جموں اورکٹرہ میں درجہ حرارت میں پھراضافہ
جموں//جموں میں پھرسے گرمی کی شدت بڑھ گئی ہے ۔پیرکے روزمعمول سے زیادہ درجہ حرارت رہا۔میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے ایک ترجمان کے مطابق جموں شہرمیں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41.5 ڈگری سیلیس اورکم سے کم 26.4ڈگری سیلیس ریکارڈکیاگیاہے۔جموں شہرمیں معمول کے درجہ حرارت سے 3.8 ڈگری سیلیس زیادہ رہاہے جبکہ رات کے وقت درجہ حرارت سیزن کے اوسط درجہ حرارت سے 2.2 ڈگری سیلیس کم رہا۔ترجمان نے کہاکہ بدھ کے روز بارشیں متوقع ہے اورگرمی سے راحت ملنے کاامکان ہے۔کٹرہ بیس کیمپ جہاں یاتریوں کی آمدہوتی ہے ،جموں صوبہ کادوسراگرم مقام ہے ۔قصبہ کٹرہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37.2ڈگری سیلسیس اورکم سے کم 22.5 ڈگری سیلیس رہا۔
پی ڈی ڈی کی اچانک چھاپے کی مہم
مختلف علاقوں میں غیرقانونی کنکشن کاٹے
جموں//محکمہ بجلی کے الیکٹرک ،ایم اینڈآری سب ڈویژن ۔I ،گرین بیلٹ جموں کے انجینئروں کی ایک ٹیم نے اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر کی قیادت میں چھنی ہمت ،ہائوسنگ فلیٹس، ڈیلی اودیگرملحقہ علاقوں میں اچانک چھاپے مارکرغیرقانونی کنکشن کاٹے۔معائینے کے دوران اے ای ای سردارلال ،اے ای نروتم شرمااوردیگرلائن عملہ نے ریگولرائزڈ 28 کے ڈبلیوپرغیرمناسب لوڈکوختم کیا۔اس چھاپے کے دوران 22 غیرقانونی سروس لائنیں جھگیوں ،کی کاٹیں، اوربرقی سامان ضبط کرکے قصورواروں کے خلاف ایف آئی آررجسٹرکی ،ان کے خلاف سیکشن 95، جے اینڈکے سٹیٹ الیکٹریسی ریگولیٹری ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پنکج مگوترہ نے اے ڈی ڈی سی سانبہ کاعہدہ سنبھالا
سانبہ//پنکج مگوترہ ،1999بیچ کے ،کے اے ایس آفیسرنے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنرسانبہ کے عہدے کاچارج سنبھال لیاہے۔ڈی ڈی سی سانبہ ایس راجندرسنگھ تارانے پنکج مگوترہ کوعہدہ سنبھالنے کیلئے مبارکبادپیش کی ۔اس موقعہ پراے ڈی سی ،اے سی آرسانبہ، اے سی ڈی سانبہ اعجازقیصر، سی پی اوسانبہ ودیگرآفیسران بھی موجودتھے۔پنکج مگوترہ نے عہدہ سنبھالنے کے بعددفترکے اہلکاروں کے ساتھ تعارفی میٹنگ منعقدکی اورانہیں تندہی سے فرائض منصبی انجام دینے کی ہدایت دی۔
ڈی سی سانبہ کا باباسدھ گوریہ شرائن کادورہ
سانبہ//ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنرسانبہ ایس راجندرسنگھ تارانے ایس ایس پی انل مگوترہ کے ہمراہ باباسدھ گوریہ شرائن سوانکھاکادورہ کیا۔اس دوران ڈی ڈی سی نے مختلف محکموں کی طرف سے شرائن پرکئے گئے انتظامات کاجائزہ لیا۔انہوں نے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے لگائے گئے میڈیکل سٹال کابھی معائینہ کیا۔کیمپ کے دوران ماہرڈاکٹروں کی ٹیم محکمہ نے یاتریوں کی طبی جانچ کیلئے تعینات کی تھی۔سی ایم اوسانبہ، سی اے اوسانبہ، ضلع آفیسران اورفیلڈعملہ بھی ڈی ڈی سی کے ہمراہ تھے۔
پنتھرس لیڈرکاادہم پورکے دیہات کا دورہ مکمل
لوگوں کوپانی اوربجلی سپلائی مہیاکرانے کامطالبہ کیا
جموں//جموں کشمیرنیشنل پنتھرس پارٹی کے ریاستی سیکریٹری جگدیوسنگھ نے رام نگراورچہینی کے مختلف دیہات مثلاً چنوتہ، کتھل گنجو، دندل، برمین،بلیتر، چہنینی، سدھ مہادیووغیرہ کاپانچ روزہ دورہ مکمل کرلیاہے۔اس دورے کے دوران طلباء،نوجوانوں اورکسانوں کے مختلف وفودنے جگدیوسنگھ سے ملاقات کی۔اس دوران لوگوں نے بتایاکہ انہیں گرمیوں کے موسم میں پانی اوربجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے سخت پریشانیوں کاسامناکرناپڑرہاہے ۔انہوں نے کہاکہ اس وقت چشمے سوکھ چکے ہیں ۔جگدیوسنگھ نے کہاکہ ہرتیان ،بلیٹرکے محلہ دنڈیالہ دبڑ میں لوگ آزادی کے بعدسے پائپوں کی مرمت نہ ہونے کے سبب پانی سپلائی نہیں مل رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ مقامی لوگ کئی مرتبہ متعلقہ پی ایچ ای دفترگئے لیکن کوئی سنوائی نہ ہوئی۔انہوں نے کہاکہ گائوں میں لگائے گئے ہینڈپمپ ناکارہ ہوکررہ گئے ہیں۔انہوں نے محکمہ پی ایچ ای ادہم پورسے مطالبہ کیاہے کہ پرانی پائپوں کی مرمت کرکے دیہی علاقوں میں پانی سپلائی بحال کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیںاورساتھ ہی محکمہ بجلی سے اپیل کی کہ علاقہ میں بجلی سپلائی کی صورتحال کوبہتربنایاجائے۔اس کے علاوہ بے روزگارنوجوانوں کے وفدنے بھی جگدیوسنگھ سے ملاقات کی اورتعمیراتی کمپنیوں پرمقامی لوگوں کونظراندازکرنے اورغیرمقامی لوگوں کوروزگاردینے کی شکایت دی۔جگدیوسنگھ نے متعلقہ حکام سے بات کرنے کی نوجوانوں کویقین دہانی کرائی۔
کمزورکارکردگی کی بناء پر سینٹری سپروائزرمعطل ،صوبائی کمشنرنے بیت الخلائوں کے تعمیری کام کامعائینہ کیا
جموں//صوبائی کمشنرجموں سنجیوورمانے جموں شہراورگردونواح کے علاقوں کادورہ کرکے جموں میونسپل کارپوریشن کے ایک سینٹری سپروائزرکوکمزورکارکردگی کے سبب معطل کردیاہے۔تفصیلات کے مطابق ڈویژنل کمشنرنے گذشتہ روز جے ایم سی اورمحکمہ بجلی کی جانب سے شروع کیے گئے ترقیاتی پروجیکٹوں کے کام کی پیش رفت کاجائزہ لیا۔ڈویژنل کمشنر کے ہمراہ رمیش کمارچیف انجینئرپی ڈی ڈی ،اشونی گپتاجوائنٹ ڈائریکٹرانفارمیشن ، نریش کماراوردیگرسینئرآفیسران تھے۔اس دوران صوبائی کمشنرنے قاسم نگراورکچاتالاب علاقوں کادورہ کرکے سوچھ بھارت مشن کے تحت تعمیرکئے جارہے بیت الخلائوں کامعائینہ کیا۔اس دوران ڈویژنل کمشنرکوبتایاگیاکہ ان علاقوں میں 200 بیت الخلاتعمیرکرنے کی منظوری دی گئی تھی ۔اس موقعہ پر میونسپل کمشنرکوکام میں سرعت لانے اوروقت مقررہ میں کام مکمل کرنے کی ہدایت دی۔کچاتالاب علاقہ میں کمزورکارکردگی کاسخت نوٹس لیتے ہوئے ڈویژنل کمشنرنے سینٹری سپروائز رسونوگل کوموقعہ پرمعطل کیا۔انہوں نے کہاکہ غیرمناسب رویہ اورکام میں غفلت کوبرداشت نہیں کیاجائے گااورکوئی بھی ملازم غفلت کرے گااس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔قبل ازیں صوبائی کمشنرنے محکمہ پی ڈی ڈی کے عہدیداران کے ساتھ میٹنگ منعقدکرکے جموں شہرمیں بجلی سپلائی کی صورتحال کاجائزہ لیا۔