سکوٹی حادثے میں خاتون شدید زخمی
رمیش کیسر
نوشہرہ//قومی شاہراہ پر سکوٹی حادثے میں ایک خاتون شدید طور پرزخمی ہوئی ہے ۔پولیس نے بتایاکہ لمیڑی کے مقام جموں پونچھ شاہراہ پر سکوٹی چلارہی ایک پچیس سالہ خاتون کرائسٹ سکول کے پاس سکوٹی سے گر گئی جس کی وجہ سے وہ شدید طورپر زخمی ہوئی ہے ۔ اس کی شناخت پچیس سالہ شالو دتادختر جگدیش دتا ساکن لمیڑی کے طور پر ہوئی ہے جسے ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں منتقل کیاگیاہے ۔
آنگن واڑی ورکروں کا احتجاجی دھرنا
رمیش کیسر
نوشہرہ//ریاست بھر کی طرح نوشہر ہ میں بھی آنگن واڑی ورکروں و ہیلپروں کی طرف سے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی دھرنا دیاگیا۔غور طلب ہے کہ ریاست کی تمام آنگن واڑی ورکر و ہیلپر گزشتہ ڈھائی ماہ سے اپنے مطالبات پر احتجاج کررہی ہیں اور وہ کئی مرتبہ دھرنے دے چکی ہیں ۔ نوشہرہ میں سنیچر کے روز دھرنادیتے ہوئے ان ورکروں نے حکومت سے مانگ کی کہ ان کے جائز مطالبات پورے کئے جائیں اور ان کے مشاہرے میں اضافہ کیاجائے ۔انہوں نے کہاکہ ان سے بہت ساراکام لیاجاتاہے لیکن بدلے میں معمولی سامشاہرہ ملتاہے جو سراسر ناانصافی ہے ۔
منڈی۔اڑائی سڑک کی مرمت کی مانگ
عشرت حسین بٹ
منڈی//سیلاب کی وجہ سے تباہ ہونے والی منڈی۔اڑائی سڑک کی مرمت کی مانگ کرتے ہوئے اڑائی کے لوگوں نے کہاکہ ان کے ساتھ حد درجہ ناانصافی کی جارہی ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق سال 2014 کے سیلاب کے دوران یہ سڑک تباہ ہوگئی تھی جس کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی جس کے باعث وہ پریشانی سے دوچار ہیں ۔عوامی ڈیولپمنٹ فرنٹ کے چیئرمین مولوی فرید نے بتایاکہ اگرچہ سیلاب کے بعد تباہی کا منظر ہر ایک نے دیکھا اور ریاستی وزیر بھی اس علاقے میں آئے جنہو ں نے یقین دلایاکہ سڑک کاکام بہت جلد شروع کیاجائے گالیکن آج کئی سال بعد بھی اس پر عمل نہیں ہوا اور سڑک جوں کی توں ہے ۔ انہوں نے ریاستی گورنر سے اپیل ک کہ وہ متعلقہ حکام کو اس سڑک کی مرمت کی ہدایت دیں تاکہ انہیں عبور و مرور میں مشکلات کاسامنانہ کرناپڑے ۔ ان کاکہناہے کہ اڑائی کے تین پنچایتوں کے عوام کے ساتھ ہمیشہ سے ناانصافی ہوئی ہے اور سیاسی لیڈران نے استحصال کیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ انہیں امید ہے کہ گورنر کی طرف سے اڑائی کیلئے منظورہوئی رقم میں سے پنچایت ملکاں اڑائی پر بھی توجہ دی جائے گی جس میں بڑی تعداد معذورافراد کی ہے ۔
مینڈھر میں بجلی کٹوتی عروج پر
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر میں بجلی کی کٹوتی عروج پر ہے جس کی وجہ سے ہر خاص و عام پریشانی سے دوچار ہے ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ محکمہ کی طرف سے کرایہ پورا لیاجارہاہے لیکن سپلائی چند گھنٹے دی جاتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ بجلی کی زمینی سطح پر محکمہ پی ایچ ای سے بھی بری حالت ہے اور مشکل سے بجلی پانچ سے چھ گھنٹے سپلائی ہوتی ہے۔صارفین کاکہناہے کہ محکمہ بجلی کی وجہ سے انتہائی درجہ کی لاپرواہی برتی جارہی ہے اور اگر کہیں کوئی ٹرانسفارمر خراب ہوجائے تو اس کی مرمت ہی نہیں کی جاتی ۔انہوں نے کہاکہ مینڈھر میں بجلی کا کوئی نظام ہی نہیں اور محکمہ من مرضی سے کام کررہاہے ۔
سرحدی کشیدگی کے دوران تحفظ
بالاکوٹ میں سیما بھون کی تعمیر کیلئے منصوبہ تیار
جاوید اقبال
مینڈھر//سرحدی علاقہ بالاکوٹ کے عوام کو کشیدگی کے دوران درپیش مشکلات کو دیکھتے ہوئے سیما بھون تعمیر کرنے کافیصلہ لیاگیاہے جس حوالے سے انتظامیہ کی طرف سے منصوبہ مرتب کرکے حکام کو بھیجاجارہاہے ۔ایس ڈی ایم مینڈھر ڈاکٹر تنویر احمد خان نے اسی مقصد سے سنیچر کے رو ز بالاکوٹ کے کئی علاقوں کا دورہ کرکے مجوزہ جگہوں کا معائنہ کیا ۔ایک سیما بھون بنانے کیلئے تیس کنال سے زیادہ جگہ درکار ہے اور ایک بھون میں ڈھائی سو افراد سے لیکر ایک ہزار تک لوگ ٹھہر سکیں گے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ سرحدی علاقوں میں ہندوپاک کے درمیان فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجہ میں مقامی آبادی بری طرح سے متاثر ہوتی ہے اور اسے روزانہ ہجرت پر مجبور ہوناپڑتاہے ۔ مقامی لوگوں کی یہ دیرینہ مانگ تھی کہ ان کو تحفظ دینے کیلئے بنکر تعمیر کئے جائیں جس پر عمل کرتے ہوئے حکومت نے بنکر وں کی تعمیر شروع کردی ہے جبکہ اب سیمابھون بھی بنائے جارہے ہیں ۔یہ سیما بھون راجوری اور پونچھ میں متعدد مقامات پر بنائے جائیں گے جن کیلئے زمین کی نشاندہی کی جارہی ہے ۔مقامی انتظامیہ اس سلسلے میں بہت جلد منصوبہ حکام کو روانہ کرے گی ۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ایس ڈی ایم مینڈھر ڈاکٹر تنویر خان نے کہاکہ حکومت کی طرف سے ہر تحصیل کے سرحدی علاقوں میں چار چار سیما کالونیاں بنانے کا منصوبہ بنایاگیا ہے جن میں سے دو دو سیما کالونیاں پہلے مرحلے میں بنائی جائیں گی۔انہوں نے کہاکہ بالاکوٹ میں ان کالونیوں کیلئے معائنہ کیاگیاہے جبکہ باقی علاقوں کا معائنہ بھی جلد کیاجائے گا۔
زاہد ملک کانگریس کمیٹی وچار وباگ کے جنرل سیکریٹری نامزد
درہال کے کانگریسی کارکنان نے فیصلہ کاخیر مقدم کیا
درہال//کانگریس پارٹی کی طرف سے ایڈووکیٹ زاہد ملک کو پردیش کانگریس کمیٹی وچار وباگ کا جنرل سیکریٹری نامزدکیاگیاہے جس کا مقامی کانگریسی کارکنان نے خیر مقدم کرتے ہوئے پارٹی ہائی کمان کا شکریہ اد اکیاہے ۔اس سلسلے میں درہال میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے زاہد ملک نے کہاکہ درہال علاقے کو ترقیاتی محاذ پر نظرانداز رکھاگیاہے ۔ان کاکہناتھاکہ درہال میں سب ضلع ہسپتال درجہ کا طبی مرکز ہے لیکن اس میں فیزیشن ، ہڈیوں کے ماہر ،خواتین کے امراض کے ماہر اور دیگر ڈاکٹر ہی نہیں جبکہ ڈیڑھ لاکھ کی آبادی کا انحصار اسی ہسپتال پر ہے ۔ان کاکہناہے کہ ڈاکٹروں کی قلت کے سبب لوگوں کو سخت مشکلات کاسامنا کرناپڑتاہے اوران کا وقت پر طبی علاج نہیں ہوپاتا۔زاہدملک نے کہاکہ سڑکوں کی حالت انتہائی ابتر ہے اور درہال راجوری سڑک سے لیکر اندرونی سڑکوں کی مرمت نہیں کی گئی جن پر چلنا محال ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہر ایک سڑک کی حالت خراب ہے لیکن متعلقہ حکام کی طرف سے اس سمت کوئی توجہ نہیں دی جارہی ۔ان کاکہناتھاکہ بالآخر ریاست سے غیر مقدس اتحاد کا خاتمہ ہوا اور کانگریس ہی وہ واحد جماعت ہے جو ریاست کا بہترین مستقبل ہے ۔اس موقعہ پر کیپٹن محمد اعظم، چوہدری منظور ،رفیق جٹ ، مطیع اللہ ملک ، کیپٹن علی بہادر، اقبال ملک ، شہباز احمد، سجاول ملک وغیرہ نے بھی خطاب کیا ۔
درہال کے وفد کی ڈپٹی کمشنر سے ملاقات
مقامی مسائل حل کرنے کی مانگ کی
سمت بھارگو
راجوری//سول سوسائٹی درہال کے ایک وفد نے ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد سے ملاقات کرکے علاقے کے مسائل سے روشناس کروایا۔ وفد کی سربراہی کانگریس لیڈر اقبال ملک کررہے تھے جنہوں نے ڈپٹی کمشنر کی تعیناتی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ انہیں امید ہے کہ ان کے تمام جائز مطالبات پورے ہوں گے ۔اس موقعہ پر انہوں نے درہال میں ڈگری کالج کے قیام کی مانگ دہراتے ہوئے کہاکہ پوری تحصیل میں سڑکوں کی حالت انتہائی خراب ہے جبکہ سب ضلع ہسپتال درہال میں کوئی ڈاکٹر ہی نہیں ۔انہوں نے کہاکہ شکر مرگ سیاحتی پروجیکٹ بھی تعطل کاشکار ہورہاہے جبکہ پانی و بجلی کی سپلائی کا کوئی شیڈیول ہی نہیں ۔ڈپٹی کمشنر نے تمام مسائل بغور سننے کے بعد یقین دلایاکہ جائز مسائل حل کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ وہ آئندہ دنوں درہال میں ایک عوامی دربار منعقد کرکے موقعہ پر ہی مسائل کا حل کریں گے ۔وفد میں حافظ سعید و دیگران بھی تھے ۔
رہبر تعلیم اساتذہ کا اجلاس
سترہ جولائی کے احتجاج کی حمایت کا اعلان
بختیار حسین
سرنکوٹ//جموں وکشمیر رہبر تعلیم اساتذہ کی ایک میٹنگ زونل صدر محمد یوسف شاہ کی صدارت میں منعقد ہوئی ۔اس مو قعہ پر یوسف شاہ نے بولتے ہوئے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ ایس ایس اے اساتذہ کے حق میں ساتویں تنخواہ کمیشن کی واگزاری نہ کرکے ان کے ساتھ سوتیلا سلوک کیاجارہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ صرف یقین دہانیوں سے کام لیاجارہاہے اور عملی سطح پر اقدامات کیلئے کوئی تیار نہیں ۔انہوں نے ریاستی گورنر این این ووہرا سے اپیل کی کہ وہ ان کے مسائل حل کریں اور جائز مطالبات پورے کئے جائیں ۔اس موقعہ پر یہ فیصلہ لیاگیاکہ سترہ جولائی کو ٹیچرز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے سرینگر میں دھرنے کی بھرپور حمایت کی جائے گی ۔اجلاس میں بدر الدین ، علی مرتضیٰ ، ریحان شہزاد، عارف بھٹی ، شبیر خواجہ ، مشتاق احمد خان ، فاروق بھٹی ، اسحاق راہی ، محمد اقبال خان ، شاہ خالد ، نصرت شاہ ، سجاد حسین شاہ و دیگران بھی موجو دتھے ۔