گائوں گراں محلہ کٹل مدُری میں عوامی اجلاس منعقد
ریاسی//ریاسی ضلع کے گائوں گراں محلہ کٹل مدُری جوکہ ضلع ہیڈ کوارٹر سے چند کلو میٹر کی دوری پر واقعہ ہے ۔یہاں پر مقامی لوگوں نے ایک اجلاس منعقد کیا جس میں علاقہ کو درپیش مسائل زیر بحث لایا گیا۔ یہاں محلہ کتل مدری گراں مور میں ریلوے نے کام لگایا ہے اس پروجیکٹ کاجتنا بھی ملبہ بجری ریلوے کی جانب سے نکالا جارہا ہے وہ لاپ بجری اور ملبہ گراں موڑ بستیوں کی طرف ڈالا جارہا ہے جس کی وجہ سے عوام کو گراں موڑ ریلوے پروجیکٹ کے نیچے آجائے گا جس سے جانی نقصان کا اندیشہ ہے۔ بار بار ضلع انتظامیہ و ریلوے انتظامیہ سے عوام نے فریادیں کیں لیکن بڑے دُکھ کی بات ہے کہ آج تک انہوں نے اس طرف دھیان نہیں دیا ہے۔دوسری جانب گراں موڑ میں قدیم قبر ستان ہے جس کے اندر ایک نالہ بہتا ہے جہاںپر کوئی پُلی یاپُل نہیں ہے یہ نالہ کچا ہے جس کی وجہ سے پُلی ناہونے سے جانی نقصان کا خطرہ بنا رہتا ہے یہاں سے جنازہ لیتے وقت کافی مشکلات کا سامنا ہے اس بارے میں ضلع انتظامیہ کوکئی بارکہا مگر آج تک کوئی سنوائی نہیں ہوئی۔تیری اور کیالہ بستیوں میں پینے کے پانی کی سپلائی دی گئی ہے لیکن ا ن بستیوں میں آج تک پانی کی سپلائی مہیا نہیں ہوپارہی ہے کچھ ٹینکروں کے ذرئیعہ دیا جاتا ہے جس سے عوام کو بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے تمام مدعوں کو زیر بحث لاکر عوام نے ضلع انتظامیہ ریاسی سے پُر زور اپیل کی ہے کہ ریلوے کی جانب سے جو ملبہ گراں موڑ کی طرف ڈالا جارہا ہے کوفوری طور دوسری جگہ پھینکا جائے،محلہ کٹل موڑی میں عوام کو پینے کے پانی کی سپلائی مہیا کروائی جائے ،گراں موڑ قدیم قبرستان کے نالہ کو پکا کروا کر اس پر ایک پُلی بنائی جائے تاکہ جہاں کے عوام کو یہ سہولیات مہیا ہو پائیں۔ایسا نہ ہو کہ یہ بستیاں بجری اور ملبہ کے نیچے آ کر دب جائیںجس کی ذمہ داری ضلع انتظامیہ ریاسی اور ریلوے کمپنی ریاسی کی ہوگی۔
کاستی گڑھ سے 20دن قبل لاپتہ لڑکیاں بازیاب
از خود کٹرہ چلی گئی تھیں:ڈوڈہ پولیس کا دعویٰ
ڈوڈہ //ڈوڈہ پولیس کا لاپتہ لڑکیوں کو بازیاب کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔پولیس بیان کے مطابق 23جون2018 کو راج دیو اور کرشن لال پسران رام داس ساکنہ کالئر گاگلہ، تحصیل کاستی گڑھ ضلع ڈوڈہ نے ایک تحریری رپورٹ درج کائی تھی کہ انکی بیٹیاں انشا دیوی اور نشا دیوی ، عمر 12سال 23جون2018 کو سکول کے لئے گئی تھیں اور واپس نہیں آئیں۔ اس رپورٹ پر وومن پولیس اسٹیشن ڈوڈہ میں ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر 10/2018 درج کیا اور تحقیقات شروع کر دی۔پولیس کی خصوصی ٹیمیں لاپتہ لڑکیوں کو ڈھونڈنے کے لئے عمل میں لائی گئی اور ضلع کے تمام پولیس اسٹیشنوں کو اس سلسلہ میں پیغام ارسال کئے گئے اور سوشل میڈیا کے خدمات کا بھی استعمال کیا گیا ۔دوران تحقیقات پولیس اسٹیشن ڈوڈہ کی ایک پولیس پارٹی جموں روانہ کی گئی اور لاپتہ لڑکیوں کی تلاش بس اسٹینڈ،ریلوے اسٹیشن اور دیگرمقامات پر کی ۔آخر کار ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شبیر کی نگرانی میں پولیس ٹیم نے انہیں ریاسی کے کٹرہ علاقہ سے بازیاب کیا، جہاں پر یہ لڑکیاں اپنی مرضی پر گئی تھیں۔قانونی لوازمات پُر کرنے کے بعد لڑکیوں کو انکے والدین کے حوالہ کیا گیا ۔علاقہ کے لوگوں نے ڈوڈہ پولیس کے رول کی ستائش کی ہے۔
کوٹہ کے مکینوں کا محکمہ صحت عامہ کیخلاف احتجاج
رفیع چودھری
ڈوڈہ //موضع کوٹہ کے مکینوں نے محکمہ صحت عامہ پر مبینہ الزام لگایا ہے کہ محکمہ انکے جائز مسائل کو حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔موضع کے لوگوں نے سب ڈویژن گندو سے جائز مسائل حل کرنے کی اپیل کی ہے۔موضع کے لوگوں کی ایک بھاری تعداد کوٹہ ٹاپ پر اکٹھا ہوئی اور محکمہ صحت عامہ کے خلاف نعرے بازی کرنے لگے۔مظاہرین نے محکمہ پر علاقہ کے لوگوں کو پانی فراہم کرنے میں ناکام رہنے کا الزام لگایا ۔مکینوں نے کہا کہ ہمیں کافی دور سے پانی لانا پڑتا ہے کیونکہ کافی عرصہ سے وہاں پر پانی فراہم کرنے کا کوئی مناسب انتظام نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تقریباً تین کلومیٹر کی دوری سے کنوئوں سے پانی لانا پڑتا ہے جو کہ پینے کے لائق نہیں ہے، جس سے ہمیں بیماریاں ہوتی ہیں۔مظاہرین نے سیاست دانوں کی بھی مذمت کرے ہوئے کہا کہ یہ لوگ انتخابات کے موقعہ پر ہی ہمارے گائوںمیں آتے ہیںاور ووٹ حاصل کرنے کے بعد رفو چکر ہوتے ہیں۔انہوں نے انتباہ کیا کہ اگر حُکام انہیں پانی فراہم کرنے میں ناکام رہتا ہے تو وہ احتجاج شروع کریں گے۔
کھوڑہ خاندان کو صدمہ
ڈوڈہ //ینگ اسٹار کرکٹ کلب ڈوڈہ کے منیجمنٹ نے ینگ اسٹار کرکٹ کلب کے چیئر مین نصیر احمد کھوڑا کے برادر اکبر ریاض احمد کھوڑا کی بیٹی 22 سالہ مہوش کے بے وقت انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، جسکاانتقال منگل کے روز طویل علالت کے بعد ہوا ہے۔ینگ اسٹار کرکٹ کلب ڈوڈہ نے دکھ زدہ کنبہ خصوصاً نصیر کھوڑا کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے اور مرحومہ کے ایصال ثواوب کی دعا کی۔
سوچھ بھارت مشن بیداری کیمپ کا اہتمام
ریاسی //سوچھ بھارت مشن سے متعلق جانکاری پیدا کرنے کے لئے ریاسی انتظامیہ نے ضلع کے دور دراز علاقہ ٹھکرکوٹ میں ایک بیداری کیمپ کا اہتمام کیا گیا ۔ ضلع پنچایت افسر ریاسی پرویندر کور، بی ڈی ا و ٹھکر کوٹ ہری سنگھ، ضلع کارسپانڈنٹ پرسار بھارتی دیویندر ٹھاکور،آر ڈی ڈی کے اہلکاروں اور مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد کیمپ میں موجود تھی۔کیمپ میں افسروں نے ایس بی ایم رہنما خطوظ کی اہمیت بیان کی ۔ شرکا کو کھلے میں پاخانہ کے مُضر اثرات کی جانکاری دی گئی۔دیہاتیوں کو ٹھکر کوٹ کو کھلے میں پاخانہ سے پاک قرار دینے کے لئے بیداری پھیلانے میں اپنا کردار نبھانے کے لئے کہا گیا۔دیہاتیوں کو اپنے گھروں میں ٹائیلٹ کا استعمال کرنے کی عادت ڈ النے کی ہدایت دی، تاکہ سوچھ بھارت مشن کو کامیاب بنایا جا سکے۔اس موقعہ پر اسی بی ایم پیغامات کے پمفلٹ بھی تقسیم کئے گئے
بھدرواہ میں گرلزبیڈ منٹن چمپئن شپ کا آاغاز
طاہر ندیم خان
بھدرواہ //کھیلوں کو فروغ دینے اور پہاڑی علاقہ کی طالبا ت میں چھُپے ٹیلنٹ کو باہر لانے کے لئے راشٹریہ رائفلز کی جانب سے آپریشن سد بھاونہ کے تحت بھدرواہ میں کالجوں اور یونیورسٹی کی طالبات کے لئے بیڈ منٹن چمپئن شپ کا اہتمام کیا گیا ۔ اس موقعہ پر ڈائریکٹر پونچھ کیمپس ڈاکٹر ونود شرما مہمان خصوصی تھے جبکہ جی ڈی سی بھدرواہ کے پرنسپل ایس ایس بھلوال ،پرنسپل جی ایچ ایس ایس بائز بھدرواہ ، شبنم نجا ر ، اسسٹنٹ رجسٹرار بھدرواہ کیمپس ڈاکٹر جاوید اقبال ،ڈاکٹر عابد درور اور پی آر او بھدرواہ کیمپس عارف حلیم خطیب اس موقعہ پر مہمان ذی وقار تھے۔ ڈائریکٹر پونچھ کیمپس ڈاکٹر ونود شرما نے بھدرواہ کیمپس کے اہلکاروں کے ہمراہ چمپئن شپ کا افتتاح کیا، جس میں بھدرواہ او ر ڈگری کالج بھدرواہ کے50 کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔ چمپئن شپ کا پہلا میچ جی ڈی سی بھدرواہ کی دیپاکشی اور بھدرواہ کیمپس کی میناکشی کے درمیان کھیلا گیا جسے میناکشی نے21۔13 اور 21 ۔ 9 پوائنٹوں سے جیت لیا۔فوجی اہلکاروں کے علاوہ افتتاحی میچ کے دوران شامل لوگوں میں عارف رانا ، سدیش منہاس، وجے لکشمی، ڈاکٹر ممتاز اور ڈگری کالج اور بھدرواہ کیمپس کی طالبات بھی شامل تھیں۔
اعتذار
روزنامہ ہذا کے 10جولائی کے شمارہ میں صفحہ نمبر تین پر شائع خبر ’نقص زدہ ٹرانسفارمر میں اضافی کرنٹ آنے سے درزی لقمہ اجل‘ لکھا گیا ہے جب کہ خبر کے متن کے مطابق موصوف کرنٹ آنے سے جھلس کر بال بال بچ گیا۔ سرخی میں ہوئی اس نادانستہ غلطی کیلئے ادارہ معذر ت خواہ ہے اور موصوف کی درازیٔ عمر کیلئے دعا گو ہے ۔