ریزرویشن پر پہاڑی پیپلز مومنٹ کا اظہار مسرت
راجوری //راجوری میں پہاڑی پیپلز مومنٹ،پہاڑی یوتھ فیڈریشن ،پہاڑی یونیورسٹی سٹوڈنٹس اور پہاڑی کالج سٹوڈنٹس یونین کا ایک مشترکہ اجلاس زیر صدارت شہباز خان منعقد ہوا۔اس اجلاس میں ایڈووکیٹ قادر خان،ونود کمار ،تعارف حسین شاہ،آصف ملک،بومیت سنگھ،راجندر شرما، بلبیر شرما،تلک راج،نصیب سنگھ اور جی ایم چاڑک بھی موجو دتھے ۔اس موقعہ پر شہباز خان نے کہاکہ اگرچہ تین فیصد ریزرویشن بہت ہی کم ہے لیکن یہ ایک سنگ میل ثابت ہوگی ۔ انہوںنے کہاکہ بیکورڈ کمیشن کی طرف سے طبقہ کی سماجی و اقتصادی پسماندگی کو تسلیم تو کیاگیاہے اور کابینہ نے بھی اہم فیصلہ لیاہے جس کیلئے وہ مخلو ط حکومت خاص طور پر وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ کے شکرگزار ہیں ۔انہوںنے کہاکہ پہاڑی طبقہ کے ساتھ تقسیم ہند سے لیکر آج تک ناانصافیاں ہوئیں اور ایک سازش کے تحت ستر فیصد آبادی کو اُس پار دھکیل دیکر اس اکثریتی قوم کو اقلیت بنادیاگیا اور ان کی مرکزیت ختم کرکے خونی لکیر کھینچ لی گئی جس سے یہ طبقہ سرحد ی آبادی بن گیا ۔انہوںنے کہاکہ اب مرکزی حکومت کو ایس ٹی کادرجہ دیناچاہئے جس کیلئے طبقہ کئی دہائیوںسے جدوجہد کررہاہے۔
اسکولوں کا درجہ بڑھانے کا مطالبہ
پونچھ//نیشنل پینتھرز پارٹی کے ریاستی سکریٹری زورآور سنگھ شہباز نے کہاکہ تحصیل حویلی کے چار سکولوں کو اپ گریڈ کیا جائے ۔ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ ہائی اسکول جھلاس ،گرلز اسکول دیگوار تیڑواں، اڑی پوڑا اسکول گگڑیاں اور درمیانہ بن سکول لورن کادرجہ بڑھاجائے تاکہ طلباء کومقامی سطح پر ہی تعلیم حاصل کرنے کا موقعہ مل سکے ۔اس موقعہ پر پارٹی ضلع سکریٹری سُرجیت سنگھ کوچھڑ ،ضلع ترجمان چندر شیکھر ،ضلع سکریٹری محمد رزاق، ایس ٹی سیل ضلع صدر رشید مکری، ضلع پبلسٹی سیکریٹری منظور حسین ،بلاک صدر بشارت شاہ ،بلاک نائب صدر محمد حمید اور محبوب نواز و معشوق احمد بھی موجود تھے ۔
سیڑھی خواجہ میں پانی کی شدید قلت
حسین محتشم
پونچھ//پونچھ کے سیڑھی خواجہ علاقے میں پانی کی شدید قلت پائی جارہی ہے ۔مقامی لوگوںنے محکمہ پی ایچ ای کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ملازمین و افسران انتہائی لاپرواہی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ان کاکہناہے کہ کئی عرصہ سے پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لیکن کوئی ان کا پرسان حال نہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ کئی بار محکمہ کے ایگزیکٹو انجینئرکے پاس بھی جا چکے ہیں اور بار بار ان سے اپیل کی کہ گائوں میں عوام کو پانی فراہم کرنے کے لئے وہاں پائپ لائین بچھائی جائے لیکن افسوس کہ وعدوں کے علاو کچھ نہیں کیا جارہا۔عباس ملک نامی ایک نوجوان نے کہا کہ وہ کئی بار محکمہ کے اعلیٰ افسران سے ملاقات کر چکے ہیں اور ہر بار ان کو یقین دلایا گیا مگر کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ انہیں احتجا ج کرنے کیلئے مجبور کیاجارہاہے ۔
اے ڈی سی نوشہرہ پوسٹ
سندر بنی مکمل بند رہا، جموں پونچھ شاہراہ پر ٹریفک متاثر
سمت بھارگو
راجوری //ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی پوسٹ کیلئے سندربنی کے لوگوںنے دی گئی کال پر مکمل بند رکھاجبکہ مظاہرین نے جموں پونچھ شاہراہ پر بھی دھرنا دیا جس کی وجہ سے کئی گھنٹے ٹریفک کی نقل وحرکت متاثر رہی ۔صبح ساڑھے دس بجے بڑی تعداد میں لوگ جموں پونچھ شاہراہ پر امڈ آئے اور انہوںنے ٹریفک بند کرکے دھرنا دیا۔مظاہرین مانگ کررہے تھے کہ فوری طور پر اے ڈی سی پوسٹ کے دفتر کیلئے سندر بنی کا انتخاب کیاجائے ۔ان کاکہناتھاکہ یہ مرکزی مقام ہے جہاںسے نوشہرہ ، سندر بنی ،کالاکوٹ اور تریاٹھ کے لوگوں کو آنے جانے میں آسانی ہوگی ۔یہ دھرنا چار گھنٹے سے بھی زائد عرصہ تک جاری رہا جس کے دوران افسران نے لوگوںنے دھرناختم کرنے کی اپیل بھی لیکن وہ اس بات پر بضد رہے کہ جب تک حکومت ان کے مطالبے پر کوئی مثبت کارروائی نہیںکرتی تب تک وہ یہاںسے نہیں اٹھیںگے ۔بعد میں ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے لوگوںنے سے فون پر بات کی اور انہیں یقین دلایاکہ یہ مطالبہ حکام کے نوٹس میں لایاجارہاہے جس کے بعد مظاہرین پرامن طور پرمنتشر ہوگئے اور گاڑیوں کی نقل و حرکت کا سلسلہ بحال ہوا۔تاہم انہوںنے انتباہ دیاکہ اگر مانگ پوری نہ ہوئی تو وہ پندرہ فروری سے پھر سے احتجاج کریںگے۔
پانی کی تلاش میں افسران کملو گلی جنگلات پہنچے
جا وید اقبال
مینڈھر// پانی کی عدم دستیا بی کو دیکھتے ہوئے محکمہ پی ایچ ای کے افسران ایگزیکٹو افسرپو نچھ راجند ر شرماکے ہمراہ 18کلو میٹر کاسفر پیدل طے کرکے کملو گلی جنگلات کادورہ کیا جہاںچشمے سے علاقے کو پانی سپلائی ہوتاہے ۔ اس دوران پایاگیاکہ پرنئی پروجیکٹ کے ٹنل کی وجہ سے چشمہ خشک ہوگیاہے جس سے بھاٹہ دھوڑیاں کی عوام کو پانی سپلائی کیاجاتاہے ۔افسران نے چشمو ں معائنہ کیااور پانی سپلائی کے امکانات کا جائزہ بھی لیا۔ایگزیکٹو افسر نے بتایاکہ انہوںنے کئی چشمے دیکھے جن میں پانی بہت کم تھا۔انہوںنے کہاکہ محکمہ کی کوشش ہوگی کہ کسی طرح سے لوگوںکو پانی سپلائی ہوتارہے ۔ان کے ہمراہ جونیئر انجینئر شاہد علی خان اور جا وید اقبال بھی تھے ۔
مینڈھر میں دکان خاکستر لاکھوں روپے مالیت کاسامان تباہ
جا وید اقبال
مینڈھر//مینڈھر قصبہ میں ڈاک بنگلہ کے نز دیک ایک دکا ن کو اچانک آگ لگ گئی جس کی وجہ سے لا کھو ں روپے کا سامان جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا ۔جمعہ کی صبح 4بجے آصف محمود کی دکا ن کو اچانک آگ لگ گئی جس کی وجہ سے لا کھو ں روپے کا سامان جل کر راکھ بن گیا ۔آگ کی وجہ بجلی کا شارٹ سرکٹ بتا یا جا رہا ہے ۔ اس سلسلے میں خبرملتے ہی بھا ری تعداد میں محلہ کے لو گ موقعہ پر جمع ہو گئے اور آگ بجھا نے میں لگ گئے تاہم دکان کے اندر رکھاہوا سارا سامان تباہ ہوگیا ۔وہیں صبح ہونے پر ایس ڈی ایم مینڈھر، ایس ڈی پی او مینڈھر اور تحصیلدار مینڈھر نے موقعہ پر جا کر حالات کا جا ئزہ لیا اور متعلقہ پٹواری کو فا ئل تیا ر کر نے کی ہدایت جاری کی ۔اس دوران پولیسکی ایک ٹیم نے بھی معائنہ کرکے کیس درج کرلیاہے ۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی پوسٹ
تھنہ منڈی کے لوگ بھی میدان میں ، دفتر کھولنے کا مطالبہ
طارق شال
تھنہ منڈی //نوشہرہ ، سندر بنی اورسیوٹ کے بعد تھنہ منڈی کے لوگ بھی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی پوسٹ کیلئے میدان میں آگئے ہیں اور انہوںنے مانگ کی ہے کہ اے ڈی سی دفتر تھنہ منڈی میں کھولاجائے ۔ مقامی سیاسی، سماجی، دینی اور ادبی تنظیموں نے مطالبہ کیاہے کہ یہ دفتر تھنہ منڈی میں بھی قائم ہوناچاہئے کیونکہ یہ ایک ایسا علاقہ ہے جو دور دراز علاقوں پر مشتمل ہے ۔ان تنظیموں کے عہدیداروں کاکہناہے کہ تھنہ منڈی، درہال، شاہدرہ شریف اور گھمبیر مغلاں پہاڑی علاقہ ہے جہاں کے لوگوںکو تحصیل صدر مقام تک پہنچنے کیلئے میلوں کاسفر پیدل طے کرناپڑتاہے اور ان کی مشکلات تب مزید بڑھ جاتی ہیں جب کوئی کام ضلع سطح پر پڑ جائے ۔ ادیب و مصنف غلام نبی شہباز راجوروی، نیشنل کانفرنس سینئر بشیر احمد وانی،راجوری ڈیولپمنٹ فورم چیئر مین شوکت احمد شال، پرنسپل ماڈل بوائز ہائر اسکنڈری اسکول تھنہ منڈی محمد صدیق گنائی، لٹل اینجلز ہائر اسکنڈری اسکول راجدھانی کے سربراہ ظفر امین میر، مغل روڈ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے قائم مقام چیئر مین عبدالرشید شال، سرپنچ ایسو سی ایشن صدر عبدالقیوم نائیک، امام و خطیب مرکزی جامع مسجد تھنہ منڈی مفتی عبدالرحیم قاسمی ضیائی، ہل ٹچ فاؤنڈیشن چیئرمین ظہور احمد بھٹی، گاندھی گلوبل فیملی ضلع صدر محمد بشیر شال ودیگران نے کہاہے کہ موجودہ مخلوط سرکار کو سب ڈیویژن تھنہ منڈی میں اے ڈی سی کی تعیناتی عمل میں لانی چاہئے ۔ان کاکہناہے کہ تھنہ منڈی کے سجی بگلہ، سرونوالہ بڑی بہک، دیرہ گلی ایسے علاقے ہیں جہاں کے لوگوں کو راجوری پہنچنے کیلئے شدید مشکلات سے گزرناپڑتاہے اور وہ پھر رات کو اپنے گھروں کو واپس بھی نہیں پہنچ پاتے ۔انہوںنے کہاکہ اے ڈی سی کی تعیناتی عمل میں لاکرکالا بن اور گھمبیر مغلاں کے حصے کو تھنہ منڈی کے ساتھ جوڑا جائے جو یہاںسے نزدیک واقع ہے ۔
انجم خان کے اعزاز میں تقریب منعقد
بختیارحسین
سرنکوٹ//کے اے ایس امتحان میں اول مقام حاصل کرنے والے انجم خان کھٹک کے اعزاز میں ان کے آبائی علاقے سرنکوٹ میں ایک تقریب منعقد کی گئی ۔یہ تقریب ڈاک بنگلہ سرنکوٹ میں منعقد ہوئی جس میں بڑی تعداد میں نوجوانوںنے شرکت کی ۔ اس موقعہ پر ایس ڈی ایم سرنکوٹ خورشید کوہلی،تحصیلدار روہت شرما ، سیول سوسائٹی ارکان اور بڑی تعداد میں نوجوان موجود تھے ۔سبھی نے انجم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ وہ سرنکوٹ کیلئے فخر کا باعث بنے ہیں ۔ اپنے خطاب میں انجم نے کہاکہ نوجوانوںکو مل رہے مواقعوں کوفائدہ اٹھاناچاہئے اور منشیات اور دیگر برائیوںسے گرنے کے بجائے ساری توجہ تعلیم پر مرکوز کرنی چاہئے تاکہ مستقل خوشحال بن سکے اور دوسروں کی مدد بھی کی جاسکے ۔ انہوںنے کہاکہ یہاں کے نوجوان کسی سے کم نہیں اور ان کے پاس وہ صلاحیت ہے جو انہیں کامیابی دلاسکتی ہے لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ ان صلاحیتوں کو درست سمت میں استعمال کیاجائے ۔انہوںنے تقریب منعقد کرنے پر سبھی کاشکریہ ادا کیا ۔
پہاڑی طبقہ کو ریزرویشن کے فیصلہ کی سراہنا
طارق شال
تھنہ منڈی // تھنہ منڈی کے پہاڑی طبقہ کے لیڈران نے کابینہ کے فیصلہ کی سراہناکرتے ہوئے طبقہ کو تین فیصد ریزرویشن دینے کا خیر مقدم کیاہے ۔زاہد احمد قریشی، ایڈووکیٹ ظہور احمد بھٹی،محمد لطیف مغل اورپہاڑی ڈیولپمنٹ فورم تھنہ منڈی،ہمدرد فاؤنڈیشن،مغل ڈیولپمنٹ فورم،پہاڑی پیپلز مومنٹ تھنہ منڈی و دیگر کارکنان نے کابینہ کہ اس فیصلہ کی ستائش کی جس میں تین فیصدریزرویشن دی گئی ہے ۔انہوںنے کہاکہ یہ ریزرویشن شیڈیول ٹرائب درجہ کے حصول کیلئے اہم ثابت ہوگی ۔انہوںنے کہاکہ اب مرکزی سرکار کو ریاست کے پندرہ لاکھ پہاڑی عوام کی جائز مانگ پورا کرتے ہوئے ایس ٹی کادرجہ دیناچاہئے ۔ان کاکہناتھاکہ پہاڑی قوم کئی سال سے ظلم کی چکی میں پستی رہی ہے جس کے ساتھ اب انصاف کیاجاناچاہئے ۔ ان کاکہناتھاکہ یہی وہ قوم ہے جس نے تمام جنگوں کے زخم سہے ہیں اور ملی ٹینسی کی مار بھی سب سے زیادہ برداشت کی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ خطہ پیر پنچال کے سبھی ممبران قانون ساز یہ کو پہاڑی طبقہ کو ایس ٹی درجہ دلانے میں مدد فراہم کرنی چاہئے۔
جموں یونیورسٹی میں پہاڑی شعبہ کے قیام پرزور
جموں//جموں و کشمیر پہاڑی ریولشنری مومنٹ کے صدر محمود احمد خان کی قیادت میں ایک وفد نے پہاڑی مشاورتی بورڈ کے سیکریٹری ڈاکٹر ذاکرحسین اور کلچرل اکیڈمی کے شعبہ پہاڑی کے سربراہ انوار مرزا سے ملاقات کرکے مطالبہ کیاکہ جموںیونیورسٹی میں گوجری کی طرح پہاڑی زبان کو بھی متعارف کروایاجائے جس کیلئے نصاب تیار کیاجائے ۔انہوںنے کہاکہ اس سلسلے میں پہاڑی بورڈ اور کلچرل اکیڈمی کی طرف سے نمایاں رول ادا کیاجاناچاہئے ۔وفد میں ایڈووکیٹ مظہر علی خان ،ایڈووکیٹ رضوان خان اور ایڈووکیٹ تبریز خان بھی شامل تھے ۔محمود نے کہاکہ پہاڑی زبان ریاست بھر میں بولی جاتی ہے اور اس کو اعلیٰ تعلیم میں متعارف کروایاجائے ۔
سرحدی علاقوں میں بینکروں کی تعمیر کی اپیل
رمیش کیسر
نوشہرہ//نوشہرہ کے سرحدی علاقوں کے لوگوںنے حکومت سے بینکروںکی تعمیر کی مانگ کی ہے ۔ گائوں بھجنوعہ کے لوگوں کا ایک اجلاس ایڈووکیٹ پی آر کھوکھر کی قیادت میں منعقد ہوا۔اس موقعہ پر کھوکھر نے مانگ کی کہ نوشہرہ کے چھ سرحدی دیہاتوں میں بینکر تعمیرکئے جارہے ہیں مگر بریری ، بھجنوعہ ، مانپور ، چڑیالا ، دایا لا وغیرہ علاقہ جات میں بینکر تعمیر کرنے کی کوئی تجویز نہیں ہے جبکہ یہ علاقے حد متارکہ کے بالکل قریب واقع ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ مقامی لوگ حکومت و انتظامیہ کے خلاف غم و غصہ کااظہار کررہے ہیں اور ان کا مطالبہ ہے کہ ان کے گائوں دیہات میں بھی بینکر تعمیر کئے جائیں جنہیں گولہ باری کا نشانہ بنایاجاتاہے ۔
تربیتی پروگرام میں شرکت نہیں کی
راجوری کے 11ٹیچروں کی تنخواہیں بند
راجوری //محکمہ تعلیم نے اپنے گیارہ اساتذہ کی تنخواہیں بند کردی ہیں جنہوںنے ایک تربیتی پروگرام میں شرکت نہیں کی تھی ۔چیف ایجوکیشن افسر راجوری کے دفتر سے جاری ہوئے حکمنامے کے مطابق پانچ سے نو فروری تک ٹیچروں اور ماسٹروں کی تربیت کیلئے ایک پروگرام منعقد کیاگیا جس میں کچھ اساتذہ نے شرکت نہیں کی ۔ ان اساتذہ کے نام اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کرتے ہوئے چیف ایجوکیشن افسر لعل حسین نے ان کی تنخواہیں روکنے کی ہدایت دی ہے ۔تادیبی کارروائی کا شکار ہونے والے اساتذہ میں پون کمار ، محمد سہود ، نذیرحسین ، سوم راج ، شیشو پال ، لبناجبین ، نذیر حسین ، ولایت حسین ،عبدالشکور ، جاوید اقبال اور عبدالقیوم شامل ہیں ۔
ڈرائیوروں کی من مانیاں ختم
سرنکوٹ ۔سانگلہ روٹ کا کرایہ مقرر
بختیارحسین
سرنکوٹ //لوٹ مار کی شکایات کے بعد حکام نے سرنکوٹ ۔سانگلہ روٹ کا کرایہ متعین کیاہے ۔اے آر ٹی او پونچھ عبدالرحیم نے سرنکوٹ کادورہ کیا اور سانگلہ روٹ پر چلنے والی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کی من مرضی کی شکایات کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے کرایہ مقرر کیا۔مقرر کردہ کرایہ کے مطابق سرنکوٹ سے موٹھی والا 9کلو میٹر پرسومو او ٹیمپو کاکرایہ 20 روپے ہوگاجبکہ میٹا ڈور کا کرایہ موٹھی والا تک 11 روپے مقرر کیا گیا۔اسی طرح چئیڑ تک سومو او ٹیمپو کا کرایہ 18 روپے جبکہ میٹا ڈور کا 10 روپے کرایہ مقررہوا۔گھونتھل جسکی مسافت 5کلو میٹر ہے،کیلئے سومو اور ٹیمپو کا کرایہ 13 روپے ہو گا جبکہ میٹا ڈور کا کرایہ 5 روپے رکھاگیاہے ۔آر ٹی او پونچھ عبدالرحیم نے ڈرائیوروں کو سخت ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ اضافی کرایہ وصول کرنے والوں سے سختی سے نمٹاجائے گا۔انہوںنے کہاکہ اگر سومو میں 10 سواریاں بٹھائی جاتی ہیں تو اس صورت میں موٹھی والا تک 17 روپے کرایہ ہی رہے گاجبکہ چیئر والا تک 15 روپے لئے جائیںگے ۔انہوںنے بتایاکہ تین کلو میٹر تک میٹا ڈور کا کرایہ 5 روپے ، آٹھ کلو میٹر تک دس روپے اور 13 کلو میٹر تک 15 روپے ہوگا۔سانگلہ کے لوگوںنے موصوف کاشکریہ اد اکرتے ہوئے کہاکہ اب اس مقررکردہ کرایہ پر من و عن عمل کیاجاناچاہئے ۔