مزید خبرں

متوفی پولیس اہلکاروں کے58 بچوں کے حق میں وظیفہ منظور

سرینگر//پولیس سربراہ نے فوت ہوئے پولیس اہلکاروں کے 58بچوں کے حق میں تین لاکھ سے زائد روپوں کی مالی امداد کو منظور ی دی ہے ۔پولیس سربراہ نے اسکول جانے والے48 بچوں میںہر ایک بچے کے حق میں پانچ ہزارروپے کی امداد پولیس ویلفیئر فنڈ سے منظور کی ،جن کے والد دوران ڈیوٹی حادثاتی یاقدرتی طور فوت ہوئے۔یہ وظیفہ ایل کے جی سے گریجویشن سطح تک سال2021-22 کیلئے دیاگیا۔ پولیس سربراہ نے دس بچوں کے حق میں دس دس ہزار روپے کاوظیفہ بھی منظورکیا جن کے والدایس پی او ہیں اور انہوں نے دسویں اور بارہوں جماعت میں 80فیصد سے زائد نمبرات حاصل کئے۔
 
 

’’نِدھی آپکے نکٹ‘‘ آج جموں میں منعقد ہوگی

جموں //’’ندھی آپ کے نکھٹ‘‘(پرائوڈنٹ فنڈآپکے نزدیک) اگست مہینے کیلئے منگلواریعنی آج 10اگست کو صبح10.30بجے سے شام5بجے تک ایمپلائزپرائوڈنٹ فنڈ آفس ،علاقائی دفترریل ہیڈروڑ جموں میں پرواڈنٹ فنڈ کمشنررضوان الدین انجام دیںگے۔یہ مستفیدین،ملازمین،ٹریڈ یونینوں اوردیگر کے مسائل کے جلد نپٹارے کیلئے جموں ،سرینگر اور لیہہ میں منعقد ہوتا ہے۔متعلقین کیلئے وقت کاتعین اس طرح کیاگیا ہے۔سبسکرائبر صبح ساڑھے دس بجے سے ایک (بقیہ صفحہ8پر، جموںمیں)
بجے تک،ملازمین (سرینگر اورملحقہ علاقوں کے ویبنار کے ذریعے)پونے تین بجے ،ٹریڈ یونین ودیگر تین بجے سے چار بجے تک۔
 

سونہ مرگ میں پہاڑ پر پھنسے نوجوانوں کو پولیس نے بچایا

کنگن//غلام نبی رینہ//پولیس نے سونہ مرگ میں سوموار کواُس وقت تین نوجوانوں کو ایک پہاڑی سے نیچے لاکر بچایاجب وہ وہاں پھنس گئے تھے اور انہوں نے100نمبر ڈائل کرکے مدد طلب کی۔میر گنڈ بڈگام کے رہنے والے تین نوجوان سونہ مرگ کی سیر کو گئے تھے اور اس دوران وہ وہاں فش پوائنٹ پرآئے جہاں سے انہوں نے ایک پہاڑکی سیر کرنے کی ٹھان لی اورپہاڑ پر چڑھے۔معلوم ہوا ہے کہ پہاڑ پر کچھ بلندی پر پہنچ کر وہ پھنس گئے جہاں سے نہ وہ نیچے آسکتے تھے اور نہ ہی اوپر جاسکتے تھے۔خوفزدہ نوجوانوں نے ہوشیاری سے کام لیکر100نمبر ڈائل کرکے پولیس سے مددطلب کی، جس کے بعد ایس ایس پی گاندربل سہیل منور میر اور ایس ڈی پی او کنگن یاسر قادری کی ہدایت پر ایس ایچ او سونہ مرگ آفتاب احمد اپنی ٹیم کے ہمراہ بچا ئوکاروائی کا سامان  لیکر موقعہ پر پہنچ گئے اور تینوں نوجوانوں کو بحفاظت سے پہاڑی سے واپس لایا۔ان نوجوانوں نے پولیس کی اس کارروائی کیلئے ایس یچ اواور دیگر اہلکاروں کا شکریہ اداکیا۔  
 
 

چھڑی مبارک شاریکا بھوانی مندر پہنچائی گئی

سری نگر//یواین آئی// چھڑی مبارک (بھگوان شیو کی چاندی کی چھڑی) کو پیر کے روز حسب روایت سری نگر کے پائین شہر کے ہاری پربت قلعے پر واقع قدیم مندر شاریکا بھوانی پہنچایا گیا۔چھڑی مبارک کو سالانہ شری امرناتھ یاترا کے آخری دن یعنی رکشا بندھن کے موقع پر آخری پوجا کے لئے 22 اگست کو پوتر گھپا میں پہنچایا جائے گا۔بتا دیں کہ کورونا وبا کے پیش نظر امسال بھی مسلسل دوسرے برس اس یاترا کو معطل کیا گیا ہے ۔ سال 2019 کے پانچ اگست کے فیصلوں سے قبل ہی اس یاترا کو بیچ میں ہی معطل کیا گیا تھا اور یاتریوں اور دیگر غیر مقامی سیاحوں کو فوری طور جموں و کشمیر سے نکلنے کو کہا گیا تھا۔سری نگر میں پیر کی صبح اس وقت فضا 'بم بم بولے '، 'ہر ہر مہادیو' کی آوازوں سے گونج اٹھا جب یہاں بڈشاہ چوک میں قائم شری امریشور مندر سے مہنت دیپندرا گری، جو چھڑی مبارک کے محافظ ہیں، کی قیادت میں عقیدت مند چھڑی مبارک لئے ہاری پربت قلعے پر واقع قدیم شاریکا بھوانی مندر کی طرف روانہ ہوئے ۔مہنت دیپندرا نے بتایا کہ سالانہ شری امر ناتھ یاترا سے منسلک قدیم روایت کے مطابق چھڑی مبارک کو شرون شکلا پکشا پرتی پدا کے موقع پر دیوی ماتا کی پوجا کے لئے لے جایا گیا۔انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے پیش نظر چھڑی مبارک کے ہمرا انتہائی کم تعداد میں سادھو وہاں جا سکے ۔ان کا کہنا تھا کہ ماتا شاریکا بھوانی جس کو عام طور پر 'تری پرسندری' کے نام سے یاد کیا جاتا ہے ، کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ شہر سری نگر کی 'اشت دیوی' ہے جو ہاری پرت پر 'شیلا' ایک چٹان، کی صورت میں موجود ہے ۔موصوف محافظ نے کہا کہ چھڑی مبارک 11 اگست کو امریشور مندر پہنچائی جائے گی جہاں چھری- ستھپانا کی رسم انجام دی جائے گی اور 13 اگست کو ناگ پنچھمی کے موقع پر چھری پوجن کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ چھری مبارک جنوبی کشمیر میں واقع شری امرناتھ پوتر گھپا کی طرف سری نگر کے دشمی آکھرا سے 22 اگست کو رکشا بندھن کے موقع پر روانہ ہوگی۔
 
 

پروفیسر پیرزادہ کشمیر یونیورسٹی کےآئی کے ایس کے ڈائریکٹر مقرر

سرینگر//شعبہ سوشیالوجی کے پروفیسر پیرزادہ محمدامین کو کشمیریونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف کشمیر اسٹیڈیز کاڈائریکٹر مقرر کیاگیا ہے۔انسٹی ٹیوٹ آف کشمیر اسٹیڈیزیونیورسٹی کااہم سینٹر ہے جہاں پالیسی سازی اور بین شعبہ جاتی تحقیق ہوتی ہے ۔یہاں اینٹھروپولوجی میں پوسٹ گریجویشن بھی کیا جاتا ہے ۔پروفیسر پیرزادہ کو بیس سال سے زائد کا تدریسی ،انتظامی اورتحقیقی تجربہ ہے۔اس سے قبل وہ یونیورسٹی کے شعبہ سوشل ورک،کے بانی سربراہ اورسوشیالوجی کے صدر شعبہ بھی رہ چکے ہیں ۔ان کے تحقیقی مقالات قومی اوربین الاقومی رسالوں میں شائع ہوئے ہیں اور انہوں نے متعدد کتابیں بھی تصنیف کی ہیں ۔
 

 دارالعلوم پکھر پورہ میں آگ، دومنزلہ عمارت مکمل خاکستر

سرینگر// ضلع بڈگام کے پکھر پورہ میں آگ کی ایک بھیانک واردات میں دارالعلوم کی عمارت مکمل طور خاکستر ہوگئی جس پر مقامی لوگوں نے سخت مایوسی کا اظہار کیا ۔ پکھرپورہ میں قائم زیارت حضرت سید محمد علی عالی بلخیؒ سے چند گز دوری پر واقع سید عالی دارالعلوم پکھرپورہ میں پیر کی دوپہر دو بجے مشرقی گنبد سے آگ نمودار ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے بھیانک شکل اختیار کرلی ۔ اگرچہ مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ محکمہ فائر اینڈایمرجنسی اورپکھر پورہ پولیس کے اہلکاروں نے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی تاہم آگ کے بھیانک شعلوں نے عمارت کو اپنی لپیٹ میں لیکر بالائی منزلوں کو مکمل طور راکھ کے ڈھیر میں تبدیل کرکے رکھ دیا۔ واضح رہے کہ دارالعلوم میں اس وقت چالیس بچے زیر تعلیم ہیں ۔
 
 

میربحری اور چودھری باغ کی سڑکوں پر تارکول بچھانے کا مطالبہ

سرینگر// میربحری، چودھری باغ اور دیگر ملحقہ علاقوں سے ایک وفد نے اپنے علاقوں کے لوگوں کو درپیش مسائل و مشکلات خصوصاً سڑکوں کی خستہ حالی سے نیشنل کانفرنس کے ضلع صدر سرینگر پیرآفاق احمدکوباخبر کیا۔ وفد نے کہا کہ چودھری باغ سے میربحری اور نشاط تک رابطہ سڑکوں  کی حالت انتہائی ناگفتہ بہہ ہے اور بدقسمتی سے محرم الحرام کے پیش نظربھی ان سڑکوں کی کوئی مرمت یا تعمیر و ترقی نہیں کی گئی۔ پیر آفاق احمد نے افسوس کا اظہار کیا کہ ان مقدس ایام کے پیش نظر ان سڑکوں کی مرمت نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں کافی تعداد میں شیعہ آبادی قیام پذیر ہے اور عزاداری اور الم شریف جلوس خصوصاً ذوالجناح کے جلوس ان سڑکوں پر برآمد ہوتے ہیں۔ پیر آفاق احمد نے صوبائی کمشنر اور ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر پر زور دیا کہ ان سڑکوں پر فوری طور پر تار کول بچھایا جائے۔
 
 

نالہ ساندرن پر 6کروڑ کی لاگت سے پل تعمیر 

 سڑک نہ ہونے سے 6سال سے بے سود ثابت 

سرینگر//جنوبی کشمیر کے نسو بدرا گنڈ قاضی گنڈ علاقے میں پانچ برس پہلے چھ کروڑ روپے سے ایک پل تعمیر کیاجو بے سود ثابت ہورہا ہے۔ پل  2015میں تعمیر ہوا اور اس پروجیکٹ پر قریب 6کروڑروپے صرف کئے گئے تاہم اس پل کے آگے سڑک نہ ہونے کے نتیجے میں یہ لوگوں کے لئے بے سود ثابت ہورہا ہے ۔ اس ضمن میں ایک شہری محمد انور بٹ نے کہا کہ اس پل کی افادیت تب ہی ہوتی جب اس کے آگے سڑک ہوتی ۔ انہوںنے کہاکہ اس پل کے آگے صرف ایک سو میٹر سڑک تعمیر کرنے کی ضرورت ہے جس کے نتیجے میں یہ پل ایک طرف ڈورو اور دوسری طرف اسلام آباد روڑ سے منسلک ہوجاتا اور ٹریفک کی نقل و حمل شروع ہوجاتی لیکن متعلقہ محکمہ کی غفلت شعاری کے نتیجے میں چھ کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر یہ پل بیکار ہے ۔سی این آئی
 

 

حقانی ٹرسٹ کی مبارکباد

سرینگر//حقانی میموریل ٹرسٹ نے نئے سال کی آمد کے موقع پر ملت اسلامیہ بالخصوص مسلمانان جموں و کشمیر کو ہدیہ تہنیت پیش کی ہے۔ ٹرسٹ کے سر پرست اعلی سید حمید اللہ حقانی اور جنرل سکریٹری بشیر احمد ڈار نے کہا ہے کہ یہ نیا ہجری سال عالم اسلام کیلئے خیر و عافیت کا موجب بنے۔ انہوں نے دعا کی ہے کہ پوری دنیا کے مسلمانوں کو انفرادی اور اجتماعی تکالیف سے نجات نصیب ہو ۔
 

محرم الحرام1443ہجری

بھائی چارہ کی روایت برقرار رکھیں

 پیروان ولایت کی امت مسلمہ سے اپیل

سرینگر// پیروان ولایت نے امت مسلمہ سے اپیل کی ہے کہ محرم الحرام کے مقدس اور متبرک ایام کے دوران آپسی بھائی چارہ کی روایت برقرار رکھ کر عزاداری کے جلسوں میں شریک ہوجائیں۔ایک بیان میںپیروان کے سربراہ مولانا شبیر قمی اور صدر مولانا شبیراحمد صوفی نے ایام عزا کے دوران کوڈ ایس او پیز پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی ہے۔انہوں نے کہا کہ عزاداری کی مجالس انسانوںکے اذہان میں شعورعلم وآگہی پیدا کرتا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ عزادارن امام عالی مقام ؑ ان مجالس میں روایت پالنے کے بجائے درس حاصل کرنے کی کوشش کریں۔انہوں نے کہا کہ کربلا ایک تربیت گاہ ہے اس سے اخلاقی و روحانی تربیت حاصل کرنا امام عالی مقام حضرت امام حسین ؑ اور آپ کے رفقا کے تئیں بہترین خراج عقیدت ہے۔انہوں نے ملت اسلامیہ کشمیر سے اپیل کی کہ وہ ایام متبرکہ کے دوران آپسی بھائی چارہ کو برقرار رکھنے کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں اور تمام مسلکی وفروعی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر مجالس حسینی میں شریک ہوجائیں۔تنظیم نے ایران کے نومنتخب صدر سید ابراہیم رئیسی کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان سے توقعات کا اظہار کیا۔
 
 

 امپارڈ سرینگر میں تین تربیتی کورسوںکی مشترکہ اِفتتاحی تقریب

سرینگر//ڈائریکٹر جنرل اِنسٹی چیوشن آف مینجمنٹ اینڈ پبلک ایڈمنسٹریشن اینڈ رورل ڈیولپمنٹ ( آئی ایم پی اے آر ڈی) سوربھ بھگت نے پیر کوتین تربیتی کورسوں کی مشترکہ اِفتتاحی تقریب کی صدارت کی۔کورسوں میں ’’ شراکتی اِنتظامیہ اور اِجتماعی فیصلہ سازی ‘‘ ، ’’ لائف سٹائل سٹائلز ‘‘ اور ’’ سمارٹ شہروں کی ترقی‘‘شامل تھے۔تربیتی شرکأ سے اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے سوربھ بھگت نے اِن تربیتی پروگراموں کی اہمیت کو اُجاگر کیا تاکہ لوگوں کو اچھی حکمرانی دی جاسکے۔ڈی جی نے کہا کہ ’’ لائف سٹائل سکل ‘‘ کے تربیتی کورس کو وقتی اِنتظام ، تنائو کے اِنتظام اور اہداف کی ترتیب میں توازن پیدا کرنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے بالخصوص موجودہ وَبائی دور میں جب تنائو کی سطح بہت زیادہ ہو۔اُنہوں نے کہا کہ امپارڈ نے محکمہ پولیس کے ساتھ ایک افہام و تفہیم کی ہے تاکہ پولیس اہلکاروں کو اِنسانی نقطہ نظر کے ساتھ اپنا کام کرنے کی تربیت دی جاسکے۔ اُنہوں نے مزیدکہا کہ یہ تربیت بہتر طرزِ زندگی کے بارے میں ہوگی یہاں تک کہ جب کام کافی دبائو کاہو۔سوربھ بھگت نے کہا کہ سمارٹ سٹی کا تصور اَندھا ماڈرنائزیشن نہیں ہونا چاہیئے بلکہ کوڑاکرکٹ ٹھکانے لگانا، بہتر ٹرانسپورٹ مہیا کرنا ، قدرتی خوبصورتی کو محفوظ رکھنا ، آلودگی کو کنٹرول کرنا تاکہ جدید شہر اِنسانوں کے رہنے کے لئے ایک بہتردُنیا بن جائے۔
 

 

ٹنگمرگ فائر اسٹیشن کا فون نمبر خراب

بی اسی این ایل لیت و لعل سے کام لے رہا ہے

مشتاق الحسن 
ٹنگمرگ//فائر سروس اسٹیشن ٹنگمرگ میں نصب لینڈ لائن فون عرصہ دراز سے خراب پڑا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق لینڈ لائن فون نمبر254422کافی وقت سے خراب ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو ایمرجنسی کے وقت فائر سروس ٹنگمرگ سے رابط قائم کرنے میں کافی دشواریاں پیش آری ہیں ۔ فائرسروس ٹنگمرگ کے ملازمین نے کئی بار بھارت سنچار نگم لمیٹیڈ کے ایکسچینج واقع ٹنگمرگ سے اپیل کی کہ اس فون کو ٹھیک کیا جائے تاہم کافی عرصہ گزرنے کے باوجود بھی ٹھیک نہیں کیا گیا۔ ادھر فائر سروس اسٹیشن ٹنگمرگ کے انچارج افسر نے ٹنگمرگ کے عوام کو فائرسروس کی خدمات حاصل کرنے کی خاطر سوپور ہیڈ کواٹر کے ہیلپ لائن نمبر 101پر رابط قایم کرنے کی استدعا کی ہے۔
 

 خانقاہ علمدار کشمیرؒمیں شگاف پڑنے کا معاملہ

واقع کی مکمل تحقیقات کی جائے: پیپلز کانفرنس 

سرینگر //پیپلز کانفرنس چرارشریف کانسچونسی انچارج آفتاب احمد میر نے گورنر انتظامیہ سے پرر زور مانگ کی ہے کہ خانقاہِ علمدار کشمیر ؒ   چرارشریف میں شگاف پڑنے کے معاملہ کی ترجیحاتی بنیاد پر اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ اس خانقاہ فیض پناہ کو پورے جموں و کشمیر میں حضرت شیخ عالم ؒ کی بدولت ایک تاریخی حیثیت حاصل ہے اور پورے جموں کشمیر کے مسلمانوں کو اس سے والہانہ عقیدت اور پیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی کی بات ہے کہ تقریبا بیس سالوں میں اس کو کسی حد تک پائے تکمیل کو پہنچانے اور تقریبا 36 کروڑ رقم صرف کرنے کے باوجود آج خانقاہ فیض پناہ کوغیر محفوظ قرار دیا گیا ہے جو کہ پورے جموں کشمیر کے لئے خصوصاً وادی کے مسلمانوں کے لیے ایک عظیم صدمہ ہے جس سے لاکھوں مسلمانوں کے دل مجروح ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی سیاسی مسئلہ نہیں ہے یہ ایک مذہبی مسئلہ ہے جو کہ ناقابل برداشت ہے۔ آفتاب احمد میر نے گورنر انتظامیہ سے مانگ کی ہے کہ اس معاملے کو ترجیحی بنیاد پر اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائے اور ملوث اداروں اور ملک افراد کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔
 
 

 یتیم فائونڈیشن کی جانب سے 3روزہ کیمپ اختتام پذیر

سرینگر // جے اینڈ کے یتیم فائونڈیشن کے زیر اہتمام تین روزہ ٹریکنگ کیمپ گریز بانڈی پورہ روڈ پر واقع صحت افزا مقام پیر بابا پر اختتام پذیر ہوا۔ بیت الہلال جواہر نگر سرینگر سے پچیس طلبا پر مشتمل ایک گروپ 6اگست 2021کی صبح کو کیمپ میں شرکت کیلئے بانڈی پورہ کی جانب روانہ ہواتھا۔ اے ڈی ڈی سی بانڈی پورہ افسر علی نے بانڈی پورہ سے دس کلومیٹردور صحت افزا مقام آٹھوتو میں بچوں کو جھنڈی دکھا کر طلبا کو  ویون کی جانب ٹریکنگ کیلئے رخصت کیا۔اس موقع پر خورشید انور ندوی امام حئی بانڈی پورہ کے علاوہ ڈاکٹر معروف شاہ ، ڈاکٹر الطاف حسین ملک ایسوسی ایٹ پروفیسر جی ڈی سی سرینگر ، عبدالرحیم لون زیڈ ای او قوئل اور رضاکاروں اور مخیر افراد کی ایک اچھی خاصی تعداد بھی موجود تھی۔ اس ایونٹ کا مقصد کووڈ 19کی وجہ سے پچھلے دو برسوں سے ہوسٹل میں مقید طلبا کی ذہنی ونفسیاتی صحت کو در پیش مسائل کا ازالہ اور انہیں قدرت کے خوبصورت مناظر سے لطف اندوز کرانا تھا۔ اس سے قبل بانڈی پورہ وارد ہونے پرجے کے وائی ایف کے رضاکاروں نے پہلے   نشاط پارک بانڈی پورہ میں اوربعدمیں آٹھوتو کے مقام پر ان کی بانڈی پورہ آمد پر پرتپاک استقبال کیا ۔آٹھوتو کے خوبصورت مقام پر طلبانے ضلع کے معززین کے ساتھ بات چیت کی جن میں دیگر لوگوں کے علاوہ ڈاکٹر محمد معروف شاہ ، سینئر کنسلٹنٹ ڈاکٹر پرویز سجاد ، ڈاکٹر الطاف حسین ملک ، عبدالرشید ڈولو اورجے کے وائی ایف کی مرکزی ضلعی رضاکار شامل ہیں۔ڈاکٹر معروف نے طالب علموں پر زور دیا کہ وہ زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے کتاب پڑھنے کی عادت اپنے اندر پیدا کریں۔اپنی زندگی کے تجربات بیان کرتے ہوئے سینئر کنسلٹنٹ نے طلبا کو مشورہ دیا کہ وہ کامیاب زندگی کے لیے اپنے سرپرستوں کی ہدایات پر عمل کریں۔ایسوسی ایٹ پروفیسر جی ڈی سی سرینگر ڈاکٹر الطاف حسین ملک نے سماجی خدمت کے شعبے میں قابل تحسین کام کرنے پر یتیم فانڈیشن کی تعریف کی۔ خورشید انور ندوی نے طلبا کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ علم کے حصول کے لیے سخت محنت کریں۔ ہفتہ کی صبح ، مہم کو جھنڈی دکھانے سے پہلے اے ڈی ڈی سی بانڈی پورہ افسر علی خان نے  شفقت پدری سے محروم بچوں کے اس  پروگرام کامیں انکی شرکت پر خوشی کا اظہار کیا۔سینئر رضاکار محمد رفیق لون نے تقریب میں شرکت کرنے پر تمام معززین کا شکریہ ادا کیا۔
 
 
 

کرناہ اور ٹنگڈار میں دو روزہ طبی وقانونی کیمپ 

سرینگر//جی آر بیگ میموریل ٹرسٹ کی جانب سے ضلع کپوارہ کے کرناہ اور ٹنگڈار میں دو روزہ طبی وقانونی کیمپ اختتام پذیر ہوا ۔ ٹرسٹ کے چیرمین اشتیاق بیگ کی قیادت میںاس کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس دوران ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے سینکڑوں لوگوں کا مفت علاج و معالجہ کیا اور ان میں مفت ادویات بھی تقسیم کی گئیں ۔ کیمپ میں لوگوں کو کووڈ کی نئی ہئیتوں کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی جبکہ ماسک اور سینی ٹائزر بھی تقسیم کئے گئے ۔ اس دوران ٹرسٹ نے لوگوں کیلئے قانونی جانکاری کیمپ بھی منعقد کیا جس میں ماہرین قانون نے لوگوں کو مختلف نوعیت کے کیسوں کے بارے میں صلاح و مشورہ اور جانکاری دی جس پر لوگوںنے اطمینان کااظہار کیا۔
 
 
 

مولانا ہمدانی کا آج مرزا اکمل الدینؒ کے عرس پر خطاب

سرینگر// مولانا مرزا اکمل الدین بدخشیؒکے عرس مبارک کی اختتامی تقریب آج یعنی منگلوارکووادی میں نہایت عقیدت واحترام کے ساتھ منائی جارہی ہے۔ اس سلسلے میںحول میں نماز ظہر کے بعد مولانا ریاض احمد ہمدانی خطاب کریں گے۔ 
 

سی این آئی کے چیف ایڈیٹر کی پھوپھی انتقال کرگئیں

سرینگر//سی این آئی کے چیف ایڈیٹربلال بزاز کی پھوپھی بیگم سائرہ اہلیہ علی نقی میر ساکن آرہ بل شالیمار سرینگر کا انتقال ہوا ہے ۔ اس سلسلے میں کئی سیاسی ،سماجی اور ادبی شخصیات و انجمنوںنے دکھ اور افسوس کااظہار کرتے ہوئے سوگوارکنبہ کے ساتھ تعزیت اور یکجہتی کااظہار کیا ہے ۔ ادھر جے کے میڈیا گلڈ کے جنرل سیکریٹری اعجاز میر نے بلال بزاز کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کااظہار کیا ہے ۔دریں اثناء نیشنل کانفرنس ، پی ڈی پی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے لیڈران نے سوگوار کنبہ کے ساتھ فون پر تعزیت کااظہار کیا ہے ۔خاندانی ذرائع کے مطابق مرحومہکی فاتحہ خوانی 11اگست بروز بدھوار کو انجام دی جائے گی ۔