پینے کے پانی کی قلت
سعدہ کدل اورعمر کالونی لالبازار میں لوگوں کو مشکلات
پرویز احمد
سرینگر //سعدہ کدل اور اس سے منسلک علاقوں میں پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ علاقے میں پچھلے ایک ماہ سے پینے کیلئے صاف پانی کے بجائے بد بو دار پانی کو سپلائی کیا جارہا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ جل شکتی محکمہ کے اعلیٰ افسران کو اس حوالے سے کئی بار جانکاری دی گئی لیکن ہر سال موسم گرما میں نلوں سے گندا پانی سپلائی کرنا معمول بن گیا ہے۔ مقامی لوگوں نے محکمہکے اعلیٰ حکام اوریفٹیننٹ گورنر منوج سہنا سے اپیل کی ہے کہ سعدہ کدل اور اس سے ملحقہ علاقوں میں گندے پانی کی سپلائی کے معاملہ کی تحقیقات کرائیں اور مقامی لوگوںکو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے اقدامات کریں ۔ ادھرلالبازار کے متعد د علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی قلت کے نتیجے میں لوگوں کو سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ لالبازار کی عمر کالونی (بی) لین نمبر 2گزشتہ کئی ماہ سے پینے کے صاف پانی سے محروم ہے ۔ مقامی لوگوں نے کہا کہ جل شکتی محکمہ علاقہ کو پینے کا پانی فراہم کرنے میں ناکام ہے ۔ لوگوںکا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں اگرچہ جل شکتی محکمہ کے افسران سے کئی بار بات کی گئی تاہم انہوںنے اس ضمن میں کوئی اقدام نہیں کیا ۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، چیف سیکریٹری اور چیف انجینئر جل شکتی سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کرکے علاقہ کیلئے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کریں تاکہ لوگوں کو درپیش مشکلات سے نجات ملے ۔
الہی باغ بژھ پورہ میں
ماروتی کار چرالی گئی
ارشاد احمد
سرینگر//الٰہی باغ بژھ پورہ سے ملحقہ علاقہ حمزہ کالونی بی میں 11اور 12کی درمیانی رات نامعلوم نقب زنوں نے سفید رنگ کی ماروتی کار زیر نمبر JKOID-3934چرالی گئی جس کی رپورٹ پولیس تھانہ صورہ میں درج کرائی گئی تاہم 4دن گزرنے کے باوجود بھی ماروتی کار بازیاب نہیں کی جاسکی۔مقامی لوگوں کے مطابق اس واردات سے چند روز قبل علاقہ سے موٹرسائیکل بھی چرالی گئی ۔
ترا ل میں مارکیٹ چیکنگ
قصوروار دکانداروں پرجرمانہ عائد
سرینگر// محکمہ امور صارفین پلوامہ کی گشتی ٹیم نے ترال کے مختلف بازاروں میں معائنے کے دوران قصوروار دکانداروںپرجرمانہ عائد کیا۔ محکمہ کے ا سسٹنٹ ڈائر یکٹر شیخ عنایت اللہ کی ہدایت پر ایک چیکنگ سکارڈ نے صارفین کیلئے اشیائے ضروریہ مناسب قیمتوں پر یقینی بنانے کی غرض سے ترال کے مختلف بازاروں کامعائنہ کیا ۔ ٹیم نے چندر گام ،نورپورہ اور دیگر دیہات میں چھاپہ مار کاروائیوں کے دوران کئی دکانداروں کو قیمتوں میں اضافے کے جرم میں مرتکب پایا گیا۔ اس موقع پر قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے قصابوںاور دکانداروں کے خلاف ذخیر اندوزی، گراں بازاری اور ریٹ لسٹ آویزان نہ رکھنے کی پاداش میںاشیائے ضروریہ ایکٹ کے تحت کیس درج کئے گئے ۔ ترجمان کے مطابق اس کاروائی کے دوران4000 روپے بطور جرمانہ وصول کیا گیا۔ معائنے کے دوران گلی سڑی سبزیاں اور زائد المعیادجوس اور میوہ کو موقع پر ہی ضائع کیا گیا۔
زکورہ صنعتی علاقہ میں آگ، دو منزلہ عمارت خاکستر
ارشاد احمد
سرینگر//حضرت بل کے علاقہ زکورہ میں دوران شب آتشزدگی کی ایک واردات میں دو منزلہ عمارت خاکسترہوگئی۔عینی شاہدین کے مطابق صنعتی علاقہ زکورہ میں دوران شب ہائوسنگ ہینڈی کرافٹس مینو فیکچرنگ نامی فیکٹری سے آگ نمودار ہوئی جس کی لپیٹ میں پوری عمارت آگئی۔اس موقع پر فوری طور پر محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کو اطلاع دی گئی جنہوں نے آگ بجھانے کی کوشش کی تاہم آتشزدگی کی واردات میں دو منزلہ عمارت کو نقصان پہنچا اورلاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر راکھ ہوگیا۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ لگانے کی تحقیقات شروع کردی۔
ٹنگمرگ میں منہ کھر کی بیماری سے تشویش، کئی مویشی ہلاک،متاثرین کا تعاون کیا جائے:میر
سرینگر// اپنی پارٹی کے سینئرنائب صدر غلام حسن میر نے فیروز پورہ ٹنگمرگ میں پاؤں اور منہ کھرکی بیماری پھیلنے کی وجہ سے مویشیوں کے مرنے پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔ ایک پریس بیان میں میر نے کہاکہ ایک ہفتہ کے دوران درجنوں مویشی اِس بیماری کا شکار ہوگئے ۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ انیمل ہسبنڈری کو چاہئے کہ ہنگامی بنیادوں پر اس صورتحال کو حل کیاجائے اورلوگوںکو ڈاکٹروں کی ٹیم موقع پر روانہ کرکے امداد فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ یہ ناگزیر بن گیا ہے کہ ایسے مویشیوں کو الگ رکھاجائے تاکہ دوسرے مویشیوں کو یہ بیماری نہ لگے۔ انہوں نے اس صورتحال میں مفت علاج ومعالجہ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ہندوارہ میں چوری کا معاملہ حل
ملزم مال مسروقہ سمیت گرفتار
سرینگر//ہندوارہ میں پولیس نے چوری کا ایک معاملہ حل کرتے ہوئے دوافراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ اس کے علاوہ مالہ مسروقہ بھی برآمد کرلیا ہے۔ 5جون کو محمد سلطان میر ولد عبدالاحد میر ساکن متی پورہ شرکوٹ نے ویلگام تھانہ میںایک شکایت درج کی کہ 2 اور3جون کی درمیانی رات اس کے مکان سے چوری ہوگئی ۔پولیس نے ایف آئی آر نمبر 48/2021درج کیا اورتحقیقات شروع کی۔ابتدائی تحقیقات کے دوران الطاف احمد میر اور شبیر احمد شیخ ساکنان حفرادا کوشک کی بنیاد پر پوچھ تاچھ کے لئے بلایا گیا جہاں انہوں نے چوری کی اس واردات میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ۔ انہوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ 31مارچ2021 کو تارت پورہ ویلگام میں جو چوری ہوئی ہے جس پر ویلگام تھانے میں ایف آئی نمبر 22/2021کے تحت کیس درج ہے، اس میں بھی ملوث پائے گئے۔ان مال مسروقہ بھی برآمد کیا گیا جس میں سونے کے زیورات ، کپڑے، بیٹری ، تانبے کے برتن اورکاسمیٹکس وغیرہ شامل ہے۔ اس کے علاوہ اس بات کا بھی پتہ چلا کہ اس گروہ میں آزاد احمد میر ساکن ڈارل تارت پورہ بھی ملوث ہے جس کی گرفتاری کے لئے کوشش جاری ہے۔
شوپیاں میڈیا سینٹرکے انتخابات
ارشاد ملک صدر اور شاہد ٹاک جنرل سیکریٹری منتخب
شوپیان// ضلع شوپیان میں صحافیوں نے پہلی مرتبہ’میڈیا سینٹر شوپیان‘نامی ایک ایسوسی ایشن تشکیل دی ہے۔میڈیا سنٹر کے الیکشن میں ارشاد ملک صدر، شاہد ٹاک جنرل سیکریٹری اور اعجاز ڈار ترجمان منتخب ہوئے۔الیکشن انچارج فردوس لون اور فاروق بٹ نے بتایا کہ ضلع شوپیان میں پہلی مرتبہ صحافیوں کی ایسوسی ایشن کیلئے انتخابات منعقد کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات صاف وشفاف طریقے سے انجام پذیر ہوئے جس میں مختلف میڈیا اداروں سے وابستہ صحافیوں اور نامہ نگاروں نے اپنے اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ کووڈ پروٹوکول اور ایس او پیز کا پورا خیال رکھتے ہوئے الیکشن منعقد ہوئے اور زیادہ بھیڑ جمع نہ ہونے کی غرض سے کچھ صحافیوں نے موبائل کے ذریعہ ہی اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن میں 14سے زائد صحافیوں نے حصہ لیا۔اس موقع پر نو منتخب میڈیا سینٹر شوپیان کے صدر ارشاد ملک نے ضلع میں صحافیوں کو در پیش مشکلات کا ازالہ کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ نو منتخب ایسوسی ایشن صحافیوں کی فلاح و بہبود کی وعدہ بند ہے۔بعد میں میڈیا سینٹر شوپیان کے کچھ ممبران نے ڈپٹی کمشنر شوپیان سچن کمار سے بھی ایسوسی ایشن کی فلاح وبہبود اور سرکاری طور پر ایسوسی ایشن کو درج کرنے کے شرط و شرائط پر تبادل خیال کیا۔
تین برسوں کے واجب الادا تنخواہوں کی واگزاری
محکمہ سماجی بہبود میں تعینات ہیلپروں کا پریس کالونی میںاحتجاج
سرینگر// محکمہ سماجی بہبود میں کام کررہے ہیلپرٹوسپر وائزروں نے پریس کالونی میں واجب الادا تنخواہیں واگزار کرنے کیلئے احتجاج کیا ۔احتجاج میں شامل آنگن واڑی ہیلپراور سپر وائزر تین برسوں کی واجب الادا تنخواہیں واگزار کرنے کے علاوہ دیگر مطالبات کو پورا کرنے کامطالبہ کر رہی تھیں۔احتجاج میں شامل ہیلپرٹو سپر وائزروںکی صدر مہجبینہ اخترنے بتایا کہ وہ گزشتہ تین سالوں سے تنخواہوں سے محروم ہیں جس کی وجہ سے وہ طرح طرح کے مشکلات کا سامنا کرنا کررہی ہیں۔انہوں نے بتایاکہ انہیں قلیل تنخواہ دی جاتی ہے اوراسے بھی وقت پر ادا نہیں کیا جاتا ہے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڑ اٹھا رکے تھے جن پر ’’ہمارے ساتھ انصاف کرو،ظلم کے اس دورامیں انصاف ہمارا نعرہ ہ ہے‘‘ جیسے نعرے درج تھے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا اظہارِ تعزیت
سرینگر//نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی کے دیرینہ رکن اورسابق بلاک صدرخانصاحب خواجہ عبدالکریم کھانڈے کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگواران کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ،جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سینئر لیڈران عبدالرحیم راتھر، علی محمد ڈار، آغا سیدر وح اللہ،منظور احمد وانی، ضلع صدر عبدالاحد ڈار اور غلام نبی بٹ نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ۔ اس دوران پارٹی کے صوبائی صدر کشمیر ناصر اسلم وانی نے پارٹی کے سابق صدرِ بلاک عبدالرحمن گنائی ساکن نٹی پورہ کو برسی پرخراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کی ۔
سرکردہ صحافی شجاعت بخاری کو برسی پر کئی تنظیموں کا خراج عقیدت
سرینگر// پیپلز کانفرنس نے تجربہ کار صحافی سید شجاعت بخاری کو خراج تحسین پیش کیا ہے جنہیں 14 جون 2018 کو سرینگر میں اپنے دفتر کے باہر قتل کیا گیا تھا۔تنظیم کے ترجمان نے شجاعت بخاری کی صحافتی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آنے والی نسلیں شجاعت کو یاد کریں گی۔اس دوران حکیم یٰسین نے مرحوم شجاعت بخاری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صحافت اور کشمیری زبان و ادب کے میدان میں ان کی خدمات کوجموں کشمیر کی تاریخ میں سنہری الفاظ سے لکھا جائے گا۔ حقانی میموریل ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی اور جنرل سکریٹری بشیر احمد ڈار نے مرحوم کی علمی، ادبی ، سماجی اور صحافتی خدمات کو یاد کرتے ہوئے انہیں ملک کا ایک عظیم صحافی قرار دیا۔ انہوں نے بتایاکہ حالات کی غیر یقینی کے باجود مرحوم ہمیشہ لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے فکر مند رہتے تھے۔ غیور فاؤنڈیشن نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شجاعت بخاری ہمیشہ معاشرے کے تباہ حال طبقوں کیلئے بولتے ، لکھتے اور کام کرتے تھے جبکہ ادبی مرکز کمراز کے صدر کی حیثیت سے انہوں نے ادبی میدان میں اور خاص طور پر کشمیری زبان کی ترویج میں کلیدی کردار ادا کیا۔