شاہپور میںپٹواری کی تقرری کا مطالبہ
حسین محتشم
پونچھ //پونچھ کے سرحدی علاقہ شاہپور کے لوگوں نے علاقہ میں پٹواری تعینات کرنے کامطالبہ کیاہے ۔اس بارے میں لوگوں کاکہناہے کہ علاقہ میں پٹواری نہ ہونے کی وجہ سے یہاں کی عوام کوگونا گوں پریشانیوں کاسامناکرناپڑرہاہے ۔اس سلسلے میں مقامی لوگوں نے کئی بار اعلی احکام سے پٹواری کی تقرری کے لئے اپیل کی لیکن ابھی تک وہاں پٹواری کی اسامی خالی ہے ۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے مقامی سماجی کارکن عبدالرشید شاہپوری نے کہا کہ اعلیٰ حکام کے ساتھ بار بار بات کرنے کے بعد بھی اس علاقہ میں پٹواری تعینات نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے اس علاقہ کے لوگ برہمی کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ علاقہ ایک بڑی آبادی پر مشتمل ہے اور اس کثیر آبادی والے علاقے میں پٹواری کی عدم موجودگی عوام کے لیے درد سر بنی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں علاقہ کی عوام کے وفود ضلع انتظامیہ کے سامنے اس مسئلہ کے حل کے لیے کئی بار اپیل کی لیکن ضلع انتظامیہ نے متذکرہ بالا معاملہ کو نظر انداز کر دیا۔جس سے مقامی لوگوں کے کام کاج تعطل کا شکار ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں ریاستی گورنر سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملہ کو حل کر نے کےلئے پٹواری کی تقرری کو یقینی بنائیں۔
بھونی کھیت سیلاں اور مڑہوٹ کیلئے ریسونگ اسٹیشن منظور
رکن اسمبلی سرنکوٹ کاگورنر انتظامیہ کے تئیں اظہارتشکر
سرنکوٹ //رکن اسمبلی سرنکوٹ چوہدری محمد اکرم نے اسمبلی حلقہ انتخاب سرنکوٹ کے بھونی کھیت/سیلاں اور مڑہوٹ کے لئے ریسوینگ اسٹیشن کو منظوری دینے پر گورنر انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔یہاں جاری ایک بیان میں ایم ایل اے چوہدری محمداکرم نے کہا ہے کہ بھونی کھیت/سیلاں اور مڑہوٹ میں ریسیونگ اسٹیشن کا قیام لوگوں کا ایک دیرینہ مطالبہ تھا، جس کے لئے انہوں نے پچھلے چار سالوں کے دوران بار ہا یہ معاملہ اسمبلی اجلاس کے دوران اُٹھایا۔ ضلع ترقیاتی بورڈ میٹنگ میں زور وشور سے اس پر بات کی۔ انہوں نے بتایاکہ پچھلے دنوں جب گورنر این این ووہرا پونچھ ضلع کے دورہ پر گئے ، تو وہاں بھی انہوں نے یہ معاملہ موصوف کی نوٹس میں لایا جس پر انہوں نے فوری عمل کرتے ہوئے اس دیرینہ مطالبہ کو پورا کیا۔ چوہدری اکرم نے گورنر این این ووہرہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ اس سے سرنکوٹ کے سیلاں، بھونی کھیت اور مڑہوٹ کے محلقہ دور دراز علاقوں میں90فیصد بجلی کی عدم دستیابی کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔
تحصیلدار کا تھنہ منڈی کے مختلف سرکاری سکولوں کا معائنہ
طارق شال
تھنہ منڈی/ تحصیلدار تھنہ منڈی نے مختلف سرکاری سکولوں کا معائنہ کر کے زیر تعلیم بچوِ ں کوبہترتعلیم فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق تحصیلدار تھنہ منڈی قاضی قدیر الرحمان نے جمعرات کے روز تعلیمی زون تھنہ منڈی کے ہائی اسکول منیال اور مڈل اسکول چھپراں ڈارکا اچانک معائنہ کیا۔ اس دوران انہوںنے سکول میں زیر تعلیم بچوں کی کمزور حالت پر گہری تشویش ظاہر کی۔موصوف نے اساتذہ اور طلباءکی سکول میں حاضر ی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے اساتذہ سے کہا کہ بچوں کی کمزور حالت کو سدھارنے کے لئے محنت اور لگن سے کام لیا جائے۔ انہوںنے کہا کہ فرائض منصبی کو پورا کرنے میں سستی کا اظہار کرنے یا سکو ل سے غیر حاضری کی پاداش میں تحت ضابطہ قانونی کاروائی کی جا سکتی ہے۔
ڈاکٹرشہنازگنائی کا ¿چنڈک کے لوگوں کےساتھ مسائل پرتبادلہ خیال
سی ڈی ایف سے ہسپتال کے لئے ایمبولینس فراہم کرنے کااعلان کیا
حسین محتشم
پونچھ/رکن قانون ساز کونسل ڈاکٹر شہناز گنائی نے پونچھ کے دورہ کے دوران عوام کے ساتھ تبادلہ خیال کر کے ان کی مسائل کی جانکاری حاسل کی۔دورے کے دوران انہوں نے چنڈک میں ایک اجلاس منعقد کیا جس میں معزز شہریوں کے ساتھ ساتھ علاقہ کی مستورات نے کثیر تعدادمیں شمولیت کی۔اس دوران مقررین نے ڈاکٹر شہناز گنائی کے اقدام کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئے دن عام لوگوں کو سہولت فراہم کرنے کےلئے کوشاں ہےں جس کے لئے وہ انھیں مبارک باد پیش کرتے ہیں۔مقررین نے موصوفہ کے سامنے علاقہ کی عوام کو درپیش مسائل کھتے ہوئے کہا کہ اس علاقہ پر حکومت نے کوئی توجہ نہیں دی۔ انہوں نے شکایت کرتے کہا کہ حالیہ مخلوط حکومت اس علاقہ کی عوام کو بنیادی سہولیات جن پانی'بجلی اور خاص کر کے طبی سہولیات شامل ہیںفراہم کرنے میں ناکام رہی جس کی وجہ سے لوگوں کو آئے دن سڑکوں پر آکر احتجاج کرنا پڑا ہے۔ پرائیمری ہیلتھ سینٹر چنڈک سے متعلق بات کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ وہاں وقت پر نہ ہی ڈاکٹر موجود ہوتے ہیں اور نہ ہی دوائیوں کا کوئی معقول انتظام ہوتاہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ طبی مرکز بہت بڑے علاقے کے لئے قائم کیا گیا تھا جو ہمیشہ حکومت کی عدم توجہی کا شکاررہا ہے۔یہی وجہ ہے کہ مریضوں کو پونچھ ہسپتال لے جانا پڑتا ہے انہوں نے کہا کہ اس کے لئے بھی گاڑی کی معقول سہولت فراہم نہیں ہے-عوام کے مسائیل سننے کے بعد رکن قانون ساز کونسل نے ہسپتال کے لئے اپنے سی ڈی فنڈ سے ایک ایمبولینس دینے کا اعلان کیاتاکہ لوگوں کی مشکلات حل ہوسکیں ۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر شہناز گنائی نے اس سے قبل لورن،ساوجیاں،پونچھ ،ہینڈر،سرنکوٹ کے لئے ایک ایک اور منڈی کے لئے دو ایمبولینس اپنے سی ڈی فنڈ سے فراہم کی ہیں جس سے مریضوں کو مکمل سہولت بہم پہنچائی جا رہی ہے اسکے علاوہ موصوفہ نے کہا کہ وہ مستقبل میں ہر ممکن کوشش جاری رکھے گی تاکہ وہاں کی عوام کو مزید ہریشانیوں سے دوچار نہ ہونا پڑے-اس اعلان پر تمام حاضر معززین نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انکی مشکلات کا ازالہ کرنے میں پہل کی ہے جسکے لئے وہ ہمیشہ ان کے شکر گزار رہیں گے۔مقامی لوگوں نے ایم ایل سی کو مرحوم غلام احمد گنائی جو کہ ان کے والد تھے کے نقش قدم پر چلنے کے لئے بھی مبارک باد پیش کی۔
ڈگری کالج مینڈھرمیں تربیتی پروگرام اختتام پذیر
نیوز ڈیسک
مینڈھر//فوج کی جانب سے سکل انڈیا انشیٹیو کے تحت منعقدہ”نرسنگ کیڈربرائے 45 گرل سٹوڈنٹس ‘ کورس کی اختتامی تقریب گورنمنٹ ڈگری کالج مینڈھرمیں منعقد ہوئی ۔یہ کورس 31 مئی تا 18جولائی کے دوران منعقدکیاگیاتھاجس کے تحت 45 لڑکیوں کونرسنگ کی تربیت دی گئی۔کورس کامقصد روزگارکے مواقعے پیداکرنے کےلئے لڑکیوں کاباہنربناناہے۔ اس دوران لڑکیوں کو نرسنگ کی بنیادی تربیت دی گئی اوربتایاکہ لوگوں کوکس طرح موسمی بیماریوں سے بچایاجاسکتاہے ۔اس دوران لڑکیوں کوبتایاگیاکہ نرسنگ میں کافی مواقعے ہیں اوریہ ایک خدمت خلق کاپیشہ ہے۔اس دوران مستفید لڑکیوں میں اسنادبھی تقسیم کئے گئے۔