شبِ ضربتِ حضرت علی ؑ کی مناسبت سے مجالس عزا منعقد
پونچھ//مولائے کائنات حضرت علی علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے امام بارگاہ منڈی قدیم اور امام بارگاہ پونچھ میں مجلس عزا منعقد ہوئیں جن میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔امام بارگاہ منڈی میں شب ضربت مولائے کائنات حضرت علی علیہ السلام کی مناسبت سے مجلس عزا سے قبل اعمال شبِ قدر انجام دیئے گئے۔مجلس کا آغاز باضابطہ تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد امام و خطیب المصطفیٰ جامع مسجد منڈی مولانا اقرار حیدر نے حضرت علی علیہ السلام کی مظلومانہ شہادت اور ان کے فضائل اور کمالات بیان کئے ۔وہیںعزادروں نے مولائے کائنات کی عزاداری کرتے ہوئے نبی کریم ؐاور ان کے اہل بیت ؑ کو پرسہ دیا۔امام بارگاہ پونچھ میں منعقدہ مجلس کے دوران بھی مومنین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔مجلس عزا کا آغاز حسب دستور صابر حسین صابر بٹا نے تلااوت کلام پاک سے کیا جس کے بعد حمد و نعت و منقبت کے نذرانے ایڈووکیٹ افتخار علی بزمی،محبوب حسین ونتو اور انتظار حسین صوفی نے پیش کئے ۔دوران مجلس امام و خطیب مرکزی امامیہ جامع مسجد پونچھ شاہین حیدر عابدی نے خطاب کیا اور فضائل و مصائب امام علی ؑ بیان کئے ۔اس دوران تحصیل سرنکوٹ، تحصیل مینڈھر میں بھی مختلف مقامات پر شب بیداری اور مجالس کا اہتمام کیا گیا۔علماء نے کہاکہ ماہ مبارک کی انیسویں شب کو مسجد کوفہ میں نماز صبح ادا کرتے ہوئے عبدالرحمٰن ابن ملجم ملعون نے مولائے کائنات حضرت علی علیہ اسلام کے سر پر سجدہ کے حالت میں زہر آلود تلوار سے ضرب لگائی جس کے دو روز بعد یعنی اکیسویںرمضان کو امام علی علیہ السلام کی شہادت واقع ہوئی۔
۔8 گرام ہیروئن ضبط ،1 گرفتار
طارق شال
تھنہ منڈی // تھنہ منڈی پولیس نے 8 گرام ہیروئن ضبط کرنے کادعویٰ کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کرلیاہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او تھنہ منڈی انسپکٹر نذیر احمد ڈار نے سب ڈیویژنل پولیس آفیسر تھنہ منڈی افتخار احمد چوہدری کی نگرانی اورایس ایس پی راجوری شری یوگل منہاس کی ہدایت پر بدھا کنہ گائوں میں ناکہ لگا کر ہر گزرنے والے شخص کی نقل حرکت کا معائنہ شروع کیاجس دوران پولیس نے ایک شخص مشتاق احمد ولد نذیر حسین سکنہ کوٹ بہروٹ تحصیل تھنہ منڈی کو مشکوک حالت میں دیکھتے ہوئے جب اس کی تلاشی لی تو اس کی تحویل سے آٹھ گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے اسکے خلاف ایف آئی آرزیر نمبر 86/2018 زیر دفعہ 8/22 این ڈی پی ایس ایکٹ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے ۔
رہبر تعلیم اساتذہ کا احتجاجی مظاہرہ
پرویز خان
منجاکوٹ //تحصیل منجاکوٹ میں جموں و کشمیر رہبر تعلیم کے بینر تلے اساتذہ نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ان اساتذہ کی مانگ تھی کہ ان کی تنخواہوں کی ڈی لنک کیا جائے تاکہ تنخواہوں کی ادائیگی میں مشکلات کاسامنا نہ کرناپڑ ے ۔رہبر تعلیم فورم کے ضلع صدرمنظور خان نے کہا کہ پچھلے چار مہینے سے رہبر تعلیم اساتذہ کی تنخواہیں واگزار نہیں کی جارہی جس کی وجہ سے وہ بھکمری کاشکار ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر تعلیم چوہدری ذوالفقار علی نے رہبر تعلیم فورم سے وعدہ کیا تھا کہ پندرہ دنوں کے اندر ان کے مطالبات پورے کئے جائیں گے مگر بدقسمتی سے ابھی تک یقین دہانی پر عمل درآمد نہیں ہوا۔منظور خان نے کہا کہ اگر حکومت نے رہبر تعلیم اساتذہ کے مطالبات حل نہ کئے تو وہ ریاست گیر احتجاج کریںگے جس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی ۔ان کاکہناتھاکہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ جن اساتذہ کو اسکولوں میں ہونا چاہیے ،وہ مطالبات پورے نہ ہونے کے باعث آج سڑکوں پر اترنے کو مجبور ہیں۔انہوں نے مانگ کی کہ ان کی تنخواہوں کو ڈی لنک کیاجائے۔
مینڈھرمیں پانی کے بحران پر تشویش کا اظہار
مینڈھر//پی سی سی ممبر و راجوری پونچھ انچارج چوہدری عمران ظفر نے مینڈھر میں پانی کے بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں تمام تر کاموں کا منصوبہ بنائے جانے کے دوران عوامی خدمات نہیں بلکہ منافع خوری کو ترجیح دی جاتی رہی ہے جس کا خمیازہ آج لوگ بھگت رہے ہیں ۔اپنے ایک پریس بیان میں انہوںنے کہاکہ یہ دور تو خشک سالی کا ہے لیکن جب بارشی موسم بھی ہو تو اس علاقہ میں پانی دستیاب نہیں ہوتا ۔انہوںنے الزام عائد کیاکہ صرف نمائشی طور کچھ تعمیرات کراوئی جاتیں ہیںجن کا زمینی سطح پر عوام کو کوئی فائدہ نہیںپہنچتا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے اربوں روپے ضائع کئے جانے کے باوجود پانی کیلئے ہاہار کار مچی ہوئی ہے اور کیا وجہ ہے کہ یہ پیسہ لوگوں کے طرز زندگی میں بدلائو نہیں لاسکا۔ان کاکہناتھاکہ ممبراسمبلی مینڈھر عملی سطح پر اقدامات کرنے کے بجائے بیانات کے ذریعہ حکومت سے پانی کا مطالبہ کررہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ان کی طرف سے سی ڈی فنڈ کے ذریعہ پانی کے ٹینکر دینے کے اعلانات تو کئے جارہے ہیں لیکن ابھی تک یہ ٹینکر فراہم نہیں ہوئے ۔
گلہوتہ میں پانی و بجلی کا حال ابتر
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر کے گائوں لوہر گلہوتہ میں پانی وبجلی کی سپلائی کا حال ماہ صیام میں نہایت ہی ابتر ہے جس پر مقامی لوگوں میں غم وغصہ پایاجارہاہے ۔ مقامی پی ڈی پی یوتھ لیڈر و سومو یونین صدر کفیل خان نے الزام عائد کیاکہ جان بوجھ کر نماز تراویح اور سحری و افطار کے وقت بجلی کاٹ دی جاتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اسی طرح سے پانی کی سپلائی بھی نہیں ہورہی اور پائپیں ٹوٹی ہوئی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اس سے قبل بھی انہوںنے پانی و بجلی کی سپلائی میں بہتری کا مطالبہ کیا لیکن کسی نے کوئی توجہ نہیں دی ۔ انہوںنے کہاکہ کم از کم ماہ صیام میں پانی و بجلی کی سپلائی ہونی چاہئے تاکہ روزہ داروں کو مشکلات کاسامنانہ کرناپڑے تاہم متعلقہ حکام فرائض کی انجام دہی میںناکام ہوچکے ہیں۔ انہوںنے انتباہ دیاکہ اگر یہی صورتحال رہی تو وہ سڑک بند کرکے انتظامیہ کے خلاف احتجاج کریںگے ۔
جوائنٹ ایکشن کمیٹی منجاکوٹ کا وفد ڈی سی سے ملاقی
راجوری //جوائنٹ ایکشن کمیٹی منجاکوٹ کے ایک وفد نے ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری سے ملاقات کرکے ان کے ساتھ منجاکوٹ میں ڈگری کالج کے قیام کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا ۔یہاں جاری پریس بیان کے مطابق کمیٹی ارکان نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حکومت نے مڑکیلئے کالج کو منظوری دی ہے لیکن اس بار بھی منجاکوٹ کو نظرانداز کردیاگیاہے جو بدقسمتی کی بات ہے ۔انہوںنے کہاکہ سب سے پہلے منجاکوٹ کالج کو منظوری ملنی چاہئے تھی تاہم اس علاقے کو نظرانداز کیاجارہاہے۔ ان کاکہناتھاکہ انہوںنے حکومت کی طرف سے اسی یقین دہانی پر اپنا دھرنا ختم کیاتھاکہ بہت جلد کالج کو منظوری دی جائے گی ۔ان کاکہناتھاکہ انہیں سڑک بند کرکے احتجاج کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں لیکن نوجوان نسل کے مستقبل کو بچانے کیلئے ایسا کرناپڑے گا۔
’ماحول بچائو زندگی بچائو ‘مہم شروع
راجوری //ماحولیات کے بگڑتے توازن کے بیچ انڈین کونسل فار انوائرن لیگل ایکشن چپٹرراجوری ، انٹرنیشنل ہیومن ڈیولپمنٹ فورم ، نیشنل پروگریسو یوتھ آرگنائزیشن اور غیر سرکاری تنظیم سنگھرش کی طرف سے ’ماحول بچائو زندگی بچائو‘کے نام سے مہم شروع کی گئی ہے ۔اس مہم کا افتتاحی پروگرام نیشنل پبلک ہائراسکینڈری سکول راجوری میں ہوا جس میں سماجی کارکن وکرانت شرما نے ماحولیات کے بگڑتے توازن پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے اس کے تحفظ پر زور دیا۔ انہوںنے کہاکہ ماحول بگڑ جانے کی وجہ سے سب سے زیادہ انسان متاثرہورہاہے ۔انہوںنے کہاکہ متحدہوکر ایسی کوششیں کی جانی چاہئیں تاکہ ماحول کو مزید تباہ ہونے سے بچایاجاسکے ۔آئی سی ای ایل اے کے ضلع کنوینئر کنوبڈیال نے کہاکہ بگڑتاجارہا ماحول انتہائی خطرناک ہے اور سبھی کی یہ ترجیح ہونی چاہئے اس کے تحفظ کے لئے اقدامات کئے جائیں ۔آئی ایچ ڈی ایف کی ضلع کوآرڈی نیٹر سنکیتا شرما نے بنی نو ع انسان کا وجود خطرہ میں ہے اور متعلقہ حکام کی طرف سے سب کچھ جانتے ہوئے بھی غفلت کا مظاہرہ کیاجارہاہے ۔اس موقعہ پر سونم شرما،پروفیسر حقیقت سنگھ ایشر و دیگرانکی طرف سے بھی خطاب کیاگیا ۔