حکومت عوام کوپینے کا صاف پانی فراہم کرنے کی وعدہ بند : فاروق شاہ
جموں /صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈکنٹرول کے سیکرٹری فاروق احمد شاہ نے کہا کہ حکومت ریاست کے طو ل و عرض میں رہنے والے لوگوں کو پینے کے صاف پانی کو فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے۔ ان باتوں کا اظہار سیکرٹری موصوف نے محکمہ صحت عامہ کی ایک جائزہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔میٹنگ میں چیف انجینئر جموں اشوک گندوترہ ، ایس ایز ، ایگزیکٹیو انجینئر س و دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ میٹنگ کے دوران سیکرٹری نے مختلف مرکزی و ریاستی معاونت والی سکیموں پر جاری عمل آوری کا جائزہ لیا۔اس موقعہ پر سیکرٹری کو بتایا گیا کہ حالیہ بااختیار کمیٹی کی طرف سے 142واٹر سپلائی سکیموں کو منظوری دی گئی جن میں 252.35کروڑ روپے بطور بیلنس کاسٹ بھی شامل ہے ۔ اس کے علاوہ محکمہ خزانہ کو اضافی 112پروجیکٹ پیش کئے گئے جن میں 161.70کروڑ روپے کا بیلنس کاسٹ اُن کی تکمیل کے لئے شامل ہے۔سیکرٹری نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ایک برس کے اندر ان سکیموں کو مکمل کریں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ مالی سال کے دوران چھوٹی چھوٹی بستیوں کو پینے کا پانی فراہم کرنے کے لئے ہینڈ پمپ کو نصب کرنے کا بڑا پروگرام چلایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ موسم سرما کے دوران برف سے ڈھکے علاقوں کو انٹی فریز پائیپوں کے ذریعے فراہم کیا جائے گا۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ دیہی علاقوں کو پینے کا پانی فراہم کرنے کے لئے این آر ڈی ڈبلیو پی ، نبارڈ اور ایل آئی سی سیکٹروں کے تحت اقدامات کئے جائیں گے۔
اُردو یونیورسٹی فاصلاتی کورسز داخلوں کی آخری تاریخ آج
حیدرآباد// نظامت فاصلاتی تعلیم‘ مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی کے مختلف فاصلاتی کورسز میں آن لائین داخلوں کی آخری تاریخ20؍ اکتوبر مقرر ہے۔ای پراسپکٹس اور آن لائن درخواست فارم ویب لنک http://manuu.ac.in/admissions/odl2018 پر دستیاب ہے۔پروفیسر پی فضل الرحمن، انچارج ڈائرکٹر نظامت فاصلاتی تعلیم کے بموجب، خواہشمند طلبا ایم اے (اردو،انگریزی،تاریخ،عربی ، اسلامک اسٹڈیز ، ہندی)، بی اے ، بی ایس سی (لائف سائنسز)، بی ایس سی (فزیکل سائنسز) ،بی کام ،ایک سالہ ڈپلومہ (ٹیچ انگلش اور جرنلزم و ماس کمیونیکیشن) اور چھ ماہی سرٹی فکیٹ کورسز (اہلیت اردو بذریعہ انگریزی اور فنگشنل انگلش) میں 20 اکتوبر تک آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔مزید تفصیلات کے لیے یونیورسٹی ویب سائٹ www.manuu.ac.in ملاحظہ کریں۔
گوجربکروال یوتھ کانفرنس کا طالب حسین کے عدم تحفظ پراظہارتشویش
’سیکورٹی فراہم نہ کرناعدالت عظمیٰ کی ہدایات کونظراندازکرنے کے مترادف‘
جموں//گوجربکروال یوتھ کانفرنس نے کٹھوعہ رسانہ عصمت دری وقتل کیس اہم گواہ طالب حسین کوپولیس اعلیٰ حکام کی طرف سے سیکورٹی فراہم کرنے سے انکارپرتشویش کااظہارکیاہے۔یہاں جاری پریس ریلیز میں گوجربکروال یوتھ کانفرنس نے کہاہے کہ طالب حسین کوایک فرضی کیس میں پھنسایاگیاہے جس میں اسے 12 اکتوبر 2018کوسانبہ سیشن کورٹ نے ضمانت پررہاکیاہے ۔تنظیم کے ترجمان کے مطابق طالب حسین کو31 جولائی کوگرفتاری سے پہلے سپریم کورٹ کی ہدایات پرسیکورٹی فراہم کی تھی لیکن فرضی کیس میں پھنسنے کے بعدطالب حسین کی سیکورٹی واپس لے لی گئی تھی ۔گوجربکروال یوتھ کانفرنس کے نائب صدرگفتارچوہدری نے کہاکہ اب چونکہ طالب حسین ضمانت پررہاہے اوررسانہ کیس کے اہم گواہ کی حیثیت سے اسے سیکورٹی فراہم کرنا جموں وکشمیرپولیس حکام کی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہاکہ ابھی 27 اکتوبر کوطالب حسین کوتاریخ پرپیش ہونے میں بھی خطرہ درپیش ہے ۔انہوں نے کہاکہ اگرطالب حسین کوکچھ ہواتواس کی ذمہ داری جموں وکشمیرپولیس کے سربراہ پرعائد ہوگی۔انہوں نے کہاکہ طالب حسین کے وکلاء نے گذشتہ روز آئی جی پی جموں سے طالب کوسیکورٹی فراہم کرنے کی گزارش کی تھی لیکن انہوں نے سیکورٹی دینے سے انکارکردیا۔گفتارچوہدری نے کہاکہ طالب حسین کوسیکورٹی فراہم نہ کرنانہ صرف سپریم کورٹ کی ہدایات کی خلاف ورزی ہے بلکہ جان بوجھ کرطالب کوہراساں کرنے کی کوشش بھی ہے۔
نے پری پیڈ صارفین کیلئے تہوارآفرپیش کیا۔BSNL
جموں//درگاپوجا،دسہرہ اوردیوالی کے موقعہ پر بی ایس این ایل پری پیڈموبائل صارفین کیلئے ان لمیٹیڈ پری پیڈموبائل ووچرNew STV-78 پیش کررہاہے۔اس آفرکے تحت پری پیڈصارفین کودس دنوں تک ان لمیٹیڈوائس کال کی سہولت ہوگی ۔یہ آفر15 اکتوبر 2018سے نافذالعمل ہوگا۔یہ آفرتمام صارفین کیلئے موزوں ہیں اورلوگ بہ آسانی اپنے پریواراوردیگرقریبی دوستوں سے بہ آسانی بات چیت کرسکیں گے۔یہاں جاری پریس ریلیزکے مطابق یہ آفرنئے لینڈلائن /براڈ بینڈ/ایف ٹی ٹی ایچ کنکشنوں (وائس /براڈبینڈ /کامبو) کیلئے 31 دسمبر 2018تک رہے گا۔
خانہ بدوش گوجربکروالوں کی مستقل بازآبادکاری کامطالبہ
جموں//بھارتیہ گوجرپریشدنے ریاستی حکومت سے گوجربکروال خانہ بدوش لوگوں کی بازآبادکاری کیلئے ٹھوس اقدامات کامطالبہ کیاہے۔یہاں جاری پریس بیان کے مطابق بھارتیہ گوجرپریشدکے صلاحکار محمدایوب گوجرنے کہاکہ گوجربکروال طبقہ کے لوگ مختلف مسائل سے دوچارہیں ۔انہوں نے کہاکہ اس طبقہ کی بہبودکیلئے آنے والی رقومات پرسیاستدان اوربیوروکریٹ ہڑپ کرجاتے ہیں ۔انہوں نے ریاستی حکومت سے مانگ کی کہ ریاست کے خانہ بدوش گوجربکروالوں کی مستقل بازآبادکاری کیلئے پالیسی ترتیب دی جائے، خانہ بدوش گوجرملازمین کوترقیوں میں ریزرویشن کافائدہ دیاجائے، ایس سی کیٹگریوں کی طرز پرایس ٹی طبقہ کوبھی ریزرویشن دی جائے، گوجری زبان کوتعلیمی اداروں اورکالجوں میں لاگوکیاجائے،ٹرائبل سب پلان کی رقومات کامنصفانہ استعمال یقینی بنایاجائے ، کرپٹ افسران کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔
خورشید گنائی کاڈرائیوروں کی غفلت پر اظہارتشویش
سڑک حادثات میں2 افراد کی موت پر افسوس کا اظہار کیا
سرینگر //گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے ڈوڈہ اور کٹھوعہ اضلاع میں ڈرائیوروں کی غفلت کی وجہ سے رونما ہوئے سڑک حادثات میں2 افراد کے مارے جانے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔کٹھوعہ کے ہٹلی موڑ میں ایک تیز رفتار کار کی زد میں آکر ایک راہ گیر مارا گیا جبکہ بٹوت کے نزدیک تھوپال میں ایک ٹرک نے ایک گڈریا اور30 بھیٹروں کو کچل دیا۔سڑک حادثات میں اضافے اور ان حادثات میں جانی نقصان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مشیر موصوف نے ٹرانسپورٹ کمشنر اور آئی جی ٹریفک کو اس رجحان پر قابوب پانے کے لئے فوری اقدامات اُٹھانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ان دونوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو قواعد و ضوابط کے تحت متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے بھی کہا۔خورشید گنائی نے سوگوار کنبوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔