تال میل کا فقدان ،پرائمری سکول گام 5روز تک بند رہا
ٹیچر انجمنوں کی طرف سے تحقیقات کا مطالبہ
محمد تسکین
بانہال // زونل ایجوکیشن دفتر رام بن میں افسروں کے درمیان تال میل کی کمی اور انتظامی بد نظمی کی وجہ سے نہ صرف ایک سکول محکمہ کی غلطی کی وجہ سے پانچ روز تک بند رہا بلکہ پرواز پروگرام کے تحت ٹریننگ کیلئے بلائے گئے اور یہاں سے دوسرے سکول میں اٹیچ کئے گئے دونوں ٹیچروں کی تنخواہ بند رکھی گئی ہے اور انہیں پانچ روز کے اندر اندر سکول بند رکھنے کی وجہ بیان کرنے کیلئے کہا گیا ہے۔محکمہ تعلیم زون رام بن کے اندر زونل اور پلاننگ افسر کی طرف سے متوازی انتظامیہ چلانے اور تال میل کی کمی کے خلاف آساتذہ کی انجمنوں کے کئی لیڈروں نے حیرت کا اظہار کیا ہے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ گورنمنٹ پرائمری سکول گام زون رام بن میں دو ٹیچر تعینات تھے اور کچھ وقت پہلے پلاننگ افسر نے ایک ٹیچر کو دوسرے سکول میں اٹیچ کیا جبکہ دوسرے واحد ٹیچر کو زونل پلاننگ افسر محکمہ تعلیم رام بن کی طرف سے ایک حکمنامہ نمبر ZEO/R/SSA/18/2067 مورخہ 28 مئی میں حکم دیا گیا کہ وہ 29 مئی سے سٹی مڈل سکول رام بن میں شروع ہونے والی پانچ روزہ ٹرینگ میں شرکت کرے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک ٹیچر کو اٹیچمنٹ اور ایک کو ٹرینگ پر لے جانے کے بعد سکول بند رہتا ہے اور عوامی شکایت کے بعد سکول بند رکھنے کی پاداش میں زونل ایجوکیشن افسر نے زیر حکم ZEO/R/SSA/18/2207 مورخہ 29 مئی کے تحت دونوں ٹیچروں کی تنخواہ بند رکھتے اور ٹرینگ پر بلائے گئے ہیڈ ٹیچر پردیپ سنگھ سے وجہ بتاؤ نوٹس جاری کی گئی ہے ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ زونل پلاننگ افسر پرائمری سکول گام کے ایک ٹیچر کو پہلے اٹیچ کرتے ہیں جبکہ دوسرے ٹیچر کو سرکاری ٹرینگ پر بلایا جاتا ہے اور اب زونل افسر نے ان ٹیچروں کے خلاف کاروائی کی ہے جو سرکاری حکم کی عمل آوری کررہے تھے۔ انہوں نے کہا زونل افسر کے اندر دو نوں افسروں کے درمیان تال میل اور ہم آہنگی کی زبردست کمی کی وجہ سے پرائمری سکول گام پانچ روز تک بند رہا جس کی وجہ سے یہاں زیر تعلیم بچوں اور یہاں تعینات دونوں ٹیچروں کو مصائب کا سامنا کرنے پر مجبور کیا گیا ہے۔ ضلع رام بن میں ٹیچروں کی بہبود کیلئے قائم انجمنوں نے اس واقع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ زونل اور پلاننگ افسر کے درمیان تال میل کی کمی کی وجہ سے زونل دفتر کے اندر متوازی انتظامیہ چلائی جارہی ہے اور اساتذہ کو افسروں کی آپسی چپقلش کی وجہ سے تختہ مشق بنایاجاتا ہے۔ انہوں نے پلانگ اور زونل افسروں کے اختیارات کا تعین کرنے کی اپیل کی ہے – انہوں نے تنخواہ بند رکھنے کے حکم کو کالعدم قرار دینے اور اس انتظامی بد نظمی کیلئے محکمہ تعلیم کے ریاستی وزیر سے تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ اساتذہ اور بچوں کو مزیدہراس نہ کیا جاسکے ۔
رام بن میں ٹریفک جام ایک معمول
لوگ گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسے رہتے ہیں
ایم ایم پرویز
رام بن //ٹریفک انتظامیہ کے غلط نظام اور پولیس سپاہیوں کی کم تعیناتی اور گاڑی مالکان کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی نے رام بن ضلع صدر مقام کوجہنم بنایا ہے کیونکہ قصبہ کے کورٹ روڈ،ہسپتال گیٹ،میتراکراسنگ ودیگرمقامات پر ٹریفک جام ا ب ایک معمو ل بن گیا ہے جسکی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات سے دو چار ہونا پڑتا ہے اور محکمہ ٹریفک کا عملہ اس سے نمٹنے میں ناکام رہا ہے۔قصبہ میں گاڑی مالکان ہمیشہ جلدی میں ہوتے ہیں اور ایسا لگ رہا ہے کہ قصبہ میں جس کی لاٹھی اُس کی بھینس کا قانون رائج ہے۔ قصبہ کے ایک پیدل چلنے والے راہ گیر نے بتایا کہ ٹاٹا سوموں اور میجک آٹووں کے ڈرائیور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے مرتکب ہوتے ہیں وہ اپنی گاڑیوں کو اپنی من مرضی کے حساب سے پارک کرتے ہیں۔قصبہ کے عوام نے بتایا کہ قصبہ میں کوئی جواب دہی اور شفافیت نہیں ہے جسکی وجہ سے ٹریفک کی صورت حال ابتر ہو تی جا رہی ہے۔انکا کہنا ہے کہ اگرچہ رام بن ایک چھوٹا قصبہ ہے تاہم لوگوں کو کورٹ روڈ، میترا کراسنگ، ہسپتال گیٹ و دیگ رمقامات پت معمول کے ٹریفک جام کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ان لوگوں کا کہنا تھا کہ گاڑی مالکان نے سڑکوں کو پارکنگ لاٹس میں تقسیم کیا ہے ۔بعض اوقات ایمبولنس بھی گھنٹوں جام میں پھنسی رہتی ہیں۔لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ افسراں بھی گھنٹوں جام میں پھنس جاتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ روکاوٹوں والی جگہوں پر ٹریفک عملہ کو معقول تعداد میں تعینات کیا جائے تاکہ لوگوں کو ٹریفک جام سے نجات مل سکے۔
بے سہارا کنبہ کے لئے عطیہ دینے کی اپیل
ایم ایم پرویز
رام بن //ضلع کے ایک مقامی چیرئیٹیبل ٹرسٹ کے سرپرست نذیر احمدملک نے موضع النباس تحصیل اکھڑال کے ایک بے سہارا کنبہ کے لئے عطیہ جمع کرنے کی اپیل کی ہے۔ یہ کنبہ چار بیٹیوں اور ایک مرد پر مشمل ہے ۔یہ چیریٹیبل ٹرسٹ موضع کے بے سہارا اور یتیموں کی فلاح اور انکی دیکھ ریکھ کے لئے مالی معاونت فراہم کرنے کے لئے تشکیل دیا گیا ہے۔انہوں نے النباس کے بے سہارا کنبہ کی مدد کے لئے لوگوں کو اپنا صدقہ اور زکواۃ یا خیرات جموں و کشمیر بینک برانچ پانچال ،اکھڑال ضلع رام بن میں کھاتہ نمبر 0143040100013870 میں جمع کرنے کی اپیل کی ہے۔یہ کھاتہ ٹرسٹ کی جانب سے عطیہ حاصل کرنے کے لئے کھولاگیا ہے۔
اشیائے خوردنی دکانداروں کی مرضی سے فروخت
سرکار کی جانب سے مقرر کردہ ریٹ لاگو نہ کرنے کا الزام
ایم ایم پرویز
رام بن //عام آدمی کو ضلع انتظامیہ نے حالات کے رحم و کرم پر چھوڑا ہے کیونکہ بازاروں میں سرکار کی جانب سے اشیاء پر مقرر کی گئی قیمتوں پر اشیاء فروخت نہیں کی جاتی ہے اسکے علاوہ اشیائے خوردنی میں ملاوٹ جاری ہے۔قصبہ بانہال، رام سو ،اکھڑال ،بٹوت ،گول ،چندر کوٹ اور رام بن کے مکینوں نے الزام لگایا ہے کہ سبزیوں اور پھلوں کے قیمت ایک دوکان سے دوسرے دوکان اور ایک ریہڑھی سے دوسری ریہڑھی تک الگ الگ ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک ہی اشیاء کے قیمت الگ الگ دوکانوں پر مختلف ہیں۔مکینوں نے الزام لگا یا ہے کہ ان کے علاقوں میںاشیائے خوردنی کی الگ الگ قیمتیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گوشت اور چکن کیلئے ضلع انتظامیہ کی جانب سے مقرر کئے گئے ریٹوں کا لاگو نہیں کیا جا تا ہے اور قصاب اور چکن فروش اپنی من مرضی کے نرخوں پر گوشت اور چکن فروخت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے حالات کو دیکھ کر لگ رہا ہے کہ انتظامیہ خواب غفلت میں سوئی ہے اور لوگوں کو منافع خوروں کے رحم و کرم پر چھوڑا گیا ہے۔
کشتواڑ میں افطار پارٹی
کا اہتمام
کشتواڑ//مغل میدان علاقہ اور ڈوڈہ کے گندنہ میں فوج کی جانب سے مقامی لوگوں کے ساتھ ماہ رمضان منانے کے لئے ایک افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔افطار پارٹی میں سماج کے تمام طبقہ اور مذاہنب کے لوگوں نے بڑے جوش و خروش سے شرکت کی۔افطار پارٹی میں 35سے زائد شخصیات نے شرکت کی، جن میںمذہبی رہنما، سرپنچ اور فوجی اہلکار شامل تھے۔مقامی لوگوں نے فوج کی جانب سے افطار پارٹی منعقد کرنے کی کافی ستائش کی اور کہا کہ ایسے ایوئینٹ سے ماہ رمضان کے دوران لوگوں کو ایک دوسرے کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے کا موقعہ فراہم ہوا ہے اور فوج کا ایسا پروگرام منعقد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
این ایچ ایم یونین کا عید الفطر سے قبل تنخواہ واگُذار کرنے کا مطالبہ
ڈوڈہ //این ا یچ ایم یونین نے ریاستی سرکار اور متعلقہ حُکام سے ضلع کے این سی ڈی سٹاف کی بقا یا تنخواہ عیدالفطر سے قبل واگُذار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔یونین کے ضلع صدر فیضان علی ترنبو نے کہا ہے کہ ضلع میں اینا یچ ایم کے تحت کام کر رہا این سی ڈی سٹاف گُذشتہ دو مہینوں سے تنخواہوں کے بغیر ہیںاور وہ ا ب بھکمری کے شکار ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عید اب قریب ہے اور انکے ساتھیوں کو یہ تہوار منانا اور اپنے اہل خانہ کے دیگر اخراجات پورے کرنا مشکل ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ ہماری بدولت ہی سرکار چلتی ہے اور ترقیاتی کام پایہ تکمیل کو پہنچ جاتے ہیں۔انہوں نے وزیر صحت ڈاکٹر ڈی کے منیال و دیگر متعلقہ افسروں کو این سی ڈی ملازمین کے تنخواہ جات فوری طور سے واگُذار کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ وہ بھی اپنے اہل خانہ کے ساتھ عید الفطر کی تقریب سعید خوشیوں کے ساتھ منائیں گے۔
کچلو کا ڈگری کالج کشتواڑ کیلئے پرنسپل تعینات کرنے کا مطالبہ
کشتواڑ//سینئر نیشنل کانفرنس لیڈر اور سابقہ وزیر سجاد احمد کچلو نے پی ڈی پی ۔بی ے پی کی مخلوط سرکار پر ضلع میں تعلیم کے ایک اہم شعبہ کو نظر انداز کرنے پر سخت تنقید کی ہے۔ ا نہوں نے کہا ہے کہ گورنمنٹ ڈگری کالج کشتواڑ ایک زندہ مثال ہے جو کہ گُذشتہ تین مہینوں سے بغیر پرنسپل کے ہے۔انہوں نے کہا کہ پرنسپل کی عدم موجودگی کی وجہ سے کالج کو کئی دیگر مسائل کا بھی سامنا ہے۔پرنسپل کی عدم موجودگی کی وجہ سے ابھی تک ڈرائینگ و ڈسبرسنگ کے اختیارات کسی کو نہیں دئے گئے ہیں جسکی وجہ سے کلاج کا سٹاف گُذشتہ کئی مہنوں سے تنخواہوں سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ کالج انتظامیہ نے ابھی تک ایڈمشن فیس بھی جموں یونیورسٹی کو نہیں پیش کیا ہے جنھوں نے حال ہی میں داخلہ لیا ہے۔کچلو نے پرنسپل کی تعیناتی میں ہوئے تاخیر پرتشویش کا اظہار کیا ہے۔کالج کے طلاب کے ایک وفد، جو کہا ن سے ملاقی ہوا، کو انہوں نے یقین دلایا کہ وہ یہ معاملہ متعلقہ حُکام کے ساتھ اُٹھائیں گے۔