ڈوڈہ ضلع میں بھی دیوالی جوش و خروش سے منائی گئی
مندروں میں خصوصی پوجا پاٹ کااہتمام
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //یوٹی کے دیگر حصوں کی طرح ڈوڈہ ضلع میں بھی دیوالی کا تہوار نہایت ہی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔اس موقع پر جہاں ہندو برادری کی طرف سے اپنے گھروں و مذہبی مقامات کو دھوم دھام سے سجایا گیا تھا اور خصوصی پکوان کا بھی اہتمام کیا گیا وہیں مسلم طبقہ کے لوگوں نے ابھی اس دن کی مناسبت سے انہیں مبارکباد دی۔اس دوران مندروں میں خصوصی پوجا پاٹ کا اہتمام کیا گیا اور گھروں کو بھی چراغاں کیا گیا جبکہ آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔سیکورٹی فورسز نے بھی مذہبی عقیدت سے دیوالی کا تہوار منایا۔انتظامیہ کی جانب سے پہلے ہی پٹاخوں کے حوالے سے ہدایات جاری کی گئیں ہیں اور لوگوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے۔ادھر ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ وکاس شرما نے دیوالی کی مبارک باد دیتے ہوئے گائیڈ لائن کے مطابق تہوار منانے پر زور دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ خوشیوں کے ساتھ ساتھ ماحولیات کا تحفظ بھی لازمی ہے جس کا ہمیں خیال رکھنا چاہئے۔
بالائی علاقوں میں برفباری
میدانی علاقوں میں موسم ابرآلود
عاصف بٹ
کشتواڑ//محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق ضلع کشتواڑ میں جمعہ کو بعد دوپہر بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں موسم ابرآلود رہا۔ کشمیر عظمیٰ کو ملی تفصیلات کے مطابق ضلع کے مرگن، انشن، سنتھن و دیگر بالائی علاقوں میں کئی انچ تازہ برفباری ہوئی جسکے سبب درجہ حرارت میں دوبارہ گراوٹ درج کی گئی جبکہ میدانی علاقہ جات میں موسم ابرآلود رہا۔
چور بانہال سے دو گاڑیاں لے اڑے
محمد تسکین
بانہال//گزشتہ منگل کی رات کو بانہال کے دو مختلف علاقوں سے دو چھوٹی گاڑیوں کے چرائے جانے کے بعد پولیس نے اس معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ بانہال کے کسکوٹ اور عشر سے نامعلوم چوروں نے ایک آلٹو کار اور ایک ماروتی کو اڑا لیا اور اس بارے میں ابھی تک کوئی پتہ نہیں چل سکا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ اس معاملے میں تحقیقات جاری ہے اور چوروں کو دھر دبوچنے کیلئے چھان بین جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ چور دونوں گاڑیوں کو وادی کشمیر کی طرف لے گئے ہیں اور عنقریب ہی چوروں کے اس گروہ کو پکڑا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں بانہال پولیس میںمعاملہ درج کیا گیا ہے اور معاملے کی گہرائی سے تحقیقات کی جارہی ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ پچھلے کئی بروں کے عرصے میں بانہال رامسو اور رام بن سے درجنوں گاڑیاں چوروں نے اڑا لی ہیں اور کئی گاڑیوں کو پولیس اور مالکان نے مشقت کے بعد ڈھونڈ نکالا کر واپس بھی لایا تاہم ابھی تک کار چوروں کے ان گروہوں کے خلاف کوئی خاص کاروائی نہیں کی جا سکی ہے جس سے چوروں کے ان گروہوں کو کار چوری کی وارداتوں سے باز رکھا جا سکے اور انہیں سلاخوں کے پیچھے کیا جاسکے ۔
برف باری سے قبل عوامی مسائل کی طرف توجہ دی جائے
غذائی اجنا س، بجلی کی سپلائی اور سڑکیں بہتر بنانے کی اپیل
زاہدبشیر
گول// امسال موسم خزاں قبل ازوقت برف باری کی وجہ سے لوگوں میں کافی تشویش پائی جا رہی ہے ۔ جہاں شدید سردی اور برف باری اور بارشوں کی وجہ سے پہلے ہی لوگوں کو کافی نقصانات سے دوچار ہونا پڑا وہیں لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کی برف باری سے قبل غذائی اجناس کو ذخیرہ کیا جائے ساتھ ساتھ بجلی کی ترسیلی لائنوں ، کھمبوں کو برف باری سے قبل ہی درست کیا جائے اس طرح سے سڑکوں کو بھی بہتر بنایا جائے کیونکہ ہر سال برف باری اور بارشوں کی وجہ سے بالخصوص سب ڈویژن گول کے لوگوں کو بجلی سپلائی میں بار بار خلل کی وجہ سے کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ بہت سارے علاقے ایسے ہیں جہاں بجلی کی ترسیلی لائنیں کافی کمزور ہیں وہیں یہ ترسیلی لائنیں سر سبز درختوں اور عارضی کھمبوں کے ساتھ لٹا کر رکھی گئی ہیں اور تھوڑی سی ہوا آنے پر یہ ٹوٹ جاتی ہیں ۔ وہیں غذائی اجناس کی بھی بہت بڑی پریشانی رہتی ہے کیونکہ اچانک بارشوں اور برف باری کی وجہ سے سڑکیں ٹوٹ جاتی ہیں اور غذائی اجناس لوگوں کو وقت پر نہیں ملتا ہے اور لوگوں کو میلوں پیدل چلنا پڑتا ہے ۔ وہیں سڑکوں کی حالت بھی کافی خستہ ہے کئی سڑکوں کی آبِ نکاس نہ ہونے کی وجہ سے بارشوں میں یہ سارا پانی لوگوں کے رہائشی مکانات اور زرعی اراضی میں چلا جاتا ہے جس وجہ سے انہیں کافی نقصانات سے دوچار ہونا پڑتا ہے ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ برف باری سے قبل لوگوں کو پیش آنے والے مسائل کو پہلے ہی مد نظر رکھتے ہیں اُن رکاوٹوں کو دور کیا جائے جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔
مویشیوں سے لدی گاڑی پلٹ گئی،ڈرائیور زخمی
ایم ایم پرویز
رام بن// جموں سری نگر قومی شاہراہ پر پنتھیال کے مقام پر جمعہ کو مویشیوں لدی گاڑی سڑک پر الٹنے سے گاڑی کا ڈرائیور زخمی ہوگیا۔پولیس نے بتایا کہ جموں سے کشمیر جانے والی ایک مہندرا پک اپ گاڑی زیر رجسٹریشن نمبر JK14H-1272 پنتھیال کے مقام پر سڑک پر پلٹ گئی۔پولیس نے بتایا کہ گاڑی کے ڈرائیور کی شناخت محمد سلیم ولد محمد راشد ساکن جگانو تحصیل اور ضلع ادھم پور کے طور پر ہوئی ہے جسے معمولی چوٹیں آئیں۔گاڑی میں پانچ مویشیوں کو انتہائی ظالمانہ طریقے سے لادھاگیاتھاجو کہ وہ بھی متعلقہ حکام سے اجازت لیے بغیر پائے گئے۔پولیس نے پولیس اسٹیشن رامسو میں دفعہ 279 آئی پی سی اور 11 پی سی ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے۔
مویشی سمگلنگ کی کوشش ناکام ،23 مویشیوں کو بچایا گیا،5گرفتار
ایم ایم پرویز
رام بن//بانہال پولیس نے جمعہ کے روز پانچ ٹرک ڈرائیوروں کو گرفتار کیا جب ان کی گاڑیاں مویشیوں سے لدی ہوئی پائی گئیں۔پولیس نے بتایا کہ بانہال پولیس اسٹیشن کی ایک پولیس ٹیم نے ٹی چوک بانہال میں معمول کے ناکہ چیکنگ کے دوران جموں سری نگر قومی شاہراہ پر علاقے سے گزرنے والے پانچ ٹرکوں کو روک کر تلاشی لی جس دوران ان ٹرکوں سے 23 گائے لدے پائے گئے۔پولیس نے بتایا کہ پوچھ گچھ کے دوران وہ گائے کی نقل و حمل کے لیے کوئی اجازت نامہ دینے میں ناکام رہے۔پولیس نے دعویٰ کیا کہ پانچوں ڈرائیوروں کو گرفتار کرکے مویشیوںکو بچایا گیا ہے۔ پولیس نے مزید تحقیقات کے لیے پولیس اسٹیشن بانہال میں دفعہ 188 آئی پی سی اور 11 پی سی ایکٹ کے تحت پانچ الگ الگ ایف آئی آر درج کی ہیں۔
رام بن میں 21 خاندانوں کو 11.63 لاکھ ریلیف فراہم
رام بن//رام بن انتظامیہ نے ضلع میں قدرتی موسم اور آتشزدگی کے واقعات سے متاثر 21 خاندانوں کو 11.63 روپے کی مالی امداد فراہم کی ہے۔یہ مالی امداد ان لوگوں کے خاندانوں کو دی گئی جنہوں نے اپنے رہائشی مکانات اور مویشی اور اس سے متعلقہ انفراسٹرکچر کو آگ لگنے، لینڈ سلائیڈنگ اور زلزلے میں ضائع کیا تھا۔متاثرہ خاندانوں نے ڈپٹی کمشنر مسرت الاسلام کے ایس ڈی آر ایف کے تحت اپنے حق میں مالی امداد دینے کے اقدام کا خیر مقدم کیا۔
سماجی کارکن عبدالرشید منہاس کا انتقال
گول// زاہد بشیر//سب ڈویژن گول سے تعلق رکھنے والے ایک انسان دوست ، غریب پرور سماجی کار کن عبدالرشید منہاس اس دار فانی سے گزشتہ روز کوچ کر گئے جس پر سماجی ، سیاسی اور عام لوگوں نے نہایت ہی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقے نے ایک غریب پرور اور معروف سماجی کار کن کو کھویا ہے اس طر ح کے انسان کبھی کبھار ہی علاقے میں جنم لیتے ہیں ۔ عبدالرشید منہاس جو گول بازار میں رہتے تھے اور کافی دیر سے وہ علیل تھے اور گزشتہ شب لدھیانہ کے ہسپتال میں آخری سانس لی۔یہ خبر علاقے میں آگ کی طرح پھیلی اور ہر جانب افسوس کا اظہار ہو رہاتھا ۔ عبدالرشید منہاس کے انتقال پر نیشنل کانفرنس کے نوجوان لیڈران ،محبوب المختار بٹ اور مسیح الدین نائیک کے علاوہ دیگر لوگوں نے نہایت ہی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے حق میں دعا کی اور لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ۔اس کے علاوہ دیگر سیاسی لیڈران اعجاز احمد خان ، ڈاکٹر شمشادہ شان ، غلام قادر مغل وغیرہ نے عبدالرشید منہاس کی وفات پر رنج و غم کا اظہار کیا اور لواحقین سے تعزیت کی۔
Contents
ڈوڈہ ضلع میں بھی دیوالی جوش و خروش سے منائی گئی مندروں میں خصوصی پوجا پاٹ کااہتمامبالائی علاقوں میں برفباری میدانی علاقوں میں موسم ابرآلودچور بانہال سے دو گاڑیاں لے اڑے برف باری سے قبل عوامی مسائل کی طرف توجہ دی جائےغذائی اجنا س، بجلی کی سپلائی اور سڑکیں بہتر بنانے کی اپیلمویشیوں سے لدی گاڑی پلٹ گئی،ڈرائیور زخمیمویشی سمگلنگ کی کوشش ناکام ،23 مویشیوں کو بچایا گیا،5گرفتاررام بن میں 21 خاندانوں کو 11.63 لاکھ ریلیف فراہمسماجی کارکن عبدالرشید منہاس کا انتقال