پونچھ میں بارش سے موسم خوشگوار
عوام نے شدیدگرمی سے راحت کی سانس لی
حسین محتشم
پونچھ// ضلع پونچھ میںبارش کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جس کے سبب عوام نے شدید گرمی میں تھوڑی راحت کی سانس لی ہے ۔منگل کی دوپہر ایک بجے تک شدیدگرمی کے بعد پونچھ ضلع بھر میں موسلا دھار بارش ہوئی جس سے ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہو گیا ۔ضلع بھر میں موسلادھار بارش ہوئی اور تمام مقامات پرموسم نہایت خوشگوار ہوگیا۔تیز ہوائوں کے چلنے سے کئی مقامات پر درخت بھی گرآئے تاہم کسی طرح کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔ پونچھ کے عبدالغنی نے بتایا کہ ماہ مبارک کے دوران شدید گرمی کی وجہ سے روزہ داروں کوکئی طرح کی پریشانیاں درپیش تھیں اورخدا کا شکرہے کہ رحمت باراں ہوئی ہے جس سے ضلع بھر میں پائی جارہی پانی کی قلت کا مسئلہ کچھ حد تک حل ہوجائے گا۔
ڈی سی پونچھ غریب پرور افسر:سیول سوسائٹی مینڈھر
جا وید اقبال
مینڈھر//سیول سو سائٹی مینڈھر نے ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے کہاہے کہ ہمیشہ نظرانداز رہنے والے ضلع پونچھ کو ایک ایماندار اور قابل افسر دیاگیاہے ۔یاد گا ر مینڈھر میں ایک پر یس کا نفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امان اللہ چوہد ری،محمد صادق چوہدری، چوہد ری مجید، محمد خو رشید کھو کھر،ستیش چند ر شرما، دویندر کما ر ٹنڈن،بلر ام شرما، ایڈووکیٹ اخلاق چوہان، شارق خان وغیرہ نے کہاکہ ضلع تر قیا تی کمشنر پونچھ محمد اعجا ز اسد ایک دیانتدار ،ہونہار، منصف مزاج ہونے کے علاوہ وہ فرزند وطن بھی ہیں جس وجہ سے انہیں اپنے علاقہ کی عوام سے ہمدردی ہے جسے اس سے قبل ہمیشہ کے لیئے نظر انداز کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ اعجاز اسد نے دو ماہ کے قلیل عرصہ میں بہت سے ترقیاتی کام انجام دیئے جن میںسڑکوں کی مرمت،تال کول بچھانا،نئے مسافر خانے،بیت الخلائوں کی تعمیر،پارکوں کی خوبصورتی کو بڑھانے کیلئے اقدامات ،بجلی وپانی کی سپلائی میں بہتری قابل ذکر ہیں۔انہوںنے کہاکہ موصوف نے جگہ جگہ عوامی دربار منعقد کرکے عوامی مسائل موقعہ پر ہی حل کئے اور وہ دلی ہمدردی سے کام کررہے ہیں۔ان کاکہناتھاکہ انتظامیہ کو متحرک کرنے اور عوامی سہولیات کی فراہمی کیلئے انہوںنے رات کے دو بجے بھی مختلف مقامات پر چھاپے مار ے ۔ان کاکہناتھاکہ ایک غریب پرور افسر کی کارکردگی کو برداشت نہ کرتے ہوئے ان عناصر نے ان کے خلاف محاذ کھڑا کرنے کی کوشش کی جنہیں اپنے مفادات سے زیادہ کچھ بھی دکھائی نہیں دیتا۔انہوںنے کہاکہ دراصل یہ لوگ یہ نہیں چاہتے کہ غریب لوگوں تک ان کا حق پہنچے کیوںکہ اس سے ان کی اپنی پوزیشن کمزور پڑجائے گی اوراسی لئے انہوںنے ڈپٹی کمشنر کے خلاف الزامات عائد کئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ڈپٹی کمشنر پونچھ کو ان عناصر کی پرواہ نہ کرتے ہوئے منصفانہ مزاج کو قائم رکھ کراپنا کام بنا کسی ہچکچاہٹ کے جاری رکھناچاہئے اور ضلع بھر کے عوام ان کے ساتھ ہیں۔ان کاکہناتھا کہ یہ خوش قسمتی ہے کہ پہلی مرتبہ مقامی آئی اے ایس آفیسر اعجاز اسد کی صورت میں ملا ہے اور ان کو عوام کی طرف سے بھرپور حمایت حاصل ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ایسے افسر کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے ۔
وزیر سیاحت کا منڈی دورہ
ضلع اور گرلز ہائر سکنڈری سکول کا معائنہ، لورن نندی چھول کاجائزہ لیا
عشرت حسین بٹ
منڈی// وزیر سیاحت تصدق مفتی نے منگل کو سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کا دورہ کر کے منڈی میں چل رہے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے سب ضلع اسپتال منڈی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اسپتال کی نئی عمارت کے چل رہے کام کاج کا جائزہ لیا۔ اس موقعہ پر انہوں نے اسپتال کی عمارت میں چل رہے کام کاج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ تعمیرات عامہ کے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسپتال کی عمارت کو محکمہ صحت کے حوالے کریں تاکہ عام لوگوں کو راحت مل سکے ۔دورے کے دوران انہوں نے گرلز ہائر سکنڈری منڈی کا بھی معائنہ کیا جہاں پر انہوں نے سکول انتظامیہ اور طلبا کو درپیش مسائل کی جانکاری حاصل کی اور طالبات سے تعلیمی میدان کے حوالے سے گفتگو کی ۔اس موقعہ پر طالبات نے وزیر موصوف کو سکول میں بچوں کے بیٹھنے کے نے کیلئے جگہ کم ہونے کے حوالے سے بتایا جس پر تصدق مفتی نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے سکول کے لئے مزید جگہ کی نشاندہی کے لئے احکامات صادرکئے۔ بعد ازآں انہوں نے لورن میں محکمہ سیاحت کی جانب سے بنائی گئی عمارت کا دورہ بھی کیا اور لورن میں موجود مشہور و معروف سیاحتی مقام نندی چھول میں چار کلو میٹر پیدل سفر طے کر کے قدرتی آبشار کا جائزہ لیا۔ اس دوران ان کے ہمراہ ممبر اسمبلی پونچھ شاہ محمد تانترے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد محکمہ تعمیرات عامہ کے ایگزیکٹو انجینئر کے علاوہ پولیس اور سیول انتظامیہ کے افسران موجود تھے۔
تصدق مفتی محکمہ صحت کے افسران پر برس پڑے
عشرت حسین بٹ
منڈی// ریاستی وزیر برائے سیاحت تصدق مفتی اپنے منڈی دورے کے دوران سب ضلع اسپتال میں چیف میڈیکل افسر پونچھ اور بلاک میڈیکل افسر منڈی پر برس پڑے۔ذرائع کے مطابق ریاستی وزیر برائے سیاحت تصدق حسین مفتی ضلع پونچھ کے اپنے دورے کے دوران سب ضلع اسپتال منڈی میں بنی نئی عمارت کے معائنہ کے لئے گئے جس دوران انہوں نے اسپتال کی نئی عمارت کے اردگرد کافی کوڑا کرکٹ دیکھا جس پر انہوں نے چیف میڈیکل افسر پونچھ اور بلاک میڈیکل افسر منڈی کو کھری کھری سنائیں۔وزیر موصوف نے افسران سے کہا کہ اسپتال کے ارد گرد اس کوڑا کرکٹ کی وجہ سے بیماریاں پھیل سکتی ہیں ۔وہیںاسپتال ذرائع نے بتایاکہ اسپتال میں محض ایک صفائی کرمچاری تعینات ہے ۔
سرنکوٹ میں کئی مڈل اور پرائمری اسکول مقفل
بختیار حسین
سرنکوٹ//رہبر تعلیم اساتذہ کی ہڑتال کی وجہ سے سرنکوٹ کے کئی مڈل اور پرائمری سکول مقفل رہے ۔ریاست بھر کی طرح زون سرنکوٹ میں بھی اساتذہ کی ہڑتال کا اثر دیکھا گیا جہاں کئی سرکاری تعلیمی ادارے مکمل طور پر بند رہے ۔سکو ل بند رہنے پر مقامی لوگوںنے برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ حکومت اساتذہ کے معاملات حل کرنے کیلئے سنجیدہ نہیں اور اسی وجہ سے نوبت یہاںتک پہنچی ہے تاہم اس کا خمیازہ غریب کے بچے کو بھگتناپڑرہاہے ۔انہوں نے کہا کہ سیاسی لیڈران کا رویہ الیکشن کے وقت کچھ اور ہوتا ہے اور الیکشن کے بعد وہ اپنا رنگ او رہی رنگ دکھاتے ہیں۔ان کاکہناتھاکہ رہبر تعلیم اساتذہ کے مسائل حل کئے جائیں تاکہ وہ کام پر لو ٹ سکیں اور بچوں کی پڑھائی باربار متاثر نہ ہونے پائے ۔
ذوالفقار کی ڈی جی بی آر او سے ملاقات
راجوری میں زیر تعمیر بی آر او پروجیکٹ دو سال میںمکمل کرنے کی یقین دہانی
نئی دہلی//سکولی تعلیم ، حج و اوقاف اور امور قبائل کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے ڈائریکٹر جنرل بارڈر روڈ آرگنائیزیشن لیفٹنٹ جنرل ہرپال سنگھ سے ملاقات کی ۔ میٹنگ کے دوران وزیر نے پہاڑی ضلع میں کئی سڑک پروجیکٹوں پر جاری کام پر سیر حاصل بحث کی ۔ وزیر نے راجوری ۔ کنڈی بدھل سڑک پر جاری کام میں سرعت لانے پر زور دیا اور ستمبر 2019 تک مکمل کرنے کی تاکید کی ۔ میٹنگ کے دوران 53 کلو میٹر لمبی راجوری ۔ تھنہ منڈی بفلیاز سڑک جسے مغل روڈ کے ساتھ جوڑنے کی تجویز تھی پر غور و خوض کیا گیا ۔ وزیر نے چنگس راجوری سڑک کی مرمت کے کام کے بارے میں بھی ڈی جی کے ساتھ بات چیت کی ۔ انہیں بتایا گیا کہ اس سڑک کا کام دو ماہ کے اندر مکمل ہو گا ۔ میٹنگ میں کرنل اودھے نین سنگھ ، کمانڈر 31بی آر ٹی ایف ، اے ڈی سی راجوری اور اے سی ( ڈیفنس ) نے شرکت کی ۔
مینڈھر میں باران رحمت سے راحت
جاوید اقبال
مینڈھر //شدت کی گرمی اور پانی کے بحران کے بیچ مینڈھر میں موسلادھار بارش سے لوگوںنے کچھ حد تک راحت پائی ہے ۔منگل کی سہ پہر تیزہوائوں اور آندھی کے ساتھ بارش ہوئی جس دوران کئی جگہوں پر درخت گر پڑے اور بجلی کے کھمبے بھی زمیں بوس ہوئے جس سے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچاہے البتہ کسی طرح کا کوئی جانی نقصان نہیںہوا۔کئی علاقوں میں بجلی سپلائی بند ہوگئی اور نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا تاہم لوگوںنے اس بات پر راحت کی سانس لی کہ ندی نالوںمیں پانی آگیاہے ۔یہ بارش ایسے وقت میں ہوئی ہے جب مینڈھر میں پانی کاشدید بحران پایاجارہاہے اور پانی کی عدم دستیابی پر روز انہ کی بنیاد پر احتجاج ہورہے ہیں۔
راجوری پونچھ میں ماحولیات کا دن منایاگیا
راجوری//یوم ماحولیات پر راجوری اور پونچھ میں متعددپروگرام منعقد ہوئے۔اس سلسلہ میں ایک پروگرام ہمالین کالج آف ایجوکیشن میں منعقد ہواجس کی اہتمام ہمالین کالج کے ایکو کلب کی طرف سے کیاگیاتھا۔اس موقعہ پر ہمالین ایکوکلب کے ارکان نے طلبااور اساتذہ و مقامی لوگوں کے ساتھ ایسے اقدامات پر تبادلہ خیال کیاجس سے ماحول کو تحفظ فراہم کیاجاسکے۔انہوں نے اس بات پر زور دیاکہ پلاسٹک کااستعمال بند کیاجائے۔اس دوران ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔اسی طرح کا ایک پروگرام ضلع ہسپتال راجوری میں بھی ہوا جس کی قیادت میڈیکل سپرانٹندنٹ ڈاکٹر محمود بجاڑ نے کی۔دریں اثنا فوج کی طرف سے بھی متعدد مقامات پر تقاریب منعقد کرکے یہ دن منایاگیا۔
’ماحول بچائو۔زندگی بچائو‘پر ریلی نکالی گئی
راجوری //ماحولیات کے بگڑتے توازن کے بیچ انڈین کونسل فار انوائرن لیگلایکشن چپٹرراجوری ، انٹرنیشنل ہیومن ڈیولپمنٹ فورم ، نیشنل پروگریسو یوتھآرگنائزیشن اور غیر سرکاری تنظیم سنگھرش کی طرف سے ’ماحول بچاؤ زندگی بچاؤ‘کے نام سے مہم شروع کی گئی ہے جس کے تحت پنجہ چوک سے ڈی ایف او دفتر تک ایک ریلی نکالی گئی جس میں سینکڑوں طلبا نے شرکت کی۔ریلی کے اختتام پر ماحولیات کے تحفظ کی مناسبت سے ایک میمورنڈم ڈی ایف اومشتاق چوہدری کو پیش کیاگیا۔واضح رہے کہ اس مہم کا افتتاحی پروگرام گزشتہ روز ہواتھا۔مہم کا مقصد لوگوں کو ماحولیات کے تحفظ کے بارے میں بیدار کرنا اور ان تک جانکاری عام کرناہے۔