جموں کشمیر میں 1990جیسے حالات:سی پی آئی ایم | دفعہ370کی منسوخی کے بعد حالات بہتر نہیں
نئی دہلی//سی پی آئی ایم نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے دورئہ جموں کشمیر کے دوران اس بیان کو افسوسناک قرار دیا کہ دفعہ 370کی منسوخی کے بعد حالات میں بہتری آئی ہے۔سی پی آئی ایم کی مرکزی کمیٹی نے نئی دہلی میں تین روز تک جاری رہنے والے اجلاس کے اختتام کے بعد ایک اعلامیہ میں کہا ہے کہ وزیر داخلہ کے جموں کشمیر پہنچنے سے قبل بڑے پیمانے پر فورسزکو تعینات کیا گیا تھا اورسینکڑوں لوگوں کو حراست میں لے لیاگیا تھا۔ شہری ہلاکتوں کی حالیہ لہر نے 1990 جیسی صورتحال پیدا کر دی ہے جو تشویشناک ہے۔بیان کے مطابق جب تک جمہوری عمل کی بحالی میں عوام کی شرکت قائم نہیں ہوتی، اس بڑھتے ہوئے انتہا پسندانہ تشدد کا مقابلہ کرنا مشکل ہوگا۔مرکزی کمیٹی نے ریاست جموں و کشمیر کی فوری بحالی، تمام سیاسی نظربندوں کی رہائی، میڈیا پر پابندیاں ختم کرنے اور جموں و کشمیر میں لوگوں بالخصوص نوجوانوں کی اندھا دھند گرفتاریوں کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔مرکزی کمیٹی نے سپریم کورٹ پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے سامنے ان درخواستوں پر غور کرے، جن میں سی پی آئی (ایم) کی طرف سے ہندوستانی آئین کے دفعہ 370 اور 35 اے کی منسوخی کے آئینی جواز کو چیلنج کیا گیا ہے۔
فاروق خان اور ڈاکٹر فاروق کا سید عدنان سے اظہاریکجہتی
جموں// لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ ریاسی سید عدنان کی دو بیٹیوں کی حادثاتی موت پر دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔زوا عدنان اور اقصیٰ عدنان کی کل رات چندی گڑھ میں ایک سڑک حادثے میں موت ہو گئی۔ایک تعزیتی پیغام میں مشیر موصوف نے مرحومین کیلئے مغفرت اور سوگوار خاندان کیلئے صبر و استقامت کی دعا کی۔انہوں نے سوگوار خاندان سے ہمدردی کا اظہارکیا ہے۔نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے سی جے ایم ریاسی سید عدنان قاضی ساکن پونچھ کی دو کمسن بچیوں کے ایک دلخراش اور دلدوز سڑک حادثے میں موت واقعہ ہونے پر گہرے صدمے اور رنج و الم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر مرحومین کے جملہ سوگوران خصوصاً والدین اور مامو ںاعجاز جان ( صوبائی یوتھ صدر جموں و سابق ایم ایل اے حویلی پونچھ) کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ، جنرل سکریٹری علی محمد ساگر،معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال، صوبائی صدر ایڈوکیٹ رتن لعل گپتا، سینئر لیڈران خالد نجیب سہروردی، جاوید رانا، سید مشتاق بخاری، عبدالغنی ملک، مشتاق احمد گورو، اور یشو وردھن سنگھ نے مرحومین کے گھر جاکر تعزیت کی اور ڈھارس بندھائی اور اس موقعے پر مرحومین کے حق میں دعائے مغفرت اور کلمات بھی ادا کیاگیا۔
آئیکونک ویک فیسٹول | محکمہ آثار قدیمہ نے صفائی مہم کا آغاز کیا
سرینگر//محکمہ آثار قدیمہ اور عجائب گھروں نے جموں و کشمیر حکومت کی جانب سے ’’آئیکونک ویک‘‘ منانے کے ایک حصے کے طور پر ایک ہفتہ طویل صفائی مہم شروع کی ہے۔23 سے 29 اکتوبر تک منائے جانے والے اس پروگرام میں ہیریٹیج سائٹس، عبادت گاہوں، مندروں، گوردواروں، گرجا گھروں اور دیگر مذہبی مقامات کے ارد گرد حفظان صحت اور مناسب صفائی ستھرائی کو فروغ دینے کے لیے صفائی کی متعدد سرگرمیوں کا تصور کیا گیا ہے۔اس ہفتہ طویل پہل کے دوران، تاریخی اور تعمیراتی اہمیت کے حامل مقامات سے ملبہ، تباہ شدہ اور ضائع ہونے والی اشیاء کو ہٹانے کے لیے صفائی مہم چلائی جا رہی ہے۔ مزید یہ کہ یہ مہمات عام لوگوں کو ورثے کے ڈھانچے کے اندر اور اس کے ارد گرد صفائی اور حفظان صحت کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کرنے کے لیے چلائی جا رہی ہیں تاکہ ان کی مناسب دیکھ بھال اور تحفظ بھی ہو سکے۔یہ مہم ایس ایم سی ، متعلقہ ضلع کی میونسپلٹی، متعلقہ اسکولوں اور کالجوں، مقامی لوگوں، مزارات، مندروں، گوردواروں اور گرجا گھروں کے اوقاف/ٹرسٹوں کے تعاون سے چلائی جا رہی ہے۔
حاجن میں مرحوم ڈاکٹر عزیزحاجنی کی یاد میں تقریب | مرحوم کی تین تصانیف اور میوزک البم اجرا
سرینگر// حلقہ ادب سوناواری اور وہاب کلچرل سوسائٹی حاجن کے اشتراک سے مرحوم عزیز حاجنی کی یاد میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں ادیبوں ،قلمکاروں اور دانشوروں نے شرکت کی۔ تقریب کی صدارت کشمیری اور اردو زبان کے معروف ادیب پروفیسر محمد زماں آزردہ نے کی۔ حلقہ ادب سوناواری کے صدر شاکر شفیع نے خطبہ استقبالیہ میں عزیز حاجنی کی شخصیت کے مختلف پہلو اجاگر کیے۔ پروفیسر فاروق فیاض نے اپنے کلیدی خطبے میں عزیز حاجنی کی زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی دالٹتے ہوے ان کی زندگی کے مختلف انہار اجاگر کرتے ہوے ان کے شخصیت کا تعین کیا۔اس کے بعد عزیز حاجنی کی تین کتابیں اجرا کی گئیں جن میں "یی ہا مے ونے آؤ" Aziz Hajini Man and Missionاور Aziz Hajini indelible شامل ہیں۔ ان تین کتابوں پر ڈاکٹر گلزار، افتخار عمران اور پروفیسر شیخ اعجاز نے تبصرے پیش کیے۔اس کے بعد راجہ بلال اور کشن لنگو کا تیار کیا گیا میوزک البم ریلیز کیا گیا۔تقریب میں پروفیسر شاد رمضان،مشتاق احمد تانترے ، عیاش عارف ،اعجاز احمد ککرو نے عزیز حاجنی کو خراج پیش کیا۔غلام نبی آتش نے اپنے خطبے میں عزیز حاجنی کے ساتھ اپنی دیرینہ وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے ان کو خراج پیش کیا۔
محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کیلئے 2روزہ تربیتی پروگرام
سرینگر//سرینگر فارسٹ سرکل 26 سے 27 اکتوبر 2021 کو ملہار نرسری سندھ فارسٹ ڈویڑن گاندربل میں محکمہ جنگلات کے فیلڈ اہلکاروں کے لیے دو روزہ تربیتی پروگرام کا انعقاد کر رہا ہے۔پروڈکشن آف کوالٹی پلانٹنگ میٹریل کے موضوع پر دو روزہ تربیتی پروگرام کا افتتاح پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فارسٹ (HoFF) J&K محکمہ جنگلات، ڈاکٹر موہت گیرا ملہار نرسری نے کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے PCCF نے فرنٹ لائن سٹاف کو محکمے کی نرسریوں میں مضبوط پودے لگانے کے سٹاک کی تیاری کے لیے تجاویز دیں۔ انہوں نے ٹرینیز کو "گرین جے اینڈ کے ڈرائیو کے لیے کوالٹی اسٹاک پروڈکشن" پر پاور پوائنٹ پریزنٹیشن بھی دی۔ کنزرویٹر آف فارسٹ سرینگر سرکل زبیر احمد؛ ڈی ایف او سندھ (کورس کوآرڈی نیٹر) اویس میر؛ ڈی ایف او ٹنگمرگ شوکت احمداورسندھ ڈویژن کے رینج افسران بھی موجود تھے۔سرینگر کی 13 مختلف نرسریوں سے کل 24 ٹرینی پروگرام میں موجود ایک اہلکار نے بتایا کہ سرکل تربیت سے گزر رہا ہے۔ڈاکٹر گیرا نے اپنے لیکچر میں کھاد کے گڑھوں کے قیام کی ضرورت کے بارے میں بات کی جبکہ مناسب نرسری سازوسامان کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مقامی طور پر موافق آلات بنانے اور نرسری کے مالی کے ذریعہ زیادہ سے زیادہ استعمال کے نفاذ پر زور دیا۔سرینگر سرکل میں 5 علاقائی ڈویژنوں میں 13 نرسریاں ہیں جن میں عمر کی مناسب درجہ بندی کو برقرار رکھنے کے لیے اس سال 2 لاکھ کے اضافی ذخیرہ کے ساتھ تقریباً 13 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔
مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی | الوہا سرینگر نے اپنے سابق طلبا کی حوصلہ افزائی کی
سرینگر//الوہا (Aloha)جموں و کشمیر نے انسٹی ٹیوٹ آف ہوٹل مینجمنٹ راج باغ سرینگر میں اپنے سابق طلباء کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک پروگرام کا انعقاد کیا جنہوں نے ماضی قریب میں مختلف شعبوں میں مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس موقع پرمہمان خصوصی عزیز احمد(کے اے ایس) نے خطاب کرتے ہوئے عالمی سطح پر چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ ٹیکنوکریٹس پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈائریکٹر الوہا جموں و کشمیر مبشر اسلم وفائی نے طلباء کو ان کی شاندار کارکردگی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ الوہا جموں و کشمیر نے مختلف الوہا کورسز میں ہزاروں طلباء کو تربیت دی ہے اور ان طلباء نے ریاستی، قومی اور بین الاقوامی سطح کے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیاہے۔ اس موقع پر جن طلباء کو اعزازات سے نوازا گیا ان میں اویس احمد لون نے حال ہی میںجے ای ای ایڈوانسڈ نتائج میں آل انڈیا رینک 277 حاصل کی۔ اویس نے جموں و کشمیر سے اب تک کا بہترین آل انڈیا رینک بھی حاصل کیا۔امل سید نے 12ویں جماعت 2020کے امتحان میں 500میںسے500 نمبر حاصل کرکے ٹاپ کیا۔خنسہ حسینہ ثناء نے B.E الیکٹریکلز میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور انہیں صدر ہند نے گولڈ میڈل سے بھی نوازا۔فرحان مجید 20 سال کی عمر میں کشمیر کے سب سے کم عمر کمرشل پائلٹ بنے۔ان تمام طلباء نے اپنا سفر الوہا کے ساتھ شروع کیا۔ان طلباء کو اسناد کے ساتھ 5100 روپے نقد انعام بھی دیا گیا۔
صحافی بشارت بخاری کو صدمہ ، والد نسبتی فوت | ڈاکٹر ظہور گیلانی کے انتقال پر الطاف بخاری اور تاریگامی کا اظہاررنج
سرینگر//اپنی پارٹی صدر سید الطاف بخاری نے کشمیر ڈسپیچ کے مدیر سید بشارت بخاری کے والد نسبتی ڈاکٹر سید ظہور گیلانی کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے جوکہ مختصر علالت کے بعد دہلی کے ایک اسپتال میںرحلت کرگئے۔ ایک تعزیتی بیان میں بخاری نے اُن کی وفات کو بدقسمتی سے تعبیر کرتے ہوئے انہیں خوش اخلاق اور ملنسار شخصیت رار دیا۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر ظہور نے بطور بلاک میڈیکل افسر بھی اپنی خدمات ایمانداری کے ساتھ انجام دیں۔انہوں نے سوگوار کنبہ بالخصوص سید بشارت اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ دکھ کی اس گھڑی میں دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر اور دیگر لیڈران نے بھی ڈاکٹر ظہور گیلانی کی وفات پر دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لئے مغفرت کی دعا کی ہے۔ اس دوران سی پی آئی ایم کے رہنما محمد یوسف تاریگامی نے ڈاکٹر سید ظہور گیلانی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔انہوں نے مرحوم کو نیک اور پرہیز گار روح قرار دیتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر کا شریک ہوں۔
سویہ بگ میں پولیس پبلک میٹنگ کا انعقاد | قانون کی پاسداری کے مقاصد سے آگاہ کیا گیا
بڈگام//پولیس اور عوام کے بیچ بہتر تعلقات قائم رکھنے کیلئے سویہ بگ میں ایک پولیس پبلک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت چوکی افسر نے کی۔میٹنگ میں سویہ بگ اور دیگر ملحقہ علاقوں کے معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ میٹنگ کا بنیادی مقصد’قانون کے احترام‘کے بارے میں آگاہی پھیلانا تھا جس میں شرکاء کو قانون کی پاسداری کے مقاصد اور فوائد سے آگاہ کیا گیا۔ان سے کہا گیا کہ وہ بچوں اور نوجوانوں کو قانون کی پاسداری اور معاشرے میں نظم و ضبط کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کریں ۔اس کے علاوہ شرکاء نے سڑکوں پر کوڑا کرکٹ پھینکنے، لاپرواہی اور غیر قانونی ڈرائیونگ اور منشیات وغیرہ جیسے مختلف مسائل کو اٹھایا۔چوکی افسر نے یقین دلایا کہ سبھی مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کے لئے متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھایا جائے گا اورمعاشرے کی بہتری کیلئے پولیس ہر طرح کی قانونی مدد فراہم کرے گی۔شرکاء نے سماجی برائیوں کو روکنے کے لئے علاقے میں پولیس کے ساتھ اپنے فعال تعاون کا یقین دلایا۔
ہندوارہ میں پولیس شہداء میموریل سپورٹس فیسٹیول کا افتتاح
سرینگر// پولیس شہداء کی یاد میں، ہندوارہ پولیس نے پولیس فلیگ ڈے-2021 کے بینر تلے "پولیس شہداء میموریل اسپورٹس فیسٹیول‘‘ کا افتتاح کیا جس میں کرکٹ، والی بال، کبڈی اور دیگر کھیل 30 اکتوبر تک ڈی پی ایل ہندواڑہ میں کھیلے جائیں گے۔ اس تقریب کا افتتاح ایس پی ہندوارہ سندیپ گپتاکے علاوہ ڈی وائی ایس پی ڈار ہندوارہ رقیب ملک اور دیگر پولیس افسران اور اہلکار بھی اس موقع پر موجود تھے۔اس موقع پر ایس پی ہندوارہ نے کہا کہ پولیس کی جانب سے یہ ٹورنامنٹ ان بہادر جوانوں کی یاد میں منعقد کیا گیا ہے جنہوں نے قوم کی خدمت میں اپنی جانیں نچھاور کیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر پولیس ہمیشہ کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع فراہم کرکے تمام فارمیٹس میں کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کی کوشش کرتی ہے۔کرکٹ کا پہلا افتتاحی میچ ڈی پی ایل 11 اور وودھ پورہ کے درمیان کھیلا گیا جو ڈی پی ایل 11 نے 5 رنز سے جیت لیا۔ کبڈی میں پوہروپٹھ اور دودی پورہ کے درمیان میچ کھیلا گیا جو پوہروپٹھ نے جیت لیا۔ اسی طرح والی بال میں دو میچ کھیلے گئے جو پی پی چوگل اور دودی پورہ نے بالترتیب راجوار اور کھائی پورہ کو شکست دے کر جیت لیا۔تقریب کے اختتام پر جیتنے والی ٹیموں میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کی گئیں۔ اپنے اپنے کھیل میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو ٹرافیاں بھی دی گئیں۔
پہلگام میں اسٹریٹ فوڈ فیسٹیول کا انعقاد
سرینگر//آئیکونک ویک فیسٹول کی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر پہلگام کلب میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس کے دوران JKTDC کی جانب سے اسٹریٹ فوڈ فیسٹیول اور پینٹنگ کی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔اس کے علاوہ تقریب کے دوران دستکاری اور ہینڈ لومز کی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔ کے وی آئی بی سمیت دیگر محکموں کے سٹال بھی لگائے گئے تھے ۔ ہاتھ سے بنی اشیاء جیسے کریول بیگ، ہاتھ سے بنے ہوئے شال وغیرہ کی نمائش کی گئی۔ کھانے کے اسٹالوں پر کشمیر کے روایتی کھانوں جیسے مانش کریڈ، ہیند کوکر، ندرو پالک، زمبرٹھول وغیرہ کے پکوان دستیاب تھے۔ اس تقریب میں مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ قومی اور بین الاقوامی سیاحوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کا افتتاح کرتے ہوئے ایس ڈی ایم پہلگام نے کہا کہ سیاحت کی صنعت کو فروغ دینے اور مقامی کاریگروں کی ترقی کے لیے اس طرح کی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ دریں اثنا، یہاں ایک لائیو پینٹنگ کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔تقریب میں جے ڈی ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم، تحصیلدار پہلگام، اے ڈی ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم، اے ڈی ٹورازم ڈی آئی او اننت ناگ اور دیگر متعلقہ افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔
مولانا ہمدانی کا اظہارِتعزیت
سرینگر//جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے مجاہد منزل کی معروف سیاسی شخصیت محمد صدیق وانی (المعروف سرفی کیپ ہائوس) کے انتقال پر رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے سوگوارکنبے کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ دریں اثناء جمعیت کے ایک تعزیتی اجلاس میں مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔
برف باری سے میوہ باغات کو بھاری نقصان:شیخ رفیع | متاثرین کو معاوضہ فراہم کرنے کی اپیل
شاہد ٹاک
شوپیان//نیشنل کافرنس کے سینئر لیڈر شیخ محمد رفیع نے شوپیان کیلر، ہیرپوہ اور دوسرے علاقوں میں برفباری سے فصلوں اور میوہ باغات کوہوئے نقصان پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان علاقوں میں ماہرین کی ایک ٹیم کو نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لئے روانہ کرکے متاثرین کومعقول معاوضہ فراہم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ تمام میوہ باغات بری طرح سے تباہ ہو گئے ہیںکیونکہ40فیصد میوہ ابھی پیڑوں پر ہی تھا جس کی وجہ سے باغ مالکان کو کروڑوں روپئے کا نقصان ہوا۔شیخ رفیع نے کہا کہ اس وقت میوہ سیزن عروج پر ہے اور برفباری نے کسانوں کی کمائی پر پانی پھیر دیا۔انہوںنے حکومت سے اپیل کی کہ ہنگامی بنیادوں پرزرعی یونیورسٹی کی ایک ٹیم کو شوپیان اور کیلر کے تمام میوہ باغات میں نقصان کا تخمینہ لگانے کی ہدایت دی جائے۔
ترقی کے ثمرات تمام طبقوں تک پہنچانے کو یقینی بنایاجارہا ہیں:پرہلادسنگھ
رِیاسی//مرکزی حکومت کے عوامی رَسائی پروگرام کے ایک حصے کے طور پر مرکزی وزیر مملکت برائے جل شکتی ، فوڈ پروسسنگ اِنڈسٹریز پرہلاد سنگھ پٹیل نے رِیاسی کا دورہ کیا۔مرکزی وزیر مملکت پرہلاد سنگھ پٹیل نے عوام الناس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اِس بات کو یقینی بنانے کے لئے بہترین کوششیں کر رہی ہیں کہ ترقی کے ثمرات معاشرے کے تمام طبقوں تک بلا اِمتیاز پہنچیں اور فوری عوامی ترسیلی نظام کو یقینی بنایا جائے۔مرکزی وزیر مملکت موصوف نے مطالبات کا جواب دیتے ہوئے یقین دِلایا کہ علاقے کے تمام مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ ان کے دورے کا مقصد سرکاری سکیموں کی عمل آوری کی پیش رفت کا جائزہ لینا اور عوام سے براہ ِ راست ردِّعمل حاصل کرنا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت جموں وکشمیر کی ترقی کے لئے پُر عزم ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ آیوشمان بھارت سکیم غریب لوگوں کی صحت کا خیال رکھنے کے لئے وزیر اعظم کی پہل ہے تاکہ کوئی غریب مالی وسائل کی کمی کی وجہ سے علاج سے محروم نہ رہے۔وزیر مملکت موصوف نے کہا ،’’ علاقوں کی مساوری ترقی کو یقینی بنانے کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں۔‘‘ اُنہوں نے مزیدکہا،’’رشوت خوری سے پاک حکومت فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں اور زیادہ تر سکیموں میں ڈی بی ٹی اس بات کا ثبوت ہے۔‘‘بعد میں مرکزی وزیر مملکت نے تھنہ پال فِش فارم کا دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاں ضلع رِیاسی کے مختلف محکموں کی طرف سے لگائے مختلف محکمانہ سٹالوں کا معائینہ کیا۔اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر میں سیاحت کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور یہ شعبہ معیشت اور روزگار پیدا کرنے میں بڑا حصہ دار ہے ۔مرکزی وزیر موصوف اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموںوکشمیر کی تاریخ میں یہ پہلی بار ہوا ہے کہ مرکزی وزراء گائوں کا دورہ کر کے بات چیت کر رہے ہیں اور ان کے مسائل جائزہ لے رہے ہیں اور سکیموں کی عمل آوری کے بارے میں رائے حاصل کر رہے ہیں۔بعد ازاں ضلع اِنتظامیہ کی طر ف ایک ثقافتی پروگرام کا اِنعقاد کیا گیا جس میں مسکان چیئر ٹیبل ٹرسٹ کٹرہ نے مختلف پروگرام پیش کئے ۔
ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بھارت کیخلاف پاکستان کی جیت | محبوبہ مفتی کی خوشی بھارت کی شبیہ خراب کرنے کا اقدام: کویندر
سری نگر// جموں و کشمیر کے سابق نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا نے پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی کو کشمیریوں کی حمایت کیلئے تنقید کا نشانہ بنایا جو مبینہ طور پر اپنے ٹی20 ورلڈ کپ میں ہندوستان کے خلاف پاکستان کی جیت کا جشن منا رہے تھے اور الزام لگایا کہ جشن کا مقصد مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے دور ے کے دوران ہندوستان کی شبیہ کو خراب کرنا تھا۔جے کے این ایس کے مطابق بھاجپاکے جموں وکشمیرکے سینئرلیڈر کویندرگپتانے ایک بیان میں کہاکہ اس میچ میں بھارت کی پاکستان سے ہار کے بعدمحبوبہ مفتی کی خوشی اُن کے بیانات سے ظاہر ہے۔انہوںنے الزام لگایاکہ محبوبہ مفتی پاکستان کو سپورٹ کر رہی ہیں۔ یہ ہندوستان کی شبیہ کو خراب کرنے کے لئے ایک اقدام (پاکستان کی جیت کا جشن) ہے جب کہ مرکزی وزیر داخلہ اس وقت مرکز کے زیر انتظام علاقے میں تھے۔کویندر گپتا نے مزیدکہاکہ کچھ لوگ ایسے ہیں جو جموں و کشمیر میں ایک خاص ماحول پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن اُنہیں برداشت نہیں کیا جائے گا اور محبوبہ مفتی کو بھی ایسے لوگوںکی حمایت کرنا بند کر دینا چاہئے۔
ورکرس پارٹی صدر وزیرداخلہ سے ملاقی
سرینگر//ورکرس پارٹی کے صدر میر جنید نے راج بھون میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی۔ میر جنیدنے انہیں5 اگست 2019 کے تاریخی فیصلے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اس پہلی صبح کا استعارہ ہے جو کشمیر نے دھوکہ دہی اور جھوٹ کے طویل اندھیروں کے بعد دیکھا تھا۔کشمیر نیوز سروس موصولہ ایک بیان میں انہوں نے نشاندہی کی کہ اس دن سے پہلے، مرکز کی طرف سے آنے والا ایک ایک پیسہ خاندانوں کی جیبوں میں جاتا تھا، اور غریب عوام کو خداکے رحم و کرم پر چھوڑ دیا جاتا تھا۔ان کی دھوکہ دہی، کرپشن، جھوٹ کی دکان بند ہونے کے بعد کشمیر خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے اور وہ نچلی سطح کا کارکن ہونے کے ناطے اس کا گواہ ہے۔جنگجویت کے بارے میں بات کرتے ہوئے، میر نے کہا کہ جموں و کشمیر کو دینے والا بننے کے لیے ، ہمیں لبرلائزیشن اور گلوبلائزیشن کے عصری نظریات پر مبنی مثبت جدید زندگی کے لیے پر امید ہونے کی ضرورت ہے۔ جنگجو نہیں چاہتے کہ جموں و کشمیر اپنے معاشی عروج پر پہنچے۔ جنگجویت کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔خاندانی سیاست پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے اب ان گرگٹوں کا چہرہ دیکھ لیا ہے جو حقیقت میں کشمیر میں پاکستان کے پراکسی ہیں۔