مویشی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی
رمیش کیسر
نوشہرہ //جموں وکشمیر پولیس نے نوشہرہ سب ڈویژن میں مویشی سمگلنگ کی ایک کوشش ناکا بناتے ہوئے سمگل کئے جارہے مویشیوں کو باز یاب کروالیا ۔پولیس نے بتایا کہ اس کارروائی کے دوران ایک ٹر ک کو ضبط کرتے ہوئے دو سمگلروں کو بھی گرفتار کرلیاگیا ۔پولیس نے معمول کے مطابق راجل علاقہ میں جموں پونچھ شاہراہ پر ناکہ لگا کر گاڑیوں کی چیکنگ کا عمل شروع کیا ۔اس دوران جموں سے سرینگر کی جانب جارہے ایک ٹرک کو روک کر اس کی تلاشی کی جس میں سے 17مویشیوں کو باز یاب کروالیا گیا ۔پولیس نے ڈرئیور و کنڈکٹر کو گرفتار کرتے ہوئے ایک معاملہ بھی درج کرلیا ۔
جڑانوالی گلی سے 20سالہ نوجوان کی لاش برآمد
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//سرنکوٹ کے بروال محلہ جڑانوالی گلی سے ایک 20سالہ نوجوان کی مشکوک حالت میں لاش ملنے کے بعد پولیس نے معاملہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔جموں وکشمیر پولیس نے بتایا کہ علاقہ میں مشکوک حالت میں لاش ہونے کے سلسلہ میں ایک اطلاع موصول ہونے کے بعد ایس ایچ او سرنکوٹ جتیندر سنگھ سمبیال کی قیادت میں پولیس کی ایک ٹیم موقعہ پر پہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کی ۔بلاک میڈیکل آفیسر سرنکوٹ ڈاکٹر ذوالفقار چوہدری نے بتایا کہ ایمبولینس کے ذریعہ لاش کو ہسپتال منتقل کیا گیا ۔پولیس نے بتایا کہ مذکورہ شخص کی شناخت امتیاز احمد ولد عاشق حسین سکنہ سنئی لوہر کے طورپر ہوئی ہے جبکہ مذکورہ نوجوان پیشہ سے ٹریکٹر ڈرائیور تھا ۔انہوں نے بتایا لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ رپورٹ ملنے کے بعد مزید معلومات مل سکتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں مزید تحقیقاتی عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے ۔
منڈی میں متعدد افراد کی پی ڈی پی میں شمولیت
عشرت حسین بٹ
منڈی//پی ڈی پی ضلع صدر پونچھ شمیم احمد گنائی کی قیادت میں تحصیل منڈی کے علاقہ ڈنوگام کے متعدد افرادنے نیشنل کانفرنس کو چھوڑ کر پی ڈی پی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ پارٹی اکائی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈنوگام میں ایک پروگرام کے دوران علاقہ کے سینکڑوں لوگوں نے نیشنل کانفرنس اور کانگریس جماعتوں کو الودع کہہ کر پی ڈی پی جماعت میں شمولیت اختیار کی ہے ۔بیان کے مطابق اس علاقہ کے لوگوں نے کہا ہے کہ وہ گزشتہ کہیں دہائیوں سے نیشنل کانفرنس اور کانگریس پارٹی کے ساتھ منسلک تھے اور انتخابات میں ہمیشہ ان کو یقین دہانیاں کروائی جاتی تھی تاہم علاقہ ابھی بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت علاقہ میں بہتر بجلی ،پانی ودیگر سہولیات میسر نہیں ہیں تاہم ان سیاسی جماعتوں سے وابستہ لیڈران نے ان کیساتھ دھوکہ کیا جبکہ اب انہوں نے پی ڈی پی میں شمولیت اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس موقعہ پر پی ڈی پی پارٹی ضلع صدر شمیم گنائی نے پارٹی میں شمولیت کرنے والے تمام لوگوں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ ڈنوگام علاقہ کو ہر وقت سیاسی طور پر استحصال کیا گیا ہے اور عوام کے ساتھ دیگر سیاسی جماعتوں نے سوتیلی ماں کا سلوک کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس ترقی یافتہ دور میں بھی اس علاقہ کی عوام سڑک بجلی اور پانی جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔موصوف نے کہا ہے کہ کچھ عرصہ قبل اس علاقے کے متعدد لوگ منڈی میں ان کے دفتر میں آئے تھے اور انہیں ڈنوگام آنے کی دعوت دی تھی جس کو لے کر انہوں نے اور ان کے پارٹی کمان نے اس علاقے کا دورہ کیا جس دوران اس علاقہ کے متعدد لوگوں نے نیشنل کانفرنس اور کانگریس کو چھوڑ کر پی ڈی پی میں شمولیت اختیار کی جس سے منڈی تحصیل میں پی ڈی پی پارٹی مزید مستحکم ہوگی۔
راجوری میں ڈکیتی و قتل کا ملزم گرفتار
سمت بھارگو
راجوری //پولیس نے ریاست اترا کھنڈ کے میسور علاقہ میں ہوئی ڈکیتی و قتل کیس میں مطلوب ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ۔ملزم کی شناخت منظور احمد شیخ و لد محمد شریف سکنہ سیلاں سرنکوٹ پونچھ کے طورپر ہوئی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ مذکورہ ملزم پولیس سٹیشن راجوری میں درج ایک مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 439/21میں مطلوب تھا ۔انہوں نے بتایا کہ تحقیقات و تفتیش کے دوران مذکورہ ملزم نے میسور شہر میں ہوئی ڈکیتی اور قتل کیس میں ملوث ہونے کا اقرار کیا تھا ۔انہوں نے بتایا کہ ملزم کے قبضہ سے 46410روپے نقدی اور 234.8گرام سونا بھی ضبط کرلیا گیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ مذکورہ ملزم کے نام کی تصدیق میسور پولیس کی جانب سے کی گئی ہے جبکہ اس پر میسور میں ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 70/2021بھی درج کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ ملزم نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ میسور شہر میں زیورات کی دکان پر ڈکیتی انجام دیتے ہوئے فائرنگ بھی کی جس کے دوران ایک شخص کی گولی لگنے کی وجہ سے موت ہوگئی تھی ۔
ریچھ کے حملے میں 1زخمی
محمد بشارت
کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کے پنچایت حلقہ موڑا بی میں ریچھ کے حملے میں ایک شخص شدید زخمی ہو گیا جبکہ اس کو علاج معالجہ کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ پنچایت حلقہ موڑا بی کراگ کا رہائشی صوبت علی ولد عبدالعزیز اپنی ڈھوک سے واپس اپنے گھر کراگ واپس لوٹ رہا تھا کہ گھر کے قریب ہی ریچھ نے اس پر حملہ کر کے اس کو شدید زخمی کردیا ۔مقامی لوگوں نے زخمی شخص کو کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کوٹرنکہ پہنچایا جہاں پر اس کا علاج معالجہ کیا جارہا ہے ۔