ڈوڈہ میں کلسٹر یونیورسٹی کا قیام ناگزیر:عبدالمجید وانی
محمد اسحٰق عارف
ڈوڈہ//ڈوڈہ کو موسم، سماجی اقدار، بھائی چارہ، جغرافیائی مرکز کے طور چناب ویلی میں قدرتی طور خصوصی مقام حاصل ہے اور موجودہ دور میں درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ہم کو بھی اعلیٰ تعلیم کے لئے اعلیٰ و معیاری تعلیمی اداروں کا حق ہے اور اب وقت آچکا ہے کہ ڈوڈہ کو اس کا حق دیاجائے یہی وجہ ہے کہ ریاست جموں کشمیر کے لئے منظور ہونے RUSAکے تحت چھ یونیورسٹیوں میں سے ایک ڈوڈہ کا حق ہے تاکہ بانہال رام بن گول ٹھاٹھری گندو کشتواڑ مڑواہ چھاترو و پاڈر کے کالجوں میں زیر تعلیم طالب علموں کا آسانی پیدا ہو ان خیالات کا اظہار سابق وزیر و جموں کشمیر پردیس کانگریس کمیٹی کے جنرل سیکریٹری عبدالمجید وانی نے ڈوڈہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا ہے اُنہوں نے کہا کہ SSAاور RMSAکی طرح RUSAقومی اعلیٰ تعلیم مہم کا منصوبہ سابق UPAحکومت میں منموہن سنگھ کی قیادت میں شروع ہوا تھا جس کا مقصد دور دراز پہاڑی و دشوار گذار علاقوں میں عام لوگوں کی دہلیز پر اعلیٰ تعلیم کی مفت سہولیات پہنچانا تھا اور ہمارے دور میں ریاست کے لئے دو یونیورسٹیاں منظور ہوئی تھی اور ہم نے اُس وقت بھی ڈوڈہ، پونچھ، لداخ بارہ مولا کے لئے سفارش کی تھی مگر پھر وادی میں سیلاب کی وجہ سے یہ منصوبہ رہ گئے اُنہوں نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے اپیل کی ہے کہ ڈوڈہ خطہ کے لوگوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کے خاتمہ کے لئے جموں شہر اور اس کے مضافات سے باہر نظر رکھنے کی ضرورت ہے جس کا آغاز ڈوڈہ میں میڈیکل کالج کے قیام اور بھدرواہ کشتواڑ میں جموں یونیورسٹی کے کیمپس کا قیام کرکے کیا گیا تھا جہاں سے اس وقت ہزاروں طالب علم مستفید ہورہے ہیں اور اب چناب ویلی کے تمام کالجوں میں زیرطالب علموں کو معمولی کام کے لئے ہزاروں خرچ کرکے جموں جانے سے بچانے کے لئے ڈوڈہ میں کلسٹر یونیورسٹی کا قیام ضروری ہے اور ڈوڈہ کو نہ صرف جغرافیائی مرکز ہونے کا شرف حاصل ہے بلکہ یہ موسم بھائی چارہ معتدل مزاجی کے لئے بھی منفرد مقام رکھتا ہے اور یہاں پورا سال تعلیمی سرگرمیاں جاری رہ سکتی ہیں کہ یہاں نہ گرمی زیادہ ہوتی ہے نہ ہی سردی کی شدت ہوتی ہے۔ سابق وزیر نے تمام سیاسی سماجی مذہبی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر لوگوں کو ڈوڈہ کی تعمیر و ترقی کے لئے تعاون کی اپیل کی ہے۔
پی ڈی پی ضلع صدر ڈوڈہ
کا شوپیاں میں شہری ہلاکتوں پراظہار تاسف
عظمیٰ نیوز
ڈوڈہ// پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے صدر ضلع ڈوڈہ شہاب الحق بٹ نے شوپیاں میں عام شہریوں کی ہلاکت پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آچکا ہے کہ جب ہم کو ایسے واقعات پر انکوائری کرانے سے آگے بڑھتے ہوئے ایسے اقدامات کرنا ہونگے تاکہ انسانی جانوں کے نقصان کا سلسلہ بند ہو اور ایسے واقعات پر افسوس کرنے کے بجائے اب ٹھوس اقدام ہوں۔ پریس ریلیز میں انہوں نے کہا کہ معصوم انسانی جانوں کی ہلاکت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے لئے کافی تکلیف دہ بات ہے کہ ہماری جماعت ریاست میں عزت و وقار کے ساتھ امن چاہتی ہے اور ہم بات چیت اور اعتمادسازی کے قائل ہیں اور ہم ریاست میں امن، اعتمادسازی و عزت وقار کی سر بلندی کے لئے کسی بھی طرح کی قربانی کے لئے تیار ہیں اور آج تک بھی قربانیاں دی ہیں ۔ بٹ نے ہند پاک کے درمیان کشیدگی ختم کرنے اور امن کو موقع دینے کی بات کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں امن کی بحالی کے لئے ہند پاک بات چیت لازمی ہے اور ہند پاک کے درمیان بات چیت کے لئے ریاستی حکومت ایک پل کا کام کر سکتی ہے اور اس بات چیت میں تمام فریقوں کو شامل کیا جانا چاہئے تاکہ حتمی امن قائم ہو۔ اور بات چیت کے لئے بڑے سطح پر اقدامات ضروری ہیں اور مرحوم رہنما مفتی محمد سعید نے ہر ہمیشہ ’’گولی کے بجائے بولی‘‘ کا نعرہ دے کر پارٹی کے اہداف کو واضح کر دیا تھا وہی ہمارے لئے مشعل راہ ہے اسلئے موجودہ حالات میں ریاست کے مکمل امن حتمی حل کے لئے گفت شنید ضروری ہے جس کے لئے ماحول فراہم کیا جانا چاہئے۔
پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ کا مشترکہ اجلاس
کشتواڑ میں روٹ وار کرایہ لاگو کرنے کی مشق
عظمیٰ نیوز
کشتواڑ//کشتواڑ پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ نے مقامی مسافر بردار گاڑیوں میں روٹ وار کرائی لاگو کرنے کی مشق کا آغاز کیا ۔اس سلسلہ میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا ، جس میں ڈرائیوروں اور کنڈکٹروں نے شرکت کی اور ضرورری ہدایات حاصل کئے۔ضلع پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ نے کمرشل وہیکلز کی جانب سے طے سے زیادہ کرائی وصول کرنے کی شکایات کے بعد یہ پروگرام منعقد کیا ،جس میں200 ڈرائیوروں اور کنڈکٹروں نے شرکت کی۔سینئر سپرانٹنڈنٹ پولیس کشتواڑ ابرار چودھری نے متعلقین سے مناسب سلوک کرنے اور قانون کی پاسداری کرنے کی صلاح دی اور مختلف روٹوں پر مناسب کرائی وصول کرنے کو کہا۔اس موقعہ پر متعلقین سے کہا گیا کہ وہ وہیکل میں مسافروں کی سہولیت کیلئے مناسب ریٹ لسٹ آویزاں رکھیں۔اس موقعہ پر انہیں قانون کی جانکاری بھی دی گئی۔اے آر ٹی او کشتواڑ ابھے شرما نے ڈرائیوروں او رکنڈکٹروں کو کرایہ کے سلسلہ میں تفصیلی ہدایت دی۔ڈی ایس پی آپریشن کشتواڑ نثار خواجہ ،ایس ایچ او پولیس اسٹیشن انسپکٹر سمیر جیلانی اور مختلف ٹرانسپورٹ یونینوں کے نمائندوں نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔
شوپیان شہری ہلاکتوں کی مذمت
کشتواڑ// شوپیان میں فورسز کی طرف سے عام شہریوں پر اندھا دھند فائرنگ سے چار معصوم لوگوں کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سماجی کارکن شاکر حسین صدیقی نے اس واقعہ کی پرزور الفاظ میں مذمت کی اور کہاکہ اس طرح کے واقعات انجام دے کر ریاست میں امن بحال نہیں کیاجاسکتا۔پریس ریلیز میں انہوں نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے اپیل کی کہ وہ اس واقعہ کا شدید نوٹس لیں اور فورسز کو قواعد و ضوابط کا پابند رہنے کی تلقین کی جائے۔انہوں نے مارے گئے شہریوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس واقعہ کی عدالتی تحقیقات ہونی چاہئے اور ملوث اہلکاروں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے کٹھوعہ کی 8سالہ معصوم آصفہ کی آبروریزی اور ہلاکت میں ملوث ایس پی او کو عبرتناک سزا دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہاکہ اس بات کو یقینی بنایاجائے کہ کرائم برانچ کے ذریعہ اس واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ہو اوراس گھناؤنے جرم میں ملوث ایس پی او کو سبق آموز سزا ملے تاکہ آئندہ ایسے دلدوز واقعات رونما نہ ہونے پائیں۔ان کاکہناتھاکہ وہ ایسی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہیں جن کے ذریعہ اس واقعہ کو فرقہ وارانہ رنگ دی جارہی ہے اور حکومت کو ایسے شر پسند عناصر کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کرنی چاہئے۔
چندر کوٹ میں ڈیزاسٹر منیجمنٹ اجلاس کا اہتمام
رام بن //ضلع ترقیاتی کمشنر طارق حُسین گنائی کی ہدایت پر اے سی آر رام بن وویک پوری کی نگرانی میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے گورنمنٹ ہائی سکول چندر کوٹ میںیک روزہ ڈیزاسٹر منیجمنٹ پروگرام منعقد کیا گیا۔تحصیلدار رام بن پرمود کمار نے پروگرام کی قیادت کی۔ ڈپٹی ایس پی سول ڈیفنس ایوب زرگر، اساتذہ کے علاوہ دطالب کی ایک بھاری تعداد نے پروگرام میں شرکت کی۔ پروگرام کا مقصد لوگوں کو ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے مختلف ذرائع کی جانکاری دینا تھا، تاکہ کسی بھجی ناگہانی آفت کی صورت میں کم سے کم جانی نُقصان ہو۔اس موقعہ پر اپنے خطاب میں تحصیلدار رام بن پرمود کمار نے کہا کہ ایسے پروگرام ضروری ہیں ،تاکہ لوگوں کو مختلف ڈٖیزاسٹر و ں کی جانکاری دیکر اس دوران اختیار کئے جانے والے اقدام کی جانکاری دی جا سکے۔اس کیمپ میںطلاب ،رضاکاروں، سماج کے مختلف طبقہ کے معزز لوگوں اور ڈیزاسٹر محکمہ کے اہلکاروں کی بھاری تعداد نے شرکت کی۔رضاکاروں،طلاب اور سول ڈیفنس کے دیگر ممبروں کو میڈیکل ایمرجنسی کی بحالی،اور رسیوں کا استعمال کرکے ہنگامی طور سے لوگوں کو باہر نکالنے کے علاوہ جدید ایکوپمنٹ کی تربیت فراہم کی گئی۔شرکا نے اس قسم کا کیمپ منعقد کرنے کی کافی ستائش کی۔
مڑواہ کی طالبہ
گولڈ میڈل سے سر فراز
نمائندہ عظمیٰ
کشتواڑ //ضلع کے ایک دور دراز علاقہ مڑواہ کی ایک طالبہ روحی شمع نے جموں یونیورسٹی میںسائیکالوجی ماسٹرس ڈگری میں گولڈ میڈل حاصل کرکے علاقہ کا نام روشن کیا ہے۔انہیں یہ ایوارڈ یونیورسٹی کے 17ویں کنوینشن پر مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے عطا کیا۔ان کی ابتدائی تعلیم کشتواڑ میں ہوئی ہے۔انہوں نے اپنی کامیابی کا سہرہ اپنے اساتذہ اور والدین کو باندھا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ کالج کے دنوںسے ہی اچھی محنت کر رہی تھی جسکی بدولت اسے یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔ انکے والد سید اللہ گنائی جو کہ این ایچ پی سی میں کام کررہے ہیں اور مڑواہ میں ملی ٹینسی کی وجہ سے انہیں اپنے گھر سے دور جانا پڑا ، تاہم انہوں نے تعلیم کو ترجیح دی۔ اسکی والدہ نوری بیگم بھی ایک استانی ہیں نے کہا کہ مجھے روحی پر فخر ہے ۔
وادی چناب میں این سی سابقہ فوجیوں اور ویر ناری سیل کا کنونشن
طاہر ندیم خان
بھدرواہ//نیشنل کانفرنس کے سابقہ فوجیوں او رویر ناری سیل کے چیئر مین برگیڈیر کے کے لکھن پال نے این سی کے صوبائی سیکرٹری شیخ محمد شفیع و دیگران کے ہمراہ وادی چناب کے تین روزہ دورہ کے دوران مختلف مقامات کشتواڑ، ٹھاٹھری، بھیلہ، ڈوڈہ اور بھدرواہ میں کنونشن منعقد کئے، جن کا مقصد لوگوں کا سیاسی نبض جاننا تھا اور اس پہاڑی علاقہ میں سابقہ فوجیوں اور ویر ناریوں کو در پیش مسائل کی جانکاری حاصل کرنا تھا ۔لکھن پال نے کمانڈر 4 سیکٹر آر آر کے ساتھ سابقہ فوجیوں اور ویر ناریوں کی شکایا ت اُٹھائیں ،جن میں سابقہ فوجیوں کے بچوں کی فوج میں بھرتی، طبی و سی ایس ڈی سہولیات وغیرہ مسائل شامل ہیںاور انکے ازالہ کا مطالبہ کیا، کمانڈر نے مسائل کے فوری حل کا یقین دلایا ۔کنونشنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی کے سر پرست اعلیٰ کے ہدایات پر وہ سا علاقہ کا دورہ کر رہے ہیں ،تاکہ لوگوں کے مسائل کی جانکاری حاصل ہو۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ یہ علاقہ بہت ہی خوبصور تہے لیکن سرکار کی عدم توجہی کی وجہ سے یہاں کے عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے سابقہ فوجیوں اور و یر ناریوں کے مسائل کے علاوہ مقامی لوگوں کے مسائل کی بھی جانکاری لی۔انہوں نے مخلوط سرکار پر لوگوں کو بے وقوف بنانے اور غیر ضروری مدعے اُٹھانے کا مبینہ الازم لگایا ۔
گوجر بکروال ہوسٹل وارڈن
کے والد کا انتقال
محمد اسحٰق عارف
گندو// سماجی کارکن اور گوجر و بکروال ہوسٹل کے وارڈن چودھری سلام دین کے والد حاجی محمد عبداللہ 90سال کی عمر میں ہڈل میں انتقال کر گئے۔انکا نماز جنازہ آبائی گائوں میں جمعرات کے روز منعقد ہوا۔ایم ایل اے بھدرواہ دلیپ سنگھ پریہار،سابقہ ایم ایل اے بھدرواہ ایم ایس نیاز، ایس ڈیا یم گندو دل میر چودھری،این سی لیڈر نے انکے انتقال پر سال دین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔بھلیسہ۔ٹھاٹھری یوتھ جرنلسٹ ایسو سی ایشن نے بھی سلام دین کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا ہے اور مرحوم کے روح کے لئے دعا کی ہے۔ایسو سی ایشن نے غم زدہ کنبوں کو یہ صدمہ برداشت کرنے کے لئے اللہ سے توفیق عطا کرنے کی دعا کی ہے۔کانگریس کے بلاک صدر نور حُسین، نذیر احمد، فاروق چودھری، حنیف ودیگران نے بھی سلام دین کے ساتھ تعزیت کی ہے۔