تقابلی امتحان میں کامیاب
تھنہ منڈی کی دو طالبات نے جے کے سیٹJKSET امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے ۔فلورنس چاند دختر فاروق احمد چاند لیکچرار ساکن بہروٹ تھنہ منڈی نے انگریزی کے شعبے میں اس امتحان میں کامیابی پائی ہے ۔بہروٹ کی ہی اجالا امین دختر محمد امین راتھر نے اسلامی تعلیمات کے شعبے میں جے کے سیٹ کا امتحان پاس کیاہے ۔
دوگاڑیوں کے پرمٹ لائسنس منسوخ
راجوری//محکمہ موٹروہیکل نے قوانین کی خلاف ورزی پر بدھل میں دو گاڑیوں کے لائسنس منسوخ کردیئے ہیں ۔اے آر ٹی او راجوری نیرج شرما نے بتایاکہ ٹرانسپورٹ کمشنر جموںو کشمیر اورڈپٹی کمشنر راجوری کی ہدایت پر کارروائی کرتے ہوئے محکمہ کی ایک ٹیم نے انسپکٹر راجیو بھسین اور اسلم پرویز کی قیادت میں بدھل ۔سنگڑی روڈ پر ناکہ لگاکر گاڑیوں کی چیکنگ کی جس دوران دو گاڑیوں کو قوانین کی پامالی کرتے ہوئے پایاگیا۔انہوں نے مزید بتایاکہ ان دونوں گاڑیوں زیر نمبرات JK11A-6687کینٹر اور JK11C-0347میجک آٹو کے پرمٹ منسوخ کردیئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اس دوران کچھ گاڑیوں کے چالان بھی کئے گئے ۔
بدھل میں سیلابی ریلہ
گبر روڈ کا ایک حصہ تباہ ، مکان کو نقصان
سمت بھارگو
راجوری //گبر گائوں کو بدھل سے جوڑنے والی پی ایم جی ایس وائی سڑک کا ایک حصہ سیلابی ریلے کی وجہ سے تباہ ہواہے جبکہ ا س دوران ایک گھر کو بھی نقصان پہنچاہے ۔ذرائع کے مطابق گزشتہ رات تیز بارشوں کے دوران گبر میں سیلابی ریلہ آگیا جس کی وجہ سے گبر گائوں کو بدھل کے ساتھ جوڑنے والی سڑک کا ایک حصہ تباہ ہوگیاہے ۔روڈ کو نقصان پہنچنے پر اس پر گاڑیوں کی آمدورفت بند ہوکررہ گئی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ سڑک پر ٹریفک کی نقل و حرکت بند ہوگئی ہے ۔اس دوران متعلقہ حکام نے افرادی قوت اور مشینری لگاکر سڑ ک پر ٹریفک کی بحالی کاکام شروع کردیاہے ۔دریں اثناء سیلابی ریلہ سے غلام محمد ولد عبدالغنی ساکن گبر کے مکان کو نقصان پہنچاہے ۔
ڈپٹی کمشنر کی پی ایچ ای افسران سے میٹنگ
راجوری میں پانی کی قلت دور کرنے کی ہدایت
راجوری//ضلع کے کئی علاقوں میں پانی کی قلت کی شکایات کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد نے محکمہ پی ایچ ای کے افسران کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کرکے پانی کی سپلائی کا تفصیلی جائزہ لیا ۔ اس موقعہ پر یہ فیصلہ لیاگیاکہ پانی کی قلت کو دور کرنے کیلئے ایک ڈگ ویل بنایاجائے گا۔ میٹنگ میں بتایاگیاکہ راجوری قصبہ میں پانی کی سپلائی کیلئے یومیہ 22لاکھ گیلن درکار ہیں اور یہاں پانی تھنہ نالہ اور درہالی سے سپلائی ہوتاہے ۔ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ صاف پانی کی سپلائی کو یقینی بناتے ہوئے ایسے علاقوں میں ٹینکروں کا استعمال کریں جہاں پانی کی شدید قلت ہے ۔انہوں نے کہاکہ فیلڈ عملے کو متحرک کیاجائے ۔انہوں نے کہاکہ پانی کے غلط استعمال پر روک لگائی جائے اور اس سلسلے میں ضروری کارروائی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے سختی سے ہدایت جار ی کرتے ہوئے کہاکہ لیک ہورہی پائپ لائنوں کو ایک ہفتے کے اندراندر ٹھیک کیاجائے اور اسی طر ح سے غیر قانونی کنکشن ختم کئے جائیں ۔انہوںنے کہاکہ خشک سالی سے متاثر رہنے والے علاقوں کی نقشہ کشی کی جائے تاکہ وہاں پانی ذخیرہ کرنے والے ٹینکوں کی تعمیراور ہینڈ پمپوں کی تنصیب کی جاسکے ۔انہوں نے کہاکہ ایک ہیلپ لائن قائم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ اس کے ذریعہ عوامی شکایات کا ازالہ کیاجائے ۔ انہوں نے یہ ہدایت بھی دی کہ محکمہ کے ملازمین کیلئے ایک وٹس ایپ گروپ بنایاجائے جس کے ذریعہ ان کی ڈیوٹی چیک کی جائے ۔میٹنگ میں سی پی او اے ایچ چوہدری ، سپرانٹنڈنٹ انجینئر ہائیڈرولک سرکل راجوری رفیق خان ، ایگزیکٹو انجینئر پی ایچ ای سب ڈیویژن راجوری/نوشہرہ،ایگزیکٹو انجینئر میکنکل گرائونڈ واٹر و ڈرلنگ ڈیویژن جموں ، ایگزیکٹو انجینئر پی ایچ ای میکنکل ڈیویژن راجوری و دیگر افسران بھی موجود تھے ۔
ریت بجری کا غیر قانونی اخراج
افسران کی ٹیم تشکیل ،قانونی کارروائی کرنے کافیصلہ
راجوری//ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد نے ریت بجری کے غیر قانونی اخراج پر سخت کارروائی کا فیصلہ لیتے ہوئے اس سلسلے میں افسران کی ایک ٹیم تشکیل دی ہے۔انہوں نے متعلقہ افسران کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کرکے اس معاملے پر تبادلہ خیال کیا ۔اس موقعہ پر یہ فیصلہ لیاگیاکہ ندی نالوں سے ریت بجری کے غیر قانونی اخراج پر سخت کارروائی کی جائے گی اور اس حوالے سے افسران کی ایک ٹیم بھی تشکیل دی گئی جو اس عمل کی نگرانی کرے گی ۔ میٹنگ میں فیصلہ ہواکہ غیر قانونی طور پر اس عمل میں ملوث پائے گئے افراد کو معاف نہیں کیاجائے گا ۔اس دوران ان افراد کی بہبود کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہواجن کا ذریعہ معاش ریت بجری سے جڑاہواہے ۔میٹنگ میں ضلع منرل افسر راجوری ، ایگزیکٹو انجینئر ایریگیشن و فلڈ کنٹرول ڈیویژن راجوری/نوشہرہ اور دیگر افسران بھی موجو دتھے ۔
شراب سمیت ایک گرفتار
نوشہرہ//پولیس نے نوشہرہ سے شراب سمیت ایک شخص کو گرفتار کرلیاہے ۔ایک خصوصی اطلاع ملنے پر پولیس تھانہ نوشہرہ کی ایک ٹیم نے سلام دین ولد محمد مسری ساکن لہران لام کو جھنگڑ چوک پر روک کر اس کی تلاشی لی جس دوران اس کی تحویل سے شراب کی 13بوتلیں برآمد ہوئیں جن کو پولیس نے قبضہ میں لیکر اسے موقعہ پرگرفتار کرلیا۔اس سلسلے میں مذکورہ شخص کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 136/18 U/S 48(a)کا کیس درج کیاہے ۔
راجوری جیل کے قیدیوں کیلئے طبی کیمپ منعقد
راجوری //ضلع لیگل سروسز اتھارٹی راجوری کی طرف سے ضلع کی مرکزی جیل ڈھانگری میں مقید افراد کیلئے طبی کیمپ کا اہتمام کیاگیا۔کیمپ کی صدارت پرنسپل ڈسٹرکٹ و سیشن جج شہزاد عزیز نے کی جبکہ اس موقعہ پر ٹریفک موبائل مجسٹریٹ تبریز احمد قاضی ، جیل سپرانٹنڈنٹ محمد رفیق و دیگر ان بھی موجو دتھے ۔جوڈیشل مجسٹریٹ نے قیدیوں کے ساتھ تبادلہ خیال بھی کیا ۔اس دوران محکمہ سماجی بہبود کی ایک ٹیم بھی ہمراہ تھی جس نے قیدیوں کو جیل کے احاطے میں سماجی ترقی کے بارے میں جانکاری فراہم کی ۔وہیں طبی کیمپ میں چھ ڈاکٹروں نے قیدیوں کا معائنہ کیا اور ان کو مفت میں دوائیاں فراہم کی گئیں ۔
کرشی وگیان کیندرا کی طرف سے ورکشاپ کا اہتمام
راجوری //سکاسٹ جموں کے تحت چلائے جارہے کرشی وگیان کیندراراجوری نے محکمہ زراعت اور دیگر منسلک محکموں کے افسران کیلئے ضلع سطح کا یک روزہ ورکشاپ منعقد کیا۔اس ورکشاپ میں چیف ایگریکلچرافسر یونس چوہدری و دیگر افسران نے بھی شرکت کی ۔اس موقعہ پر کرشی وگیان کیندرا کے افسران نے بتایاکہ ایسے ورکشاپ ہر ماہ منعقد کئے جائیں گے جن کا مقصدضلع میں فصلوں اور کسانوں کی جانب سے کی جانے والی دیگر پیداوار کے بارے میں جانکاری حاصل کرناہے تاکہ مسائل کا حل نکالاجاسکے ۔اس دوران محکمہ کے افسران کی طرف سے فصلوں کی پیداوار میں حائل مسائل اجاگر کئے گئے جس پر ماہرین کی طرف سے تجاویز پیش کی گئیں ۔یونس چوہدری نے افسران پر زور دیاکہ وہ یہاں ملی جانکاری کو کسانوں تک منتقل کریں تاکہ اس ٹیکنالوجی سے مستفید ہواجاسکے ۔اس دوران کانگریس گھاس کے خاتمے پر بھی تبادلہ خیال ہوا ۔
نوجوان انجینئرپرنم آنکھوں سے سپرد خاک
حسین محتشم
پونچھ// بیرون ریاست میرٹھ میں سڑک حادثہ میں لقمہ اجل ہونے والے22سالہ نوجوان انجینئرشہوار حیدر میر کے جسد خاکی کو پرنم آنکھوں کے ساتھ سپرد لحد کردیا گیا۔ ان کی تدفین قبرستان کھوڑی ناڑ پونچھ میں ہوئی ۔اس سے قبل ان کی نماز جنازہ اسلامیہ ہائی اسکول پریڈ پارک پونچھ میں مولانا ید مختار حسین جعفری کی قیادت میں ادا کی گئی جس میںبڑی تعداد میں بلا لحاظ مذہب و ملت عوام نے شرکت کی۔نماز جنازہ میںسماجی اور سیاسی شخصیات کے ساتھ ساتھ ضلع انتظامیہ پونچھ کے عہدیدار بھی موجود تھے۔ ضلع پونچھ کے کونے کونے سے نوجوان انجینئر کے انتقال پر تعزیت کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔واضح رہے کہ یہ نوجوان پونچھ سے میرٹھ اپنے کسی دوست کی شادی میں شرکت کے لئے گیاتھا جہاں وہ ایک سڑک حادثے میں شدید زخمی ہوا،اسے علاج کیلئے دہلی ایمز منتقل کیاگیاتاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔مرحوم کے والد محمد انیس میر کواپریٹو بینک سے بحیثیت منیجر حال ہی میں سبکدوش ہوئے ہیں جبکہ مرحوم کی والدہ پیشہ سے ایک استاد ہیں۔
انصاف موومنٹ کا وفد ڈپٹی کمشنر سے ملاقی
پونچھ//جموں کشمیر انصاف مؤمنٹ کا ایک وفد اس کے صدر جاوید اقبال ریشی کی قیادت میں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ راہل یادو اور چیف ایجوکیشن افسر پونچھ مشتاق حسین سے ملا جس نے سرحدی علاقوں میں موبائل نیٹ ورک کی سہولیات فراہم کرنے کی مانگ کی۔ نیز وفد نے گاؤں کلانی کے محلہ کھوکھراں کے پرائمری سکول کی زیر التوا عمارت کا کام جلد شروع کروانے پر بھی زور دیا۔ وفد میں مؤمنٹ کے نائب صدر عبدالرشید شاہ پوری، سیکریٹری محمد رشید، لمبردار کلانی، چوکیدار کلانی،ولی محمد شیخ اور کئی دیگران موجود تھے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے موبائل نیٹ ورک کی فراہمی کا یقین دلاتے ہوئے کہاکہ وہ متعلقہ کمپنیوں کے خلاف کارروائی کریں گے ۔وہیں چیف ایجوکیشن افسر نے بھی سکول پر کام کرنے کا یقین دلایا۔
کارکنان پنچایتی چنائو کیلئے تیار رہیں:ذوالفقار
راجوری//پی ڈی پی کارکنان کو پنچایتی الیکشن کی تیاری کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے سابق وزیر و ممبراسمبلی درہال چوہدری ذوالفقار علی نے پارٹی کو زمینی سطح پر مضبوط بنانے کیلئے ان انتخابات میں کامیابی اہمیت کی حامل ہے ۔یہاں جاری بیان کے مطابق راجوری میں پارٹی کے ایک کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ذوالفقار نے کہاکہ پنچایتی اور لوکل باڈیز جمہوری نظام کو بنیادی سطح پر مضبوط بناتی ہیں اوراس سے اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی ہوتی ہے ۔ انہوں نے کارکنان پرزور دیاکہ وہ اس الیکشن کیلئے تیار رہیں ۔انہوںنے کہاکہ مرحوم مفتی سعید اور محبوبہ مفتی کے دور حکومت میں خطہ پیر پنچال پر خاص توجہ دی گئی اور پی ڈی پی کی قیادت والی حکومت نے کوٹرنکہ ، نوشہرہ ، سندر بنی اور کالاکوٹ میں اے ڈی سی پوسٹیں معرض وجود میں لائیں جبکہ میڈیکل کالج دیاگیا اور کوٹرنکہ کیلئے کالج بھی ملا۔انہوںنے کہاکہ جموں پونچھ شاہراہ کیلئے پچپن کروڑ روپے دیئے گئے اور مغل شاہراہ پر ٹنل بھی بہت جلد تعمیر ہوگا۔ان کاکہناتھاکہ درہال حلقہ میں 400کلو میٹر پی ایم جی ایس وائی سڑکوں کو اپ گریڈ کیاگیا اوراسی طرح سے دیگر کام بھی ہوئے ۔انہوںنے کہاکہ انہوں نے درہال کیلئے نو سو کروڑ روپے لائے جبکہ پچھلے اڑسٹھ برسوں کے دوران اس حلقہ کو صرف پانچ سو کروڑ روپے بھی نہیں ملے ۔اس موقعہ پر حلقہ انتخاب میں ہوئے کاموں کا ذکر بھی کیا ۔اس موقعہ پر پارٹی کے ضلع صدر اعجاز احمد مرزا، سینئر لیڈران منظور شاہ ، فضل حسین چوہان ، چوہدری میر حسین ، چوہدری محمد صادق، جی اے عطاری ، شفیق چوہدری ،مناف ملک ، عبدالعزیز ، چوہدری میر قاسم ، گل محمد ، نیرج کمار، منی رام، بلونت سنگھ، منشی خان ، نواب مختار ، منظور قاضی ، چوہدری شبیر احمد ، نذیر حسین ، محمد یوسف وغیرہ بھی موجود تھے
تھنہ منڈی کالج میں پی جی اردو کورسز شروع
تھنہ منڈی//گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی میں اردو کے شعبے میں پوسٹ گریجویٹ کورسز کا آغاز کیاگیاہے ۔ جموں یونیورسٹی کے تحت اس کورس کا آغا اگلے سیشن سے ہوگا۔کالج کے پرنسپل پروفیسر شکیل احمد رینہ نے بتایاکہ اعلیٰ حکام نے پی جی کورس شروع کرنے کو منظوری دی ہے اور اگلے سیشن سے اس سلسلے کا آغاز ہوجائے گا۔ان کاکہناتھاکہ یہ مقامی لوگوں کی دیرینہ مانگ تھی جس کو پورا کیاگیاہے جس سے طلباء کو مقامی سطح پر ہی پی جی کرنے کا موقعہ ملے گا۔ مقامی لوگوں نے بھی اس اقدام کی سراہنا کی ہے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ تھنہ منڈی کالج کا قیام 2005میں ہواتھا ۔