نئی دہلی ٹریجری میں تعینات 2خواتین افسراں کاتبادلہ
بلال فرقانی
سرینگر// محکمہ خزانہ نے نئی دہلی میں قائم سب ٹریجری میںدوخواتین افسراں کا تبادلہ عمل میں لاکر انہیں مزید تقرری کیلئے ڈائریکٹر جنرل فنڈس آرگنائزیشن میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری( مالیاتی کمشنر خزانہ) اتل ڈھلو نے جمعہ کو اس حوالے سے ایک آرڈر جاری کیا ،جس میں کہا گیا ہے کہ انتظامیہ کے مفاد میں جموں کشمیر فنڈس آرگنائزیشن کی سینئر کمپائیلر سنگیتا اوجا اور کمپائلر شیتل گنجو جو کہ دہلی سب ٹریجری میں تعینات تھیں،کو اپنے اصل کیڈر (عملے)میں فوری طور پر طلب کیا گیا ہے۔آرڈر میں کہا گیا کہ دونوں افسراں خود کو موجود پوزیشن اور مقام سے فارغ ہوا تصور کریں اور مزید تقرری کیلئے جموں کشمیر ڈائریکٹر جنرل فنڈس آرگنائزیشن میں رپورٹ کریں۔
سٹیم سیل پر تحقیق
زرعی یونیورسٹی اور سیل میڈ بائیوٹیک کے درمیان معاہدہ
سرینگر//شیرکشمیرزرعی یونیورسٹی اور سیل میڈ بائیوٹیک نے اسٹیم سیل پر مشترکہ تحقیق کرنے کیلئے جمعہ کو ایک مفاہمت نامے پر دستخط کئے۔ مفاہمت نامے پرشیرکشمیرزرعی یونیورسٹی کشمیرکے ڈائریکٹوریٹ آف ریسرچ میں ویٹرنری سائنس سے متعلق سٹم سیل پروجیکٹ کی تحقیق وترقی / انویسٹی گیشن / ایکیڈمک / کلنکل ٹرائلز مشترکہ طور کرنے کے مقصد سے کیاگیا۔دونوں فریقین نے مشترکہ طورتحقیق کے دوران پیش آنے والے مشکلات کی نشاندہی کرنے اور کام کرنے کا طریقہ وضع کریں گے۔مفاہمت نامے کے مطابق شیرکشمیرزرعی یونیورسٹی کشمیرتحقیقی کام زرعی یونیورسٹی انجام دے گی جبکہ مالی اخراجات سیل میڈ بائیوٹیک برداشت کرے گا۔
قبائلی طلبہ کے ہوسٹلوں کی جدت طرازی کیلئے اِقدامات شروع کئے ہیں
سری نگر//قبائلی اَمور محکمہ نے طلباء کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے مقصد سے مختلف اَضلاع میں ہوسٹلوں کو ماڈرنائزیشن بنانے کے لئے اِقدامات شروع کئے ہیں ۔ محکمہ نے خوراک کے نرخوں میں اضافے کے لئے بھی کارروائی شروع کی ہے ۔ہوسٹل کے جاری منصوبوں کی تکمیل او رموجودہ ہوسٹلوں کی سہولیات میں بہتری کے لئے فنڈس مختص کرنے کا مقصد قبائلی طلباء کو معیاری رہائش فراہم کرنا او رمطلوبہ تعلیمی سہولیات کی پیش کش کرنا ہے ۔سیکریٹری قبائلی اَمور ڈاکٹر شاہد اِقبال چودھری نے کہا کہ ہوسٹل کے جاری منصوبوں کی تکمیل، نئے ہوسٹلوں کی منظوری او رموجودہ ہوسٹلوں کی ماڈرنائزیشن بشمول فرنیچر ، فرنشننگ ، بنیادی ڈھانچے کی اَپ گریڈیشن اور تعلیمی سہولیات کے لئے اقدامات شروع کئے گئے ہیں۔حکومت نے رواں مالی سال کے اِستعمال کے لئے 15کروڑ روپے کی رقم بھی جاری کی ہے جس میں 26ہوسٹلوں کے لئے فرنیچر اور فرنیچر فراہم کرنے کے لئے 30کروڑ روپے شامل ہیں جبکہ بسنت گڈھ ، کولگام ، شوپیان ، بنی، کالا کوٹ اور کوترنکا میں ہوسٹل کی تکمیل کے لئے 8 کروڑ روپے سے زیادہ فراہم کئے گئے ہیں ۔اِس ماہ 16 کرو ڑروپے کی تخمینہ لاگت سے زائد اَز پانچ ہوسٹل بھی مکمل ہو رہے ہیں۔ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر کی ہدایت پر قبائلی امور محکمہ کو ہوسٹلوں کی ماڈرنائزیشن اور مکمل کرنے کے لئے اَب تک کے سب سے زیادہ فنڈس ملے ہیں جس کے لئے مشیر قبائلی اَمور فاروق خان ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں ۔ اُنہوں نے چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری فائنانس اتل ڈولو کا کئی برسوں سے ہوسٹلوں کو مکمل کرنے کے لئے خصوصی فنڈنگ اور سہولیات کی اَپ گریڈیشن کے لئے گرانٹ کے لئے شکریہ اَدا کیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی صدارت میں میٹنگ میں ہوسٹل کے طلباء کے لئے خوراک کے نرخوں میں بھی 50فیصد اضافہ کرنے کا فیصلہ لیا گیا جو کہ گزشتہ 13برسوں کے بعد پہلی مرتبہ اضافہ ہوا ہے اور اشیائے ضروریہ کے مارکیٹ ریٹ اورغذائیت کے معیارات قومی سطح کے مطابق باقاعدہ اضافہ کو یقینی بنانے کے لئے اِنتظامات کئے گئے ہیں۔محکمہ نے نئے وارڈنوں اور اسسٹنٹ وارڈنوں کے اِنتخاب کا عمل بھی مکمل کیا ہے ۔ ہوسٹل کے انتظام کے لئے رواں ماہ زائد اَز 35 وارڈنوں اور اسسٹنٹ وارڈنوں کو تعینات کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سمارٹ کلا روموں ، لائبریری ، جمنازیم ، پینٹری ، کھیل بنیادی ڈھانچہ اور غیر نصابی سہولیات کی اَپ گریڈیشن ان اسائمنٹس میں اوّلین ترجیح ہوگی جس پر وارڈنوں کی کارکردگی کو مانیٹر کیا جائے گا ۔قبائلی امور محکمہ کے تمام ہوسٹلوں میں طلاب کے لئے ہنرمندی کے کورسوں کو بھی حتمی شکل دی گئی ہے ۔
پلوامہ پولیس کے ہاتھوں 2شہری گرفتار
نشہ آور کوڈین کی 2ہزار بوتلیں ضبط
سرینگر//پلوامہ میں پولیس نے 2منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں ممنوعہ ادویات برآمدکی گئی۔ سی این آئی کے مطابق پولیس نے پوتری گام پلوامہ میں رات کے دوران گشت کرتے ہوئے ایک مشتبہ شخص کو رکنے کا اشارہ کیا تاہم اس نے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن پولیس تھانہ راجپورہ کے اہلکاروںنے اسے پکڑ لیا۔ تلاشی کے دوران شہری سے کوڈین کی20 بوتلیں بر آمد کی گئیں۔ تفتیش کے دوران مذکورہ منشیات فروش نے انکشاف کیا کہ اس نے شادی مرگ میں اعجاز احمد نجار سے نشہ آور بوتلیں حاصل کیں ۔ پولیس نے اعجاز احمد نجار کو بھی گرفتار کرکے اس کی تحویل سے کوڈین کی 2000بوتلیں برآمد کیں۔ اس سلسلے میں پولیس تھانہ راجپورہ میں ایف آئی آر زیر نمبر 209/2021درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔
ہندوارہ لوک عدالت میں95معاملات حل
سرینگر//ہندوارہ میں لوک عدالت کا انعقاد کیاگیا جس میں افہام و تفہیم سے95معاملات نپٹائے گئے اور 1لاکھ80ہزار روپے جرمانہ وصول کیاگیا۔ تحصیل لیگل سروس اتھارٹی ہندوارہ کے اہتمام سے منعقدہ لوک عدالت میں 113مختلف معاملات زیر غور لائے گئے جن میں 95کو نپٹایاگیا۔ چیف جوڈیشل مجسٹریٹ تحصیل کورٹ ہندوارہ نے 2بنچوںکاقیام عمل میں لایاگیاتھا۔
معروف ادیب و شاعر ناجی منور فوت
دائرہ ادب دلنہ کااظہار تعزیت
سرینگر//وادی کے معروف ادیب، شاعر، سکالر اور استاد ناجی منور انتقال کرگئے۔ ادبی مرکز کمراز سے منسلک اکائی دائرہ ادب دلنہ نے آن لائن تعزیتی اجلاس کا انعقاد کیا۔ اجلاس کی صدارت صدر دائرہ ادب شاہد دلنوی نے کی۔ اجلاس میں ناجی منور کے انتقال کو کشمیری زبان و ادب کے لئے بڑا نقصان قرار دیا گیا۔ ناجی منور نے کشمیری زبان و ادب کی خدمات کے صلے میں متعدداعزاز حاصل کئے ہیں جن میں ساہتیہ اکادمی نئی دلی کا ایوارڈ بھی شامل ہے۔ اجلاس میں مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کی گئی اور پسماندگان خصوصاً ناجی منور کے برادر ڈاکٹر شفیع شوق کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا گیا اور دعا کی گئی کہ پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ بخشے۔اجلاس میں شوکت انصاری، شیر علی مشغول، علی محمد حسرت، ضمیر انصاری، تاثیر افضل اور جمیل انصاری نے شرکت کی۔
صحافی شاہد بخاری کیلئے دعائیہ مجالس منعقد
مشتاق الحسن
ٹنگمرگ //ٹنگمرگ میں صحافی شاہد مسود بخاری کے حق میں دعائیہ مجلس کا اہتمام کیاگیا۔سب ڈویژن ٹنگمرگ کے بیشتر مساجد میں نماز جمعہ کے موقعہ پر حاضرین مساجد نے شاہد مسود بخاری کے حق میں مغفرت کی دعا کی ۔ادھر ٹنگمرگ ورکنگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن نے بھی مرحوم صحافی کے ایصال ثواب کے لئے دعائیہ مجلس منعقد کی۔
سینٹرل یونیوسٹی میں قومی یوم تعلیم پرسمینار منعقد
مولاناابولکلام آزاد کو مقررین کاخراج عقیدت
گاندربل//قومی یوم تعلیم کے موقعہ پرملک کے پہلے وزیرتعلیم مولاناعبدالکلام آزادکی سالگرہ منانے کے سلسلے میں سینٹرل یونیورسٹی کشمیرکے اسکول آف ایجوکیشن میں ایک سمیناروویب نار جس کاموضوع،’’عالمگیروباء کے مسائل ،مشکلات اورمواقع ‘‘تھا منعقد ہوا۔اس موقعہ پراپنے خطاب میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسرفاروق احمد شاہ نے کہا مولاناعبدالکلام آزاد ایک دوراندیش شخصیت تھے اورانہوں نے عام آدمی کوتعلیم کے نور سے منور کرنے کواہمیت دی اور اس بات پر زوردیا کہ بنیادی تعلیم ہر بچے کابنیادی حق ہوناچاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کو مولاناآزاد کے نظریے تعلیم کے حق کو بنیادی حق قراردینے میں پانچ دہائیاں لگی اور2009میں 6سے14برس کے بچوں کی تعلیم کو بنیادی حق قرار دیاگیا۔ اپنے کلیدی خطبے میں نیشنل انسٹی چیوٹ آف اوپن اسکول نئی دہلی کی چیئرپرسن سروج شرما نے کہا کہ بھارت کی یہ خوش قسمتی ہے کہ مولانا آزادہمارے پہلے وزیرتعلیم بنے اوروہ کھرگ پور میں پہلاآئی آئی ٹی قائم کرنے کے روح روان تھے۔انہوں نے کہا کہ مولاناآزاد نے ملک کی کئی شعبوں میں خدمت کی ۔وہ فلسفی تھے،مجاہد آزادی تھے ،صحافی تھے،وزیرتعلیم وغیرہ تھے۔