جموں مسلم فرنٹ نے کشتواڑ واقعہ کی مذمت کی
نیوز ڈیسک
جموں //جموں مسلم فرنٹ نے ضلع کشتواڑ میں جمعرات کی شام نامعلوم بندوق برداروں کی فائرنگ سے ہوئی دوبھائیوں کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے آپسی بھائی چارے کو بنائے رکھنے کی اپیل کی ہے ۔یہاں جاری ایک بیان کے مطابق جموں مسلم فرنٹ کی ایک میٹنگ تنظیمی دفتر گوجر نگر میں منعقد ہو ئی جس کے دوران کشتواڑ میں بھاجپا لیڈر اور اس کے بھائی کی ہو ئی ہلاکت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سماج دشمن عناصر خطہ میں عوام کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔فرنٹ لیڈران نے ریاستی گور نر سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ ذاتی طور پر مداخلت کر کے معاملہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرنے کا حکم جاری کریں ۔لیڈران نے کہاکہ اس طرح کے واقعات سے نہ صرف قیمتی جانیں ضائع ہو تی ہیں بلکہ صوبہ جموں کاآپسی بھائی چارہ بھی متاثر ہو تا ہے ۔اپنے خطاب میں فرنٹ کے صدر قاضی عمران نے خدشات ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کے واقعات آئندہ پنچایتی انتخابات میں رخنہ ڈالنے کی سازش ہوسکتی ہے جس کے بعد سیکورٹی ایجنسیوں کو متحرک ہو نے کی ضرورت ہے تاکہ پنچایتی انتخابات میں شرکت کرنے والے امید واروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے ۔میٹنگ کے دوران لواحقین کیساتھ تعزیت کا اظہار بھی کیاگیا ۔اس موقعہ پر رشید احمد ،تنویر وانی ،بشیر قریشی ،محمد صدیق ،بشیر چوہدری ااور محمد حسین ملک کے علا وہ دیگر ان بھی موجود تھے ۔
لداخی طلباء کی یونیورسٹی کی مانگ جائز :سیول سوسائٹی
نیوز ڈیسک
جموں //لداخ خطہ کیلئے یونیورسٹی کی مانگ پراحتجاج کر رہے طلباء کی حمایت کرتے ہوئے سیول سوسائٹی فار ڈولپمنٹ آف جموںاینڈ کشمیر نے کہا ہے کہ طلباء کی مانگ جائز اور حقیقت پر مبنی ہے ۔یہاں جاری ایک پریس بیان میں سیول سوسائٹی نے کہاکہ لداخ خطہ کے ہزاروں طلباء اپنی پڑھائی مکمل کرنے کیلئے ریاست کیساتھ ساتھ ملک کے دیگر حصوں کا رخ کرتے ہیں جس کے دوران ان طلباء کو شدید مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ریاست کے دیگر حصوں میں یونیورسٹیوں کے علا وہ آئی آئی ٹی ،آئی آئی ایم کالجوں سمیت انجینئرنگ و میڈیکل کالجوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے لیکن لداخ میں ابھی تک یونیورسٹی جیسی بنیادی سہولت سے بھی محروم ہے ۔ سیول سوسائٹی کے چیف پنویت سنگھ جموال نے کہاکہ لیہہ لداخ ،کرگل ،زنسکا راورر دراس سمیت دیگر علا قوں کے طلباء کی ایک بڑی تعداد اعلیٰ تعلیم کیلئے دیگر ریاستوں اور جموں کا رخ کرتی ہے لیکن حکومت کو چاہئے کہ ان طلباء کو خطہ میں ہی بنیادی سہولت فراہم کی جائے۔انہوں نے ریاستی گور نر سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ مذکورہ معاملہ پر مرکزی ایچ آر ڈی وزرات کیساتھ بات چیت کر کے طلباء کی مانگ کو پورا کرئیں ۔انہوں نے طلباء کی تنظیم متحدہ لداخ اور آل لداخ سٹوڈنٹ ایسوسی ایشن جموں کو اپنی پوری حمایت دینے کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت جموں میں مختلف شعبوں میں داخلہ حاصل کر نے والے طلباء کی مجموعی تعداد 15ہزار سے زائد ہے جن کو بنیادی سہولیات کی قلت کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے ۔
گاندھی نگر کالج میں دیوالی میلہ کااہتمام
نیوز ڈیسک
جموں //گور نمنٹ پی جی کالج گاندھی نگر میں ’ہوم سائنس ‘شعبہ نے دیوالی میلے کا اہتمام کیا ۔میلے میں کالج پرنسپل پروفیسر کوشال سموتربطور مہمان خصوصی شامل ہوئیں ۔پروگرام کے دوران کالج کے طلباء نے دیوالی کے تہوار سے متعلق ہاتھوں سے بنائے گئے ساز و سامان کی نمائش کی ۔انہوں نے مذکورہ نمائش میں موم بتیاں ،برتن ،کڑھائی ،لفافے ودیگر ساز و سامان رکھا ہوا تھا جن کو انہوں نے اپنی مہارت سے تیار کیا تھا ۔اس ساز و سامان کے ساتھ ساتھ مختلف اقسام کے کھانوں ودیگر کھانے والی اشیاء کو بھی رکھا ہوا تھا ۔کالج پرنسپل نے تمام سٹالوں کا جائزہ لیتے ہوئے طلباء کی مہارت کی تعریف کی ۔
جموں میںGSTسہولیات ڈیسک کا قیام
نیوز ڈیسک
جموں //کمرشل ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کمپلیکس جموں میں GSTسہولیات ڈیسک قائم کا قیام عمل میں لایا ۔ان ڈیسک کو فوڈ پروسیسنگ سے متعلق چھوٹے کارو بار و تجارتی اداروں کیلئے قائم کیاگیا ہے ۔چھوٹے اور درمیانہ درجے کے تمام کاروباری ادارے جی ایس ٹی سے متعلق تمام معاملات سے متعلق جانکاری مذکورہ مرکز سے حاصل کر سکیں گے ۔اس ڈیسک کا افتتاح ایڈیشنل کمشنر برائے تجارتی ٹیکس جموں نے دیگر نوڈل آفیسران کے ہمراہ کیا ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مذکورہ ڈیسک آئندہ 100دنوں تک GSTکے حل سے متعلق جانکاری فراہم کر تا رہے گا۔اپنے کام کاج کے اوقات میں ڈیسک GSTرجسٹریشن کے عمل ،ریفنڈ ،ای وئے رجسٹرین ودیگر قوانین سے متعلق جانکاری فراہم کرئے گا۔یاد رہے ملک بھر میں ڈسٹر کٹ جموں ان 80شہروں میں شامل ہے جن کیلئے GSTسہولیات ڈیسک قائم کئے گئے ہیں ۔
طلباء میں گرم ملبوسات تقسیم
نیوز ڈیسک
کٹھوعہ //ضلع ترقیاتی کمشنر کٹھوعہ نے گور نمنٹ مڈل سکول چک دیوان کریپارام کے بچوں میں گرم ملبوسات تقسیم کئے ۔اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر نے سکول میں تدریسی عمل کا جائزہ لیتے ہوئے بچوں کو معیاری تعلیم دینے کی ہدایات جاری کیں ۔انہوں نے کہاکہ تدریسی عملے کو چاہئے کہ وہ بچوں کو سماج کا ایک بہترین شہری بنانے کیلئے اپنا رول ادا کریں ۔اس دوران موصوف نے قبائلی طبقہ کے طلباء میں گرم ملبوسات تقسیم کئے ۔ان کے ہمراہ اے سی آر ،چیف ایجوکیشن آفیسر ،سٹاف ممبران و معززین بھی تھے ۔
کشتواڑ واقعہ ناقابل برداشت :بھیم سنگھ
انل پریہار کو تحفظ فراہم کرنے میںناکامی پر پولیس وضاحت کرے
جموں //نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلیٰ پروفیسر بھیم سنگھ نے ضلع کشتواڑ میں دو بھائیوں انل پریہار اور اجیت پریہارکو نامعلوم بندوق برداروں کی طرف سے قتل کئے جانے پر گہرا دکھ کا اظہار کیا۔ایک بیان میں پنتھرس سربراہ نے مہلوکین کوخراج عقیدت پیش کیا اور اپنی اور نیشنل پینتھرس پارٹی کی طرف سے لواحقین کیساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں کی موت نہایت دکھ دینے والی اور ناقابل برداشت ہے۔پروفیسربھیم سنگھ نے ریاستی حکومت سے خاص طور پر جموں و کشمیر پولیس سے انل پریہار کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکامی پر وضاحت کا مطالبہ کیا، کیونکہ وہ 2008 سے حفاظتی کور کے زمرے میں رجسٹرڈ تھے۔انہوں نے 2008 اسمبلی انتخابات میں پنتھرس پارٹی کے امیدوار کے طور پر الیکشن بھی لڑا تھا۔ انہوں نے کہاکہ انل پریہارسیکورٹی کور میں تھے لیکن حادثے کے وقت ان کی سیکورٹی کہاں تھی ۔پروفیسر بھیم سنگھ نے ریاستی گور نر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ معاملہ کی انکوائری کروائی جائے ۔نئی دہلی میں وکلاء اور سیاسی کارکنوں کے اجلاس میں انل پریہار کو جموں و کشمیر میں ان کی منفرد خدمات کے لئے خراج عقیدت پیش کیا گیاجہاں انہوں نے اتحاد اور ترقیاتی کاموں کے ساتھ ساتھ مکمل وابستگی سے لوگوں کی خدمت کی۔اس دوران یہاں پارٹی کے ریاستی صدر پی کے گنجونے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مانگ کی معاملہ کی مکمل تحقیقات کروائی جائے اور مجرموں کو سخت سے سخت سزادی جائے ۔انہوں نے لواحقین کیساتھ تعزیت کا اظہار بھی کیا ہے ۔
۔13000 کلوگرام پالیتھین ضبطی کادعویٰ
یواین آئی
جموں// جموں وکشمیر کے ضلع کٹھوعہ کے لکھن پور میں واقع ٹول پوسٹ پرجمعہ کے روزمحکمہ ایکسائز نے ایک ٹرک سے 13000 کلوگرام ممنوعہ پالیتھین بیگ ضبط کئے ۔ سرکاری ترجمان نے بتا یا کہ ممنوعہ اشیاء کو روکنے کے مقصد سے چلائی جا رہی مہم کے تحت محکمہ ایکسائز نے پالیتھین بیگ کی بڑی کھیپ کو ضبط کر کے سمگلنگ کی ایک بڑی کو شش کو ناکام بنا دیا ہے ۔سرکاری ترجمان کے مطابق محکمہ ایکسائز نے ٹول پوسٹ لکھن پور پر چیکنگ کے دوران جموں کی طرف آرہے ایک ٹرک زیرنمبر(-8311 PB06E)میں سے 13000کلو گرا م ممنوعہ پولیتھین بیگ ضبط کئے ،ان پالیتھین بیگ کو سوجی اور میدے کے بوریوں کے نیچے چھپاکر رکھا گیا تھا ۔