جب تصدق مفتی نے پی ڈی پی کارکنان کو صفائی پر لگایا
سمت بھارگو
راجوری//وزیر برائے سیاحت تصدق حسین مفتی نے ماحولیات کو صاف و شفاف رکھنے کے مقصد سے پی ڈی پی کارکنان کو حیران کرتے ہوئے اپنے دورہ ٔ راجوری پونچھ کے دوران انہیں صفائی مہم پر لگایا۔کچھ پی ڈی پی کارکنان نے نام مخفی رکھنے کی شرط پر کشمیر عظمیٰ کو بتایاکہ انہوںنے راجوری پونچھ دورے کے دوران دیرہ گلی اور پونچھ میں مذہبی جگہ پارٹی کارکنان سے سیاحتی اور مذہبی مقام میں صفائی کرنے کو کہا جو ایک حیران کن فیصلہ لگا۔ انہوںنے بتایاکہ مفتی تصدق نے اس مہم کی خود قیادت کی ۔انہوںنے بتایاکہ دونوں جگہوں پر تصدق مفتی نے خود پہل کرتے ہوئے اس مہم کی قیادت کی اور صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ان کارکنان کاکہناتھاکہ وزیر کو خود قیادت کرتے دیکھ کر ان کے پاس مہم میں شامل ہوئے بغیر کوئی چارہ نہیں رہ گیا اور اس طرح سے انہوںنے صفائی مہم میں حصہ لیا ۔
ضلع پونچھ میں سیاحتی شعبے کا فروغ
حکومت امکانات تلاش کرے گی : تصدق مفتی
پونچھ//سیاحت کے وزیر تصدق مفتی نے کہاہے کہ حکومت ضلع پونچھ میں سیاحتی شعبے کو ترقی دینے کے امکانات تلاش کرے گی اور وہاں موجودہ سیاحتی سہولیات کو اَپ گریڈ کرنے کے بھی اقدامات کئے جائیں گے ۔ان باتوں کا اظہار وزیر نے گونتریاں میں ننگالی صاحب گردوارہ اور سائیں میرا بخش زیارت کے دورے کے دوران کیا۔ انہوںنے کہا کہ پلگرم سیاحت کو کئی طرح سے ان جگہوں پر ترقی دی جاسکتی ہے اور ضروری بنیادی ڈھانچہ فراہم کیا جاسکتا ہے تاکہ سیاحوں کی بڑی تعداد کو رہائشی سہولیات فراہم کی جاسکے۔انہوںنے اس سے قبل پونچھ قلعہ کا دورہ کیا جو قصبے کے بیچوں بیچ واقع ہے تاکہ اس کی مرمت اور دیدۂ زیبی کے امکانات تلاش کئے جاسکیں۔دورے کے دوران وزیر نے علاقے میں موجود ثقافتی ورثے کے رکھ رکھائو اور تحفظ پر بھی زور دیا۔ایم ایل اے حویلی شاہ محمد تانترے ، ڈی ڈی سی طارق احمد زرگر، ایس ایس پی راجیو پانڈے ، ڈائریکٹر ٹوراِزم ببلی رکھوال ، جوائنٹ ڈائریکٹر ٹوراِزم شوکت ملک ، سی ای او ٹوازم پی ڈی اے شیراز الملک کے علاوہ پولیس اور سول انتظامیہ کے افسران وزیر کے ہمراہ تھے۔دورے کے دوران کئی وفود وزیر سے ملاقی ہوئے جن کے مسائل سن کر وزیر موصوف نے یقین دلایاکہ حکومت جائز مطالبات پورا کرے گی ۔دریں اثناء ان سے سکھ نوجوان سبھا کے ایک وفد نے ملاقات کرکے سکھ طبقہ کو اقلیتی درجہ دینے کی مانگ کی ۔ اس وفد میں گگن دیپ سنگھ ، سکھدیو سنگھ اور گورنے سنگھ بھی شامل تھے ۔ اس موقعہ پر ممبراسمبلی پونچھ کے علاوہ ممبر قانون ساز کونسل یشپال شرما، ضلع صدر پی ڈی وائی شمیم ڈار او رپارٹی کے دیگر کارکنان بھی موجود تھے۔
جبی طوطی اور راہہ والا کو سیاحتی نقشے پر لانے کا مطالبہ
عشرت بٹ
منڈی//گزشتہ روز پیر پنچال عوامی ڈیولپمنٹ سرپرست اعلیٰ و سماجی کارکن مولوی محمد فرید ملک کی سرپرستی میں اڑائی کے ایک وفد نے وزیر سیاحت تصدق مفتی سے ملاقات کرکے اڑائی کے خوبصورت میدان جبی طوطی اور رہہ والا شفا بخش پانی کو سیاحتی نقشے پر لانے کی مانگ کی ۔ وفد نے ایک یاداشت بھی وزیر موصوف کو دی اور اڑائی کیلئے بنیادی سہولیات کی فراہمی کی مانگ کی ۔وفد کے ارکان نے کہاکہ ان مقامات کو سیاحتی نقشے پر لانے سے مقامی نوجوانوں کوروزگار کے مواقع ملیںگے ۔وزیر موصوف نے یقین دلایاکہ ان علاقوں کو ترجیحی بنیاد پر سیاحتی ترقی دی جائے گی ۔ممبراسمبلی شاہ محمد تانترے نے یقین دلایاکہ آئندہ تین سال میں اڑائی گائوں کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیںگی اور ترقیاتی کام بھی کئے جائیںگے ۔مولوی فرید کے ہمراہ حاجی مہتاب دین بانڈے، نواز شریف ملک ،باغ حسین ملک ،عبدالطیف ملک، عبدالرشید ملک، حافظ عبدالرحیم ملک ،عبدالرحمن، محمد شفیع وغیرہ بھی تھے۔
پہاڑی ریزرویشن میں اضافہ کی مانگ
بختیار حسین
سرنکوٹ//سرنکوٹ کے گائوں سنئی میں پہاڑی طبقہ کا ایک اجلاس منعقد ہواجس کی صدارت سید شبیر حسین شاہ نے کی ۔اس موقعہ پر سابق سرپنچ وحید حسین شاہ بھی موجو دتھے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے جہاں حکومت کا تین فیصد ریزرویشن دینے کیلئے شکریہ ادا کیا وہیں اس بات کا مطالبہ بھی کیاکہ اس ریزرویشن میں مزید اضافہ کرکے اسے کم از کم پانچ فیصد تک کیاجائے جس کا سابق حکومت نے اعلان بھی کیا اور قانون سازیہ کے دونوں ایوانوںسے بل کو منظوری دی ۔انہوںنے کہاکہ وہ وزیر اعلیٰ اور وزیر برائے سماجی بہبود کے شکر گزار ہیں لیکن یہ تین فیصد پہاڑی طبقہ کی آبادی کو دیکھتے ہوئے ناکافی ہے جس میں اضافہ کیاجاناچاہئے ۔ انہوںنے کہاکہ اب مرکزی حکومت کی طرف سے ایس ٹی درجہ بھی ملناچاہئے اور پہاڑی طبقہ کو تمام ترسیاسی نظریات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایک متحدہ پلیٹ فارم پر جمع ہوناچاہئے اور اپنے حقوق کی جنگ لڑنی چاہئے۔اجلاس میںمظفر حسین شاہ ،مقبول شاہ ،لیاقت حسین شاہ، رشید شاہ، انوار حسین شاہ ،محمد غنی وغیرہ بھی موجو دتھے ۔
تصدق مفتی نے منہال سکول کا معائنہ کیا
حاضری رجسٹر ضبط،محکمہ کو کارروائی کا انتظار
طارق شال
تھنہ منڈی// ریاستی وزیر سیاحت تصدق مفتی نے اپنے تھنہ منڈی کے دورہ کے دوران ہائی اسکول منیہال کا اچانک معائنہ کیا جس دوران انہوںنے حاضری رجسٹر ضبط کرلیا تاہم محکمہ کو کارروائی کا انتظار ہے ۔ وزیر سیاحت جمعہ سے سرحدی اضلاع راجوری پونچھ کے دورہ پرہیںجہاں وہ سنیچر کے روز زیارت شریف شاہدرہ شریف میںقیام کے بعد براستہ دیرہ گلی ضلع پونچھ کی طرف روانہ ہوئے۔پونچھ جاتے ہوئے انہوںنے اچانک ہائی اسکول منیہال کا معائنہ کیا جہاں یہ شکایت عام ہے کہ سکول کا عملہ غیر حاضر رہتاہے ۔ وزیرموصوف نے اس دوران سکول کا حاضری رجسٹر ضبط کرلیا ۔ حاضری رجسٹر ضبط کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے چیف ایجوکیشن افسر راجوری چوہدری لعل حسین نے کہا کہ وزیر موصوف اسکول کا حاضری رجسٹر ضبط کر کے پونچھ کی طرف لے گئے ہیں جس میں ابھی تک کوئی کارروائی عمل میں نہ لائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبا کے امتحان شروع ہورہے ہیں جس کی وجہ سے کچھ عملہ سکول میں حاضر نہ تھا۔ انہوں نے بتایاکہ اس سلسلے میں متعلقہ ہیڈ ماسٹر کو رپورٹ مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاہم وہ کارروائی کے انتظار میں ہیں ۔
تھنہ منڈی میں سڑک حادثہ،2افراد ذخمی
طارق شال
تھنہ منڈی// تھنہ منڈی کے بیگو ناڑہ کے مقام پر ایک ویگنار گاڑی حادثے کاشکار ہوگئی جس کی وجہ سے دو افراد زخمی ہوئے جنہیں ضلع ہسپتال راجوری منتقل کیاگیاہے ۔یہ حادثہ تھنہ منڈی۔ بفلیاز سڑک پر منیہال کے نزدیک پیش آیا جب ویگنارگاڑی زیر نمبرJK12-8302 سرنکوٹ سے تھنہ منڈی کی طرف آتے ہوئے ایک موٹرسائیکل سوار کو ٹکر مارنے کے بعد حادثہ کاشکا رہوگئی جس کے نتیجہ میں موٹرسائیکل سوار محمود خان ( 23) ولد طالب حسین سکنہ منیہال اور گاڑی کا ڈرائیور وسیم اکرم ( 25) ولد اکرم خان سکنہ کلرکٹل سرنکوٹ زخمی ہوئے ۔حادثے کے بعد دونوں زخمیوں کو پرائمری ہیلتھ سنٹر تھنہ منڈی لایاگیاجہاںابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ان کو ضلع ہسپتال راجوری منتقل کیاگیاہے ۔اس دوران ایس ایچ او تھنہ منڈی انسپکٹر نذیر احمد ڈار نے اطلاع ملتے ہی اے ایس آئی عبدالقیوم کی سربراہی میں پولیس ٹیم موقعہ پر بھیجی جس نے قانونی کارروائی شروع کردی ہے ۔
پسوال نے پہاڑی ریزرویشن کا خیر مقدم کیا
مینڈھر//پی ڈی پی کے ضلع نائب صدرماسٹر محمد دین پسوال نے پہاڑی زبان بولنے والے عوام کو 3فیصد ریزرویشن دینے کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کاشکریہ اد اکیا۔ اپنے ایک پریس بیان میں پسوال نے کہاکہ 40سال سے جدوجہد کرنے والے پہاڑی طبقہ کو سابق حکومتوںنے کچھ نہیں دیا اور اب موجودہ حکومت نے 3فیصد ریزرویشن دے کر اہم فیصلہ لیاہے ۔ان کاکہناتھاکہ سابق وزیر اعلیٰ مر حوم مفتی محمد سعیدنے اس نظریاتی سوچ کے تحت پی ڈی پی پارٹی کی بنیاد رکھی کہ ریاست کی عوام کی فلاح و بہبود ہوسکے ۔انہوںنے کہاکہ مرحوم نے اپنے انتقال سے قبل کئی بڑے پروجیکٹوں پر کام کیا اور اب موجودہ وزیر اعلیٰ انہی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ہمت ،استقلال ،سنجیدگی اور دانش مندانہ برد باری کے ساتھ مرحوم کے نظریاتی خوابوں کو عملی شکل دے رہی ہیں ۔انہوںنے پارٹی کارکنان پر زور دیاکہ وہ پی ڈی پی کو مضبوط بنائیں ۔
راجوری ۔درہال سڑک خستہ حالی کاشکار
راجوری //جموں و کشمیر پہاڑی جوائنٹ فرنٹ کے چیئرمین سید شاداب شاہ نے راجوری ۔ درہال سڑک کی خستہ حالی پر تشویش کا اظہار کیاہے ۔ انہوںنے اپنے ایک بیان میں کہاکہ اس سڑک کی خراب حالت کی وجہ سے مقامی لوگ بری طرح سے متاثر ہورہے ہیں ۔انہوںنے الزام عائد کیاکہ حکام اس کی مرمت کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں اور درہال کے لوگوں کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کی طرف سے مسائل حل نہ کرنا افسوسناک ہے اور سڑک کی فوری طورمرمت کی جائے ۔
ہائی سکول جڑانوالی میں سبکدوشی کی تقریب
بختیار حسین
سرنکوٹ// گورنمنٹ ہائی سکول جڑانوالی میں ماسٹر محمد رزاق بجاڑ کی سبکدوشی پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقعہ پر چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ، ایس ڈی پی او مینڈھر ریاض تانترے، پرنسپل ہائراسکنڈری سکول بھاٹہ دھوڑیاں ،کانگرس یوتھ چویدری عمران ظفر، بی اے خان ،چوہدری قمر دین ، چوہدری محمد صادق،نذیر حسین ،محمد شفیع و دیگر معززین نے شرکت کی ۔اس دوران طلباء کی طرف سے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کئے گئے ۔ مقررین نے بجاڑ کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ انہوںنے جس محنت اورلگن سے بچوں کو تعلیم دی ، وہ قابل ذکر ہے ۔اپنے خطاب میںبجاڑ نے کہاکہ انہیں جہاں سبکدوشی پر خوشی ہورہی ہے وہیں وہ اس بات پر غمزدہ بھی ہیں کہ اپنے ساتھیوںاور طلباء سے جداہورہے ہیں ۔انہوںنے تقریب میں موجو د تمام لوگوں کا شکریہ اد اکیا ۔
ٹکسائی میں این سی کارکنان کا اجلاس
راجوری//نیشنل کانفرنس کی جانب سے ٹکسائی میں این سی لیڈرچوہدری نسیم لیاقت کی صدار ت میںمیٹنگ منعقدہوئی جس میں پی ڈی پی سے تعلق رکھنے والے حاجی محمدیوسف اوراس کے ساتھیوں کی پارٹی میں شمولیت کا دعویٰ کیاگیا۔یہاں جاری بیان کے مطابق اس دوران خطاب کرتے ہوئے چوہدری نسیم لیاقت نے کہاکہ موجودہ حکومت عوام کی اُمنگوں میں کھرااُترنے میں مکمل طورپرناکام ہوچکی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی پی اوربی جے پی مخلوط حکومت کے دورحکومت میں فرقہ پرستی عروج پرپہنچ گئی ہے اورعوامی مسائل میں بے تحاشہ اضافہ ہواہے۔انہوں نے کہاکہ عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہے اورحکومت کی جانب سے کوئی بھی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔نسیم لیاقت نے کہاکہ خطہ پیرپنچال کے نوجوان بے روزگاری کی وجہ سے دربدر ہیں اورموجودہ حکومت کی نوجوانوں کے مخالف پالیسیوں سے ناخوش ہیں ۔انہوں نے کہاکہ بے روزگارنوجوان اچھی حکومت کاانتظارکررہے ہیں۔نسیم لیاقت نے کہاکہ نیشنل کانفرنس عوام کے مسائل حل کرانے کے تئیں سنجیدہ ہے اوروہ ان کے مسائل ضلع انتظامیہ کے ساتھ اٹھائیں گے۔
جموں یونیورسٹی کا پونچھ کیمپس
تعمیر تعطل کاشکار ، طلبا ء گریجویشن کے بعد جموں جانے پر مجبور
نیوز ڈیسک
پونچھ//خطہ جموں کے سب سے کلیدی تعلیمی ادارہ ’جموں یونیورسٹی‘کا پونچھ کیمپس لوگوںکیلئے فائدہ بخش ثابت نہیںہوسکا اور نہ ہی کیمپس کی تعمیر ہوسکی ہے ۔یونیورسٹی کیمپس کی تاخیر تعطل کاشکار ہے ۔ پروفیسرعارف سجاد، پائلٹ جمیل احمد، مظفرحسین چوہدری ،فاروق چوہدری، ڈاکٹرلال حسین چوہدری ودیگران کے مطابق سال 2017کے وسط میں جموں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسرآرڈی شرمانے دیگر افسران کے ہمراہ پونچھ کادورہ کیاجس دوران معروف سیاحتی و مذہبی مقام ڈنہ شاہستارمیںیونیورسٹی کے پونچھ کیمپ آفس کے قیام کیلئے جگہ کی نشاندہی کی گئی ،اس دورے کے بعدمقامی لوگوں میں اُمیدجاگی تھی کہ اب جموں یونیورسٹی کاکیمپ آفس پونچھ میں قائم ہوگا لیکن ایک سال گزرنے کے قریب ہے مگرابھی تک کوئی پیشرفت نہیں ہوئی اوراب عوام کی اُمیدیں دم توڑرہی ہیں۔ان کاکہناہے کہ یونیورسٹی حکام کی عدم دلچسپی کی وجہ سے پونچھ کے طلباء کو سینکڑوں کلومیٹر کی دوری طے کرکے جموں جاناپڑتاہے ۔انہوں نے کہاکہ اگرپونچھ میں ہی یونیورسٹی کاکیمپ آفس ہوگاتوپونچھ کے طلباء بہ آسانی اعلیٰ سطح کی تعلیم حاصل کرسکیں گے اورانہیں ہزاروں روپے خرچ کرکے جموں آنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔پونچھ کے لوگوں کامزیدکہناہے کہ صوبہ جموں کے بیشتراضلاع میں جموں یونیورسٹی کے کیمپ آفس قائم ہیں لیکن پونچھ ضلع کویکسرنظرانداز کیاجارہاہے۔انہوں نے کہاکہ پی جی میں ہرسال پونچھ کے سینکڑوں طلباء جموں یونیورسٹی میں داخلہ لیتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پونچھ میں بہت سے طلباء ایسے ہیں جوجموں آکراعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کیلئے درکار مالی پوزیشن نہیں رکھتے ہیں جس کی وجہ سے ان طلباء کوتعلیم کاسلسلہ گریجویشن کے بعدہی منقطع کرنے پرمجبور ہوناپڑتاہے۔
لاپتہ بچی والدین کے سپرد
راجوری//سلیوٹ گائوں کے لوگوں کی مدد سے پولیس نے ایک لاپتہ بچی کو بازیاب کراتے ہوئے اسے اس کے گھر والوںسے ملادیا ۔پولیس ذرائع کے مطابق تین سالہ شبنم دختر محمد اسلم ساکن بریوی کالاکوٹ اپنے ماں کے ساتھ سندر بنی گئی تھی جہاں اس نے ماں کا ہاتھ چھوڑ دیا اور ایک بس پر سوار ہو سلیوٹ گائوں پہنچ گئی جبکہ شبنم کی ماں سندربنی میں ہی اسے تلاش کرتی رہی ۔پولیس نے بتایاکہ جب یہ بچی سلیوٹ مارکیٹ میں پریشانی کے عالم میں اِدھر اُدھر دیکھتے ہوئے پائی گئی تو مقامی دکانداروںنے اس سے اس کے گھر کے بارے میں جاننا چاہا تاہم وہ اس بارے میں نہ بتاسکی ۔پولیس ذرائع نے مزید بتایاکہ اس دوران دکانداروںنے اس کی سکول سویٹر دیکھی جس پر دھرمسال شکشا کیندر کا لوگو لگاہواتھا ۔اس دوران دکانداروںنے پولیس اسٹیشن دھرمسال میں اطلاع دی جس پر پولیس کی ٹیم موقعہ پر پہنچی اوربچی کو اپنی تحویل میں لے لیا ۔ بعد میں سکول حکام کی مدد سے پولیس نے بچی کے والدین سے رابطہ قائم کیا اور اسے ان سے ملادیا ۔
پٹھانہ تیر میں پانی کی ہاہاکار
کچھ لوگوںنے پائپیں اکھیڑ کر سپلائی بند کردی
جا وید اقبال
مینڈھر// مینڈھر کے دور افتادہ علاقہ پٹھا نہ تیر میں پینے کے پانی کی ہاہاکار مچی ہوئی ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق گزشتہ ایک ماہ سے پینے کا صاف پانی فراہم نہیں ہواجس کی وجہ سے انہیں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ طارق خان، محمد رشید خان اور حا جی ذوالفقار خان نے کہا کہ لفٹ اسکیم کی مین لائن کی لو گو ں نے پا ئییں اکھاڑ دی ہیں لیکن محکمہ کو ٹس سے مس نہیں اور وہ کوئی کارروائی نہیں کررہا اور نہ ہی کوئی متبادل انتظام کیاجارہاہے ۔ان کاکہناتھاکہ اتوار کو محکمہ کے اے ای ای منیر حسین اور محمد شبیر نے علا قہ کا دورہ کیا لیکن یہ افسران اس جگہ گئے ہی نہیں جہاںسے لوگوںنے لفٹ سکیم کی پائپیں اکھیڑ دی ہیں جس سے یہ عیاں ہوتاہے کہ یہ سب کچھ محکمہ کی ملی بھگت سے ہورہاہے ۔ان کاکہناہے کہ انہوںنے کئی بار دفتر کے چکر بھی کاٹے مگر افسران کے کانوں جوںتک نہ رینگی ۔انہوںنے کہاکہ لوگوں کو کئی کلو میٹر دور سے پانی لاناپڑتاہے ۔ان کاکہناہے کہ اگرچہ محلہ منہاساں، محلہ پٹھا نا ں وغیرہ میں پائپیں بچھی ہوئی ہیں مگر ان میں پانی نہیں آرہا۔انہوںنے کہاکہ اس کیلئے محکمہ کی لاپرواہی کو وجہ قرار دیا۔مقامی لوگوںنے انتباہ دیاکہ اگر پانی کی سپلائی فراہم نہ ہوئی تو وہ احتجاج کرنے پر مجبو ر ہوجائیںگے ۔انہوںنے الزام عائد کیاکہ محکمہ کے ملازمین کبھی کبھار ہی حاضر ہوتے ہیں اور اکثر وہ ڈیوٹی سے غائب ہوتے ہیں ۔رابطہ کرنے پر اے ای ای مینڈھر منیر حسین نے بتایاکہ انہوںنے علاقے کادورہ کرکے صورتحال کا معائنہ کیا اور ایک دو دنوں میں ہی پانی کی سپلائی شروع ہوجائے گی ۔انہوںنے بتایاکہ پائپیں اکھیڑ نے والے لوگوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔