کے سی سی قرضہ معاف کرنے کی اپیل
کشتواڑ کے زعفران کسان سکیم متعارف کروانے کے خواہاں
اے وائی بٹ
کشتواڑ //ریاست جموں و کشمیر میں پانپور کے بعد کشتواڑ زعفران اُگانے کے لئے مشہورہے، جہاں کا زعفران خالص اور دنیا بھر میں مشہور ہے۔تاہم ، موضع پوچھل کے زعفران اُگانے والے کسانوں نے بتایا ہے کہ سال رواں میں کھدائی کرنے سے یہ معلوم ہوا ہے کہ گُذشتہ دو تین برسوں سے بے ڈھنگی بارشوں سے زعفران کے بیج کا تقریباً 75 فیصدی تباہ ہوا ہے۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے علاقہ کے ایک کسان نے کہا کہ بے موسمی بارشوں سے کشتواڑ میں زعفران کو 90فیصدی نقصان ہوا ہے۔اُس نے کہا کہ زعفران کے پیداوار نے اُسے نا اُمید کر دیا ہے کیونکہ گذشتہ کئی برسوں سے فقط 5فیصدی ہی پھول نکل آتے ہیں۔کشتواڑ کے کسانوں نے کہا ہے کہ گذشتہ کئی برسوں سے کشتواڑ میں زعفران کے پیداوار میں کافی کمی آئی ہے، جس کی وجہ سے وہ (کے سی سی) کسان کریڈٹ قرضہ ادا کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔ان کسانوں نے کہا ہے کہ سرکار نے ایک لاکھ روپے تک کے قرضہ کو معاف کرنے کی یقین دہانی کی تھی لیکن بدقسمتی سے سرکار نے ابھی تک اس یقین دہانی کو پورا نہیں کیا ہے۔ان کسانوں نے کہا ہے کہ بینک حُکام انہیں قرضہ واپس کرنے کے لئے نوٹسیں بھیج رہے ہیںاور تنبہیہ کر رہے ہیں کہ قرضہ واپس نہ کرنے کی صورت میں وہ انکے خلاف کیس درج کریں گے۔ان کسانوں نے کہا کہ ضلع میں زعفران کا کاروبار متاثر ہو رہاہے کیونکہ انہیں ہزاروں روپے لگا کر ،پسینہ بہا کر کُچھ نہیں حاصل ہو رہا ہے۔اپنی بے اطمینانی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ وہ زعفران کی کھیتی کو کسی دوسری کھیتی یعنی کہ چاول، گیہوں وغیرہ میں منتقل کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ معاملہ سابقہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ کشتواڑ میں ایک عوامی دربا ر کے دوران بھی اُٹھایا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ زعفران کی کھدائی ماہ اگست، ستمبر میں کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ زعفران کے بیج کو ایک کھیت سے دوسرے کھیت میں بھی منتقل کرتے ہیں ،تاکہ اچھی پیداوار ہو سکے لیکن اس سے بھی کوئی فائدہ نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے ریاست کے گورنر سے زعفران کی کھیتی کرنے والے کسانوں کے KCCقرضہ کو معاف کرنے پر غورکرنے کی اپیل کی ہے۔
ہریجن بستی پو چھال میں پانی کی شدید قلت
وفد متعلقہ حکام سے ملاقی، فوری کارروائی کی مانگ
عظمیٰ نیوز
کشتواڑ//ہریجن بستی پو چھال کے گائوں کا ایک وفد ایس سی ،ایس ٹی، او بی سی یونین کے چیئرمین اجیت بھگت کی سر براہی میں ایگزیکٹوانجینئر ہائیڈرولک ڈویژن کشتواڑ سے ملاقی ہوا اور انہیں ہریجن بستی پوچھال میں پینے کے پانی کی سخت قلت کے بارے میںبتایا۔پریس کے لئے جاری ایک ریلیز کے مطابق اس ہریجن بستی میں خالص شیڈول کاسٹ کیمو نٹی کی آبادی تقریباً 800نفوس پر مشتمل ہے جو پینے کے پانی کی شدید قلت کا شکار ہیں ،اس گرمی کے موسم میں اس بستی کی پائپ لائن خشک ہو چکی ہے لوگ پانی کے ایک ایک قطرے کیلئے ترس گئے ہیں۔انسانوں کے علاوہ ان کے حیوانات بھی پانی قلت سے مر رہے ہیں۔لوگ نزدیکی گائوں سے پانی لاتے ہیں جہاں پہلے ہی سے پانی کی قلت ہے۔وفدنے بتایا کہ انہوں نے کئی بارمتعلقہ حکام سے رجوع کیا لیکن ابھی تک کوئی سنوائی نہیں ہوئی ہے۔ایکسئن موصوف نے وفد کو یقین دلایا کہ بہت جلد یہ معاملہ حل کیا جائے گا ۔بھگت نے ریاست کے گورنر ،چیف سیکریٹری،ڈوثرنل کمشنر جموں،چیف انجینئر جموں سے ہریجن بستی کی شکایت کا جلد ازالہ کرنی کی اپیل کی ہے۔وفد میں حقیقت سنگھ ضلع صدر،اونکار سنگھ،دلیپ سنگھ،روی بھگت،گوند بھگت،اندجیت،پون کمار،پیارے لال،نیرج کمار،سنیل کمار ،سدیش کمار،اکشے کمار،خوف چند،امیت کمار،روی کمار اور دیگر شامل تھے۔
ٹھاٹھری میں سابقہ فوجیوںکی ریلی
کشتواڑ // ٹھاٹھری میں سابقہ فوجیوں کے مسائل ، پنشن سے متعلق مدعوںکو حل کرنے اور انکا سرعت سے ازالہ کرنے کے لئے بدھ کے روز سابقہ فوجیوں کی ایک ریلی کا اہتمام کیا گیا ۔ریلی میں ٹھاٹھری اور کشتواڑ کے ملحقہ علاقوں کے سابقہ فوجیوں اور ویٹرنوںکی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ریلی کے دوران پنشن سے متعلق شکایات کی آن لائن رجسٹریشن کے فوائد و دیگر آن لائن معاونت خدمات کو اُجاگر کیا گیا ۔.اس موقعہ پر سابقہ فوجیوں میں مختلف ویلفیئرسکیموں کے اعدا و شمار سے متعلق پمفلٹ تقسیم کئے گئے۔ریلی کا انعقاد فوج کی جانب سے سابقہ فوجیوں کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانیوں کو عملہ صورت دینے کے لئے کیا گیا تھا ۔
گول میں موبائیل مرمت کا کورس منعقد
گول //فوج کی جانب سے ضلع رام بن کے گول علاقہ میں موبائیل کی مرمت کا ایک پیشہ وارانہ کورس کا انعقاد کیا گیا ہے،۔کورس 25جون سے07جولائی2018منعقد کیا جا رہا ہے،جسکا مقصد ضلع کے دور افتادہ علاقہ کے لوگوں کو روزگار کا موقعہ فراہم کرناہے ۔کورس کا تعین موبائیل مرمت کی جانکاری یقینی بنانے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔تربیت کے دوران نوجوانوں کو پرائیویٹ سیکٹر میں روز گار حاصل کرنے کے لئے سیٹ آف سکلز بھی مہیا کیا جائے گا۔کورس میں شرکت کرنے والے ایک نوجوان نے کہا کہ یہ موبائیل کی مرمت کرنیکی جانکاری حاصل کرنے کے لئے ایک اچھا موقعہ ہے۔ اُس نے کہا کہ یقینی طور سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقعوں میں یقینی طور سے اضافہ ہوگا ۔مقامی لوگوں نے فوج کی جانب سے علاقہ کے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے کورس منعقد کرنے کی ستائش کی۔
ریاسی میں آر بی ایس کے کا ہیلتھ کیمپ منعقد
زاہد ملک
ریاسی //ضلع کے دور دراز علاقہ بلاک پونی کے جج علاقہ میں چیف میڈیکل افسرڈاکٹر پرمیندر سنگھ کی ہدایت پر RBSK کا ایک میگا سکیرننگ ہیلتھ کیمپ منعقد کیا گیا ۔کیمپ کا افتتاح بی ایم ا و پونی ڈاکٹر آر پی سنگھ نےRBSK ریاسی کے نوڈل افسر ڈاکٹر امت بجاج و دیگر سٹاف کی موجودگی میں کیا ۔RBSK کی 4موبائیل ہیلتھ ٹیموں نے سکریننگ کی اور اسپیشلسٹ صلاح کنسلٹنٹوں ،فزیشن اسپیشلسٹ،ماہر امراض خا تون،ماہر اطفال ،ڈینٹل سرجنوں نے فراہم کی۔اسکے علاوہ کونسلگ خدمات، ہیلتھ ایجوکیشن، ہینڈ واش تکنیک کا ڈیمانسٹریشن بھی دیا گیا ، نیشنل ہیلتھ مشن کے متعدد ہیلتھ پروگراموں کی جانکاری بھی دی گئی۔اسکے علاوہ پی سی اینڈ پی این ڈی ٹی ایکٹ سے متعلق بیداری اور گرل چائیلڈ بچائو پر جانکاری بھی فراہم کی گئی۔سکریننگ کیمپ کے دوران مختلف سکولوں اور آنگن واڑی مراکز کے721 کی سکریننگ کی گئی۔196 بچوں کو خصوصی صلاح دی گئی جن میں سے76 بچوں کو خون کی کمی Aneamia ، 12 کو بینائی کی بیماری میں مبتلا پایا گیا۔ اس کے علاوہ کیمپ کے دوران پہلے کی گئی سکریننگ کے15 بچوں میں عینک تقسیم کی گئی ا ور 9 کو عمر کی سرٹیفکیٹ فراہم کی گئی۔
بھدرواہ موٹر سائیکل حادثہ میں 2افراد زخمی
طاہر ندیم خان
بھدرواہ //بھدرواہ۔ ڈوڈہ شاہراہ پر بدھ کے روز ایک سڑک حادثہ میںایک موٹر سائیکل سوار اور اسکا ساتھی زخمی ہوا ہے۔پولیس بیان کے مطابق ایک موٹر سائیکل زیر نمبر JK14A-6408 ،جو کہ بھالہ سے بھدرواہ کی جانب رواں تھا ، کو ڈروڈو کے مقام پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگیا اور موٹر سائیکل سڑک پر گر گیا ،جسکی وجہ سے دونوں زخمی ہوئے۔دونوں زخمیوں کو ایس ڈی ا یچ بھدرواہ معالجہ کیلئے بھرتی کیا گیا ۔ایس ایچ او منیر احمد خان کے مطابق ابتدائی رپورٹ کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کی وجہ سے ہوا ہے۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے مزید کاروائی شروع کر دی ہے۔زخمیوں کی شناخت آشیش کامر ولد بال کرشن ساکنہ ملوٹھی،بھالہ اور آزاد حُسین ولد گلشیرا حمد ساکنہ گجوٹھی کے بطور کی گئی ہے۔آخری اطلاع کے مطابق شید دزخمی آشیش کمار کو جی ایم سی جموں بہتر محالجہ کے لئے منتقل کیا گیا ہے۔