کانگریس ریاستی عوام کی حقیقی ترجمان: سروڑی
پی ڈی پی یوتھ صدرکی کانگریس میں شمولیت کا دعویٰ
کشتواڑ//انڈین نیشنل کانگریس کوانصاف ومساوات کاایک نیانظام قائم کرنے والی تحریک قرار دیتے ہوئے جموں وکشمیرپردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ورکن اسمبلی اندروال غلام محمد سروڑی نے آج کہاکہ اپنے عقاعدونظریاتی پالیسیوںکی بدولت کانگریس جموں وکشمیرکی حقیقی اور معتبرآوازبن کرراُبھری ہے۔انہوں نے کہاکہ کانگریس کے امن وترقی کے ایجنڈے کوریاست بھرمیں عوامی حمایت حاصل ہے جوایک حوصلہ افزء امرہے کیونکہ کانگریس نے اپنے ماضی کے دورِ اقتدارمیں ریاست کے تینوں خطوں کی مجموعی ترقی کیلئے انقلابی اقدامات اُٹھائے۔اُنہوں نے کہاکہ کانگریس کی اچھی حکمرانی آج بھی عوام میں مقبول عام ہے۔سروڑی نے کہاکہ پارٹی کوریاست بھرسے بھرپورتعاون حاصل ہورہاہے جوریاست اورپارٹی کے مستقبل کیلئے بھی نیک شگون ہے۔اُنہوں نے کہاکہ ریاست کے تینوں خطے جموں، کشمیر اورلداخ پھرسے ایک مضبوط سیاسی وقت کانگریس سے ایک معتبرآوازکی حیثیت سے اُمیدیں لگائے ہوئے ہیں۔نوجوانوں کی کانگریس میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے سروڑی نے کہاکہ جولوگ سیاسی میدان میں اپنی حصہ داری پیش کرناچاہتے ہیں اورریاست کی تعمیروترقی میں اپنی شرکت چاہتے ہیں وہ کانگریس کاہاتھ مضبوط کررہے ہیں اورکانگریس کی طرف بڑھ رہے ہیں۔پارٹی کی کاوشوں کوآگے بڑھانے کے خواہاں تمام لوگوںکیلئے کانگریس کے دروازے کھلے ہیں، تاکہ ریاست کوموجودہ غیریقینیت سے باہرنکالاجاسکے۔اُنہوںنے اُمیدظاہرکی کہ نئے نوجوانوں کی کانگریس میں شمولیت سے پارٹی اورمضبوط ہوگی۔نئے یوتھ کارکنان نے کانگریس میں شمولیت کے اپنے فیصلے کودانشمندانہ اورریاست جموں وکشمیرکے وسیع ترمفادمیں قرار دیتے ہوئے اعادہ کیاکہ وہ پارٹی کی عوام دوست، ترقی پسند وامن پسندپالیسیوں کوگھرگھرپہنچائیں اورانہیں عملانے میں جی جان سے کوشش کریں گے۔
راشن ڈیلر اسوسی ایشن ڈوڈہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر سے ملاقی
واجبات کی واگذاری تک POSمشین نصب نہیںہوگی
محمد اسحٰق عارف
ڈوڈہ//آل جموں کشمیر فیئر پرائز ایمپلائز یونین (راشن ڈیلر ایسوسیشن) ضلع ڈوڈہ کے ممبران نے صدر ضلع ڈوڈہ نیاز احمد زرگر کی قیادت میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ خوراک شہری رسادات و امور صارفین FCS&CAڈوڈہ سے ملاقات کرکے مسائل پر بات کی۔ اُنہوں نے صاف کیا کہ وہ فی الحال POSمشین نصب نہیں کرسکتے ہیں جب تک اُن کے تمام بقایا جات بشمول 2016کی کمیشن واگذار نہ کی جاتی ہے وفد نے سرکار کی طرف سے راشن ڈیلر وں کو مستقل کرنے کے فیصلہ پر عمل در آمد کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت محض لیت و لعل کررہی ہے جس وجہ سے ہم شدید مشکلات کا شکار ہیں وفد نے اُن تمام مطالبات مسائل اور حکومت کی طرف سے وقتاً فوقتاً ان راشن ڈیلروں کو مستقل کرنے کے حوالے سے جاری احکامات کا بھی خصوصی ذکرکیا وفد نے یہ بھی کہا کہ اگر حکومت جلد سے جلد مطالبات پورے نہیں کرتی ہے تو مجبوراً اُن کو دوبارہ احتجاج ہرتال کی راہ اختیار کرنا پڑے گی اس لئے حکومت کو چاہئے کہ تمام واجبات کی واگذاری تک ہم کو POSمشین نصب کرنے کے لیے مجبور نہ کرے وفد میں اور لوگوں کے علاوہ عنایت اللہ ملک، محمد امین نیائیک بھی موجود تھے۔
ڈوڈہ کالج میں پی جی کلاسوں کا کریڈٹ عوام کو: ممبر اسمبلی
قصبہ کی تزئین، صحت و صفائی ، سڑک رابطوں کی بہتری ترجیحات میں شامل
محمد اسحٰق عارف
ڈوڈہ//گذشتہ دو چھ سالہ منصوبوں میں جان بوجھ کر ڈوڈہ ڈگری کالج کو نظر انداز کرنے کے بعد اب کالج کو پوسٹ گریجویٹ کلاسیں ملنے پر عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے ممبر اسمبلی ڈوڈی شکتی راج پریہار نے کہا ہے کہ میں نے اپنا فرض نبھایا ہے مگر میں ذاتی طور اس کا کریڈٹ یہاں کے عوام کو دیتاہوں جنہوں نے مسلسل چودہ برس تک جدوجہد کی اور میں وعدہ کرتا ہوں کہ ڈوڈہ کے سب سے بڑے تعلیمی ادارے ڈگری کالج ڈوڈہ کو گذشتہ بارہ برسوں میں ہونے والے نقصان کی تلافی کرکے یہاں کے غریب پسماندہ کسان دیہاڑی دار طبقہ کے بچوں کو اعلیٰ و معیاری تعلیم دلا سکوں ہم نے ایک دیانت دار شخص کو کالج کا سربراہ بنا کر ہر ممکن تعاون دیا ہے ہوسٹل زیر تعمیر ہے اور عنقریب آڈیٹوریم اور کلاس رومز کمپلیکس پر بھی کام ہوگا اور اسی برس PGسطح پر انگریزی و اُردو کے علاوہ انڈر گریجویٹ سطح پر کامرس ، فلاسفی، سائیکالوجی، اسلامک سٹیڈیز و ہیومن جینیٹک شروع ہوں گے جبکہ جغرافیہ موجود ہے شکتی راج پریہار نے طلباء و دیگر سماجی کارکنان سے ملاقات کے دوران کہا کہ حکومت کے تین برس مکمل ہونے کے ساتھ ہی ہم اپنی کارکردگی کا ایک کتابچہ شائع کریں گے جس میں تمام تفصیل درج ہوگی۔ ڈوڈہ میں زنانہ پولیس تھانہ ، فاسٹ ٹریک عدالت، جونائیل عدالت و جونائیل ہوم ، ڈائیریکٹر سروز اینڈ ریکارڈ کیپنگ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن ، جیسے بڑے اداروں کا قیام ریاست کے لئے منظور ہونے والے واحد کیندری ودیالہ سکول کا جودھپور میں قیام شڈول ٹرائپڈ طبقہ کے لئے رہائشی سکول کا قیام، پل ڈوڈہ تا بیولی سڑک کی کشادگی کے پندرہ برس پرانے مطالبہ کو پورا کرنا اور سینکٹروں کلو میٹر سڑکوں کی تعمیر بجلی پانی کی سہولیت کو درجنوں گاؤں تک وسعت دینے کا تمام ریکارڈ اور کام عوام کے سامنے ہے اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم نے محکمہ صحت عامہ PHE، تعمیرا ت عامہ R&B، دیہی ترقی RDD، تعلیم میں موجود مافیا کا قلع قمع کیا ہے۔ اور سرکاری مداخلت ناکے برابر ہے ڈوڈہ خطہ کے جغرافیائی مرکز اور دل کہنے جانے والے قصبہ ڈوڈہ MCDمیں کام کرنے والے بلدیاتی ادارے کو خود مختیاری دینا اور مداخلت سے باز رہنا ہمارے ہی دور میں شروع ہوا ہے۔ قصبہ ڈوڈہ کو جاذب نظر بنانا صحت و صفائی ، پُرانے و نئے قصبے میں سڑک رابطوں کو مضبوط کرنا میری ترجیحا ت ہے اور میں گنگا جمنی تہذیب کے لئے مشہور قصبہ ڈوڈہ کے بزرگوں ، نوجوانوں اور معزز ان سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ تمام تروابستگیوں سے بالہ تر ہو کر قصبہ کو خوبصورت بنانے اور عوام کو و راحت فراہم کرنے کے لئے اپنے مخلصانہ مشہوروں سے مجھے نوازیں۔ اور بھی بہت کچھ ہے جو میں عوام کے سامنے لے کر آؤں گا مستقبل کے حوالے سے ممبر اسمبلی ڈوڈہ نے کہا کہ کالج کی ترقی و ڈوڈہ ہائر سیکنڈری سکول(Boys)کو ماڈل سکول بنانے کے علاوہ جدید مضامین متعارف کرانا میری ترجیحات ہے کہ ڈوڈہ کے اس قدیم ترین ادارے میں 1977-78میں شیخ محمد عبداللہ کے وقت ایک حال تعمیر ہونے کے بعد چالیس سال سے کوئی تعمیر نہ ہوئی ہے۔ اور محض چند لوگوں کو فائدہ دلانے کے لئے دیہاتوں میں سکولوں کا درجہ بڑھانے کے نام پر تباہی ہوئی ہے۔ ہمارے بچوں کو طویل بھوک ہڑتالیں دھرنے اور مظاہروں کے عوض جھوٹے وعدے دئے گئے جس کی مثال جموں یونیورسٹی کا ڈوڈہ کیمپس ہے اور یہی حال ڈوڈہ بھرت روڈ کا بھی ہے ، آپسی بھائی چارے کے فروغ پر ممبر اسمبلی نے کہا کہ اگر میرے اوپر ایک بھی یہ ثبوت ملے کہ میں نے کسی جگہ تعمیر یا انصاف میں مذہب کی بنیاد پر ناانصافی کی ہے تو ایسی صورت میں ہم سرعام سزا پانے کے لئے تیار ہیں۔ وہیں لوگوں نے بھی بلالحاظ مذہب و ملت مجھے پیار دیا ہے جو مجھ پر قرض ہے اور میں یہ قرض چُکانے کی بھر پور کوشش کروں گا۔
بانہال میں شو روم کا افتتاح
محمد تسکین
بانہال // جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے ابھرتے کرکٹ کھلاڑی منظور احمد ڈار عرف منظور پانڈو نے بانہال میں ملبوسات شو روم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر شائقین کرکٹ کی ایک بڑی تعداد موجود بھی تھی جن میں ایس ایچ او بانہال اعجاز وانی ، ڈاکٹرا نوربٹ قابل ذکر تھے۔ قصبہ بانہال میں کھولے گئے اس شو روم میں ملبوسات کے ساتھ ساتھ دیگر ضروری سامان بھی رکھا گیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ منظور احمد ڈار وادی کشمیر کے ایک نامور کرکٹ کھلاڑی ہیں اور مقامی سطح پربانہال میں بھی وہ ہر دلعزیزہیں۔ منظور احمد ڈارIPL 2018 کیلئے کنگز الیون پنجاب کی نمائندگی کر رہے ہیں اور ان کی نامزدگی کے بعد ریاست کے شائقین کرکٹ میں خوشی پائی جارہی ہے اور وہ منظور ڈار کو ایکشن میں دیکھنے کیلئے بیتاب ہیں۔
وادی چناب کی فروغ کیلئے سیاحت و تعلیمی شعبہ کو ضم کیا جائے
ڈوڈہ سول سوسائٹی ودیگر سماجی و طلبا تنظیمیں یک زبان
نمائندہ عظمیٰ
ڈوڈہ //وادی چناب کے لوگوں کی اقتصادی حالت اور جغرافیہ کے مد نظرسول سوسائٹی دوڈہ نے سرکار سے پہاڑی اور تعلیمی طور پسماندہ اس خطہ کی ترقی کیلئے تعلمی شعبہ اور سیاحت کو ضم کرنے کی اپیل کی ہے۔سول سوسائٹی ڈوڈہ کے ترجمان اشتیاق احمد دیو نے اس رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطہ کے ترقیاتی منصوبوں پر غورکرتے ہوئے خطہ کے سماجی۔تمدنی اور اقتصادی حالت کے اقدار کو مد نظر رکھا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈانسنگ و موسیقی کے جیسے پروگرام منعقد کرنے کے بجائے انفراسٹریکچرل سہولیات جیسے کہ عمارتوں،پارکوں، لائبریریوں، عجائب گھروںکی بہتری پر زور دینے کی ضرورت ہے،تاکہ تعلیمی معیار میں بہتری لائی جا سکے ا ور سرکار کو چاہیے کہ وہ سیاحتی شعبہ میں فنڈز محکمہ تعلیم کے اشتراک سے استعمال کرے خصوصاً ڈوڈہ ضلع میں۔ انہوں نے اس سلسلہ میں سڈنی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ بہتر تعلیمی سہولیات کی وجہ سے سیاحت کا مرکز بن گیا ہے۔انہوں نے ہریانہ، پنجاب، اور ہماچل پردیش کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ ملک بھر کے ہزاروں لوگ ان ریاستوں کا دورہ کرتے ہیں کیونکہ وہاں پر بہتر تعلیمی سہولیات میسر ہیں،جسکی وجہ سے وہاں کی اقتصادی حالت میں سدھار آیا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سرکار کو چاہیے کہ وہ علاقہ کے عام لوگوں کے مفاد کیلئے اس سلسلہ میں ضرورری اقدام کرے۔اے آئی ایس ایف کے قومی کونسل کے ممبرمُکیش پریہار سرازی نے بھی ایک علحیدہ بیان میں اس رائے کی توشیق کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بہترین موقعہ ہے کہ اس ضمن میں کاروائی کی جائے ۔ڈی آروائی ڈبلیو اے کے صدر فرید احمد نائیک نے بھی سول سوسائٹی کے اس خیال کی توثیق کر دی ہے اور کہا ہے کہ اس سے خطہ کی خاطر خواہ ترقی ہو سکے گی۔
ڈوڈہ میں پولیس کا عوامی دربار
ڈوڈہ //ایس پی آپریشن ڈوڈہ رویندر پال سنگھ کی جانب سے ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شبیر کے ہدایت پر شیواچرالہ میں ایک عوامی دربار کا انعقاد کیا گیا ، جس میں سماج کے مختلف طبقہ فکر کے 100/150 لوگوں نے شرکت کی۔اجلاس میں شرکت کرنے والوں نے اپنے مطالبات پیش کئے جن میں پونیجا سے شیوا چرالہ تک کی سڑک پر میکڈم بچھانا،موسم سرما کے دوران بجلی/پانی کی لگاتار سپلائی، شیوا چرالہ میں کرائم پولیس پوسٹ کا قیام ، ڈسپنسری کا درجہ بڑھا کر اسے پی ایچ سی بنادینا ۔شیوا چرالہ میں جے اینڈ کے بینک کی شاخ کھولنا،موجودہ ٹرانسفامر کو بدلنا،دریا کی جانب پروٹیکشن وال تعمیر کرنا، اگنو سٹڈی سنٹر کھولنا ،ہائر سیکنڈری سکول میں باتھ روم کھولنا، تحصیل صدر دفتر کے دیگر محکمے بھی شیوا چرالہ میں قائم کرنا وغیرہ بھی شامل ہے۔شرکا کو یقین دلایا گیا کہ انکے جائز مطالبات متعلقہ حُکام کو ازالہ کرنے کیلئے بھیجے جائیں گے جبککہ پولیس سے متعلق مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔اس موقعہ پر ایس پی آپریشن ڈوڈہ نے شرکا سے پولیس کے ہاتھ مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا ،تاکہ سماج سے منشیات ،مویشیوں کی سمگلنگ، ناجائز شراب اور جنگلاتی پیداوار کی سمگلنگ کو روکا جا سکے۔علاوہ ازیں، ایس پی آپریشن ڈوڈہ چرالہ علاقہ کے آپریشن گروپ کے پولیس جوانوں کے ساتھ بھی ایک دربار منعقد کیا۔اس دوران پولیس جوانوں نے اپنی بھلائی کے مطالبات پیش کئے۔ایس پی نے ان مطالبات کو بغور سُنا اور یقین دلایا کہ انکو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے جوانوں کو اپنے فرائض تن دہی اور لگن سے انجام دینے کی تلقین کی۔انہوں نے جوانوں سے کہا کہ وہ عوام کے ساتھ مظبوط رشتہ بنائیںاور انکے ساتھ حلیمی سے پیش آئیں۔
پاڈر سے مشتبہ حالت میں نعش برآمد
کشتواڑ//ضلع کے تحصیل پاڈر کے لاگراری میں دریائے چناب سے مشتبہ حالت میںغلام حسن ولد محمد سکندر بٹ عمر 41سال ،ساکنہ ڈول کی نعش برآمد کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق متوفی رواں ماہ کے 17تاریخ سے لاپتہ تھا۔ ایس ایس پی کشتواڑ ابرار چودھری کے مطابق پولیس نے معاملہ کی تحقیقات شروع کر دی ہے اور ایک معاملہ زیر دفعہ 174۔آر پی سی درج کیا ہے۔نعش کا ضلع ہسپتال کشتواڑ میں پوسٹ مارٹم کیا گیا اور لواحقین کو آخری رسومات کے لئے سپرد کر دی گئی ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کردیا کہ پولیس کو اس سلسلہ میں کوئی گمشدگی کی رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے۔
ریاسی سے مفرور شخض گرفتار
ریاسی /زاہد ملک/ /ریاسی پولیس نے ا یک مفرور شخض بشیر احمد ولد کیما ذا ت بکروال ساکنہ کانڈی وارا ،تحصیل ڈورو اننت ناگ کو گرفتار کیا ہے۔مفرور شخض ایف آئی آر نمبر 21/1991میں ملوث تھا ۔وہ 2002 سے فرار چل رہا تھا اور پولیس اسکی تلا ش میں تھی۔.
خواتین کا دو روزہ قانونی بیداری کیمپ اختتام پذیر
رام بن //حقوق خواتین اور قانون سازی پر خواتین کا دو روزہ قانونی بیداری کیمپ جمعہ کے روز رام بن میں اختتام پذیر ہوا۔کیمپ کا انعقاد جموں و کشمیر ریاستی کمیشن برائے خواتین نے قومی کمیشن برائے خواتین نئی دہلی کے اشتراک سے کیا تھا ۔اے ڈی سی گورویندر جیت سنگھ ، سیکرٹری ایس سی ڈبلیو اعجاز عبداللہ، ڈپٹی سی ایم او ڈاکٹر اقبال بٹ، تحصیلدار پرمود کمار، سی ڈی پی او شکیلہ سلیم ،ایڈوکیٹ بہا ر احمد ،ایڈوکیٹ تنویر احمد و ڈاکٹر امتیاز احمد بطور ریسورس پرسن تھے۔کیمپ میں دیگر سرکاری اہلکاروں کے علاوہ سینکڑوں طلاب نے اس میں شرکت کی۔کیمپ میں مقررین نے خواتین کی بھلائی کیلئے کئی سکیومں پر روشنی ڈالی اور خواتین سے انکا استفادہ لینے کے لئے آگے آنے کی صلاح دی۔اے ڈی سی نے جے کے ایس سی ڈبلیو کی جانب سے ایسا کیمپ منعقد کرنے کی کافی ستائش کی۔