سماجی کارکن ایڈوکیٹ حسان بابر نہرو
۔7ماہ کی اسیری کے بعدرہا ہو کر گھر پہنچے
محمداسحٰق عارف
ڈوڈہ//عدالت سے مقدمہ خارج ہونے کے بعد جموں سنٹرل جیل سے رہائی پانے والے نوجوان رہنما ایڈوکیٹ حسان بابر نہرو گذشتہ رات ڈوڈہ پہنچ گئے آج صبح حسان بابر نہرو کی رہائی کی خبر پاتے ہی ہزاروں لوگوں نے اُن کے گھر نہرو چوک ڈوڈہ پہنچ کر اُن کو جیل سے رہائی ملنے پر مبارک باد پیش کی۔ حسان بابرنہرو کی انتخابی سیاست میں سرگرم ہونے یا پر یشر گروپ سیاست کو جارے رکھنے اور سماجی کاموں میں سرگرمی دکھانے کے حوالے سے عوامی حلقوں میں چہ مگوئیوں پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ وہ مستقبل کے حوالہ سے عنقریب میڈیا کے ذریعہ اپنے پروگرام کا اعلان کریں گے تاہم اُنہوں نے اس سوال کے جواب میں نہ ہی تصدیق کی نہ ہی اس بات کی تردید کی کہ وہ آنے والے انتخابات کا حصہ ہوں گے۔ حسان بابر نہرو کے بارے میں عوامی حلقوں اور سیاسی تجزیہ نگاروں میں اس بات پر اکثراوقات یہ خبریں گشت کررہی ہیں کہ وہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں حلقہ ڈوڈہ سے بطور آزاد اُمیدوار اپنی قسمت آزمائیں گے۔ قابل ذکر بات ہے کہ نوجوان وکیل جموں یونیورسٹی میں اپنی تعلیم کے دوران 2010میں جموں میں وادی کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر احتجاج کے بعد سُرخیوں میں آئے تھے۔ اور اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد جہاں اُنہوں نے اپنے آبائی قصبہ ڈوڈہ میں وکالت کا پیشہ اختیار کیا وہیں بے سہارا غریب ، پسماندہ طبقوں اور مریضوں کے لئے امداد کی وجہ سے مشہور ہوئے۔ اور 2016میں کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف اور مقامی سطح پر بجلی و دیگر ترقیاتی مسائل پر سرگرم ہونے کے بعد اُن کو PSAکے تحت پابند سلاسل کیا گیا تھا۔ اور جیل سے رہائی کے بعد وہ سرکاری ملازمت کے لئے منتخب ہوئے۔ البتہ چند ماہ بعد اُنہوں نے سرکاری ملازمت سے استعفیٰ دیا تھا جس کے بعد ماہ جولائی 2017میں اُن کو جموں کے مختلف پولیس تھانوں میں مختلف مقدمات کے تحت بند رکھا گیا تھا اور پھر ایک مقدمہ میں اُن کے خلاف عدالت میں چالان پیش کیا گیا تھا، جہاں عدالت نے تمام دلائل سُننے کے بعد اُن کے خلاف عائد الزامات کو بے بنیاد قرار دے کر خارج کرنے کے بعد اُن کی رہائی کے احکامات صادر فرمائے۔ جس بناء پر اُن کو گذشتہ بُدھ کے روز جیل سے رہا کردیا گیا۔
شجر کاری مہم میںبے ضابطگیوں کا الزام
محمداسحٰق عارف
ڈوڈہ//پروجیکٹ آفیسر CATسی اے ٹی بغلہار محکمہ سائیل اینڈ واٹر کنزرویشن بٹوت کی طرف سے ایک آر ٹی آئی کے جواب میں CATپروجیکٹ ارنوڑہ ،نالواہ اور ساہ علاقہ میں15608درختان لگا کر اُن میں 85%درختان کو کامیاب قرار دیئے جانے کی اطلاع کو سفید جھوٹ قرار دیتے ہوئے ڈوڈہ کے مشہور سماجی کارکن اور زیتون فصل کو ڈوڈہ میں متعارف کرانے والے کسیری شیشی کمار نےCATپر بے ضابطگیوں کا الزام لگایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ CATکی طرف سے اُن کو RTIکے تحت فراہم کی گئی اطلاع ہے جس میں کہا گیا ہے کہ CATنے سال2016میں محکمہ نرسری گھٹ سے 15608پودے خریدے تھے جبکہ ایسی کوئی نرسری موجود ہی نہ ہے اور ناہی درخت لگائے گئے ہیں اور پھر 85%کامیاب کہنا سفید جھوٹ ہے جس کی کسی اعلیٰ تحقیقاتی ایجنسی سے تحقیقات ہونی چاہئے قابل ذکر بات ہے کہ بگلہار پن بجلی پروجیکٹ کے تعمیر ہونے کے بعد ڈیم کے کیچمنٹ علاقہ میں CATدرختان لگانے و حفاظتی دیواروں کی تعمیر پر اب تک کروڑوں روپے خزانہ عامرہ سے نکالے گئے ہیں 80%کام صرف کاغذات میں کیا گیا ہے جس وجہ سے عوامی حلقوں میں اس ادارے کی اہمیت پر سوال اُٹھ رہے ہیں، تاہم ابھی تک کسی بھی حکومت کی طرف سے کوئی کاروائی نہ کی گئی ہے۔
سیول سوسائٹی ڈوڈہ کا وزیر تعلیم کے تئیں اظہار تشکر
محمداسحٰق عارف
ڈوڈہ//ریاست وزیر تعلیم محمد الطاف بخاری کی طرف سے نظام تعلیم میں درستگی اور انقلابی اقدامات کے سلسلہ میں گیارہویں جماعت کے امتحانات کو براہ راست JKSBOSEکی طرف سے منعقد کرانے کے فیصلہ کو خوش آئند عوام دوست قرار دیتے ہوئے ڈوڈہ جائنٹ سیول سوسائٹی نے خیر مقدم کیا ہے سوسائٹی کے ترجمان اشتیاق احمد دیو نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں چند نا اہل حکام اور وزراء نے ریاست میں سکول ایجوکیشن کو کافی نقصان پہنچایا ہے جس کی تلافی کے لئے ہنگامی و انقلابی اقدامات ضروری ہیں اور یہ اقدام بھی بہتر ہے سیول سوسائٹی کا مزید کہنا ہے کہ آٹھویںجماعت کے مقامی بورڈ کے امتحانات کا سلسلہ ختم کیا جائے کہ مقامی بورڈ کی کوئی اہمیت نہ ہے اور ساتھ ہی ساتھ سکولوں کو ترقی دینے کے بجائے موجودہ سکولوں میں ہی بنیادی ڈھانچہ مضبوط کیا جائے اور سکولوں میں عمارتوں ، کھیل کے میدان ، لیبارٹری، لائبریری، کمپیوٹر کی سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ مفت وردی کتابیں، دوپہر کے کھانے کی سکیموں کو بند کرکے براہ راست طلباء کو بنک کھاتوں کے ذریعہ رقم دی جانے کے ساتھ ساتھ اساتذہ کو تعمیراتی کاموں سے مثتثنیٰ فرمایا جائے اور عوامی حلقوں کو موجودہ وزیر تعلیم سے بھر پور اُمید ہے کہ وہ ریاست میں تعلیمی شعبہ میں موجود خامیوں کو دور کرکے مستقبل سنواریں گے سوسائٹی نے ڈوڈہ کالج میںPGکلاسیں شروع کرنے و ڈوڈہ بھدرواہ ٹھاٹھری رام بن مڑواہ کالجوں میں نئے مضامین متعارف کرانے پر بھی وزیر کا شکریہ ادا کیا ہے۔
تحصیلدار ڈوڈہ کے تبادلہ پرخراج
محمداسحٰق عارف
ڈوڈہ//ڈوڈہ میں لگ بھگ ساڑھے تین برس تک بطور ایگزیکٹیو مجسٹریٹ تحصیلدار ڈوڈہ کے عہدے پر کام کرنے کے بعد ناصر حُسین نٹنو (KAS)کا سیول سیکٹریٹ تبادلہ ہونے پر سیول سائٹی ڈوڈہ نے ناصر حُسین نٹنو کے کام اور خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ ڈوڈہ کا یہ سپوت ہر جگہ پر ہر ہمشہ یہاں کی عوام کی خدمت کا جذبہ اپنے اندر موجود رکھتے ہوئے کام کرے گا غلام حسن پانپوری ، محمد اقبال بلوان، اشتیاق احمد دیو، نصیر احمد کھوڑا، عبدالمنان بانڈے، فیضان علی ترمبو، منظور احمد بٹ، نئیر شہزاد ٹاک، محبوب احمد ٹاک، فرید احمد نیائیک، شاد مسگر نے ناصر حُسین نٹنو کی اگلی پوسٹنگ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
مرحوم پی ڈی پی لیڈرکو برسی پرخراج عقیدت پیش
کشتواڑ//پیپلز پارٹی کشتواڑ کی جانب سے پارٹی کے سابقہ نائب صدر مشتاق احمد شیخ کی برسی کے لئے ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں پارٹی کارکنوں نے مرحوم رہنما کو خراج عقیدت ادا کیا۔پارٹی کے ایم ایل سی فردوس ٹاک نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے انہیں ایک نامور اور ایک ایسی شخصیت قرار دیا جنھوں نے اپنی ساری زندگی لوگوں کی بھلائی اور بہبودی کیلئے وقف کر دی۔غم زدہ کنبہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ایک شریف النفس اور ایک پاک شخص تھے جو ضرورتمندوں کی بھلائی کے لئے ہمیشہ آگے رہتے تھے۔انہوں نے کہا کہ وہ اپرٹی کے ایک مظبوط ستون تھے ا ورانکی خدمات کو پارٹی ہمیشہ یاد رکھے گی۔پارٹی کے دیگر سینئر لیڈران ،ضلع صدر پی ڈی پی شیخ ناصر حُسین، بشمول نذیر احمد شاہ، اشتیاق حُسین وازا، سریش شرما ، ارشد حُسین گری، جعفرحُسین گنائی ،جگدیش کمار، جعفر بابزادا، نذیر احمد لون، سجاد احمد دیو، عمر ملک، واصل ڈولوال، گردھاری لعل، مدثر آہنگر نے بھی مرحوم لیڈر کو خراج عقیدت ادا کیا۔
رام بن میں پسی گرآنے سے میتراکا قصبہ سے رابطہ منقطع
لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا،نیشنل کانفرنس کا رابطہ بحال کرنے کا مطالبہ
رام بن //نیشنل کانفرنس کے صوبائی سیکرٹری لعل چند مسافر نے سرکار سے رام بن ۔میترا رابطہ کو فوری طور بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک پریس بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ حالیہ دنوں قومی شاہراہ کی فور لیننگ کی تعمیر کی وجہ سے رام بن قصبہ کے اندر ایک پسی گرآئی جس کی وجہ سے رام بن شہر کا میترا قصبہ کے ساتھ رابطہ ٹوٹ گیا ہے۔ ان ہوں نے کہا کہ رام بن کا شہر دریائے چناب کے دونوں کناروں پر آباد ہے۔آدھے دفاتر میترا میں واقع ہیں جبکہ آدھے دفاتر رام بن میں واقع ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ مقامی آبادی کے علاوہ ضلع بھر کے ہزاروں لوگوں کو روزانہ میترا اور رام بن کا چکر لگانا پڑتے ہیں۔ا س پسی سے سڑک اور پُراناپُل بند ہوگیا ہے۔اور عوام کو قرول پُل سے 10کلو میٹر کا چکر کاٹ کر گھنٹوں جام کا شکار ہونا پڑتا ہے، جسکی وجہ سے بچوں ، خواتین اور مریضوں کو بہت ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ جلد از جلد گیمز کمپنی کو رام بن۔ میترا سڑک رابطے کو بحال کروا کر عوام کو راحت دلائیں۔مطالبہ کرنے والوں میں ویشو بندھو، ثنا اللہ ، بلاک صدر چندر کوٹ حاجی محمد وزیر وانی،بلاک صدر رام بن عارف وانی و پارٹی کے دیگر کارکناں بھی شامل ہیں۔
دوران سفر پتھر لگنے سے ایک شخض زخمی
زاہد ملک
ریاسی//مہور میں ایک شخض اُس وقات مضروب ہوگیا جب پہاڑی سے ایک چٹان کھسک کر ایک ٹیمپو ٹریولر پر جاگرا ۔زخمی شخض کی پہچان محمد منشا ولد محمد حُسین ساکنہ ملائی،مہور کے بطور کی گئی ہے۔پولیس رپورٹ کے مطابق مذکورہ شخض ایک ٹیمپو ٹریولر میں ریاسی سے مہور جا رہا تھا کہ راستے میں پہاڑی سے اچانک ایک چٹان کھسک کر اسکی گاڑی پر جا گری جسکی وجہ سے وہ زخمی ہوگا۔ زخمی شخض کو فوری طور ضلع ہسپتال ریاسی منتقل کیا گیا ،جہاں پر اسکا علاج ہو رہا ہے۔
سڑک حادثہ میں 2 مضروب
زاہد ملک
ریاسی //بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کو ایک مہندرا زیر نمبر(JK02BQ-1385) ، جسے ڈرائیور راکیش کمار ولد بہرام چند ساکنہ کلان(اکھنور) عمر 30سال تیز رفتاری اور غفلت شعاری سے چلا رہا تھا ،جسکی وجہ سے گاڑی اسکے قابو سے باہر ہوگئی اور لامسورا کے مقام پر نیچے گر گئی۔نتیجہ کے طور پر ڈرائیور اور ایک مسافر ویریندر سنگھ ولد نیک رام ساکنہ کارو کوتحصیل بھماگ ریاسی عمر 22 سال زخمی ہو گئے ہیں۔پولیس نے دونوں زخمیوں کو ضلع ہسپتال ریاسی منتقل کیا ،جہاں پر انہیں فسٹ ایڈ مہیا کرنے کے بعد مزید علاج محالجہ کے لئے جی ایم سی جموں منتقل کیا گیا ۔
گندو اور ریاسی سے ناجائز شراب ضبط، 3 گرفتار
اسحق عارف /زاہد ملک
ڈوڈہ /ریاسی //گندو پولیس نے ناجائز شراب کے خلاف جاری مہم میں گندو سے ایک شخض کو ناجائز شراب کے ہمراہ گرفتار کیا ہے۔پولیس نے اسکے قبضہ سے 10لیٹر ناجائز شراب اور 30 لیٹر دیسی لاہن کو ضائع کردیا ۔ایس ایچ او عنایت حُسین کے مطابق مقامی لوگوں نے ناجائز شراب کے خلاف شکایات کی تھیں اور خدشہ کا اظہار کیا تھا کہ اس سے امن و قانون کا مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے،جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس پوسٹ چنگا کی ایک ٹیم نے زیر قیادت ایس آئی رام رتن نے انسپکٹر عنایت حُسین کی نگرانی میں سیولی علاقہ میں اچانک چھاپہ مارا اور ایک شخض راجیش کمار ولد ودیا رام ساکنہ سیولی ضلع دوڈہ کو گرفتار کیا اور اسکے قبضہ سے 10لیٹر ناجائز شراب اور 30 لیٹر دیسی لاہن برآمد کرکے اسے ضائع کر دیا۔پولیس نے شراب کشیدہ کرنے کے لئے استعمال کئے گئے برتنوں و آلات کو بھی ضبط کیا ۔ اس سلسلہ میں ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر 20/02/2018 زیر دفعہ 48(e) آر پی سی پولیس اسٹیشن گندو میں درج کیا گیا ۔مبینہ ملزم کو گرفتار کرکے مزید کاروائی شروع کر دی گئی ہے۔ دریں اثنا ریاسی پولیس نے بھی ناجائز شراب کے خلاف جاری مہم میں77 فروٹیاں بر آمد کی ہیں اور ایک شخض کو گرفتار کیا گیا ہے۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر 38/2017 درج کیا ہے۔پولیس اسٹیشن ریاسی کے ایس آئی قمردین کی قیادت میں ایک پولیس پارٹی نے تھاپا چوک ریاسی میں دوران چیکنگ دو اشخاص کو دیکھا جو بس اسٹینڈ ریاسی سے تھاپا چوک کی جانب ررواں تھے،جن کے ہاتھوں م یں ایک ایک تھیلا تھا۔ جونہی انہوں نے پویس پارٹی کو دیکھا تو وہ واپس بھاگنے لگے ۔اس مشتنبہ کاروائی پر پولیس نے دونوں کو پکڑ لیا ۔دوران تحقیقات انکے نام بطور اشونی شرما ولد دیو راج ساکنہ پرتھل اور موہن لعل ولد گنگا رام ساکنہ ہاٹ پرتھل بیان کئے گئے ہیں۔دوران پوچھ تاچھ انکے قبضہ سے بالترتیب جے کے ایکسائز وہسکی کی38فروٹیاں اور 39 فروٹیاں برآمد کی گئی ہیں۔ڈپٹی ایس پی نکھجل گوگنا کی قیادت میں پولیس نے اس سلسلہ میں تحقیقات شروع کر دی ہے۔