زنگم پٹن میں عدم شناخت لاش برآمد
فیاض بخاری
بارہمولہ // پٹن کے زنگم علاقے میں ایک عدم شناخت لاش برآمد ہوئی ۔ معلوم ہوا ہے کہ جمعہ کے روز ریلوے اسٹیشن زنگم پٹن کے نزدیک مقامی لوگوں نے ایک نیم بوسیدہ لاش کو دیکھا ، جس کے بعدانہوں نے پولیس کو مطلع کیا ۔ اس دوران پولیس کی ٹیم فوری موقعہ پر پہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میں لیکر کیس درج کیااور معاملے کی تحقیقات شروع کی۔
درماندہ 250مسافر کرگل اور لیہہ پہنچائے گئے
سرینگر// فضائیہ نے دوپروازوں میں کرگل سے 250سے زائد مسافروں کو کرگل ،لیہہ ،سرینگر اور چندی گڑھ پہنچایا۔ایک بیان کے مطابق31مسافروں کو کرگل سے سرینگر جبکہ75مسافروں کو کرگل سے سرینگر بھارتی فضائیہ کے دو پروازوں میں پہنچایا گیا۔اس کے علاوہ 3مسافر کرگل سے چندی گڑھ گئے ۔ اسی طرح ایک اور پرواز میں سرینگر سے لیہہ تک183مسافروں لیجائے گئے،جبکہ ایک نعش اور11تیماداروں جن میں2نوزائید بھی شامل ہیں،کو جموں سے کرگل،پون ہنس ہیلی کاپٹر میں پہنچایا گیا۔
آئین کی اہمیت کوکم کیا جارہا ہے:عوامی اتحاد پارٹی
سرینگر//نظربند انجینئررشید کی سیاسی جماعت عوامی اتحاد پارٹی نے موجودہ مرکزی حکومت کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ جابرانہ سیاسی عزائم کیلئے آئین کی اہمیت کو کم کررہی ہے۔دہلی کی حکومت پر لیفٹینٹ گورنرکو فوقیت دینے کی بل پرردعمل کااظہار کرتے ہوئے عوامی اتحاد پارٹی نے ایک بیان میں کہا یہ بل آئین کی دفعہ239AAکے منافی ہے بلکہ عدالت عظمیٰ کی آئینی بنچ کے فیصلے کی روح کے برعکس بھی ہے۔جودہلی حکومت بنام وفاق ہند کے کیس میں عدالت نے دیاتھا۔
حرکت قلب بند ہونے سے چھترگل کاشہری بس میں فوت
گاندربل//ارشاداحمد//سرینگر سے چھترگل جارہی بس میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب نونر گاندربل کے مقام پر بس میں سوار چھترگل کنگن کا شہری حرکت قلب بند ہونے سے فوت ہوگیا۔چھترگل کنگن کا شہری حاجی بوبہ کٹاریہ ولد دریا الدین کٹاریہ ساکنہ بابا ریشی چھترگل کنگن جمعہ کے روز صبح سویرے کوئلے کی بوریاں فروخت کرنے سرینگر گیا تھا۔.واپسی پربس میں نونر گاندربل کے مقام پر سیٹ پر غش کھاکر نیچے گرپڑا۔اسے نونر میں موجود طبی مرکز لے جایا گیا جہاں سے اُسے ڈسٹرکٹ ہسپتال گاندربل منتقل کیا گیا لیکن ڈاکٹروں نے اُ سے وہاں مردہ قرار دیا۔ڈاکٹروں کے مطابق مذکورہ شخص کی موت حرکت قلب بند ہونے سے واقع ہوئی تھی۔
وہاڈ چرارشریف میں حادثہ
۔9 سالہ بچی کوما میں چلی گئی
چرارشریف// چرار شریف میں ایک کمسن لڑکی نجی گاڑی کی زد میں آکر کوما میں چلی گئی۔تفصیلات کے مطابق وہاڈچرارشریف میں نو برس کی فاطمہ دختر غلام نبی ڈار مخالف سمت سے آرہی ایک پرائیویٹ آ لٹو گاڑی کی زد میں آکر زخمی ہوگئی ۔اگر چہ گاڑی کے ڈرئیور نے زخمی بچی کو فورا ًہی سب ڈسٹرک ہسپتال چرارشریف پہنچایا لیکن اس کی نازک حالت کودیکھتے ہوئے ڈاکٹروں نے کمسن بچی کوصدراسپتال سرینگرریفر کیا گیا جہاں12گھنٹے گزرنے باوجود بھی معصوم بچی بے ہوش پڑی ہوئی تھی ۔صدر ہسپتال کے ڈاکٹر نے بتایا کہ چوٹ کے سبب بچی بری طرح سے متاثر ہوئی ہے جو24گھنٹے کی معیاد گذرنے کے بعد ہوش میں آسکتی ہے۔ جے کے این ایس کے مطابق پولیس تھانہ چرارشریف نے اس سڑک حادثے کی مناسب سے ایف آئی آرزیرنمبر11/2021زیر دفعہ 279اور337آئی پی سی کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ۔
نوجوان اسلام کا مطالعہ کریں:مفتی اعظم
بڈگام//جموں کشمیرکے مفتی اعظم مفتی ناصرالاسلام نے مسلمانوں پرزوردیا ہے کہ وہ پیغمبراسلام ؐکی تعلیمات پرعمل کریں اور دوسروں کو بھی اس کی تلقین کریں۔ایک بیان کے مطابق بدرن بڈگام کی جامع مسجد میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اسلام مکمل ضابطہ حیات کا مذہب ہے اور کسی بے گناہ پر ظلم کرنے کی سخت ممانعت کرتا ہے۔حضور ؐ نے فتح مکہ کے موقع پر حسن سلوک کا عملی ثبوت دیا۔جس کی وجہ سے نخلستانوں میں لوٹ مار کرنے والی قوم کو اسلام کی عظمت اور اہمیت کا احساس ہوا۔مفتی اعظم نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل کو اسلام کا مطالعہ کرنا چاہیے تاکہ وہ اپنے اعلیٰ اخلاق کے ذریعے معاشرے کی تعمیر میں ایک اہم اور کلیدی کردار نبھا سکیں۔ مفتی اعظم نے کہا کہ فحاشی اور بے حیائی کی وجہ سے شادی شدہ زندگیاں تباہ ہو رہی ہیں۔ لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ نوجوانوں کو اعلیٰ اخلاق سے مزین کیا جائے۔
اننت ناگ میں سرکاری دفتروں پر ترنگا لہرانے کا حکم جاری
عارف بلوچ
اننت ناگ //ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ نے ضلع میں سبھی سرکاری دفتروں پر ترنگا لہرانے کا حکم جاری کیا ہے۔ڈپٹی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر پیوش سنگلا نے ضلع بھر کی سبھی سرکاری عمارتوں اور دفتروں پرترنگا لہرانے سے متعلق جمعہ کو ایک حکمنامہ جاری کیاہے۔حکم نامہ میں تمام ضلعی، سیکٹورل، تحصیل اور بلاک سطح کے افسران کو حکمنامہ پر عمل کرنے اور 15 روز کے اندر تمام سرکاری عمارتوں پر ترنگالہرائے جانے کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔حکم نامہ میں افسران کو اس سلسلے میں روزانہ کی بنیاد پر ہو رہی پیشرفت کے بارے میں بھی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
کچہامہ بارہمولہ کے خطیبِ جامع مسجد نذیر احمد شاہ فوت
فیاض بخاری
بارہمولہ // جامع مسجد عمر کچہامہ نارواو بارہمولہ کے خطیبِ مولوی نذیر احمد شاہ جمعرات کو مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے۔مرحوم کی نماز جنازہ دارالعلوم رحیمیہ بانڈی پورہ کے مہتمم مولانا رحمت اللہ قاسمی نے پڑھائی جس میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی ۔ مرحون کو آبائی قبرستان واقع کچہامہ نارواو بارہمولہ میں سپرد خاک کیا گیا ۔ادھر نذیر احمد شاہ کے انتقال پرکئی سیاسی ،سماجی اور دینی تنظیموں نے شاہ خاندان کے ساتھ تعزیت کی اور مرحوم کی جنت نشینی کی دعاکی۔ رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی شمالی کشمیر کے چیئرمین خواجہ محمد شفیع اور ضلع چیئرمین بارہمولہ عبدالمجید آخون نے مولوی نذیر احمد شاہ کی وفات پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کے لئے دعا کی اور جملہ سوگواران سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
بانڈی پورہ میںفوڈ ایکٹ کی خلاف ورزی
۔14تاجروں پر 49ہزار روپے جرمانہ عائد
عازم جان
بانڈی پورہ //ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ظہور احمد میر نے فوڈ سیفٹی اینڈ سٹینڈرڈ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے کے نتیجے میں 14 تاجروں کو 49000ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ۔یہ جرمانہ اے ڈی سی نے منعقدہ عدالت میں سماعت کے دوران سنایا ہے۔ اس دوران متعلقہ افسران کو ہدایت دی ہے کہ بازاروں کی چیکنگ میں کوئی نرمی نہ برتے اور معائنہ کے دوران باریک بینی سے اشیایہ ضروریہ جانچ کریں تاکہ ضروری اشیایہ ضروریہ کی شفافیت میں کوئی خلاف ورزی نہ کرسکے ۔
کنگن میں متعدد بازاروں کا معائنہ
گراں فروشی سے باز رہنے کی ہدایت
غلام نبی رینہ
کنگن//محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری نے کنگن کے کئی بازاروں کا معائنہ کیا اور گراں فروشی سے باز رہنے کی ہدایت دی۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری گاندربل ڈاکٹر نصیر احمد بابا کی ہدایت پر ٹی ایس او کنگن جاوید احمد ماگرے ،ٹی ایس او گنڈ شیخ فیاض احمد نے گنہ ون، گنڈ اور کلن بازاروں کا معائنہ کیا۔ چیکنگ ٹیم نے قصابوں اور سبزی فروشوں کو ہدایت دی کہ وہ اشیاء کیلئے سرکاری قیمتوں سے زیادہ قیمت صارفین سے وصول نہ کریں۔ ٹیم نے قصابوں سے کہا کہ اگر سرکار کی طرف سے طے کی گئی قیمت سے زیادہ قیمت صارفین سے وصول کرنے کی کوشش کی تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ٹیم نے عوام سے اپیل کی کہ گوشت کی فی کلو گرام کی قیمت 490اور 535روپے سے زیادہ وصول کی گئی تو وہ محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری سے رابطہ قائم کریں۔
ماورمیں متعدد دیہات پانی سے محروم
اشرف چراغ
کپوارہ//قلم آباد ماور کے متعدد دیہات گزشتہ 7روز سے پینے کے پانی کی سپلائی سے محروم ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگو ں میں محکمہ جل شکتی کے خلاف سخت ناراضگی پائی جارہی ہے ۔قلم آ باد اور اس کے ملحقہ علاقہ جات جن میں درنگسو ،آ ڈورہ ،وار پورہ اور پنگرو شامل ہیں ، کے لوگو ں کے ایک وفد نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ حالیہ مو سلا دار بارشو ں کی وجہ سے ان علاقوں کی واٹر سپلائی سکیم کو نقصان پہنچ چکا ہے جس کے نتیجے میں یہ علاقے پینے کے پانی سے محروم ہوکررہ گئے ہیں ۔وفد کا کہنا ہے کہ اب موسم میں نمایا ں بہتری بھی آئی ہے لیکن تا حال نقصان زدہ واٹر سپلائی سکیم کو ٹھیک نہیں کیا گیا ہے۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ انہو ں نے معاملہ محکمہ جل شکتی کی نو ٹس میں بھی لایا لیکن ابھی تک واٹر سپلائی سکیم کو بحال کرنے میں ناکام ہیں ۔لوگو ں کا کہنا ہے کہ پینے کے پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے انہیںسخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگو ں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ علاقوں کو پینے کا پانی بحال کرنے کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں ۔