سکول کا درجہ نہ بڑھانے پر احتجاج
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈیویژن کی قلعہ درہال تحصیل کے لوگوں نے ہائی سکول قلعہ درہال کا درجہ نہ بڑھائے جانے کے خلاف دو گھنٹے تک سڑک کو گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند کرتے ہوئے احتجاج کیا ۔ قلعہ درہال و گردونواح کے لوگوں نے بڑی تعداد میں قلعہ درہال تانوشہرہ سڑک پر جمع ہوکر حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ۔وہ مانگ کررہے تھے کہ ہائی سکول قلعہ درہال کا درجہ بڑھاکر اسے ہائراسکینڈری سکول بنایاجائے ۔ اس موقعہ پر سابق سرپنچ پرمجیت سنگھ، راجندر سنگھ،میاں خان، نانک چندوغیرہ نے حکومت کی کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ یہ سکول درجہ بڑھانے کا حقدار تھا جس کو نظرانداز کرنے کی پالیسی سمجھ سے بالاتر ہے ۔
ایس ڈی ایم مینڈھر نے عید انتظامات کا جائز ہ لیا
جاوید اقبال
مینڈھر//ایس ڈی ایم مینڈھر ڈاکٹر تنویر احمد خان نے تحصیل کمپلیکس مینڈھر میں ایک میٹنگ طلب کی جس میںتحصیل آفیسران کے علاوہ علمائے کرام اور معززین مینڈھر نے بھی شرکت کی۔اس موقعہ پر ایس ڈی ایم مینڈھر نے شب قدر اور عید الفطر کے تہوار کے سلسلہ میں تحصیل ملازمین سے تفصیلاً بات چیت کرکے انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقعہ پر انہوں نے بجلی وپانی جیسی اہم سہولیات کے لئے آفیسران سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شب قدر اور عید الفطر کے موقعہ پر تمام بنیادی سہولیات فراہم ہونی چاہیے تاکہ ان اہم تہواروں پر لوگوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ خاص کر افطاری ،عبادت کے دوران اور سحری کے وقت بجلی دستیاب ہونی چاہیے۔انہوں نے محکمہ پی ایچ ای کے آفیسران کو ہدایت دی کہ پانی کی سپلائی کو یقینی بنایاجائے ۔اس دوران پولیس سے سیکورٹی انتظامات بھی زیر بحث لائے ۔انہوں نے پولیس کو گاڑیوں کا بھی بندو بست کرنے کے لئے کہا ۔ان کاکہناتھاکہ محکمہ صحت کے افسران تمام تر انتظامات کریں اور ایمبولینس گاڑیاںاور ادویات دستیاب رکھی جائیں ۔ایس ڈی ایم نے محکمہ دیہی ترقی کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ قصبہ میں صفائی و ستھرائی کا خیال رکھاجائے ۔انہوںنے کہاکہ بازار کی چیکنگ کرکے قیمتیں اعتدال پر رکھی جائیں اور ناجائز منافع خوری پر قدغن لگائی جائے۔انہوں نے گیس اور راشن کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے کہاکہ ضرورت کی ہر شے دستیاب رکھی جائے ۔اس دوران لوگوںنے ایس ڈی ایم سے شکایت کی کہ انہیں راشن اور چینی وقت پر نہیں ملتی اور ڈیلر ٹال مٹول سے کام کرتے ہیں۔اس موقعہ پر ایس ڈی پی او مینڈھر،بی ایم او مینڈھر،ٹی ایس او مینڈھر،بی ڈی او مینڈھر اور کئی متعلقہ کے آفیسران اور بیوپار منڈل کے ارکان بھی موجو دتھے ۔
نریگا ملازمین ایڈمنسٹریٹو محکمہ پر برہم
حکمنامہ کو مستقبل سے کھلواڑ قرار دیا،ریاست گیر احتجاج کا انتباہ
حسین محتشم
پونچھ //ایم جی نریگا کے تحت کام کرنے والے ملازمین نے ایڈمنسٹریٹو ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری ایک حکم نامے پر سخت برہمی کا اظہارکرتے ہوئے زبردست احتجاج کرنے اور عدالت کارخ اختیا رکرنے کا انتباہ دیاہے۔نریگا یونین کی طرف سے اخبارات کے نام جاری ایک بیان کے مطابق محکمہ کی انچارج سیکریٹری کی طرف سے ایک حکم نامہ جاری کیاگیاہے جس میں بتایاگیاکہ نریگا ملازمین کی ملازمت میں ہر سال کے بعد توسیع ان کی کارکردگی کی بنیاد پر ہوگی جو ان کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس حکم نامے نے چند برس قبل جاری ہوئے اْس حکم نامے کی ہیئت کو بھی تبدیل کردیاہے جس میں کہا گیا تھا کہ توسیع کا عمل خود بخود انجام پائے گا۔نریگا یونین کاکہناہے کہ وہ پچھلے دس دس برسوں سے محکمہ میں کام کررہے ہیں اور ان کی وجہ سے ریاست کا نام نریگا کے میدان میں پورے ملک میں روشن ہے لیکن کوئی جاب پالیسی مرتب کرکے ان کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے بجائے ایڈمنسٹریٹو محکمہ کی طرف سے ان کو اس عارضی ملازمت سے ہی فارغ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ان کاکہناہے کہ اس حکمنامے کے مطابق یہ بلاک ڈیولپمنٹ آفیسران پر منحصر ہوگاکہ کس ملازم کو توسیع ملے گی اور کس کو نہیں۔انہوں نے الزام عائد کیاکہ یہ انہیں خاموش کرنے کے مقصد سے حراساں کرنے کی ایک کوشش ہے تاکہ ہمیں اپنے مطالبات سے دستبردار ہونے پر مجبور کیاجائیکیونکہ حکام نے جنوری میں جموں میں کی گئی ہڑتال کے دوران یہ یقین دلایاتھاکہ اگر وہ زمینی سطح پر کام میں مزید بہتری دکھائیں گے تو ان کے تمام مطالبات پورے کئے جائیں گے جس کے بعد انہوں نے محنت اور لگن سے کام کرتے ہوئے انہوں نے نمایاں کارکردگی پیش کی تاہم مطالبات پورے کرنے کے بعداب ان سے کارکردگی رپورٹ مانگی جارہی ہے جوافسوسناک بات ہے۔نریگا یونین کاکہناہے کہ انہیں کام چھوڑ کر احتجاج کرنے کیلئے مجبور کیاجارہاہے اور اگر اس حکمنامے کومنسوخ نہیں کیاگیا تو وہ نہ صرف ریاست گیر احتجاج کریں گے بلکہ عدالت کا رخ بھی کریں گے۔انہوں نے کہاکہ اس حکمنامہ پر پانچ ہزار نریگا ملازمین خاموش نہیں بیٹھیں گے اور نہ ہی وہ اتنے برسوں تک محنت سے کام کرنے کے بعد اپنے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ ہونے دیں گے۔انہوں نے محکمہ کے وزیر سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلے میں ذاتی طور پر مداخلت کریں اور حکمنامہ واپس کیاجائے نہیں تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔نریگا ایسو سی ایشن جموں کے ترجمان اعلیٰ طارق زارا نے کہاکہ یہ مستقبل کے ساتھ کھلواڑ ہے جس پر وہ خاموش نہیں بیٹھیں گے اور احتجاج کا راستہ اختیا رکیاجائے گا۔
مشتاق بخاری کی نامزدگی کا خیر مقدم
بختیار حسین
سرنکوٹ// یوتھ نیشنل کانفرنس کی جانب سے ایک میٹنگ منعقد کی گئی جسکی صدارت یوتھ صوبائی جوائنٹ سیکریٹری طاہر مرزا نے کی ۔میٹنگ میں صوبائی یوتھ نائب صدرشیراز ملک ودیگر کارکنان بھی موجو دتھے ۔اس موقعہ پر انہوں نے سید مشتاق بخاری کو پارٹی قیادت کی طرف سے ریاستی سیکریٹری و راجوری پونچھ کا انچارج بنانے کے فیصلے کی سراہنا کرتے ہوئے اس کا خیر مقدم کیا ۔انہوںنے کہاکہ اس فیصلے سے پارٹی زمینی سطح پر مضبو ط ہوگی ۔انہوںنے پارٹی قیادت کا شکریہ اد اکرتے ہوئے مشتاق بخاری کو مبارکباد پیش کی ۔میٹنگ میں بلاک صدور،سیکریٹریز اورنائب صدور بھی موجو دتھے۔
پردیپ شرما کی قیادت میں سمپرک سمرتھن آ بھیانک چلایا گیا
حسین محتشم
پونچھ // ایم ایل سی پردیپ شرما کی قیادت میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے سمپرک سمرتھن ابھیان کے تحت مہم چلائی گئی۔ اس مہم کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما اور کارکنوں ڈاکٹر سبھاش رینا ریٹائرڈ ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ صحت سروسز،ان کی اہلیہ ڈاکٹر سنجوگتاکپور ، شمبھو ناتھ پدم شری ایوارڈ، مولانا فاروق مصباحی امام جمعہ وجماعت مرکزی جامع مسجد پونچھ، فاروق بانڈے ریٹائرڈ سپرنٹنڈنگ انجینئر، سردار پریت سنگھ جوائنٹ ڈائریکٹر محکمہ تعلیم، ڈاکٹر ایس ڈی شرما ریٹائرڈ پرنسپل ڈگری کالج، محمد زمان صدر بار ایسوسی ایشن پونچھ کی رہائش گاہوں پر پہنچے اور انہیں اس اسکیم کے بارے میں جانکاری فراہم کی۔انہوں نے ان تمام شخصیات سے اپیل کہ کہ وہ اس اسکیم کے متعلق عوام میں بیداری لانے کے سلسلے میں ان کا تعاون کریں۔ واضح رہے کہ اس اسکیم کی جانکاری پردیپ شرما کی قیادت میں میں دوسری پارٹیوں کے لیڈروں کو بھی دی گئی۔
کھڑی کرماڑہ میں بجلی کی آنکھ مچولی
حسین محتشم
پونچھ//محکمہ بجلی کی ناقص کارکردگی کے باعث پونچھ کے سرحدی علاقہ کھڑی کرماڑہ میں لوڈشیڈنگ روز کا معمول بن گیا ہے جس پر مقامی لوگ حکام کے خلاف برہم ہیں۔ اس سلسلہ میں چوہدری فضل بڈھانہ نے الزام لگایا کہ محکمہ بجلی کے حکام جان بوجھ کربجلی بند کر کے علاقہ میں صارفین کو پریشان کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس کی سب سے بڑی سزا ان ماہ صیام میں روزہ دوروں کو بھگتنی پڑ رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی آنکھ مچولی اور بجلی کے بند رہنے کا عمل ماہانہ بجلی فیس ادا کرنے والے صارفین بجلی کے جیبوں پر بھاری پڑ رہاہے۔ موصوف نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کی وجہ سے شام اور صبح کے وقت لوگوں کو گھپ اندھیروں میں ہی رہنا پڑتا ہے۔ انہوں نے محکمہ بجلی کی ناقص کارکردگی پر محکمہ بجلی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ بجلی کے ملازمین اور انجینئروں کی اپنے فرض کے تئیں برتی جانے والی غفلت کی وجہ سے ضلع پونچھ کے درجنوں دیہات کئی کئی روز تک بجلی سے محروم رہتے ہیں اور محکمہ کی لاپرواہی کا عالم یہ کہ پونچھ قصبہ میں بجلی کی آنکھ مچولی عوام کے لئے درد سر بنی ہوئی ہے۔
منجاکوٹ میں تیل خاکی کی شدید قلت
پرویز خان
منجاکوٹ //رمضان المبارک میں بھی تیل خاکی کی قلت پائی جارہی ہے جس پر منجاکوٹ کے لوگ برہم ہیں۔ضلع راجوری کی کئی تحصیلوں میں تیل خاکی کی قلت پرلوگوں کو مشکلات کاسامناہے۔تحصیل منجاکوٹ کے دوردراز علاقوں میں بھی تیل کی سخت قلت پائی جا رہی ہے۔منجاکوٹ کے دیہی علاقوں میں آج بھی لوگ لالٹین وغیرہ کا استعمال کرتے ہیں جس کیلئے انہیں تیل کی ضرورت پڑتی ہے لیکن وہ فراہم ہی نہیں کیاجارہا۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ اس سرحدی علاقے میں تیل خاکی کی فراہمی بھی نہ ہونا حکومت کیلئے شرم کی بات ہے ۔ انہوںنے الزام عائد کیاکہ اس بات کی تحقیقات کی جانی چاہئے کہ صارفین پر آنے والا تیل کہاں جاتاہے اور کہیں اس کا استعمال گاڑیوں میں تو نہیں ہورہا۔انہوںنے کہاکہ تیل کی کالابازاری کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
پی ایچ ای پائپیں چوری کا الزام
متعدد افراد کے خلاف کیس درج
سمت بھارگو
راجوری //پولیس نے تھنہ منڈی کے کھبلاں علاقے سے تعلق رکھنے والے چند افراد کے خلاف کیس درج کیاہے جن پر پی ایچ ای کی پائپیں چوری کرنے کا الزام ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق کچھ دن قبل کھبلاں علاقے میں پانی کی پائپیں چوری ہوگئیں جس کی ویڈیو بھی سماجی روابط کی سائٹ پر وائرل ہوئی ۔اس واقعہ کے بعد پی ایچ ای محکمہ کی طر ف سے پولیس تھانہ تھنہ منڈی میں شکایت درج کروائی گئی جس پر کیس درج کیاگیاہے۔پولیس کے ایک افسر نے بتایاکہ پی ایچ ای محکمہ کی طرف سے شکایت موصول ہونے کے بعدعوامی جائداد کو نقصان پہنچانے پر ایف آئی آر زیر نمبر 96/2018زیر دفعہ 379کا کیس درج کیاگیاہے اور تحقیقات جاری ہے۔ انہوںنے کہاکہ جلد ملوثین کو کو کیفر کردار تک پہنچایاجائے گا۔
فوج پرمحکمہ جنگلات کے افسر کی پٹائی کا الزام
جاوید اقبال
مینڈھ//بالاکوٹ کے علاقہ ہمیر پور میں فوج نے مبینہ طور پر بلاک فاریسٹ آفیسرناڑ بلاک کی کسی بات پر پٹائی کردی ۔ذرائع کے مطابق ہمیر پور علاقہ میں فوج جنگل سے سڑک نکال رہی تھی کہ جنگلات کے آفیسران موقعہ پر پہنچ گئے اور انہوں نے فوج کو گاڑی بند کرکے سڑک نکالنے کے لئے منع کیا جس پر فوج نے نہ مانتے ہوئے متعلقہ بلاک فاریسٹ آفیسر محمد اسحاق کو پکڑکر اس کی پٹائی کی اوراس کے بعد اسے وہیں پھینک دیا۔ مقامی لوگوں اور فاریسٹ گارڈ کا کہنا ہے کہ فوج نے فاریسٹر کی مارپٹائی کرنے کے بعد اسے جنگل میں پھینک دیا جہاں سے مقامی لوگوں نے اس کواٹھا کر سب ضلع ہسپتال مینڈھر منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے بنیادی علاج و معالجہ کرنے کے بعد اس کو بہتر علاج کے لئے ضلع ہسپتال راجوری منتقل کر دیا ہے۔اس سلسلے میں یک درخواست پولیس تھانہ گورسائی میں دی گئی ہے ۔بلاک فاریسٹ آفیسر کا کہنا ہے کہ انہوں نے جب سڑک بند کرنے کے لئے کہا توفوج نے گالی گلوچ کی اور اسے گھسیٹ کر کیمپ اندر لیجایاگیاجہاں بری طرح سے مار پیٹ کی گئی اوراس کے بعد اسے جنگل میں پھینک دیاگیاجہاںسے اٹھاکرمقامی لوگوںنے ہسپتال پہنچایاگیا۔ایس ڈی پی او مینڈھر نے اس حوالے سے کہاکہ پولیس اس سلسلے میں تحقیقات کرے گی ۔