اہرہ بل حادثے میں ایک اور زخمی نوجوان چل بسا
لاوے پورہ میں گاڑی کی ٹکر سے خاتون زخمی
خالدجاوید+ارشاد احمد
کولگام+گاندربل//دس روزقبل اہرہ بل میں سڑک کے ایک حادثے میں زخمی ہوانوجوان زخمی کی تاب نہ لاکر اسپتال میں چل بسا۔اس طرح 7جون کو پیش آئے اس حادثے میں دوسرے نوجوان کی موت ہوئی۔7جون کو وٹوکولگام کے دونوجوان سکوٹی پر سوار اہرہ بل گئے تھے اور اس دوران ان کی سکوٹی ایک ٹاٹاموبائل گاڑی سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں صہیب احمد ماگرے ولدجاویداحمد ماگرے کی موقعہ پرہی موت ہوئی جبکہ اُس کا چچیرابھائی ساحل اقبال ماگرے ولدمحمداقبال ماگرے شدیدزخمی ہوا۔ساحل اقبال کوفوری طور لوگوں نے نزدیکی اسپتال پہنچایا جہاں سے اُسے ڈاکٹروں نے سرینگرریفر کیا۔سرینگرمیں دس روززیرعلاج رہنے کے بعدبدھوار کو ساحل اقبال زخموں کی تاب نہ لاکر اسپتال میں چل بسا۔اس دوران سرینگر کے مضافاتی علاقہ لاوئے پورہ میں قائم نورا اسپتال وکے قریب سرینگر بارہمولہ شاہراہ پر نامعلوم گاڑی نے ٹنگمرگ کی خاتون کو ٹکر مار کر شدید زخمی کردیا۔ پولیس کے اعلی حکام نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ نامعلوم گاڑی نے 48 سالہ منیرہ ساکنہ ٹنگمرگ کو ٹکر مار کر شدید زخمی کردیااور جائے واردات سے فرار ہوگیا۔ زخمی خاتون کو قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں سے اسے تشویشناک حالت میں میڈیکل انسٹیچوٹ صورہ منتقل کردیا گیا۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے نامعلوم گاڑی اور ڈرائیور کی تلاش شروع کردی ۔ادھراوڑی کے دھنی سیداں میں ایک گاڑی سڑک سے الٹ گئی جس کے نتیجے میں ڈرائیور زخمی ہوگیا ۔
۔2نوجوانوں کا انتہائی اقدام
بٹہ مالو اور نوگام سرینگر میں کہرام
سرینگر//سرینگر کے بٹہ مالو اور نوگام علاقوںمیں 2نوجوانوں نے پھانسی کے پھندوں پر لٹک کر اپنی زندگیوں کا خاتمہ کیا۔ جمعرات کوبٹہ مالو کے 27سالہ طہٰ محی الدین نے گھر میںپھانسی لگا کرزندگی کا خاتمہ کیا۔ افراد خانہ نے اسے فوری طور پر نزدیکی ہسپتال پہنچایا تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ مذکورہ شہری کی لاش جب گھر لائی گئی تو وہاں کہرام مچ گیا۔ بتہ مالو پولیس تھانہ نے علاقہ میں ایک نوجوان کی جانب سے خودکشی کئے جانے کے خطرناک واقعے کی تحقیقات شروع کردی ۔ کے این ایس کے مطابق4سالہ تہذیب اکبر نے گھرمیں پھانسی لگائی۔ اگرچہ افراد خانہ نے اسے ہسپتال پہنچایا تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ نوگام پولیس تھانہ نے آری باغ میں ایک نوجوان کی جانب سے خودکشی کئے جانے کے خطرناک واقعے کی تحقیقات شروع کردی۔
شیری بارہمولہ میں تیندوے کے حملہ میں6بکریاں ہلاک
بارہمولہ// فیاض بخاری //نارواو شیری بارہمولہ میں تیندوں نے دن دہاڑے نزدیکی جنگل میں نصف درجن بکریوں کو چیڑ پھاڑ کر ہلاک کردیا ۔ جمعرات کو بعد دوپہر درجنوں بھیڑ بکریاں شیری کے اپر بلٹ میں ایک نزدیکی جنگل میں تھے۔ اس دوران وہاں پر تیندوں نے ان پر حملہ کیا جس کے نتیجہ میں 6بکریاں ہلاک ہوگئیں جس کے باعث علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔ادھر محکمہ وائلڈ لائف کے وارڈن محمد مقبول بابا نے علاقے کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فی الحال جنگلات کی طرف رخ نہ کریں۔
طبی ونیم طبی ملازمین کیساتھ زیادتی ناقابل برداشت
انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن کی احتجاجی کال کی حمایت:اعجاز خان
سرینگر// ایمپلائز جوائنٹ کنسلٹیٹیو کمیٹی کے چیئرمین اعجازاحمدخان نے طبی ونیم طبی عملہ کے ساتھ زیادتی کے واقعات کے خلاف انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن کی جانب سے دی گئی احتجاج کی کال کی حمایت کرتے ہوئے ’بچانے والوں کوبچائیں ‘کانعرہ بلندکیا ۔انہوں نے کوروناکی پہلی اوردوسری لہرکے دوران ملک کے قرب وجوار میں دوران ڈیوٹی اپنی زندگیوںکونذرانہ پیش کرنے والے1200سے زیادہ ڈاکٹروں اوردوسرے طبی ونیم طبی ملازمین کوسلام پیش کرتے ہوئے کہاکہ عالمگیر وائرس کے خلاف جاری جدوجہد میں ڈاکٹروں اورطبی ونیم طبی ملازمین ہراول دستے کاکام انجام دینے میں مصروف عمل ہیں ۔انہوں نے کہاکہ سماج اورمعاشرے کے سبھی لوگوں کویہ بات ذہن نشین کرلینی چاہئے کہ گزشتہ 15مہینوں سے جاری کورونا وائرس کی پہلی اوردوسری لہرکے دوران ڈاکٹروں اوردوسرے طبی ونیم طبی ملازمین نے اپنی زندگیوںکوخطرے میں ڈالکر کورونامتاثرین کواس عالمگیر قہر سے بچانے کیلئے رات دن ایک کیا۔ای جے سی سی چیئرمین اعجاز خان نے کہاکہ کوئی بھی ذمہ دار اورغیور سماج یامعاشرہ طبی ونیم طبی عملہ کی خدمات اوررول کوفراموش نہیں کرسکتا ۔
اتل ڈلو کی ترقی خوش آئند
این ایچ ایم ایسوسی ایشن
سرینگر//این ایچ ایم ایمپلائز ایسوسی ایشن نے اتل ڈلو کو مبارکباد پیش کی ہے جنہیں ترقی دیکر جموں کشمیر کے ایڈیشنل چیف سکریٹری کے عہدے پرفائز کیا گیاہے۔ایک بیان میں ایسوسی ایشن کے صدر منیر اندرابی نے اتل ڈلو کو مبارکباد پیش کی اور ان کی ترقی کوان کیلئے ایک جائز انعام قرار دیا۔ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر الطاف احمد نے کہا کہ اتل ڈلو کی انسان دوستی نے جموں وکشمیر میں ہزاروں لوگوں کے دل جیت لئے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسے آئندہ بھی مزید کامیابی ملے۔ انہوں نے مزید کہا ’’انہوں نے ہمارے طویل وقت سے زیر التوا ہمارا مطالبہ پورا کرتے ہوئے این ایچ ایم ملازمین کو ایک خاص تحفہ دیا ہے اور ہمیں امید ہے کہ وہ مستقبل میں بھی یہی کام جاری رکھیں گے‘‘۔
جمعیت اہلحدیث کا اظہار تعزیت
سرینگر//جمعیت اہلحدیث نے درسگاہ محمدیہ کے مہتمم محمد شفیع بٹ ساکن اونتہ بھون کی اہلیہ کی وفات پر رنج و غم کااظہار کیا ہے۔ جمعیت اہلحدیث حلقہ اونتہ بھون نے کہا ہے کہ موصوفہ کچھ عرصہ علیل رہنے کے بعد جمعرات کی صبح اسکمز میں انتقال کرگئیں ۔جامع اہلحدیث اونتہ بھون اور درسگاہ محمدیہ کی انتظامیہ نے مرحومہ کی مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
زوجیلہ اور زیڈ موڑ ٹنل پروجیکٹ
ڈپٹی کمشنر گاندر بل نے اراضی کے حصول کا جائیزہ لیا
گاندر بل //ڈپٹی کمشنر گاندر بل کریتکا جیوتسنا نے زیڈ موڑ اور زوجیلہ ٹنل کیلئے اراضی کے حصول کے مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے محکمہ مال کی منعقدہ ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ دونوں پروجیکٹوں سے متعلق مختلف اراضی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ڈی سی نے زمین کے حصول کے تمام معاملات کی تفصیلات طلب کیں ۔ میٹنگ کے دوران اے سی آر نے دونوں پروجیکٹوں کے زیر التوا اراضی کے معاملات کی موجودہ صورتحال سے ڈی سی کو آگاہ کیا ۔ ڈی سی نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ تمام زیر التوا معاملات کو جلد از جلد حل کیا جائے ۔ میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فاروق احمد بابا ، ایس ڈی ایم کنگن حکیم تنویر ، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو عبدالبصیر اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے ۔
کولگام میں دن دہا ڑ ے نقب زنی کی کو شش ناکام
سرینگر//کولگام میں دن دہا ڑ ے نقب زنی کی ایک کو شش ناکام بناتے ہوئے لوگوںنے ایک شہری کو رنگے ہا تھوں پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا ۔ہئین ژو لگام کولگام میں لوگوں نے فاروق احمد ایتو کے گھر میں ایک شہری کو چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑلیا ۔چونکہ عبدالرشید ایتو زمینداری کے سلسلے میں گھر میںموجود نہیں تھا جس کا فائدہ اٹھا کر چند افراد متعلقہ گھر سے سار ا سامان اٹھا کر احاطے میں جمع کر رہے تھے ۔ پڑوسیوںکو شک ہوا او ر انہوںنے فوری طور ان کو پکڑنے کی کوشش کی جس دوران ایک شہری کو رنگے ہاتھوں پکڑلیا گیاجبکہ اس کے کچھ ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ لوگوںنے مذ کورہ شہری کی ایک ویڈ یو بھی بنالی۔پولیس ذرائع نے مذکورہ شہری کی شناخت سہیل احمد گنائی ساکن درباہ محلہ دیوسر کے طور کرتے ہوئے بتایا کہ اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہے۔ ایس ایچ او کولگام نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کی پوچھ تا چھ جاری ہے اور اس کے دیگر ساتھیوں کے بارے میں معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔
سابق ڈی آئی جی بشیر احمد ملہ کا انتقال
ڈی جی پی دلبا غ سنگھ اورتاریگامی کا لواحقین کی تعزیت
سرینگر//ڈائریکٹر جنرل پولیس دلبا غ سنگھ سمیت سینئر پولیس افسران نے سابق ڈی آئی جی بشیر احمد ملہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہارکیا ہے۔ انہوں نے پولیس کی جانب سے سابق ڈی آئی جی بشیر احمد ملہ کی طویل علالت کے بعد فوت ہونے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مر حوم ایک قابل، محنتی اور لائق انسان تھے۔1984میں محکمہ پولیس میں موصوف بطور ڈی وائی ایس پی تعینات ہوئے جس کے دوران انہوں نے پولیس محکمہ میںقائم لگ بھگ تمام اہم شعبوں میں اپنی خدمات بخوبی انجام دی۔مر حوم کو اپنی قابلیت کی بنیاد پر سال 2001کے دوران انڈین پولیس سروس میں ضم کیا گیااور سال 2009میں ڈی آئی جی کے عہدے پرفائض رہنے کے دوران سبکدوش ہوئے۔ڈی جی پی شری دلباغ سنگھ نے مر حوم کے لو احقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کر تے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ادھر سی پی آئی ایم کے سینئر لیڈر محمد یوسف تاریگامی نے سابق ڈی آئی جی بشیر احمد ملہ کے انتقال پر تعزیت کی ہے۔انہوں نے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
خواجہ عزیزلادین بژھ کے انتقال پر ڈاکٹر فاروق کی تعزیت
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے خواجہ عزیز الدین بژھ ساکن حبک حضرت بل کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگواران کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ پارٹی کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سینئر لیڈران محمد سعید آخون اور پیر آفاق احمد نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
گوردوارہ باغات سے نقب زنوں نے سیف اڑالی
ارشاد احمد
سرینگر//سرینگر کے باغات علاقے میں واقع گوردوارہ سے دن دھاڑے نقب زنون نے سیف کواڑالیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ سرینگر کے باغات علاقہ میں واقع شہید بنگا گوردوارہ کے احاطے سے نامعلوم نقب زنون نے سیف کو اڑالیا ہے۔جس میں اندازہ کے مطابق ہزاروں روپے عطیہ کی گئی رقم موجود تھی۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔
منشیات معاملہ
پنجاب پولیس نے بڈگام کے سرپنچ کو گرفتار کیا
سرینگر//پنجاب اوربڈگام پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایک منشیات معاملے میں ایک سرپنچ کو گرفتار کرلیا ہے۔ ضلع بڈگام سے تعلق رکھنے والا ایک سرپنچ منشیات کے ایک معاملہ میں ملوث تھا اور اس کو ضمانت پر رہا کیا گیا۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار کا کہنا ہے کہ پنجاب کی ایک عدالت کے احکامات پر سرپنچ محمد قاسم راتھر ساکن ولینا ایچھ گام پر منشیات کے سلسلے میں نیا کیس درج کیاگیا ۔ انہوںنے کہاکہ مکاندپور پنجاب پولیس تھانہ میں ایف آئی آر زیر نمبر11/21زیر دفعہ 229-Aآئی پی سی کے تحت کیس درج کرکے معاملہ کی تحقیقات شروع کی ہے۔
سکمزمیں ملازمت کیلئے مشتہر اسامیاں
فیصلہ واپس لینے کیخلاف خواہشمند امیدواروں کااحتجاج
سرینگر// صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ میں گزشتہ برس مشتہر کی گئی66اسامیوں کو واپس لینے کے خلاف ملازمت کے خواہشمند امیدواروں نے سرینگر میںاحتجاج کیا۔ مظاہرین سرینگر کی پریس کالونی میں جمع ہوئے اور بتایا کہ سینکڑوں نوجوانوں نے جون 2020 میں صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ میں مختلف عہدوں کے لئے درخواست دی تھیں جنہیں سکمز حکام نے مشتہر کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ نے ایک سال بعد 66 اسامیاں واپس لے لیں۔احتجاج میں شامل زبیر احمد نامی ایک امیدوار نے کہا’’ہم توقع کر رہے تھے کہ امتحانات جلد منعقد ہوں گے جبکہ کچھ دن پہلے ہی نامعلوم وجوہات کی بنا ء پر انسٹی ٹیوٹ نے 66 اسامیوں کوواپس لے لیا۔انہوںنے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی کہ وہ ذاتی طور پر اس معاملے کو دیکھیں اور انکے مطالبات کو پورا کریں۔
بڈگام میں جسمانی طور خاص افراد میںامدادی سامان تقسیم
سرینگر//ضلع پولیس دفتر بڈگام میں منعقدہ ایک تقریب میں بڈگام پولیس نے جسمانی طور خاص افراد میں ویل چیئر ، واکر اوردیگر چیزیں تقسیم کیں۔پروگرام کے دوران ضلع بڈگام کے غریبی سے نیچے زندگی بسر کرنے 26افراد میں وہیل چیئر اور دیگر امدادی سازوسامان تقسیم کیا۔ ایس ایس پی بڈگام طاہر سلیم نے ان افراد کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی طرف سے جسمانی طور خاص افراد کو فراہم کی جانے والی امداد انہیں کسی حد تک خود انحصار کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔انہوں نے مستفید افراد کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی جسمانی کمزوریوں کو اپنے راستے میں نہ آنے دیں اور اپنے مطلوبہ مقاصد کے حصول کے لئے اپنی زندگی میں متحرک رہیں۔
سمبل تھانے میں پولیس اورعوامی میں تبادلہ خیال کا اہتمام
سرینگر//بانڈی پورہ پولیس نے سمبل تھانہ میں پولیس پبلک میٹنگ کا انعقاد کیا جبکہ تمام کوروناایس اوپیزکی پیروی کرتے ہوئے ایس ڈی پی او سمبل سریندر موہن کی صدارت میںاجلاس منعقد ہوا ،جس میں علاقے کے معززین ،سمبل کے سول سوسائٹی ممبران اور دیگر عہدیداروں نے بھی اس میٹنگ میں شرکت کی۔بات چیت کے دوران شرکاء نے ان کو درپیش مختلف امور پر روشنی ڈالی۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایس ڈی پی اوسمبل نے ان علاقوں میں امن و سکون برقرار رکھنے میں پولیس کی مدد کرنے کی اپیل کی۔انہوں نے یقین دلایا کہ ان کی انتظامی شکایات کا جلد از جلد ازالہ کرنے کے لئے متعلقہ حکام کی نوٹس میں لایا جائے گا اورپولیس سے متعلق امور کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔