز ضلع سرینگر کے لئے مزید پانچ عہدیداران کی تقرریاں عمل میں لائیں۔ اِن عہدیداران کے ناموں کی سفارش پارٹی ضلع صدر سرینگر نور محمد شیخ نے کی تھی جس کو ریاستی سیکریٹری منتظرمحی الدین نے پارٹی صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر تک پہنچایا، جنہوں نے پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری کی طرف سے منظوری ملنے کے بعد ان عہدیداران کا اعلان کیا۔ منظور احمد شیخ کو سنیئر نائب کارڈی نیٹر بٹہ مالو حلقہ، محمد حفیظ کو آرگنائزنگ سیکریٹری ، الطاف احمد بٹ کو آرگنائزر ، محمد اشرف خان کو جوائنٹ سیکریٹری اور محمد عرفان کو اسمبلی حلقہ بٹہ مالو کے لئے پبلسٹی سیکریٹری کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
SSP گاندربل کی DDC ممبران کے ساتھ بات چیت
سرینگر//ایس ایس پی گاندربل نکھل بورکرنے ضلع پولیس دفتر ضلع کے ڈی ڈی سی ممبران کے ساتھ بات چیت کی ۔ چیئرپرسن ، وائس چیئرپرسن اور کونسل کے ممبران کے سیکورٹی انتظامات پر مفصل جانکاری دی گئی ۔ممبران کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ایس ایس پی نے کہا کہ پولیس تمام اراکین کی حفاظت اور تحفظ فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے تاکہ وہ بغیر کسی خوف کے اپنے فرائض انجام دے سکیں۔ تمام ممبران کے ساتھ روزمرہ پولیسنگ سے متعلق کئی امور پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔ کونسل ممبران نے نئے ضلع میںتعینات نئے ایس ایس پی کو خوش آمدید کہا اورتعاون کا یقین دلایا ۔
ہمیں بے روزگار نہ کیا جائے
این ایچ ایم عارضی ملازمین کا سرینگر میں احتجاج
سرینگر// قومی ہیلتھ مشن ملازمین نے سرینگر میں ملازمین کی برطرفی کے خلاف احتجاج کیا۔ نیشنل ہیلتھ مشن (این ایچ ایم) کے سینکڑوں کنٹریکچول ملازمین نے ہفتہ کوپریس کالونی سرینگرمیں ان کی اچانک بے دخلی پر احتجاج کرتے ہوئے انکی خدمات کو جاری رکھنے پر زوردیا۔احتجاجی مظاہرین نے کہا کہ حکومت نے ایسے 2000 سے زائد ملازمین کو خدمات سے فارغ کر دیا ہے۔ این ایچ ایم کے ایک ملازم شاہد بشیر نے کہا ’’ حکومت ہمارے ساتھ ’استعمال کرو اور پھینک دو‘پالیسی اپنا رہی ہے اور وہ اس کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ گذشتہ سال کوویڈ کی پہلی لہر کے عروج پر وادی بھر کے اسپتالوں میں خدمات میں اس وقت شامل ہوئے تھے جب کوئی بھی اپنے گھروں سے باہر نہیں آنا چاہتا تھا۔ مظاہرین نے کہا کہ انہوں نے اس وقت اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال دیا جب کوویڈ مریضوں کے ساتھ کوئی تیمادار نہیں تھا ۔مظاہرین نے کہا’’ہم نے اپنے ہاتھوں سے لاشیں بھی اٹھائیں‘‘۔ مظاہرین نے کہا ’’ سرکار نے اب اچانک ہمیں فارغ کردیا جو سراسر نا انصافی ہے‘‘۔انہوں نے کہا’’ہم سے وعدہ کیا گیا تھا کہ اگر ہم نے بہترین طریقے سے خدمت نہیںکی تو ہماری خدمات واپس لی جائیں گی تاہم جان فشانی سے کام کرنے کا یہ صلہ مل گیا‘‘۔انہوں نے لیفٹیننٹ گور نر اور اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ اانہیں بے روزگار نہ کیا جائے۔
میونسپل کمیٹی ترال کی جانکاری مہم
سید اعجاز
ترال//میونسپل کمیٹی ترال کی جانب سے آزادی کا امرت مہا اتسو پروگرام کے سلسلے میں ایک تقریب منعقد ہوئی اور اس پروگرام کو جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں ٹائون ہال ترال کے صحن میں ایک بڑی تقریب منعقد ہوئی جس میں لوگوں،رضا کار تنظیموں ،سماجی کارکنوں کے ساتھ ساتھ صدر ،چیئر مین میونسپل کمیٹی ترال،ایگزیکٹو افسرمنظور احمد بٹ کے علاوہ تحصیلدار کے علاوہ تمام عملے نے حصہ لیا ۔ اس دوران یہاں لوگوں کو جانکاری فراہم کی گئی ۔بعد میں یہاں سے ایک ریلی بھی نکالی گئی جس میں لوگوں کوجانکاری دی گئی کہ علاقے کو صاف و شفاف رکھنے میں لوگوں سے اپنے تعاون کی اپیل کی گئی ۔
کئی اضلاع میں دستکاروں کیلئے دوماہ کا تربیتی پروگرام شروع
سرینگر//آزادی کاامرت مہااتسو اور گاندھی جینتی کے موقع پر وزارت ٹیکسٹائیلزکے ڈیولپمنٹ کمشنرہینڈی کرافٹس کے سرینگر اوراننت ناگ دفترنے سمرتھ اسکیم کے تحت سرینگر،بڈگام،پلوامہ اوراننت ناگ اضلاع کے دستکاروں کیلئے دوماہ کا تربیتی پروگرام شروع کیا ۔تربیتی پروگرام کے دوران دستکاروں کو متعلقہ ہنر میں تربیت دینے کے علاوہ کاروباری ہنر،بنیادی طبی امداد،مواصلاتی ترسیل کی جانکاری اورکمپویٹر کے بنیادی علم سے آگاہ کیا جائے گا۔سمرتھ تربیتی پروگرام کا مقصد روایتی دستکاریوں کے شعبے میں دستکاروں کوہنر کی تربیت کے علاوہ ان کے ہنر کوفروغ دینا ہے۔
نیشنل کانفرنس کامہانومی اور دسہرہ پر تہنیتی پیغام
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مہانومی اور دسہرہ پر ہندو برادری خاصکر کشمیری پنڈتوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام مذاہب انسانی بھائی چارے کا درس دیتے ہیں اور آپسی محبت کو مستحکم بنانے کی راہ دکھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنڈت برادری کی عدم موجودگی میں وادی کشمیر اداس ہے تاہم انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ وہ دن عنقریب آئے گا جب ہمارے سماج کو اپنی دیرینہ روایات پھر سے بحال کرنے کا موقع ملے گا۔ ادھر پارٹی کے صوبائی صدر جموںدیوندر سنگھ رانا، پارٹی لیڈران صدرایم کے یوگی، نائب صدر جموں رتن لعل گپتا نے بھی مہا نومی کے تہوارپرمبارکبادی پیغام میں کہا ہے کہ مذہبی تہوار انسانیت، اخوات، بھائی چارہ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا درس دیتے ہیں۔