سنیل شرما کی ضلع کشتواڑ کے منڈل صدروں کے ساتھ اہم پارٹی میٹنگ کی
عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ میں تیاریوں اور زمینی سطح پر پارٹی پوزیشن کا جائزہ لینے کے لیے یو ٹی جنرل سکریٹری و سابق وزیر سنیل کمار شرما کے ہمراہ یو ٹی کے سیکرٹری طارق حسین کین ، جنرل سیکریٹری ہربنس ، ضلع صدر پردیپ پریہار نے ضلع کشتواڑ کے تمام منڈل صدورکے ساتھ ایک اہم میٹنگ کی۔میٹنگ کے آغاز میں تمام پارٹی کے صدروں نے اپنے اپنے علاقوں میں کئے گئے کاموں کے بارے میں اعداد و شمار رکھے ۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے سنیل شرما نے زیادہ توجہ مرکوز کرنے پر زور دیا ، کیونکہ حد بندی کا عمل ختم ہوگا اور بہت جلد ہی جموں وکشمیر یو ٹی اسمبلی انتخابات منعقد ہوگے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہماری اولین ذمہ داری ہے کہ مرکزی اسکیموں کے کامیاب نفاذ کے لیے حکومتی اداروں کی مدد کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ان سے فائدہ اٹھا سکیں۔
یوا راجپوت سبھا کا کشتواڑ میں احتجاج
مہاراجہ ہری سنگھ کی سالگرہ پر چھٹی کا مطالبہ کیا
عاصف بٹ
کشتواڑ//یوا راجپوت سبھا کشتواڑ نے ریاستی جنرل سیکریٹری موہت سنگھ سین کی قیادت میں 23ستمبر کو مہاراجہ ہری سنگھ کی سالگرہ کی چھٹی کے لیے ڈی سی آفس کشتواڑ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ سین نے مہاراجہ کی سالگرہ کے موقع پر چھٹی کے مطالبے کا اعادہ کرتے ہوئے ڈوگرہ حکمران کے ریاست کو بنانے ، تشکیل دینے اور ریاست کو ہندوستان میں شامل کرنے میں مہاراجہ کے کردار کو یاد کیا۔مظاہرین نے انتظامیہ کو خبردار کیا کہ اگر وہ سالگرہ کے موقع پر چھٹی کا اعلان کرنے میں ناکام رہے تو وہ سڑکوں پر نکل کر ایک بڑا احتجاج کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ وہ کئی برسوں سے اس دن پر چھٹی کی مانگ کررہے ہیں لیکن انکے مطالبے کو پورا نہیں کیا جارہا ۔انھوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل کی کہ وہ انکے جنم دن پر چھٹی کااعلان کرے ۔آخر میں انہوں نے مسئلہ کے حوالے سے اے ڈی سی کشتواڑ کو یادداشت پیش کی۔
ضلع ترقیاتی کونسل چیئرپرسن کاپاڈر دورہ
بادل پھٹنے کے واقعہ کے بعد وہاں صورتحال کا لیا جائزہ
عاصف بٹ
کشتواڑ//کشتواڑ ضلع ترقیاتی کونسل کی چیئرپرسن پوجا ٹھاکر نے گزشتہ ماہ پاڈر میں بادل پھٹنے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا۔ چیئرپرسن نے ماسو ہوریانواری سڑک کا دورہ کیا جو بادل پھٹنے سے مکمل طور پر ڈھہ گئی ہے۔دریا کے نزدیک بہت سارے مکانات خطرے کے نشان کے قریب ہیں جہاں ان علاقہ کے لوگوں نے مطالبہ کیا کہ بنڈ بنائے جائیں تاکہ جو گھر خطرے کے نشان میں ہیں انہیں بچایا جا سکے۔ علاقہ کے لوگوں نے چیئرپرسن سے یہ مطالبہ بھی کیا کہ نہ صرف گھروں اور زمین کے نقصان کے لیے معاوضہ دیا جائے بلکہ ان دکانداروں کو بھی معاوضہ دیا جائے جن کی دکانوں کو بادل پھٹنے کی وجہ سے نقصان پہنچاہے۔ چیئرپرسن نے اپنے پاڈر دورے کے دوران مختلف وفود کو شکایتوں کو سنا اور انھیں درپیش مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔
ایڈوکیٹ نبیل خالدیوتھ کانگریس کے سیکریٹری نامزد
محمد تسکین
بانہال//سابق ممبر اسمبلی بانہال وقار رسول کی قیادت میں کانگریس پارٹی کے کارکنوں اور عہدیداروں کا ایک اجلاس بانہال میں منعقد کی گیا جس کانگریس کے نوجوان لیڈر ایڈوکیٹ نبیل خالد وانی کو یوتھ کانگریس کا سیکریٹری نامزد ہونے پر مبارکباد دی گئی۔ یوتھ لیڈر نبیل خالد وانی اس سے پہلے کانگریس کے حلقہ انتخاب بانہال کے صدر تھے ۔ ایڈوکیٹ خالد نبیل کانگریس لیڈر اور نامور وکیل مرحوم خالد نظام کے ساکنہ ڈولیگام بانہال کے بیٹے ہیں۔ ایڈوکیٹ خالد نبیل نے اس موقع پر اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ پارٹی کو زمینی پر مزید مضبوط کرنے اور زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو پارٹی میں لانے کیلئے کام میں مزید تیزی اور وسعت لائینگے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ریاست خصوصا ضلع رام بن کے نوجوانوں، پڑھے لکھے بیروزگاروں اور سماج کے غریب طبقے کے لوگوں کی ہروقت نمائندگی کرتے رہیںگے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ کانگریس کے منشور اور کانگریس لیڈروں کی عوام دوست پالیسیوں کو من و عن زمینی سطح پر عملانے کی کوشش کرینگے ۔