شجاعت بخاری کی ہلاکت کی مذمت
بٹوالس انڈیاکا مرحوم کوخراج پیش
جموں//بٹوالس انڈیا(سماجی تنظیم ) نے معروف صحافی شجاعت بخاری کی ہلاکت کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے۔یہاں جاری ایک پریس بیان کے مطابق بٹوالس انڈیانامی سماجی تنظیم کاایک اجلاس تنظیم کے جنرل سیکریٹری آرایل کیتھ کی صدارت میں منعقدہوا۔اس دوران مقررین نے رائز نگ کشمیرکے مدیروسینئرصحافی شجاعت بخاری کی ہلاکت کی شدیدمذمت کرتے ہوئے گہرے رنج ودُکھ کااظہارکیا۔اس موقعہ پرنائب سرپنچ رام لال لکھوترہ نے کہاکہ شجاعت بخاری کشمیرمیں امن بحالی کے خواہاں تھے۔انہوں نے کہاکہ ہم مرحوم کے لواحقین کے غم میں برابرشریک ہیں۔اس دوران مقررین نے مرحوم کے روح کی تسکین کے بھی دعاکی۔اس کے علاوہ وکاس گرونگ میں فوجی جوانوں کی ہلاکت جب نوشہرہ سیکٹرمیں فوجی جوان ایل اوسی پرگشت کررہے تھے پرتشویش کااظہارکیااورپاکستان کوسبق سکھانے پرزوردیا۔ اس دوران میٹنگ میں ایڈوکیٹ ششی کمارکیتھ، رام اوتار، راکیش کمار، للت کمار، راجندرکمار، شالوکمار، نکھل بھاردواج، ساحل کمار، پریتم لال، راج کمار، جسبیرکمار، سنجوسنگھ، لکی کماراوروجے کمارشامل تھے۔
عالمی یوم یوگاتقریبات
اے ڈی سی جموں نے انتظامات کاجائزہ لیا
جموں//عالمی یوم یوگاتقریبات کے سلسلے میںانتظامات کاجائزہ لینے کیلئے ایڈیشنل ڈیولپمنٹ کمشنر(اے ڈی سی)جموں ارون منہاس کی صدارت میں ضلع آفیسران کاایک اجلاس منعقدہواجس میں عالمی یوم یوگاتقریبات کے خوش اسلوبی سے انعقاد کے تناظرمیں تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔اس دوران بیٹھنے کے انتظامات ،ایڈنگ، پینے کے پانی، بجلی سپلائی،صفائی ستھرائی،فرسٹ ایڈ ،میڈی کیئرسینی ٹیشن ،سینی ٹیشن ،سیکورٹی ،ٹرانسپورٹ اینڈ ٹریفک ریگولیشن کے بارے میں غوروخوض کیاگیا۔ا س موقعہ پراے ڈی سے تمام متعلقہ محکموں کوہدایات دیں کہ وہ آپسی تال میل کوبہتربناکر انتظامات کووقت مقررہ کے اندریقینی بنائیں۔اس موقعہ پر معززشخصیات کے لیے سیٹنگ کے بہترانتظامات کویقینی بنانے کیلئے سختی سے ہدایات جاری کی گئیں۔
پی اے سی کاتعزیتی اجلاس منعقد
شجاعت بخاری کے قتل کی مذمت کی
سرینگر/جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کی میٹنگ یہاں ایم ایل اے علی محمد ساگر کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ اجلاس میں کمیٹی نے معروف صحافی اور رائزنگ کشمیر کے ایڈیٹر اِن چیف شجاعت بخاری کی بہیمانہ ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے تعزیت کا اظہار کیا اور ان کے احترام میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔اجلاس میں ارکان قانون سازیہ محمد یوسف تاریگامی ،اصغر علی کربلائی ، رنبیر سنگھ پٹھانیہ ،عبدالمجید لارمی اور محمد خورشید عالم موجود تھے۔اجلاس میں مختلف محکموں سے متعلق سی اے جیز کے آڈِٹ پیر ا کے علاوہ کمیٹی کی آئندہ میٹنگوں کے بارے لائحہ عمل پربھی بحث ہوئی۔کمیٹی نے چیف سیکرٹری اور جنرل ایڈمنسٹریٹر ڈیپارٹمنٹ کومختلف محکموں کو سرکیولر جاری کرنے کی ہدایت دی تاکہ وہ اسمبلی سیکرٹریٹ میں مقررہ مدت کے اندر جوابات پیش کرے ۔کمیٹی نے اے جی آڈِٹ کو ہدایت دی کہ چیئرمین اور ممبران کی سہولیت کے لئے وہ جواب ترتیب وار طریقے سے پیش کریں۔کمیٹی نے سیکرٹری اسمبلی کو ہدایت دی کہ وہ مختلف محکموں کی جانب سے پیش کئے گئے جوابات کو ممبران کی ای میل ایڈریس پر ڈالیں۔میٹنگ میں سیکرٹری اسمبلی آر ایل شرماکے علاوہ اسمبلی سیکرٹریٹ کے دیگر افسران اور اہلکار موجود تھے۔
نائب وزیر اعلیٰ کا سیکاپ دفترکا اچانک معائینہ
جموں/ نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا جو صنعت و حرفت کے وزیر بھی ہیں ، نے گنگیال میں سیکاپ دفتر کا اچانک معائنہ کیا اور محکمہ کے مختلف شاخوں کا دورہ کیا ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے محکمہ کے اعلیٰ افسران کے ساتھ بات چیت کی اور اُن سے اُن کی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے ملازمین کی حاضری رجسٹر چیک کی اور ملازموں پر زور دیا کہ وہ باقاعدگی کے ساتھ اپنے فرایض انجام دینے کے علاوہ محکمہ میں صحت و صفائی قایم رکھنے کو یقینی بنائیں ۔ بعد میں کویندر گپتا نے ماربل مارکیٹ سے چھنی ہمت تک جانے والی سڑک کا افتتاح کیا ۔ حکومت کے اس عزم کو دوہراتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ موجودہ مخلوط سرکار ریاست کے لوگوں کو بنیادی سہولیات کے علاوہ تمام بنیادی ڈھانچوں کی سہولیات فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے ۔ اس موقعہ پر نائب وزیر اعلیٰ نے مختلف سکیموں کے تحت التوا میں پڑے کاموں کا جائیزہ لیا اور متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ افرادی و مشینی قوت کو بروئے کار لاتے ہوئے ان کاموں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کریں ۔
’’ ون مہااتسو ‘‘ تقریبات
جسروٹیہ نے انتظامات کا جائیزہ لیا
جموں/ جنگلات و ماحولیات کے وزیر راجیو جسروٹیہ نے اگلے مہینے منعقد کئے جانے والے 70 ویں ون مہااتسو تقریبات کے سلسلے میں کئے جا رہے انتظامات کا جائیزہ لیا ۔ پی سی سی ایف منوج پنت و محکمہ جنگلات کے اعلیٰ افسران میٹنگ میں موجود تھے ۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے جسروٹیہ نے کہا کہ سرِ زمین پر زندگی کو قایم و دایم رکھنے کیلئے جنگلات کی زبردست افادیت ہے اور زرعی پیداوار میں اضافہ کرنے کیلئے بھی جنگلات کا اہم رول ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم مون سون کے دوران بڑے پیمانے پر شجر کاری میں حصہ لیں ۔ جس کیلئے محکمہ جنگلات لوگوں کو پودے فراہم کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس سال ون مہااتسو کے دوران 12 لاکھ پودے لگائے جائیں گے ۔
ریاست کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں پنہاں: ذوالفقار
جموں/ سکولی تعلیم ، حج و اوقاف اور امور قبائل کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ ریاست کے نوجوانوں میں صلاحیت کی کوئی کمی نہیں شرط یہ ہے کہ انہیں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کیلئے بہتر مواقعے فراہم کئے جائیں ۔ ان باتوں کا اظہار وزیر موصوف نے ودیا مندر کلاسز کی طرف سے منعقد کئے گئے سالانہ ’’ اودگوش ‘‘ کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کامیابی و کامرانی کو یقینی بنانے کیلئے وقت کا موثر اور بہتر استعمال کرنے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر موصوف نے طلاب پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کا بھر پور استعمال کرتے ہوئے اپنے تعلیمی نظام میں معیار بہتر بنانے کیلئے وقت کا صحیح استعمال کریں ۔ ذوالفقار نے اُن تمام طلاب کی قابلیت اور صلاحیت کی داد دی جنہوں نے مختلف مقابلہ جاتی امتحانات میں اعزاز حاصل کیا ۔ انہوں نے وی ایم سی کی اُن کوششوں کو بھی سراہا جن کے تحت طلاب نے ریاستی و قومی سطحوں پر کامیابی حاصل کی ۔ اس موقعہ پر ادارے کے طلاب نے ایک تمدنی پروگرام پیش کیا ۔
مصطفی میر نے کھیر بھوانی یاترا کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا
جموں/ امداد ، باز آباد کاری ، تعمیر نو ، پھول بانی اور ڈیساسٹر منیجمنٹ کے وزیر جاوید مصطفیٰ میر نے نگروٹہ سے تُل مولہ ( گاندر بل ) کی طرف روانہ ہونے والی ماتا کھیر بھوانی یاترا کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا ۔ آئی جی پی جموں ڈاکٹر ایس ڈی سنگھ ، ڈپٹی کمشنر کمار راجیو رنجن ، کمشنر ریلیف ایم ایل رینہ ، ماتا کھیر بھوانی کمیٹی کے سربراہ کرن واتل کے علاوہ مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران اس موقعہ پر موجود تھے ۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ حکومت نے یاتریوں کیلئے معقول انتظامات کئے ہیں تا کہ اُن کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے ۔ انہوں نے مختلف محکموں کے افسروں پر زور دیا کہ وہ آپسی اشتراک اور تال میل قایم رکھتے ہوئے اس یاترا کو احسن طریقے پر انجام دینے کے انتظامات کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے یاتریوں کیلئے ایس آر ٹی سی کی بسوں کا وافر مقدار میں انتظام کیا ہے تا کہ یاتری جموں سے سرینگر آرام سے پہنچ سکیں ۔
پٹھانیہ کی صدارت میںپٹیشنز کمیٹی کااجلاس
انتظامی معاملات میں کوتاہی کو طشت از بام کرنے کی اپیل کی
سرینگر //پٹیشنز کی کمیٹی کے چئیر مین آر ایس پٹھانیہ نے جموں کشمیر کی سول سوسائیٹی سے کہا کہ وہ ریاست میں انتظامی معاملات میں موجود کسی بھی کوتاہی کو طشت از بام لا سکتی ہے تا کہ متاثرہ لوگوں کو انصاف مل سکے ۔ پٹھانیہ قانون ساز اسمبلی کے میٹنگ ہال میں کمیٹی کی میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے ۔ چئیر مین نے کہا کہ اگر کسی بھی شخص کو حکومت کی کارکردگی کے بارے میں شکایت ہو وہ ایک سادہ درخواست سپیکر کے دفتر میں اپنی تمام رہایشی تفصیلات کے ساتھ پیش کریں ۔ ارکانِ قانون سازیہ جاوید حسن بیگ ، اعجاز احمد میر ، بشیر احمد ڈار ، مشتاق احمد شاہ اور شیخ اشفاق جبار نے میٹنگ میں شرکت کی اور کمیٹی کی کارکردگی بہتر بنانے کے سلسلے میں اپنی قیمتی آراء پیش کیں ۔ اس سے قبل کمیٹی نے سینئر صحافی ڈاکٹر سید شجاعت بخاری کے قتل کے واقعے کی مذمت کی اور اُن کے احترام میں دو منٹ ک خاموشی اختیار کی ۔ دیگر لوگوں میں ایڈیشنل سیکرٹری اسمبلی نسیم جان ، ڈپٹی سیکرٹری اسمبلی عبدالقیوم میر و دیگر افسران میٹنگ میں موجود تھے ۔
مرکزی وزیرمملکت ’مڈل پاتھ‘کی وضاحت کریں:بھیم سنگھ
جموں//نیشنل پینتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ نے وزیر اعظم کے دفتر میں مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ کے اس بیان پر شدید حیرت ظاہر کی، جس میں انہوں نے کشمیر میں دیئے اپنے ایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں کہا تھا کہ انتہا پسندوں کے ذریعہ قتل کئے گئے'رائزنگ کشمیر' کے ایڈیٹر مسٹر شجاعت بخاری جموں و کشمیر پر 'مڈل پاتھ' کے اصول کو مانتے تھے اور ان کے مطابق یہی ان کے قتل کی وجہ تھی۔ وزیر موصوف کے مطابق مسٹر شجاعت بخاری بھی 'مڈل پاتھ' کے حامی تھے اور یہی وجہ تھی کہ انتہا پسندوں کے ذریعہ انہیں پچھلے دنوں قتل کر دیا گیا تھا، پروفیسر بھیم سنگھ نے کہا کہ مرکزی وزیر وزیر اعظم کے دفتر میں خصوصی کردار ادا کرتے ہیں، ان کا اس طرح کا بیان دینا مناسب نہیں ۔ 'مڈل پاتھ' کا لفظ مسٹر شجاعت بخاری کے لئے استعمال کرنا غلط ہے، کیونکہ 'مڈل پاتھ' کا فارمولا 1950 میں آسٹریلیائی ہائی کورٹ کے یہودی جج سر اوون ڈکسن نے چلایا تھا۔سر اوون ڈکسن فارمولہ جموں صوبے میں ہندو اکثریتی اضلاع کو ہندستان میں شامل کرنے کا فارمولا تھا اور جموں صوبہ کے مسلم اکثریتی اضلاع کو وادی کشمیر کے ساتھ جوڑ کر ایک نیا اسلامی جمہوریہ بنانا تھا۔ برطانیہ اور امریکہ نے اسی فارمولے کو 'مڈل پاتھ' کا نام دیا تھا۔ کیا مرکزی وزیر مسٹر شجاعت بخاری کو خراج عقیدت پیش کر رہے تھے یا ڈکسن پلان کے ہندستان مخالف فارمولوں کو اجاگر کر رہے تھے۔انہوں نے وزیر اعظم اور میڈیا سے ملک کو اس 'مڈل پاتھ' کے معنی کو بتانے کی اپیل کی، جس کا وزیر اعظم کے دفتر میں مرکزی وزیر نے اپنے میڈیا انٹرویو کے دوران استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ شجاعت بخاری کو وہ ان کی طالب علمی کی زندگی سے جانتے تھے، جب وہ ایک صحافی اور ایڈیٹر تھے، انہوں نے کبھی کسی 'مڈل پاتھ' یا ملک مخالف پلیٹ فارم کا استعمال نہیں کیا۔ ان کے ساتھ 'مڈل پاتھ' لفظ کا استعمال کرنا غلط ہے۔
این ایس ایس اوکے زیراہتمام تین روزہ تربیتی کیمپ منعقد
جموں//نیشنل سیمپل سروے آفس (فیلڈآپریشنز ڈویژن )وزارت سٹیٹسٹکس اینڈپروگرام امپلی منٹیشن ،حکومت ہند ،ریجنل دفترجموں کی جانب سے تین روزہ ریجنل ٹریننگ کیمپ فاراین ایس ایس 76 رائونڈس کاانعقاد کیاگیا جس میں آفیسران اورفیلڈعملہ این ایس ایس او،ریجنل دفترنے شرکت کی ۔اس دوران تربیتی پروگرام کاافتتاح مہمان خصوصی امیتابھ پانڈا، ڈی ڈی جی (سی پی ڈی ) نئی دہلی نے کیا۔ اس دوران پانڈانے نیشنل سیمپل سروے دفترکے ڈاٹابیس کی اہمیت کواُجاگرکیا۔ پانڈانے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ این ایس ایس اوکے عملے اورآفیسران کوتعاون دیں۔ڈپٹی ڈائریکٹرجنرل ،این ایس ایس او (ایف اوڈی ) امیت جیوتی رائے نے مہمان کااستقبال کیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر بی ایس بھان نے این ایس ایس 76رائونڈکی اہمیت پرخیالات کااظہارکیا۔