ٹھاٹھری اورگندوہ میں 30 گھنٹے بعد بجلی بحال
سرکاری و نجی اداروں میں کام کاج متاثر، ہسپتالوں میں بھی مریض پریشان
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //جنگلات ڈویژن بھدرواہ کے رینج چرالہ میں سوئی گواڑی کے نزدیک جنگل میں لگی آگ سے نقصان پہنچے بجلی کی 132 و 33 کے وی ترسیلی نظام کو 30 گھنٹوں کے بعد بحال کیا گیاہے ۔تفصیلات کے مطابق آگ لگنے سے جمعہ کی صبح ساڑھے سات بجے 132 و 33 کے وی ترسیلی نظام کو بھاری نقصان پہنچا جس کے نتیجے میں ضلع کشتواڑ ضلع میں 15گھنٹے اور سب ڈویڑن گندوہ و ٹھاٹھری میں 30 گھنٹوں تک بجلی بند رہی۔ بجلی کی عدم دستیابی سے جہاں سرکاری و نجی اداروں میں کام کاج متاثر ہوا ،وہیں ہسپتالوں میں بھی مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کئی لوگوں نے کہا کہ مسلسل تیس گھنٹوں تک بجلی نہ ہونے کی وجہ سے ٹھاٹھری و گندوہ کے ہسپتالوں میں موجود سولر سسٹم بھی بند رہاجس کے باعث ایکسرے و دیگر ٹیسٹ نہ ہو سکے۔ادھر محکمہ بجلی کے ایک آفیسر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ آگ کے باعث بحالی کے عمل میں تاخیر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہفتہ کے روز تین بجے کے قریب بجلی کو بحال کیا گیاہے۔اس دوران معلوم ہوا ہے کہ آج بھی 132،33کے وی بجلی ترسیلی کی مرمت کے پیش نظر ضلع کشتواڑ ،سب ڈویژن گندواہ سب ڈویژن ٹھاٹھری میں بجلی صبح10بجے سے دوپہر 1بجے تک بند رہے گی ۔
کورونا وائرس
کشتواڑ کے لوگ احتیاط برتیں :ڈی سی
عاصف بٹ
کشتواڑ //ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ اشوک شرما نے سنیچر کو ضلع کشتواڑ کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کویڈ سے بچنے کیلئے اختتاتی تدابیر پر عمل کریں۔ انہوں نے ہفتہ وار پریس کانفرنس میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں اس ہفتے کوویڈ 19 کے مثبت معاملات کی تعداد میں اضافہ دیکھنے کوملا ہے۔انہوں نے کہا کہ فی الحال ضلع ہسپتال کشتواڑ میں کوئی بھی کورونا مثبت مریض داخل نہیں ہے لیکن اس ہفتے مثبت معاملات کی تعداد میں کئی گناہ اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں پچھلے ہفتے 22 معاملے درج تھے وہیں اس ہفتے 44 معاملے درج ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ ہفتے مثبت معاملات کی شرح 0.33 فیصد تھی جبکہ اس ہفتہ 0.66 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ دوسری لہر کے دوران ضلع میں کورونا کے کل 2020 معاملے رپورٹ ہوئے تھے جن میں سے 1946 صحت یاب ہوچکے ہیںجبکہ ضلع میں اب بھی 58 مثبت معاملے ہیں۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کوویڈ اپروپریٹیو رویہ (سی اے بی) کی پیروی جاری رکھیں اور خود کو ویکسین لگائیں۔
بکس
ڈوڈہ میں 14 نئے مثبت معاملات درج
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں ہفتہ کے روز کورونا وائرس کے 14 نئے مثبت معاملات سامنے آئے ہیں 11 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ہفتہ کو ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری،گندوہ و عسر میں ہوئی کوؤڈ جانچ کے دوران 14 افراد کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی ہے جنہیں ہوم قرنطینہ میں رکھا گیا ہے اور گیارہ مریض شفایاب ہوئے ہیں۔ اس طرح سے ضلع میں فعال کیسوں کی تعداد 90 و شفایاب ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد 7321 پہنچ گئی ہے جبکہ کوؤڈ 19 سے اب تک 129 افراد فوت ہوئے ہیں اور 274136 افراد کو ٹیکے لگائے گئے ہیں۔
۔
سبھاش نگر سے متعدد افراد اپنی پارٹی میں شامل
جموں //جموں شہر کے سبھاش نگر علاقہ سے تعلق رکھنے والے تین درجن سے زائد افراد نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ پریس بیان کے مطابق صوبائی سیکریٹری جموں ڈاکٹرروہت گپتا کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں سابقہ ضلع ایگریکلچر افسر دویندر سنگھ جموال، میونسپلٹی انتخابات لڑنے والے امیدوار گگن دیپ سنگھ چب، ریٹائرڈ لیکچرر محکمہ تعلیم بہاری لال کول، اوتار سنگھ، ہردیپ سنگھ، شیر سنگھ چب، منوج بالی، بھا نو سنگھ، دیپو شرما، کرن کھجوریہ، لوکیش کمار، دلیپ چب، پرمجیت ، انیل شرما، ترسیم سنگھ، جتندر جموال، بھولہ، جسی، بنی چوپڑہ ، سنچیت کپور ، راجو ، سنیل اور دیگران نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اِن کا ڈاکٹر روہت نے خیر مقدم کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ اِس علاقہ میں پارٹی کیڈر مضبوط ہوگا۔ روہت گپتا نے سبھاش نگر میں ٹریفک جام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ٹریفک پولیس کبھی بھی یہاں پر ٹریفک آمدورفت کومنظم کرنے کیلئے نہیں آئی، سبھاش نگر میں سرکاری کوارٹروں کے پیچھے غیر قانونی اور بلا اجازت رھیڑیاں لگانے سے بھی سڑک کے دونوں اطراف بھیڑبھاڑ سے ٹریفک نقل وحمل میں کئی رکاوٹیں حائل ہوتی ہیں۔
باڈر علاقوں میں ٹیلی کام رابطہ اولین ترجیحات :ڈویژنل کمشنر
جموں //ڈویژنل کمشنر جموں نے کہا ہے کہ دور دراز سرحدی علاقوں میں مقیم لوگوں کو مواصلات کی سہولت فراہم کرنا جموں و کشمیر انتظامیہ کی اولین ترجیحات شامل ہے ہے۔ڈویڑنل کمشنر نے کہا کہ حکومت نے جموں ڈویژن کے تمام اضلاع میں کئی نئے سیاحتی مقامات کو منظوری دینے کا منصوبہ بنایا ہے اور ڈپٹی کمشنروں نے ایسے مقامات کی فہرست جاری کی ہیں جن میں موبائل رابطہ نہیں ہے ۔موبائل سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کے علاقائی سربراہوں کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے ایکشن پلان کا جائزہ لیا اس دوران جموں ڈویژن میں موبائل کنیکٹوٹی فراہم کرنے اور بہتر بنانے کی بھی کمپنیوں کو ہدایت دی گئی۔انہوں نے کہا کورونا وائرس وبائی مرض کے دوران موبائل/انٹرنیٹ رابطے کی ضرورت محسوس کی گئی ہے کیونکہ سکول آن لائن موڈ کے ذریعے تعلیم فراہم کر رہے ہیں اور بہت سے دور دراز علاقوں خصوصا ّ پہاڑی اضلاع کو اس مسئلے کا سامنا ہے اور حکومت ان تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے منصوبہ بندی کر رہی ہے۔انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ ٹیلی کام منصوبوں پر کی نگرانی کیلئے نوڈل افسران مقرر کریں۔
بانہال میں منشیات مخالف ریلی کا انعقاد
مقررین کا والدین پر بچوںکی نگرانی رکھنے پر زور
محمد تسکین
بانہال //سماج میں منشیات کی بڑھتی بدعت کو ختم کرنے اور اس کا شکار ہونے والے نوجوانوں کو منشیات سے دور رکھنے کیلئے بانہال والنٹیر نامی رضاکار تنظیم نے جمعہ کے روز قصبہ بانہال میں منشیات مخالف ریلی کا انعقاد کیا۔جموں سرینگر قومی شاہراہ پر واقع قصبہ بانہال میں نکالی گئی اس ریلی کی صدارت بانہال والنٹیرز کے صدر ادریس وانی کر رہے تھے جبکہ بانہال والنٹیرز کے درجنوں رضاکار اور عوام منشیات مخالف ریلی کا حصہ تھے ۔ ریلی میں شامل شرکاء نے منشیات مخالف عبارات لکھے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور والدین سے اپیل کی جارہی تھی کہ وہ اپنے بچوں کا خاص خیال رکھیں تاکہ وہ منشیات کا غیر قانونی کاروبار کرنے والے سمگلروں کے ہتھے چڑھنے سے بچ جائیں۔ اس موقع پر بانہال والنٹیرز کے سید مدثر احمد نے پولیس انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ رام بن پولیس نے منشیات مخالف کاروائیوں میں بہت ساری کامیابیاں حاصل کی ہیں لیکن ابھی بھی اس لعنت کو سماج سے مکمل طور پر ختم کرنے کیلئے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ بانہال اور رام بن کے علاقوں میں ایک ڈرگ ڈی ایڈیکشن سینٹر کا قیام عمل میں لائیں تاکہ منشیات کی لت میں مبتلا افراد کا علاج کیا جاسکے۔