ملازمین بغیر اجازت سٹیشن نہ چھوڑیں :ڈی سی
سمت بھارگو
راجوری //ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری راجیش کمار شون نے تمام ملازمین کو حکم جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ بغیر کسی اجازت کے اپنے سٹیشن نہ چھوڑیں ۔ضلع ترقیاتی کمشنر کی جانب سے اس سلسلہ میں ایک سرکلر جاری کیا گیا ہے ۔اس حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کووڈمعاملات میں ہوئے مسلسل اضافے کے ساتھ ساتھ کئی ایک ملازمین اپنے ایچ او ڈی کی جانب سے میٹنگ منعقدہ کرنے کے بہانے سٹیشن چھوڑرہے ہیں تاہم اس کے بعد کوئی بھی ملازمین ضلع ترقیاتی کمشنرکے دفتر کو پیشگی اطلاع دینے اور اجازت ملنے کے بغیر اپنا سٹیشن نہیں چھوڑے گا ۔انہوں نے آفیسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ کووڈ انتظامات کیلئے تعینات کسی بھی ملازم کی چھٹی منظور نہ کی جائے تاکہ انتظامیہ کا کام کاج متاثر نہ ہو ۔
آسمانی بجلی گرنے سے دوشیزہ کی موت
سمت بھارگو
راجوری //کوٹرنکہ سب ڈویژن کی ڈھوک میں آسمانی بجلی گرنے کی وجہ سے ایک دوشیزہ کی موت ہوگئی جبکہ اس دوران ایک خاتون شدید زخمی ہو گئی ۔بدھل کی گھمبری ڈھوک میں پیش آئے واقعہ کے دوران خانہ بدوش طبقہ کی ایک دوشیزہ آسمانی بجلی کی زد میں آگر ہلاک ہو گیا ۔پولیس نے بتایا کہ جمعہ کی شام گھمبری کی ڈھوک میں پیش آئے واقعہ میں لقمہ اجل بنی دوشیزہ کی شناخت مسرت ناز دختر محمد اسلم سکنہ لتھی گائوں کے طورپر ہوئی ہے جبکہ زخمی خاتون کو علاج معالجہ کیلئے ہسپتال داخل کروایا گیا ہے ۔
کئی سیاسی شخصیات نے کیری کانگڑھ کا درہ کیا
محمد صدیق کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا
مینڈھر //کشمیر عظمیٰ کے سنیئر صحافی کے والد کی وفات پر کئی سیاسی شخصیات نے کیری کانگڑھ کا دورہ کر کے مرحوم کے اہل خانہ کیساتھ تعزیت کا اظہار کیا ۔گزشتہ روز ضلع ترقیاتی کونسل کے وائس چیئر مین اشفاق چوہدری نے کیری کانگڑھ کا دورہ کر کے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کی ۔انہوں نے کہاکہ مرحوم نیک سیرت کے مالک تھے جنہوں نے دینی تعلیم کے فروغ کیساتھ ساتھ ایمانداری اور سادگی کیساتھ زندگی بسر کی ۔اس سے قبل پی ڈی پی سنیئر لیڈر ایڈوکیٹ معروف خان نے مرحوم کے گھر جا کر لواحقین کیساتھ تعزیت کا اظہار کیا ۔ان کے علاوہ کئی ایک سیاسی ،مذہبی اور فلاحی تنظیموں کی جانب سے لواحقین کیساتھ تعزیت کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مرحوم محمد صدیق خان کیلئے دعائے مغفرت بھی کی جارہی ہے ۔
عید کی آمد ،صارفین بنیادی سہولیات سے محروم
جلد راشن ودیگر غذائی اجناس دستیاب رکھنے کا مطالبہ
محمد بشارت
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ سب ڈویژن کے مکینوں نے انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ عید سے قبل ہی علاقہ میں راشن ودیگر غذائی اجناس دستیاب رکھیں تاکہ صارفین کو مشکل وقت میں بھی سہولیات دستیا ب ہو سکیں ۔انہوں نے کہاکہ کووڈ کی وجہ سے عائد بندشوں کی وجہ سے علاقہ میں غذائی اجناس کیساتھ ساتھ دیگر بنیادی سہولیات کا فقدان پایا جارہا ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کی زندگی متاثر ہو نا شروع ہو گئی ہے ۔سماجی کارکن و نائب سرپنچ ارشد حسین میر نے کہاکہ رمضان کے آخری عشرہ میں شب قدر اور اس کے بعد عید ہے تاہم سب ڈویژن کے دیہات میں اس وقت عام لوگوں کے پاس بنیادی سہولیات بھی نہیں ہیں ۔مقامی معززین نے ضلع انتظامیہ راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سب ڈویژن میں بڑے پیمانے پر ٹیسٹنگ کی جائے تاکہ وائرس کے پھیلائو کو کم کرنے کیساتھ ساتھ صارفین کو بنیادی سہولیات بھی میسر ہو سکیں ۔انہوں نے کہاکہ عائد بندشوں کی وجہ سے عام لوگوں کی پریشانی میں اضافہ ہو رہا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ تہواروں کو ذہن میں رکھتے ہوئے عام لوگوں کو سہولیات فراہم کی جائیں ۔
شرنارتھی فورم اراکین کا جموں میں اجلاس منعقد
جموں //پی او جے کے شرنارتھی دانشور فورم کے اراکین کی جانب سے ایک اجلاس امریک سنگھ کی قیادت میں منعقد کیا گیا ۔اس اجلاس میں ایس سرجیت سنگھ سیکریٹری ودیگر اراکین نے شرکت کی ۔اجلاس کے دوران اراکین نے جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلے خیال کرنے کیساتھ ساتھ بھاجپا لیڈر کی جانب سے حالیہ دنوں میں لگائے گئے الزامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ موصوف نے ڈی ایم او دفتر کے سامنے انتہائی اقدامات اٹھانے کی دھمکی دی ہے ۔فورم اراکین نے معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل کی کہ رشوت کے معاملہ کی تفصیلی تحقیقات کروانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔انہوں نے کہاکہ وکرم رندھوا بھاجپا کے ایک اہم رکن ہیں جبکہ ان کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر سنجیدگی کیساتھ تحقیقات کروائی جائے ۔اجلاس میںایس پرم جیت سنگھ ،ایس اندر سنگھ ،ایس جگجیت سنگھ ،کلدیپ سنگھ ،ایس کلدیپ ککو ،کے ڈی سنگھ ،ودیگران سنیئر اراکین بھی موجود تھے ۔