پونچھ میں پولیس گاڑی کا حادثہ
اہلکار لقمہ اجل ،5دیگر شدید زخمی
بختیار کاظمی
سرنکوٹ //سرحدی ضلع پونچھ کے سرنکوٹ علاقہ میں پولیس کی ایک گاڑی کو پیش آئے حادثے میں ایک اہلکار موقعہ پر لقمہ اجل بن گیا جبکہ دیگر پانچ شدید زخمی ہو گئے جن کو علاج معالجہ کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔جموں وکشمیر پولیس نے بتایا کہ سرنکوٹ ڈویژن کے بفلیاز علاقہ میں ایس ایس پی کے ہمراہ سیکورٹی کی ایک پولیس گاڑی ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہو کر کئی سو فٹ گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار موقعہ پر ہی لقمہ اجل بن گیا جبکہ دیگر پانچ اہلکار زخمی ہو گئے جن میں سے 4شدید زخمی ہیں ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سڑک پر ایک پتھر کی وجہ سے ڈرائیور گاڑی پر کنٹرول کھو گیا جس کی وجہ سے وہ ایک گہری کھائی میں جا گری ۔انہوں نے بتایا کہ گاڑی میں چھ پولیس اہلکار سوار تھے جن میں سے ایک موقعہ پر ہی لقمہ اجل بن گیا جس کی شناخت سلیکشن گریڈ کانسٹبل شعیب احمد خان کے طورپر ہوئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو سرنکوٹ کے مقامی ہسپتال میں علاج معالجہ کیلئے منتقل کیا گیا جہاں سے شدید زخمیوں کو گور نمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کر دیا گیا ہے ۔زخمیوں کی شناخت ڈرائیور شام لعل ،استخار احمد ،پرویز احمد بھٹی ،شمیم احمد اور غلام مصطفیٰ کے طورپر ہوئی ہے ۔
کوٹرنکہ و بدھل میں مسافر شیڈ تعمیر کرنے کا مطالبہ
محمد بشارت
کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ او ر بدھل کے مکینوں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں قصبوں میں عوامی مقامات پر مسافر شیڈ تعمیر کئے جائیں تاکہ گاڑیوں کے انتظار میں مسافروں کو سہولیات میسر ہو سکیں ۔انہوں نے کہاکہ ضلع کے اس پسماندہ سب ڈویژن کے دونوں قصبوں میں حکام کی جانب سے ابھی تک ایسی کوئی تعمیر ہی عمل میں نہیں لائی جاسکی جس سے بارشوں اور خراب موسم کے دوران مسافروںکو بیٹھنے کی جگہ مل سکے ۔غور طلب ہے کہ بدھل اور کوٹرنکہ قصبوں میں زیر تعلیم سینکڑوں کی تعداد میں طلباء گاڑیوں کے انتظارمیں کئی گھنٹوں تک دربدر ہوتے ہیں لیکن بیٹھنے کی جگہ نہ ہونے کی وجہ سے ان کو شدید مشکلات کاسا منا کرنا پڑتا ہے ۔مقامی معززین و تاجروں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ عوامی مشکل کو ذہن میں رکھتے ہوئے مسافروں کیلئے شیڈ تعمیر کروائے جائیں ۔
رجاڑہ کے لوگ رابطہ سڑک سے محروم
بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سرنکوٹ کے دور افتادہ گائوں رجاڑہ جہاں عوام کیلئے بنیادی سہولیا ت دستیاب نہیں ہیں وہائیں عام لوگوں کی آمد ورفت کیلئے ابھی تک کوئی رابطہ سڑک بھی تعمیر نہیں کی جاسکی جس کی وجہ سے مکینوں کیساتھ ساتھ مریضوں کو ہسپتال پہنچانے کیلئے کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مقامی معززین نے بتایا کہ چار ہزار سے زائد کی آبادی پر مشتمل علاقہ میں بچوں کی تعلیم کا بھی کوئی معیاری بندوبست نہیں ہے کیونکہ علاقہ میں سرکاری ملازمین کی رسائی سڑک کے بغیر وقت پر ممکن ہی نہیں ہے ۔سرنکوٹ سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر سے 25کلو میٹر دور ی پر آباد گائوں کے لوگ ہمیشہ مشکل وقت میں بھی پیدل ہی سفر کرتے ہیں ۔مقامی پنچایتی اراکین نے بتایا کہ سڑک نہ ہونے کی وجہ سے دیگر بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں ہیں جبکہ سہولیات کے سلسلہ میں کئی مرتبہ متعلقہ حکام سے بھی رجوع کیا گیا لیکن ابھی تک زمینی سطح پر صورتحال تبدیل نہیں ہوئی ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رجاڑہ میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو متحرک کیا جائے ۔
سید اقبال بخاری کی وفات پر دکھ کا اظہار
حسین محتشم
پونچھ//سابق ایم ایل اے پونچھ شاہ محمد تانترے کی رہائش گاہ پر ایک تعزیتی مجلس منعقد ھوئی جس میں سید اقبال بخاری مرحوم و مغفور کی وفات پر دکھ کا اظہار کیا گیا۔اس دوران مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور ان کی مغفرت کے لئے دعا مانگی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ھوئے شاہ محمد تانترے نے کہا کہ مرحوم ایک غریب پرور اورانسان دوست شخصیت کے مالک تھے اور اپنی زندگی میں بغیر تشہیر سینکڑوں نادار اورغریب لوگوں کی مدد کی اور خدمت کے جزبے سے ہمیشہ کوشاں رہتے تھے۔ انہوں نے سوگوار خاندان سے ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کی ۔
کووڈ ایس او پی کی خلاف ورزی
نوشہرہ میں پولیس کی کارروائی
رمیش کیسر
نوشہرہ //جموں وکشمیر پولیس کی جانب سے نوشہرہ میں کووڈ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ۔پولیس نے بتایا کہ نوشہرہ بالخصوص قصبہ میں آنے والے لوگوں کی جانب سے ماسک و دیگر احتیاطی تدابیر اختیار ہی نہیں کی جارہی تھی جبکہ قاعدہ کی خلاف ورزی کر دیکھتے ہوئے اس سلسلہ میں ایک کارروائی کا عمل شروع کیا گیا جس کے دوران ماسک کے بغیر قصبہ میں داخل ہونے والوں کو جرمانہ کیا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ اس خصوصی کارروائی کے دوران بغیر ماسک و دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے والوں کو تین ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔پولیس آفیسران نے لوگوں کو تلقین کرتے ہوئے کہاکہ قاعدہ پر سختی کیساتھ عمل کیا جائے جبکہ غیر قانونی کام میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
فوج نے ماٹر شیل برآمد کیا
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے سرحدی علاقہ میں فوج نے ایک ماٹر شیل کو برآمد کرتے ہوئے اس کو ناکارہ بنا دیا ۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ تڑوتی گائوں کے مکینوں نے علاقہ میں ایک زندہ ماٹر شیل ہونے کی اطلاع موصول ہوئی جس کے بعد ایک ٹیم کو علاقہ میں بھیج کر اس کا معائینہ کیا گیا جبکہ فوج کے ماہر دستے کی مدد سے اس زنگ آلودہ ماٹر شیل کو برآمد کر کے اس کو ناکارہ بنا دیا ۔غور طلب ہے کہ سیز فائر کے بعد بھی سرحدی علاقوں سے ابھی تک کئی زندگی شیل برآمد ہو چکے ہیں ۔
ڈنڈیسر گائوں میں پانی کی شدیدقلت
رمیش کیسر
نوشہرہ /نوشہرہ سب ڈویژن کے ڈنڈیسر گائوں میں گزشتہ تین ماہ سے پینے کے صاف پانی کی سپلائی بند ہو چکی ہے تاہم متعلقہ محکمہ کی جانب سے سپلائی کو بحال کرنے کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ سپلائی بند ہونے کی وجہ سے سرحدی گائوں میں پانی کی شدید قلت پید ہو گئی ہے جبکہ اس سلسلہ میں متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ آفیسران سے بھی رجوع کیا گیا لیکن ابھی تک سپلائی کو بحال کرنے کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔لوگوں نے بتایا کہ جموں پونچھ شاہراہ پر تعمیر اتی کام کے چلتے پاپئیں کھول دی گئی ہے لیکن محکمہ ان کو جوڑنے کیساتھ ساتھ کسی بھی متبادل پر کوئی عملی کام نہیں کررہا ہے جس کی وجہ سے 5سو سے زائد کنبوں کو پانی کی قلت کا سامنا ہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پانی کی قلت کو دور کرنے کیلئے سپلائی کو بحال کیا جائے ۔